All posts by Khabrain News

ترکیہ، شام: اموات 21 ہزار سے متجاوز، ملبے تلے دبے افراد کے بچنے کے امکانات کم

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکیہ اور شام میں 6 فروری میں آنے والے زلزلے میں جاں بحق افراد کی تعداد 21 ہزار سے تجاوز کرگئی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ترکیہ میں زلزلے سے 17 ہزار سے زائد جبکہ شام میں 3 ہزار سے زیادہ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ سیکڑوں منہدم عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کو زندہ نکالنے کی امیدیں معدوم ہوتی جارہی ہیں۔
تین روز قبل ترکیہ اور شام میں 7.8 شدت کے قیامت خیز زلزلے سے متاثر ہزاروں افراد شدید سردی میں کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبورہوگئے ہیں۔ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں کھانے پینے کی اشیا کی قلت ہوگئی ہے۔
ترکیہ کے نائب صدر نے بیان میں کہا کہ کلیس اور شانلی اورفا صوبوں میں ریسکیو اور تلاش کا کام مکمل ہو گیا ہے جبکہ دیار بکر، عدنہ اور عثمانیہ کے علاقوں میں بھی بڑے پیمانے پر تلاش اور ریسکیو کی کارروائیاں مکمل ہو چکی ہیں۔ دونوں ممالک کے حکام نے اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

پی ٹی آئی ارکان کی نشستیں بحال ہونے کا پروپیگنڈا جھوٹا ثابت ہو گیا: سپیکر آفس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کے 43 ارکان اسمبلی کے استعفوں کے معاملے پر لاہور ہائی کورٹ کا تفصیلی فیصلہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو موصول ہو گیا۔
سپیکر آفس کے جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے موصول ہونے والے فیصلے میں استعفوں سے متعلق سپیکر قومی اسمبلی کا فیصلہ برقرار ہے، نشستیں بحال ہونے کا پی ٹی آئی کا پروپیگنڈا جھوٹا ثابت ہو گیا، ہائیکورٹ کے فیصلے میں محض الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کیا گیا ہے، سماعت مکمل ہونے تک الیکشن کمیشن کو ان حلقوں میں دوبارہ انتخاب کروانے سے منع کیا گیا ہے۔
سپیکر آفس نے مزید کہا ہے کہ استعفے منظور کرنے کے سپیکر کے فیصلے کو چھیڑا نہیں گیا، فیصلے کے آخری پیراگراف میں واشگاف الفاظ میں لکھا گیا ہے کہ 22 جنوری کے نوٹیفکیشن کی کاپی درخواست کے ساتھ نہیں لگائی اس لیے سپیکر کے فیصلے کے خلاف کوئی عبوری ریلیف نہیں دیا جا سکتا۔

آئی ایم ایف پروگرام عمران کا دیا ہوا تحفہ، ہم پیچھے نہیں ہٹ سکتے، مریم اورنگزیب

ایبٹ آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کا تحفہ عمران خان صاحب کا دیا ہوا ہے، اس معاہدے سے ہم نہیں ہٹ سکتے۔
ایبٹ آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کو دیوالیہ کی نہج پر چھوڑ گئے تھے، انہوں نے خود استعفے دیئے، پارلیمنٹ کو امپورٹڈ کہتے تھے، اب اس پارلیمنٹ میں کیا کرنے جارہے ہیں؟۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ محمد نواز شریف اور ہزارہ ڈویژن میں محبت کا رشتہ ہے، ہزارہ موٹر وے محمد نواز شریف کا تحفہ ہے، انہوں نے صحت کارڈ کا آغاز خیبرپختونخوا سے کیا تھا، نواز شریف خیبر پختونخوا کو پنجاب کی طرح ترقی یافتہ بنانا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پریس کلبز کی بہتری ہماری اولین ترجیح ہے، ایبٹ آباد پریس کلب کو اسٹوڈیو کی سہولیات فراہم کریں گے، انہوں نے کہا کہ ہمیں صحافیوں کی مشکلات کا اندازہ ہے، جو ادارہ اپنے صحافی کارکنوں کو تنخواہ نہیں دے گا، اشتہارات بند کر دیں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نوازنے تنظیمی کنونشنز کے انعقاد کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

امجد اسلام امجد کے انتقال پر قومی کرکٹرز کا اظہار تعزیت

لاہور : (ویب ڈیسک) معروف شاعر، ادیب، ڈرامہ نویس امجد اسلام امجد کے انتقال پر پاکستان کے کرکٹرز نے تعزیت کااظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں سابق قومی کرکٹر جاوید میانداد نے دکھ کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ امجد اسلام امجد کے انتقال نے مجھے افسردہ کردیا ہے۔
قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے امجد اسلام امجد کے انتقال پر تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اردو شاعری اور پاکستان کو آج بہت بڑا نقصان ہوا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے بھی امجد اسلام امجد کے انتقال پر تعزیت کی ہے۔
واضح رہے کہ معروف شاعر، ادیب، ڈرامہ نویس امجد اسلام امجد لاہور میں انتقال کر گئے ، اہل خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے، انتقال کے وقت ان کی عمر 78 برس تھی۔

کوہلو میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن، بارودی مواد پھٹنے سے پاک فوج کے 2 افسر شہید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے علاقے کوہلو میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران بارودی مواد پھٹنے سے پاک فوج کے 2 افسر شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر جواد اور کیپٹن صغیر کوہلو میں خفیہ معلومات پر ہونے والے خفیہ آپریشن میں شریک تھے کہ اس دوران بارودی مواد پھٹ گیا جس کی زد میں آکر دونوں افسر شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا ہے کہ علاقے میں دہشت گردوں اور امن دشمنوں کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے، ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے بلوچستان کے امن اور خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کیا جا سکتا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز اپنے خون اور جان کی قیمت پر بھی دشمنوں کے ناپاک عزائم پورے نہیں ہونے دیں گی۔

جیل بھرو تحریک، کوئی گرفتاری دیتا ہے تو چائے پلا کر گھر بھیج دینگے: گورنر غلام علی

پشاور: (ویب ڈیسک) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ جیل بھرو احتجاج اس وقت ہوتا ہے جب ٹیبل ٹاک نہ ہو، اگر کوئی گرفتاری دیتا ہے تو ہم چائے پلا کر گھر بھیج دیں گے۔
ہیلتھ سروسز اکیڈٰمی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہم سیاسی انداز میں سیاسی فیصلے کرنا چاہتے ہیں، صوبائی حکومت مناسب سمجھے تو ہم سابق حکومت کے خلاف تحقیقات کرینگے۔
گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے مزید کہا کہ ہمت اور حوصلہ ترکیہ سے سیکھنا چاہئے، ہزاروں لاشیں اٹھائیں مگر کہیں پر احتجاج نہیں ہوا، اس قسم کے حالات کیلئے اپنے بچوں کو تیار کرنا ہے۔

سپریم کورٹ شریف فیملی شوگر ملز کیخلاف کیس واپس لینے پر پنجاب حکومت پر برہم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے شریف فیملی شوگر ملز کیخلاف کیس واپس لینے پر پنجاب حکومت پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے شریف فیملی کی شوگر ملوں کی کپاس کے علاقوں میں منتقلی کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی۔
پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ میں دائر درخواستیں واپس لینے کی استدعا کی جس پر سپریم کورٹ برہم ہوگئی، جسٹس مظاہر علی اکبر نے پوچھا کہ آپ کیس کیوں واپس لینا چاہتے ہیں ؟۔
نمائندہ پنجاب انڈسٹریز اینڈ کامرس ڈیپارٹمنٹ نے جواب دیا کہ شوگر ملوں کی منتقلی کا مسئلہ حل ہو چکا ہے، ملوں کو اجازت دے دی گئی۔
جسٹس مظاہر علی اکبر نے کہا کہ کیس عدالت میں ہے تو مسئلہ کیسے حل ہوگیا؟، زیر التواء مقدمہ پر پنجاب حکومت کیسے خط لکھ کر واپس لے سکتی ہے، فوری اس خط کو واپس لیں۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنی استدعا کو طریقہ کار کے مطابق دائر کرے جائزہ لیں گے۔
وکیل اشرف شوگر مل نے بتایا کہ شوگر ملوں نے تو اب کرشنگ شروع کردی ہے، وکیل جے ڈی ڈبلیو شوگر مل نے کہا کہ میں نے کیس میں کچھ دستاویزات لگائی ہیں، مجھے نئی درخواست کے جائزے کی اجازت دی جائے۔
سپریم کورٹ نے وکیل کی استدعا پر کیس کی مزید سماعت 28 فروری تک ملتوی کر دی۔

ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی ارکان اسمبلی بحال ہو چکے: فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ ملک میں تلخیاں کم کرنے کی ضرورت ہے، جنرل (ر) باجوہ کے اعتراف کو بھی دیکھنے کی ضرورت ہے، ان کے اعتراف کے بعد معاملہ کلیئر ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق آرمی چیف کے حوالے سے کالم لکھا گیا جس میں جنرل (ر) باجوہ نے 4 اعتراف کیے ہیں، کالم میں لکھا گیا کہ حکومت تبدیلی میں قمرباجوہ نے اہم کردار ادا کیا، حکومت کی تبدیلی بیرونی قوتوں کو خوش کرنے کیلئے تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کالم کے بقول جنرل (ر) باجوہ نے کہا اگر حکومت نہ بدلتے تو پاکستان کا نقصان ہو جاتا، ہر گز نہیں ہو سکتا کہ دوست ملک بتائے پاکستان میں کس کی حکومت ہو گی، پاکستان میں حکومت کا فیصلہ پاکستانی عوام نے کرنا ہے، تحریک انصاف اسمبلی میں بڑی جماعت ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے مزید کہا کہ چلتی ہوئی اکانومی کو برا کہہ کر حکومت کو چلتا کر دیا گیا، باجوہ کے اعتراف سے موجودہ حکومت کی لیجٹ میسی بالکل ختم ہو گئی، ملک کو جلد انتخابات میں جانا ہو گا، گزشتہ نو ماہ میں معیشت کا جو حال ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔
سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف دور میں پاکستان 6 فیصد پر گروتھ کر رہا تھا، جنرل (ر) باجوہ کا کیسز کے حوالے سے اعتراف بھی بہت اہمیت کا حامل ہے، لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے میں الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو معطل کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا عدالت کے فیصلے کے بعد ممبران قومی اسمبلی بحال ہو چکے، سپیکر قومی اسمبلی فوری طور پر ممبران کو اسمبلی میں شرکت کی دعوت دیں، اس کے بعد لیڈر آف دی اپوزیشن کا پروسیس مکمل کیا جائے، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بننا پی ٹی آئی کا حق ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ مسلم لیگ کے اندر اب کافی آوازیں اٹھنا شروع ہو گئی ہیں، کیپٹن (ر) صفدر کی باتوں میں کافی وزن ہے، ترکی کی حکومت نے شہباز شریف، بلاول بھٹو کو شٹ اپ کال دی، ہم تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔

ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 34.83 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رواں ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.17 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ملک میں سالانہ بنیادوں پر ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 34.83 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران دال، چکن، آلو، گھی سمیت 29 اشیاء مہنگی ہوئیں، ایک ہفتے کے دوران آلو 4 روپے، زندہ مرغی کا فی کلو گوشت 27 روپے مہنگا ہوا۔
فی کلو گھی کی قیمت میں تقریباً 29 روپے اور دال ماش 9 روپے فی کلو مہنگی ہوئی، دال چنا 4 روپے سے زائد اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 104 روپے مزید مہنگا ہوا۔

تحریک انصاف کوصرف اپنی ڈوبتی سیاست بچانے کیلئے پارلیمنٹ کا سہارا چاہیے: شیری رحمان

لاہور: (ویب ڈیسک) سینیٹر شیری رحمان نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ڈرہے کہ استعفوں اور اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد ان کی سیاست کا خاتمہ ہوجائے گا، ان کوصرف اپنی ڈوبتی سیاست بچانے کیلئے پارلیمنٹ کا سہارا چاہیے۔
سینیٹر شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ تحریک انصاف نے 8ماہ قومی اسمبلی سے استعفےمنظور کرانے پر زور دیا، عمران خان نے بلندبانگ دعوے کئے کہ وہ اس اسمبلی کو تسلیم نہیں کرتے لہذا وہ اس میں واپس نہیں جائیں گے مگر استعفے منظور ہونے کے بعد ان کو پارلیمنٹ کی یاد آگئی۔
شیری رحمان نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ استعفوں پر سیاست پر بھی ان کو منہ کی کھانی پڑی، استعفے منظور ہونے کے بعد انہوں نے زمان پارک سے پارلیمنٹ کا یوٹرن لیا، ان کا نام تحریک انصاف نہیں تحریک یوٹرن ہونا چاہیے، اپنے ہر فیصلے اور بیانیے سے یوٹرن لینا اس کا وتیرہ بن گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابھی بھی یہ پارلیمنٹ لوگوں کی نمائندگی کیلئے نہیں بلکہ عمران خان کی سیاست بچانے آرہے ہیں، ان کا پارلیمنٹ آنے کا مقصد نگران حکومت کے انتخاب میں مداخلت کرنا اور پارلیمنٹ میں گالم گلوچ کرنا ہے۔