All posts by Khabrain News

ایف آئی ا ے کا عمران خان کو دوبارہ نوٹس بھیجنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات میں ایف آئی اے نے سابق وزیراعظم عمران خان کا موقف مسترد کردیا اور دوبارہ نوٹس بھیجا جائے گا۔ تین نوٹسز کے بعد وارنٹس جاری کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی مزید پانچ کمپنیوں کا سراغ لگا لیا گیاہے ۔پانچوں کمپنیوں کا الیکشن کمیشن اور ایف بی آر میں جمع گوشواروں میں ذکر نہیں۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کمپنیاں امریکا، انگلینڈ، آسٹریلیا، بلجیم اور کینیڈا میں ہیں۔ ان کمپنیوں میں سے کچھ اب بھی فعال ہیں جبکہ بند ہونے والی کمپنیوں کی اڈٹ رپورٹس طلب کر لی گئیں ہیں۔
واضح رہے کہ عمران خان نے پہلے نوٹس کے جواب میں کہا ہے کہ ایف آئی اے کو جوابدہ ہوں نہ ہی معلومات فراہم کرنے کا پابند،الیکشن کمیشن نے فیصلہ نہیں دیا رپورٹ جاری کی ہے ،دو دن میں نوٹس واپس نہ لیا تو قانون کے تحت آپ کے خلاف کارروائی کروں گا۔

دن میں 200 بار بانگ دینے والے مرغے کے مالک پر مقدمہ درج

برلن: (ویب ڈیسک) جرمنی میں ایک عمر رسیدہ جوڑے نے بار بار بانگ دینے والے مرغ سے پریشان ہو کر اپنے پڑوسیوں پر مقدمہ درج کرادیا۔
جرمن میڈیا کے مطابق 76 سالہ فریڈرک ولہیلم اور ان کی بیگم جٹہ کا تعلق مغربی جرمنی کے باڈ سلزفلن سے ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ پڑوس کا مرغا مگڈا دن میں سیکڑوں بار زوردار بانگ لگاتا ہے جسے سے ان کی زندگی کا سکون غارت ہوچکا ہے۔
شہری نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ مرغ دن میں 100 سے 200 مرتبہ پوری قوت سے ’’ککڑوں کوں‘‘ کرتا ہے جس سے ان کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔ یہاں تک کہ معمولاتِ زندگی بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
میاں بیوی کے بقول مگڈا صبح آٹھ بجے سے چیخنا شروع ہوتا ہے اور مغرب تک چپ نہیں ہوتا۔ اس کے بعد جب تک اس کا مالک اسے پنجرے میں بند نہیں کردیتا یہ اس وقت تک شور مچاتا رہتا ہے۔
فریڈرک نے کہا ہے کہ بار بار شکایت کے باوجود ان کا پڑوسی اس مرغے کا بندوبست نہیں کررہا اور اب یا تو انہیں پوری زندگی اس کے ساتھ گزارنا ہوگی ورنہ عدالت میں مقدمہ جیتنے کے بعد ہی اس سے جان چھوٹ سکے گی۔ شور کی وجہ سے وہ گھر کی کھڑکیاں نہیں کھول سکتے اور نہ ہی باغ میں بیٹھنا ممکن ہے۔
جوڑے کے وکیل نے کہا ہے کہ عدالت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے کیونکہ یہ مرغ بہت شور مچاتے ہیں جو کسی بھی طرح اس پرسکون علاقے کے لیے موزوں نہیں۔
وکیل نے بتایا کہ ایک اور پڑوسی مرغے کے شور سے بیزار ہوکر دو سال قبل گھر چھوڑ چکے ہیں۔ اس مرغے کی آواز بہت بلند ہے جس کی شدت 80 ڈیسی بیل کے لگ بھگ ہے جو بھاری ٹریفک کے برابر ہے۔
جرمن میڈیا کے مطابق عدالت جلد ہی اس مقدمے کی سماعت شروع کرے گی۔

چوری شدہ کتاب 50 سال بعد لائبریری کو واپس کر دی گئی

اوہائیو: (ویب ڈیسک) امریکا میں چوری کی گئی ایک کتاب 50 سال بعد لائبریری کو واپس کر دی گئی۔
امریکی ریاست اوہائیو کی سِنسناٹی پبلک لائبریری کے مطابق کتب خانے سے چرائی گئی مصنف ایڈگر رائس کی کتاب ٹارزن اینڈ ٹارزن ٹوئنز 50 سال بعد بذریعہ ڈاک لائبریری کو واپس بھجوائی گئی۔ کتاب کے ساتھ ایک رقہ بھی بھیجا گیا جس میں کتاب کی غیر موجودگی کے حوالے سے بتایا گیا۔
نوٹ میں لکھا تھا ’جو بھی اس کو موصول کرے، میں اس کتاب کو واپس کر رہا ہوں جس کو 1972 – 1973 میں سِنسناٹی پبلک لائبریری (مین برانچ) سے درج کرائے بغیر لے جایا گیا تھا۔ اس وقت میں نوجوان تھا۔ بہرحال میں امید کرتا ہوں کہ آپ کو یہ کتاب صحیح حالت میں ملے گی۔
لائبریری کے مہتمم برائن پاورز کا کہنا تھا کہ کتاب کے واپس مل جانے سے لائبریری کا عملہ خوش ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اعترافی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ وہ شخص یہ کتاب لے گیا تھا لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ اس نے یہ واپس کیوں کی۔

چین کی ہوا میں معلق ’اسکائی ٹرین‘

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین اپنی جدید میگلیو ٹرینوں کے متعلق جانا جاتا ہے۔ ان ٹرینوں کو پٹری پر تیزی سے چلانے کے لیے الیکٹرو میگنیٹک نظام کا استعمال کیا جاتا ہے۔
اب چین نے اپنی پہلی معلق میگلیو لائن کی رُنمائی کی ہے جس کو مستقل مقناطیسوں سے بنایا گیا ہے۔ اس کے متعلق انجینئروں کا دعویٰ ہے کہ یہ توانائی کی ترسیل کے بغیر بھی ایک ’اسکائی ٹرین‘ کو ہوا میں معلق رکھ سکتی ہے۔
ریڈ ریل نامی 2600 فٹ طویل تجرباتی ٹریک جنوبی چین کے جیانگ شی صوبے کی شِنگ گو کاؤنٹی میں بنایا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اس ٹریک میں طاقتور مقناطیس استعمال کیے گئے ہیں جو مستقل مدافع قوت پیدا کرتے رہتے ہیں اور یہ قوت اتنی ہوتی ہے کہ 88 مسافروں کے ساتھ ایک ٹرین کو ہوا میں اٹھا سکے۔
موجودہ میگلیو لائنز کے برعکس یہ معلق ریل زمین سے 33 فٹ اوپر کام کرتی ہے۔ یہ ٹرین ریل کو چھوتی بھی نہیں اور اس کے نیچے 50 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے خاموشی کے ساتھ چلتی ہے۔
الیکٹرو میگنٹس کے بجائے مستقل مقناطیس کے استعمال کے ساتھ مزاحمت میں کمی کا مطلب ہے کہ اس کے لیے تھوڑی مقدار میں بجلی چاہیے ہوگی جو انجن کو آگے دھکیلے گی۔
جیانگ شی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے محققین کے مطابق اس کی تعمیری لاگت بھی کم ہے۔ یہ ٹرین سب وے کی لاگت کے دسویں حصے میں بنائی جاسکتی ہے۔

فیفا فٹبال ورلڈکپ کی ٹکٹ بکنگ ویب سائٹ سے اسرائیل کا نام نکال دیا گیا

دوحہ: (ویب ڈیسک) رواں سال قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈکپ کی ٹکٹ بکنگ ویب سائٹ سے اسرائیل کا نام نکال دیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق فٹبال ورلڈکپ کی ٹکٹوں کی بکنگ کی ویب سائٹ پر ملکوں کی فہرست میں اسرائیل کی جگہ فلسطین کا نام درج ہے تاہم اب اسرائیلی شہریوں کو فٹبال ورلڈکپ کی ٹکٹوں کے حصول کیلئے اپنا تعلق مقبوضہ فلسطین سے بتانا ہوگا۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کے حصول کی ویب سائٹ سے اسرائیل کا نام نکالے جانے پر عرب ملکوں کے فینز کافی خوش ہیں، قطر اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے والے ملکوں میں شامل ہے۔

لاہور ایئرپورٹ پر ڈومیسٹک ڈپارچر سے انٹرنیشنل پروازوں کا آغاز، 3 پروازیں آپریٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ایئرپورٹ پر ڈومیسٹک ڈپارچر سے انٹرنیشنل پروازوں کا آغاز ہو گیا، تین پروازیں ڈومیسٹک سائیڈ سے چلائی گئیں۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک بریفنگ ایریا کے درمیان سلائیڈنگ ڈور نصب کئے گئے ہیں۔ ڈومیسٹک روانگی میں 6 امیگریشن کاؤنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔
ترجمان سی اے اے کے مطابق وزیر ہوا بازی اور ڈی جی سول ایوی ایشن کی ہدایات پر عملدرآمد کیا گیا۔ سعودیہ، فلائناس اور کویت ایئر ویز کی پروازیں ڈومیسٹک سائیڈ سے چلائی گئیں، 775 بین الاقوامی مسافروں کو ڈومیسٹک ڈپارچر سائیڈ سے بھیجا گیا۔

سسلین مافیا پنجاب حکومت جانے کے صدمے سے پاگل پن کا شکار ہے: عمر سرفراز چیمہ

لاہور: (ویب ڈیسک) مشیر اطلاعات حکومت پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ سسلین مافیا پنجاب حکومت جانے کے صدمے سے شدید پاگل پن کا شکار ہو چکا ہے، وفاقی حکومت عوامی خدمت کی بجائے ساری توجہ مخالفین کیخلاف پراپیگنڈے پر مرکوز کیے ہوئے ہے۔
عمرسرفراز چیمہ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ فیصل آباد میں خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزمان قانون کے شکنجے میں ہیں، عمران خان کے وژن کے مطابق پنجاب میں امیر اور غریب کی تفریق کے بغیر قانون کی عملداری جاری ہے، ملزم چاہے کتنا ہی با اثر کیوں نہ ہو اب قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا، ملزم کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ترجمان سارا دن عمران خان اور پنجاب حکومت کے خلاف بیہودہ اور سازشی بیانات دیتے ہیں، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق میں ایک دوسرے پر پورا اعتماد اور عوامی خدمت کے لئے مکمل ہم آہنگی ہے، پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں بھرپور ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری ہے، سیلاب سے متاثرہ ایک ایک شخص تک امدادی سامان پہنچایا جا رہا ہے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پوری حکومتی مشینری حرکت میں ہے۔

مسلم لیگ ن کے 12 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کی مقامی عدالت نے مسلم لیگ ن کے 12 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ کینٹ لاہور نے پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ جن رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ان میں عطا تارڑ، رانا مشہود، اویس لغاری، سیف الملوک کھوکھر سمیت 12 رہنما شامل ہیں۔
پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اور یہ دانستہ طور پر پیش نہیں ہو رہے۔ ن لیگی ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش مکمل کرنی ہے۔
واضح رہے کہ لاہور پولیس نے اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں وارنٹ گرفتاری کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

توشہ خانہ اور ممنوع فنڈنگ عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ توشہ خانہ اور ممنوع فنڈنگ عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ سیاسی پریشر ککر سیاسی چولھے سے نہ ہٹایا تو پھٹ جائے گا اور وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا ترجمان ہے جس سے پرچون فروش بھی محفوظ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بےبس ترین وزیر اعظم کو اپنی پارٹی، بی اے پی اور ایم کیو ایم بھی آنکھیں دکھا رہی ہے جبکہ یہ 70 کی دہائی نہیں ہے۔ توشہ خانہ اور ممنوع فنڈنگ عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔
شیخ رشید احمد نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ حکمران مرکز میں پرویز الہٰی کے خلاف سازش تیار کر رہے ہیں جبکہ پرویز الہٰی کے خلاف عدم استحکام رابطے کے پل اور ڈائیلاگ کو ختم کر دے گا۔
انہوں نے کہا کہ غریب بجلی کے بل یا گھر کے کرائے میں سے ایک چیز ادا کر سکتا ہے اور سارے ملک کو غریب کا مذبح خانہ بنا دیا گیا ہے۔ عمران خان 21 تاریخ کو لیاقت باغ میں جلسہ کریں گے۔

ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر بحال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس کو جزوی طور پر بحال کر دیا گیا۔
ترجمان پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں انٹرنیٹ سروس کو بحال کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ساؤتھ اور نارتھ کے ڈیٹا نیٹ ورکس میں تکنیکی مسائل کا سامنا رہا تاہم پی ٹی اے نے انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ فائبر کیبل متاثر ہونے کے باعث بلوچستان کے کئی شہروں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی۔
پی ٹی اے کے مطابق کیچ، پنجگور، گوادر میں پی ٹی سی ایل اور 3 موبائل فون کمپنیوں کی سروس متاثر رہی۔
واضح رہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروس تکنیکی خرابی کے باعث صبح 7 بجے کے قریب معطل ہو گئی تھی۔ جو تقریباً 2 بجے بحال ہونا شروع ہوئی۔