لندن: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ میاں صاحب سے بہت سی باتیں ہوتی ہیں، ہر بات پبلک کرنے کی نہیں ہوتی۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے چار دن میں 58 میٹنگز ہوئیں، جو مثبت رہیں۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ گزشتہ دنوں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی سالانہ میٹنگز میں شرکت کیلئے 4 روزہ دورے پر امریکا میں موجود تھے۔ وزیر خزانہ کے دورے کے حوالے سے وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی آئی ایم ایف کی ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے آئی ایم ایف کی جانب سے معیشت کی بحالی کیلئے حکومت پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی اور مستقبل میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ نے عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس، عالمی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا رائسر، اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر اور ڈوئچے بینک اور جے پی مورگن کی قیادت سے ملاقاتیں کی جبکہ وزیر خزانہ کی قیادت میں وفد نے ریٹنگ ایجنسیوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔