All posts by Khabrain News

پاکستان اور افغانستان کا وارم اپ میچ بارش کے باعث ختم

برسبین: (ویب ڈیسک) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں پاکستان اور افغانستان کا میچ بارش کے باعث ختم کر دیا گیا۔
155 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے اپنی اننگز میں 2.2 اوورز میں 19 رنز بنائےتھے جس کے بعد بارش کے باعث میچ روک دیا گیا جو دوبارہ شروع نہ ہوسکا جس کے باعث امپائر کو میچ ختم کرنا پڑا۔
برسبین میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے دوسرے وارم اپ میچ میں قومی ٹیم نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، افغانستان نے پہلے کھیتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔
شاہین شاہ آفریدی نے افغانستان کے خلاف شاندار بولنگ کا آغاز کیا اور شروعات میں ہی افغانستان کی 2 وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
شاہین شاہ نے افغان کرکٹر رحمان اللہ گربز کو پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو کیا جس کے بعد شاہین حضرت اللہ زازئی کو صرف 9 ہی رنز پر پویلین بھیجنے میں کامیاب ہوگئے۔
افغانستان کی تیسری وکٹ فاسٹ بولر حارث رؤف لینے میں کامیاب ہوئے، افغان بیٹر دروش 7 رنز پر حارث کی گیند پر محمد نواز کو کیچ دے بیٹھے جس کے بعد افغانستان کی چوتھی وکٹ محمد نواز نے لی اور نجیب اللہ کو 6 رنز پر واپسی کی راہ دکھائی جس کے بعد حارث روف اور نائب کپتان شاداب خان نے بھی ایک ایک وکٹ لی۔
افغانستان کی جانب سے کپتان محمد نبی 37 گیندوں پر 51 اور عثمان غنی 20 گیندوں پر 32 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

بھارت کیوں نہیں آ رہا؟ پاکستان نے اے سی سی سے وضاحت مانگ لی

لاہور: (ویب ڈیسک) بھارت کا پاکستان میں شیڈول ایشیا کپ کھیلنے سے انکار پر پی سی بی نے ایشین کرکٹ کونسل کو خط لکھ دیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے خط میں بی سی سی آئی کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سیکریٹری سے وضاحت طلب کی ہے، پی سی بی کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل مجاز اتھارٹی ہے، بی سی سی آئی سیکریٹری کے بیان پر وضاحت مانگے، بطور اے سی سی رکن بھارت کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے، امید ہے اے سی سی آئندہ سال پاکستان میں ہونیوالے ٹورنامنٹ میں بھارت کی شرکت کو یقینی بنائے گا۔
واضح رہے گزشتہ روز بھارت نے ایشیا کرکٹ کپ 2023 کے لیے پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شا نے کہا کہ ایشیا کپ کسی نیوٹرل وینیو پر ہو سکتا ہے لیکن بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی۔
یاد رہے آخری بار بھارتی ٹیم نے راہول ڈریوڈ کی قیادت میں 2005 سے 2006 میں دو طرفہ سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا، بھارت اور پاکستان نے 2012 سے 2013 کے بعد سے کوئی دو طرفہ کرکٹ سیریز نہیں کھیلی ہے۔

دنیا کے سب سے بڑے ہیرے کی نمائش

دبئی : (ویب ڈیسک) دبئی میں دنیا کا سب سے بڑا ہیرا نمائش کے لیے پیش کر دیا گیا۔
تین سو قیراط کے ناشپاتی کی شکل کے گولڈن کینری ہیرے کی ابتدائی قیمت سوا تین ارب روپے سے زائد ہے، نایاب زردی مائل سنہری ہیرے کو انیس سو اسی میں کانگو میں ایک بچی نے دریافت کیا تھا۔
متحدہ عرب امارات میں نمائش کے بعد اس ہیرے کو عالمی سطح پر بھی نمائش کے لیے بھیجا جائے گا، جن ملکوں میں اس ہیرے کی نمائش کی جائے گی ان میں ہانگ کانگ، تائی بے اور جنیوا شامل ہیں، جبکہ 7 دسمبر کو نیویارک میں اسے نیلامی کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دبئی میں ہیروں کی نمائش ایک ممکنہ مارکیٹ کے طور پر اس خطے کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
گولڈن کینری پتھر ابتدائی طور پر 1980 کی دہائی میں جمہوریہ کانگو میں دریافت ہوا تھا۔ جہاں ایک بچی نے اپنے چچا کے گھر ملبے کے ڈھیر میں کھیلتے ہوئے غیر معمولی نظر آنے والا پتھر دیکھا، جسے پھر ایک مقامی ہیروں کے ڈیلر کو فروخت کر دیا گیا۔ اس وقت پتھر – اپنی کھردری حالت میں 890 کیرٹس کے وزن میں تھا۔

تمام قوانین کو روند کر مفرور اسحاق ڈار کو درآمد کرکے وزیر خزانہ لگایا گیا، فواد چودھری

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) رہنما تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا کہ ملک کی معیشت مسلسل تباہی کا شکار ہے اور نیرو بانسری بجا رہا ہے۔
فواد چودھری نے اپنے ٹوئٹر کے آفیشل اکاونٹ سے لکھا کہ تمام قوانین کو روند کر ایک مفرور اسحاق ڈار کو درآمد کرکے وزیر خزانہ لگایا گیا،دعویٰ تھا کہ بس اب ڈالر کی ایسی کی تیسی پھر جعلی طور پر ڈالر نیچے آیا لیکن یہ ڈرامہ صرف چند دن کا رہا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اب مسلسل روپے کی قدر کم ہو رہی ہے ملک کی معیشت مسلسل تباہی کا شکار ہے اور نیرو بانسری بجا رہا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشتگردی ، ایک اور جوان شہید

شوپیاں : (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری، قابض فوج نے ایک اور کشمیری جوان شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع شوپیاں میں غیر قانونی طور پر زیر حراست ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا گیا ہے، نوجوان عمران بشیر کو بھارتی فوجیوں نے نوگام علاقے میں شہید کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشمیری نوجوان کو بھارتی فوجیوں نے جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا اور اس کے بعد جعلی پولیس مقابلے میں شہید کر دیا۔

فرخ خان کا رانا ثنااللہ کو 5 ارب روپے کا قانونی نوٹس

لاہور: (ویب ڈیسک) فرح خان نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کو 5 ارب روپے کا قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔
فرح خان نے رانا ثنااللہ کی جانب سے کرپشن سمیت دیگر الزامات عائد کرنے پر نوٹس بھیجا، فرح خان نے اپنے وکیل کے ذریعے وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کوقانونی نوٹس ارسال کیا ہے۔
درخواست گزار فرح کے قانونی نوٹس کے متن میں ہے کہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ عثمان بزدار کے دورے پر فرح خان نے کرپشن کی، رانا ثنااللہ کے جھوٹے بیان سے شہرت متاثر ہوئی، رانا ثنااللہ 7 روز میں اپنا بیان واپس لے ورنہ قانونی کارروائی کی جائے گی۔

امریکا ایک محفوظ خوشحال پاکستان دیکھنا چاہتا ہے، امریکی محکمہ خارجہ

امریکا : (ویب ڈیسک) امریکی محکمۂ خارجہ کے پرنسپل ڈپٹی ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا کہ پاکستان دنیا میں ان چند ممالک میں سے ہے جنہوں نے دہشت گردی سے بہت نقصان اٹھایا ہے، اس لیے علاقائی استحکام اور سلامتی کے خلاف تحریک طالبان پاکستان جیسے خطرات کا مقابلہ کرنا پاکستان کے اپنے مفاد میں ہے۔
پریس بریفنگ کے دوران ترجمان ویدانت پٹیل نے کئی سوالات کے جوابات دیے، ٹی ٹی پی کے پاکستان میں دوبارہ نمودار ہونے پر امریکی تشویش سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں مضبوط شراکت داری چاہتا ہے۔امریکہ پاکستان سے توقع رکھتا ہے کہ وہ تمام عسکری اور دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے گا۔ہم تمام علاقائی اور عالمی دہشت گرد گروپوں کے خاتمے کے لیے تعاون کے منتظر رہیں گے۔
پاکستانی جوہری اثاثوں سے متعلق صحافی کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس پر وائٹ ہاؤس ہی جواب دے سکتا ہے۔
پاکستانی سفیر کے محکمہ خارجہ میں بلائے جانے سے متعلق ایک سوال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں ان کے پاس تفصیلات موجود نہیں ہیں، تاہم امریکی حکام پاکستانی حکام کے ساتھ تسلسل کے ساتھ ملتے رہتے ہیں۔

سوموار ہفتے کا بدترین دن قرار

لاہور: (ویب ڈیسک) گینیز ورلڈ ریکارڈز کی ٹیم نے آخر کار سب کے دلوں کی بات سن لی اور ’پیر‘ کے دن کو ہفتے کا بدتر دن قرار دے دیا۔
پیر کا مطلب کیا ہے ؟ چھٹی ختم ۔۔ دنیا بھر میں ملازم پیشہ افراد ہوں یا طلبا ہفتہ اتوار چھٹی کا مزہ لیتے ہیں جبکہ پیر کو انہیں دوبارہ سے کام کا آغاز کرنا پڑتا ہے، جو کسی کو پسند نہیں آتا، اسی لیے دنیا بھر کے لوگوں کو پیر کا دن زیادہ پسند نہیں ہے۔
اسی لیے دنیا بھر کے لوگوں کے جذبات دیکھتے ہوئے گینیز ورلڈ ریکارڈز نے پیر کو ہفتے کا بدترین دن قرار دے دیا ہے۔
گینیز ورلڈ ریکارڈز نے یہ اعلان ٹوئٹر پر ایک پوسٹ کے ذریعے کیا، جس کے کئی صارفین نے تبصرے بھی کیے اور کہا کہ ۔۔ پیر کا دن اسی کا مستحق ہے، جبکہ ایک صارف نے لکھا کہ پیر کو بدترین دن قرار دینے میں اتنی دیر کیوں ؟

پاکستان کےF16 کی مرمت کے امریکی پیکج کی راہ ہموار

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) پاکستان کے ایف 16 طیاروں کی مرمت کے لیے امریکی پیکج کی راہ ہموار ہو گئی۔
رپورٹس کے مطابق امریکی کانگریس نے ایف 16 کے دیکھ بھال پیکج پر کوئی اعتراض نہیں کیا ہے، پرزوں کی خریداری اور طیاروں کی مرمت کا پیکیج گزشتہ ماہ منظور کیا گیا تھا۔
امریکی انتظامیہ سے توثیق کے بعد امریکی کانگریس سے منظوری لازمی تھی۔ واضح رہے پیکیج پر بھارت نے اعتراض کیا تھا جسے امریکا نے رد کردیا تھا۔

سارہ انعام قتل کیس: مرکزی ملزم شاہنواز کی والدہ عدالت سے گرفتار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سارہ انعام قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہنواز امیر کی والدہ کو ضمانت خارج ہونے پر پولیس نے گرفتار کر لیا۔
ملزم شاہنواز کی والدہ ثمینہ شاہ عبوری ضمانت پر تھیں اور ملزمہ آج اپنے وکلا کے ہمراہ ضمانت میں توسیع کے لئے عدالت میں پیش ہوئیں تاہم ایڈیشنل سیشن جج سہیل شیخ نے ملزمہ ثمینہ شاہ کی ضمانت کی درخواست خارج کر دی جس پر پولیس نے ملزمہ کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا۔
تھانہ شہزاد ٹاؤن پولیس نے ملزمہ ثمینہ شاہ کو کمرہ عدالت کے باہر سے گرفتار کیا، اس سے قبل، ثمینہ شاہ کی عبوری ضمانت میں 19 اکتوبر تک توسیع کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سینئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہنواز نے اپنی تیسری اہلیہ سارہ انعام کو چک شہزاد میں اپنی رہائشگاہ پر بے دردی سے قتل کر دیا تھا اور واقعے کے وقت شاہنواز کی والدہ ثمینہ شاہ بھی گھر پر موجود تھیں۔
ملزم واردات کے بعد جائے وقوع سے فرار ہوگیا تھا تاہم پولیس نے چھاپہ مار کر اسے حراست میں لے لیا اور تھانہ شہزاد ٹاؤن منتقل کر دیا۔