All posts by Khabrain News

وزیراعظم شہباز شریف آج لاہور میں باب پاکستان کا افتتاح کریں گے

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم میاں شہباز شریف آج لاہور میں باب پاکستان کا افتتاح کریں گے۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف لاہور والٹن روڈ کی توسیع اور کشادگی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے، اس سلسلے میں منعقد کی جانے والی تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔
منصوبوں کے افتتاح و سنگ بنیاد کی تقریب دن 11 بجے لاہور میں ہوگی۔

کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ، 8 مریضوں کی حالت تشویشناک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار 784 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 784 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 30 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.63 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 08 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ترکیہ زلزلے میں پھنسے 15 پاکستانی طلباء وطن واپس پہنچ گئے

لاہور : (ویب ڈیسک) ترکیہ زلزلے میں پھنسے 15 پاکستانی طلباء وطن واپس پہنچ گئے، طلباء پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز ( پی آئی اے ) کی پرواز 708 کے ذریعے استنبول سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ لاہور پہنچے ۔
ترکیہ میں پاکستانی سفارت خانے کی خصوصی کاوشوں سے طلباء بحفاظت پاکستان واپس پہنچے، واپس آنے والے تمام طلباء کو ان کے آبائی علاقوں کی طرف روانہ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ترکیہ میں موجود 15 پاکستانی طلباء زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پھنس گئے تھے جن کی وطن واپسی کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف نے خصوصی ہدایات جاری کی تھیں۔

ڈی جی خان : کار اور ٹرالر میں تصادم ، ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق

ڈیرہ غازی خان: (ویب ڈیسک) ڈیرہ غازی خان میں کار اور ٹرالر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں کار میں سوار 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ ڈی جی خان انڈس ہائی وے پر پیش آیا جبکہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد ایک ہی خاندان سے تھے اور ان کا تعلق دری ڈھولے والے سے ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ حادثے کے بعد ٹرالر ڈرائیور فرار ہو گیا ہے جبکہ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

وزیراعظم کی کفایت شعاری کمیٹی نے بیرون ملک سفارتخانے کم کرنے کی سفارش کردی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں معاشی بحران کے پیش نظر وزیراعظم کی کفایت شعاری کمیٹی نے بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں کی تعداد کم کرنے کی سفارش کردی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس نے دو ہفتوں میں وزارت خارجہ سے پلان مانگ لیا، پلان مانگنے کیلئے وزارت خارجہ کو خط بھی لکھ دیا گیا ہے۔
خط میں لکھا ہے کہ پاکستانی سفارتخانوں کا خرچہ 15 فیصد کم کیا جائے، خرچہ کم کرنے کیلئے چند سفارتخانوں کو بند، افسران اور سٹاف کی تعیناتیوں میں کمی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے اس وقت دنیا بھر میں کل 113 سفارتخانے اور قونصل خانے ہیں، وزارت خارجہ پہلے ہی اپنی کیڈر نمبر سے کم افرادی قوت پر کام کر رہی ہے۔

وزیر اعظم نے گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کو ترقی دینے کی منظوری دے دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کی اپ گریڈیشن کی منظوری دے دی ہے۔
گریڈ 1 سے 5 تک کے ملازمین کو 2، 2 گریڈ ترقی دی جائے گی جبکہ گریڈ 6 سے گریڈ 16 تک کے ملازمین کا ایک گریڈ بڑھایا جائے گا، تمام وفاقی محکموں کے ملازمین کو ترقی دی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ کسی محکمے کو اپ گریڈیشن نہ دینے سے حق تلفی ہوگی، کیسز عدالت میں چلے جائیں گے۔
تمام وفاقی محکموں کے ملازمین کے سورس اسٹریکچر ایک جیسے ہوں گے، وزیر اعظم کے سیکرٹری نے منظوری کے بعد سمری سیکرٹری خزانہ کو ارسال کر دی۔

عدالت نے آئین کے مطابق فیصلہ دیا، قوم کو مبارکباد: سپیکر محمد سبطین خان

لاہور: (ویب ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان نے کہا ہے کہ عدالت نے آئین کے مطابق فیصلہ دیا، عوامی امنگوں کے مطابق فیصلہ آنے پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اب مزید تاخیر کے بجائے فوری طور پر الیکشن شیڈول جاری کرے، فیصلہ پاکستان کے عوام کی جیت ہے۔
محمد سبطین خان نے کہا کہ پنجاب میں عام انتخابات بارے آئین کے مطابق فیصلہ دے کر عدالت نے ملک کو ایک آئینی بحران سے نکالنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

ہائیکورٹ کا فیصلہ خوش آئند، الیکشن کمیشن فوری انتخابات کا اعلان کرے: پرویز الہٰی

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے۔
چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ عدلیہ سے انصاف کی امید تھی، عدلیہ نے آئین کی سربلندی قائم رکھی، فیصلے سے عدلیہ کے وقار میں اضافہ ہوا ہے، الیکشن کمیشن کو لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اب دیر نہیں کرنی چاہئے، الیکشن کمیشن فوری الیکشن شیڈول کا اعلان کرے۔
اس سے قبل سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وکلا برادری آئین اور قانون کی بالادستی اور حکومت کے غیر آئینی اقدامات کیخلاف عمران خان کی جدوجہد میں ساتھ دے، عدلیہ ہی آئین کی بالادستی کیلئے قوم کی امید ہے، عدلیہ مقررہ آئینی وقت میں انتخابات کے انعقاد کیلئے تاریخی فیصلہ دے گی، سیاسی مخالفین کو لاپتہ کرنے کے واقعات کا بھی نوٹس لیا جائے۔
چودھری پرویزالہٰی کا مزید کہنا تھا کہ نگران سیٹ اپ الیکشن کروانے کی بجائے متعصب آفیسرز کی تقرریوں اور انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے، پی ڈی ایم قیادت کو الیکشن میں اپنی شکست نظر آرہی ہے، شکست کے خوف سے الیکشن سے بھاگ کر آئین شکنی کی طرف بڑھا جا رہا ہے، پی ڈی ایم کی قیادت کا سارا فوکس صرف وزراء بنانے میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے وسائل عوام کو ریلیف دینے کی بجائے وزرا پر لٹائے جا رہے ہیں، سیاسی مخالفین کو غیر قانونی طور پر اٹھا کر لاپتہ کیا جا رہا ہے، وزیر خزانہ مزید 170 ارب کے ٹیکسز کا بوجھ عوام پر ڈالنے کا اعلان کر رہے ہیں، حکمرانوں کے اعصاب پر عمران خان سوار ہیں، ان کی مقبولیت کے باعث حکمران الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد زمان پارک کے باہر جشن کا سماں

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے الیکشن کی تاریخ سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد زمان پارک کے باہر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان جشن منانے لگے۔
لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کی درخواست منظور ہونے پر پی ٹی آئی کارکنوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، کارکنان نے عمران تیرے جانثار، بے شمار کے نعرے لگائے۔
اس موقع پر پارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ یہ تحریک انصاف نہیں بلکہ آئین وجمہوریت کی جیت ہے، مسلم لیگ (ن) ڈرنے کے بجائے الیکشن کے میدان میں مقابلہ کرے۔
خیال رہے کہ پنجاب میں انتخابات کی تاریخ نہ دینے کے کیس میں پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ دینے کا حکم دے دیا ہے۔

’جو دل بعد میں ٹوٹنے تھے وہ آج ٹوٹ گئے‘، شاداب کا اپنی شادی پر دلچسپ تبصرہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نےاپنی شادی کے حوالے سے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو دل بعد میں ٹوٹنے تھے وہ آج ٹوٹ گئے، ایسا تو ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شادی کی بہت زیادہ خوشی ہے، میں تو آسٹریلیا جانے والا تھا لیکن شادی ہوگئی، سب کچھ بہت جلدی ہوا جس کا مجھے اندازہ بھی نہیں تھا۔
شاداب خان کا کہنا تھا کہ کرکٹرز نے مل کر ایک ساتھ شادی کا کوئی پلان نہیں بنایا تھا، سب کرکٹرز کی شادی ایک ساتھ ہونا ایک اتفاق ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شاہین اور شان مسعود کا شادی کا پلان پہلے سے تھا تاہم حارث اور میرا شادی کا کوئی پلان نہیں تھا.
انہوں نے بتایا کہ شادیوں کا سیزن چل رہا تھا، حارث رؤف کی انجری ہوئی، اس کو وقت ملا اور شادی کرلی، مجھے بھی انجری ہوئی آسٹریلیا نہیں جا سکا اور شادی کرلی۔
شاداب خان نے کہا کہ ثقلین مشتاق کو ثقی بھائی ہی بولوں گا، ان کے ساتھ ابھی تک سسر والا کوئی سین نہیں بنایا ہے، کوچ والا ہی تعلق ہے وہ ڈانٹتے بھی رہتے ہیں۔