All posts by Khabrain News

شفاف الیکشن کروائیں گے، سیاسی دباؤ قبول نہیں کریں گے، نگران وزیر داخلہ سندھ

ٹھٹھہ: (خبریں ڈیجیٹل) نگران وزیر داخلہ سندھ حارث نواز نے کہا ہے کہ ہم صاف اور شفاف الیکشن کروائیں گے، ہمارے اوپر کسی قسم کا دباؤ نہیں ہے۔

ٹھٹھہ میں مکلی بائی پاس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر داخلہ سندھ حارث نواز نے کہا کہ کراچی اور اندرون سندھ میں بڑی کارروائیوں کی تیاری کر رہے ہیں، آج کل میں نئے افسران آجائیں گے جس کے بعد آپریشن ہوگا، ہم پیشہ ور اور باکردار اچھے لوگوں کو لگا رہے ہیں جس کے بعد سندھ میں امن آجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اور اندرون سندھ کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، پورے سندھ میں کارروائیاں ہوں گی، گھوٹگی، کشمور، جیکب آباد، کندھ کوٹ میں آپریشن کی مکمل تیاری کر لی ہے، کچے اور پکے میں سب جگہ آپریشن ہوگا، ہم کسی کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی نہیں کر رہے، اگر کسی کے خلاف نیب یا دیگر کیسز ہیں تو ان کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے۔

حارث نواز نے کہا کہ رانی پور واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، بچوں کو کام کیلئے جو گھروں میں چھوڑ دیتے ہیں واپس کروائیں گے، یہ چائلڈ لیبر میں آتا ہے، جان محمد مہر کے قاتل اس لیے نہیں پکڑے جا رہے کہ ہمیں پتا ہے کہ وہ کہاں پہنچے ہوئے ہیں، تبدیلیوں کے بعد آپ کو ایکشن نظر آئے گا۔

نگران وزیر داخلہ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ جیسے ہی تاریخ ملتی ہے ہم ہدایات جاری کر دیں گے، ہمارے اوپر کوئی سیاسی دباؤ نہیں ہے نہ ہم لیں گے، ہمیں ووٹ نہیں چاہئیں، ہمیں عوام کی خدمت کرنی ہے۔

پاکستان کو مودی کا ہندوستان نہیں بننے دینگے: نگران وزیر مذہبی امور

کراچی: (خبریں ڈیجیٹل)  نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ کچھ لوگ پاکستان کا خوبصورت چہرہ تباہ کرنا چاہتے ہیں، لیکن ہم خوبصورت ریاست پاکستان کو مودی کا ہندوستان نہیں بننے دیں گے۔

جامعہ بنوریہ کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انیق احمد کا کہنا تھا کہ آج ملک کے حالات پریشان کن ہیں، ہمیں بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے، ہمیں ثقافتی مسائل درپیش ہیں، علمائے کرام اور طلبہ نے قوم کو مایوسی سے نکالنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مدارس اہم کام کر رہے ہیں، ہمیں ان پر ناز ہے، انہی مدارس نے دینی علم کو محفوظ کر رکھا ہے، سپین میں اگر مدارس قائم ہو جاتے وہ سلوک نہ ہوتا جو آج ہوا، 100 سال بعد ہم نہیں ہوں گے لیکن قرآن سے رہنمائی کی روشنی ملتی رہے گی۔

 

نگران وزیر کا کہنا تھا کہ ہمیں کچھ خارجی چیلنجز کا بھی سامنا ہے، ہمیں آئے کچھ ہی دن ہوئے تھے کہ 16 اگست کو جڑانوالہ کا واقعہ ہو جاتا ہے، کچھ لوگ پاکستان کا خوبصورت چہرہ تباہ کرنا چاہتے ہیں، اس خوبصورت ریاست کومودی کا ہندوستان نہیں بننے دیں گے۔

انیق احمد نے مزید کہا کہ علمائے کرام دنیا کو بتائیں ہم پرامن ملک ہیں، دہشت گردی سے نفرت کرتے ہیں، یہ 23 کروڑ عوام کی بھی ذمہ داری ہے، نظریاتی سرحدوں کی ذمہ داری بھی ہم سب پر ہے، ہم نے پاکستان کے جید علماء کو دعوت دی ہے، ان سے معیشت سمیت دیگر اہم مضامین پر بات ہوگی۔

نگران وفاقی وزیراطلاعات کی گلگت بلتستان میں پاک فوج کی تعیناتی کی تردید

اسلام آباد: (ْخبریں ڈیجیٹل) نگران وفاقی وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے گلگت بلتستان میں پاک فوج کی تعیناتی کی تردید کر دی۔

اپنے ایک بیان میں مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں پاک فوج کی تعیناتی سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں، پاک فوج کی خدمات چہلم امام حسینؓ کے موقع پر طلب کی گئی ہیں۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ گلگت بلتستان بھر میں اس وقت تمام سڑکیں، تجارتی مراکز، تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے ہیں، صرف چہلم کی سکیورٹی اور صورتحال کے پیش نظر محکمہ داخلہ نے گلگت بلتستان میں 144 نافذ کر رکھی ہے۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ گلگت بلتستان کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں صورتحال مکمل طور پر پرامن ہے، تجارتی مراکز، تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے ہیں۔

عدالتی نظام کے “لاڈلے” کو عالمی عدالت جانے کی کیا ضرورت ہے؟ رانا ثنا اللہ

مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور سابق وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عدالتی نظام کے “لاڈلے” کو باہر جانے کی کیا ضرورت ہے؟

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مقدمات عالمی عدالتوں میں لے جانے سے متعلق خبریں سامنے آنے پر ردعمل میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف جانے کا مطلب پاکستان کو عالمی کٹہرے میں مجرم بنا کر کھڑا کرنا ہے، یہ مکروہ کام ملک دشمن اور ان کے کارندے کرتے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ دہشتگردوں کو پاکستان واپس لانے، انہیں رہا کروانے اور آباد کروانے والے اب دہشتگردوں کو نیا راستہ دکھا رہے ہیں۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا پاکستان کو عالمی عدالت انصاف میں کھڑا کرنے سے فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے انسانوں کے حقوق غصب کرنے والوں کو دلی خوشی ہوئی، کٹھ پتلی کو پاکستان کی عالمی بدنامی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن رانا ثنا اللہ نے سوال اٹھایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی پر یہ پیسہ خرچ کون کر رہا ہے؟

چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد وکلاء کے بیانات این آر او کی بھیک ہیں، حافظ حمداللہ

پشاور: جے یو آئی (ف) کے رہنما اور ترجمان پی ڈی ایم حافط حمد اللہ نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف سے ملاقات کے بعد وکلاء کے اٹک جیل کے باہر بیانات این آر او کی بھیک ہیں۔

اپنے ایک بیان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا کہ وکلاء کے بقول پی ٹی آئی چیئرمین بات چیت کرنا چاہتے ہیں، اس سے اب کلئیر ہوگیا کہ وہ این آر او چاہتے ہیں ہے جس کیلئے پیغامات دے رہے ہیں۔

حافظ حمد اللہ کا مزید کہنا تھا کہ اب سمجھ آگئی ہوگی کہ بشریٰ بی بی کیوں دوست ملک کی اہم شخصیت سمیت مختلف لوگوں سے ڈیل کیلئے ملاقاتیں کرتی رہی ہیں۔

خیبر ، سی ٹی ڈی اہلکاروں کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد ہلاک

ضلع خیبر میں سی ٹی ڈی کے اہلکاروں کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

حکام کے مطابق تھانہ حدود علی مسجد، علاقہ شاہ گئی میں سی ٹی ڈی اہلکاروں اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 3 دہشتگرد مارے گئے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی لاشوں کو جمرود اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ہلاک دہشتگردوں میں سے 2 کا تعلق تحصیل باڑہ سے ہے جبکہ ایک کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔

مظفر آباد، کار دریائے نیلم میں جا گری، ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق

مظفرآباد:  آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد کے نواحی علاقے پٹھکہ چھون کے مقام پر کار حادثے کا شکار ہوکر دریائے نیلم میں جا گری۔

حکام کے مطابق کار مظفرآباد سے گاؤں جھینگ جا رہی تھی کہ رات کے وقت شدید بارش کے دوران پھسلن کے باعث سیکڑوں فٹ نیچے دریائے نیلم میں جا گری، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوگئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ کار کو صبح مقامی لوگوں نے دریا میں گرا ہوا دیکھا، مقامی لوگوں اور ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے ایک خاتون کو زخمی حالت میں نکال لیا۔

افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون اور تین مرد شامل ہیں جبکہ نعشوں کو نکال کر آبائی گاؤں جھینگ روانہ کر دیا گیا ہے۔

اس حادثے سے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ رات کا وقت ہونے کی وجہ سے کسی کو پتہ نہیں چل سکا، صبح راہ گیروں کی نظر پڑنے پر حادثے کی اطلاع ملی۔

عدالتی نظام کے “لاڈلے” کو باہر جانے کی کیا ضرورت ؟،عمران خان جن کا بندہ ہے وہ بچانے کی کوشش کر رہے ہیں،رانا ثناء اللہ

 لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران جن کا بندہ ہے وہ بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے بیان میں کہا کہ عدالتی نظام کے “لاڈلے” کو باہر جانے کی کیا ضرورت ؟، جن کا بندہ ہے وہ بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، پہلے ہیرو بنایا، فارن فنڈنگ کی، اقتدار دلایا، معیشت، خارجہ تعلقات تباہ کئے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف جانے کا مطلب پاکستان کو عالمی کٹہرے میں مجرم بنا کر کھڑا کرنا ہے ، یہ مکروہ کام صرف ملک دشمن اور ان کے کارندے کرتے ہیں۔

رانا ثنا کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو پاکستان واپس لانے، رہا کرانے اور آباد کرانے والے اب دہشت گردوں کو نیا راستہ دکھا رہے ہیں، پاکستان کو عالمی عدالت انصاف میں کھڑا کرنے سے فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے انسانوں کے حقوق غصب کرنے والوں کو دلی خوشی ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کٹھ پتلی کو پاکستان کی عالمی بدنامی کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، عمران نیازی پر یہ پیسہ کون خرچ کررہا ہے؟

13پارٹیاں اور انکے لیڈر عوام کو معاشی عذاب میں ڈال کرفرار،ملبہ نگران حکومت پر ڈالا جارہا ہے،پاکستان کو سیاسی استحکام کی اشدضرورت،سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

شیخ رشید احمد نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ 13 پارٹیاں اور اُس کے لیڈر عوام کو معاشی عذاب میں ڈال کر خود بھاگ گئے ہیں اور ملبہ نگران حکومت پر ڈال رہے ہیں ایک لندن میں دوسرا دبئی میں تیسرا سعودی عرب میں چلا گیا ہےاور عوام بیچارے سڑکوں پر دھکے کھا رہے ہیں کل کی شٹر ڈاؤن ہڑتال نے بھی ثابت کیا ہے کہ کاروباری طبقہ بھی مسائل کے شکنجے میں آگیا ہے 48 گھنٹے میں بجلی میں ریلیف دینے کی بات کی گئی تھی ایک ہفتہ گزر جانے کے بعد بھی کوئی نتیجہ نہیں نکلا پکڑ دھکڑ وقت ضائع کرے گی اور نفرت کو بڑھائے گی بات چیت کی ضرورت ہے اور بات چیت سے ہی حل نکلے گا سیاست میں کبھی بھی بات چیت کے دروازے بند نہیں کیے جاتے ڈنڈا مسائل کا حل نہیں رہا حالات بہتری کی طرف لے کر جانے پڑیں گے افسوس کی بات ہے کہ عدلیہ کے فیصلوں کو بھی نہیں مانا جارہا اس وقت پاکستان کو سیاسی استحکام کی اشدضرورت ہے استحکام نہیں آئےگا تو حالات سنگین اورگھمبیر ہو جائیں گے ستمبر اہم ترین مہنیہ ہے دیکھنا یہ ہے یہ ستمگر ہوگا یا عوام کے لیے خوش آئند ہوگا

جناح ہاؤس حملہ، عمران خان کی بہنوں کو آج ہی شامل تفتیش کرنے کا حکم

انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں کوآج ہی شامل تفتیش کرنے کا حکم دے دیا۔

عمران خان کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان اپنی عبوری ضمانت کی میعاد ختم ہونے پر عدالت پہنچ گئیں۔ قبل ازیں عدالت نے دونوں کی 4 مختلف مقدمات میں عبوری ضمانت میں آج تک کی توسیع کررکھی تھی۔

علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانتوں پر سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل نے کی۔ سانحہ 9 مئی ، جناح ہاؤس حملہ کیس میں عدالت نے استفسار کیا کہ علیمہ خان اور عظمی خان شامل تفتیش ہوئیں ہیں ؟، جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ ابھی شامل تفتیش نہیں ہوئیں ۔

علیمہ خان نے دوران سماعت عدالت میں  کہا کہ ہم ان سے گزارش کر رہے ہیں کہ ہمیں شامل تفتیش کیا جائے ۔ عظمیٰ خان نے کہا کہ ہمارا حق ہے ہمیں عدالت کے سامنے بولنے دیا جائے ۔ ہم کب سے کہہ رہے ہیں ہمیں شامل تفتیش کیا جائے ۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آپ بتائیں آپ نے ان کے پاس کب جانا ہے، جس پر عظمیٰ خان نے جواب دیا کہ ہم 3 ماہ سے چکر لگا رہے ہیں لیکن ہمیں شامل تفتیش نہیں کیا جا رہا ۔

جج نے تفتیشی افسران کو علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو آج ہی شامل تفتیش  کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ  میں نے اس کیس کو فائنل کرنا ہے، پولیس تفتیش مکمل کر کے رپورٹ پیش کرے۔