All posts by Khabrain News

بورس جانسن کی یوکرین آمد، یوم آزادی پر اظہار یکجہتی

کیف:(ویب ڈیسک) یوکرین روسی حملے کے بعد پہلا یوم آزادی منا رہا ہے، اس موقع پر برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن یوکرین سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک بار پھر کیف پہنچ گئے۔
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کیف میں یوکرینی صدر زیلنسکی سے ملاقات کی اور انہیں برطانوی حمایت کا یقین دلایا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بورس جانسن کا کہنا تھا برطانیہ یوکرین کے ساتھ کھڑ ا ہے، انہیں یقین ہے یوکرین یہ جنگ جیت جائے گا۔
اس موقع پر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے روس کیخلاف جنگ کے لیے یوکرین کو مزید ڈرونز، میزائل اور دیگر جنگی ساز و سامان دینے کا اعلان بھی کر دیا۔
برطانوی وزیراعظم کے ہمراہ میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا کہ یہ یوکرین کی اہمیت ہے اور مغرب نے ماسکو کو جنگ کی رفتار پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی۔
زیلنسکی نے مزید کہا کہ ہم آرام نہیں کر سکتے، ہم تنازع کو منجمد نہیں کر سکتے، ہم ایک، 2، یا 3 سال انتظار نہیں کر سکتے، ہم کسی بھی حالت میں پہل ترک نہیں کریں گے۔
یوکرینی صدر زیلنسکی نے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مکمل پیمانے پر روسی جارحیت کے پہلے دنوں سے ہمارے ملک کی غیر سمجھوتہ حمایت پر ہم آپکے مشکور ہیں۔

خیبرپختونخوا: سیلاب سے تباہی،مختلف اضلاع میں ایمرجنسی نافذ،سکول بند

پشاور:(ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں موسمیاتی تبدیلیاں تباہی پھیلانے لگیں، دیر بالا میں سکول سے واپس جاتے وقت3 بچیاں ریلے میں بہہ گئیں۔ ایک نعش مل گئی جبکہ دو کی تلاش جاری ہے۔ندی نالوں میں طغیانی کے باعث مختلف اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ سکول 3 روز کیلئے بند رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے دیگر صوبوں سمیت خیبر پختونخوا میں موسمیاتی تبدیلیوں نے حالات کو تبدیل کردیا ،بالائی علاقے چترال ،گلگت بلتستان کے پہاڑوں کی چوٹیوں پر موجود برف اور منجمد گلیشئیر تیزی سے پگھلنے لگے، صوبہ بھر میں حالیہ بارشوں سے مختلف اضلاع میں جانی ومالی نقصانات ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے صوبے میں سیلاب سے متاثرہ 23 اضلاع کومون سون کے لیے مزید 30 کروڑ 50 لاکھ روپے جاری کیے ہیں، جن میں ٹانک کےلیے 3 کروڑ، نوشہرہ 3 کروڑ،ڈی آئی خان 2 کروڑ،کرک 2 کروڑ، مانسہرہ 2، بونیر، کوہاٹ ، دیرلوئر کو 1کروڑ 50 لاکھ، دیراپر،لکی مروت،چترال اپر،شانگلہ، صوابی، سوات،بنوں،جنوبی وزیرستان،ابیٹ آباد،پشاور اورچارسدہ کو ایک ایک کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے بھر میں حالیہ بارشوں اور سیلابوں کے باعث گزشتہ ایک ماہ کے دوران مختلف واقعات میں 60 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 117کے قریب افراد زخمی ہوئے، صوبہ بھر میں 11ہزارسے زائد گھروں کو نقصان پہنچا جن میں 7ہزار 510 گھر مکمل تباہ جبکہ 4 ہزارسے زائد کو جزوی نقصان پہنچا، ماہرین کے مطابق جنگلات کی بے دریغ کٹائی سمیت بڑھتی ہوئی آلودگی اور گرمی کی شدت میں اضافہ موسمیاتی تبدیلیوں کی اہم وجوہات ہیں۔

توہین عدالت کیس، عمران خان آج انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہونگے

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) خاتون جج کو دھمکیاں اور توہین عدالت کیس میں چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان آج انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پیش ہوں گے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان آج انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوں گے، عمران خان مقدمہ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کرینگے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے عمران خان کو تین دن کے اندر ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا اور عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے ملنے والی حفاظتی ضمانت کا آج آخری دن ہے۔

اداروں میں بغاوت پر اکسانے کا الزام، شہباز گل نے درخواست ضمانت دائر کردی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے الزام میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل نے سیشن کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کردی۔ تفصیلات کے مطابق شہباز گل نے وکیل چودھری اور دیگر لیگل ٹیم کے توسط سے سیشن کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ میرے خلاف مقدمہ بد نیتی اور سیاسی بغض کی بنیاد پر بنایا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ میرے بیان کو توڑ مروڑ کر کچھ حصے ایف آئی آر میں شامل کیے گئے، میں اعلیٰ ترین یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہوں اور امریکا و یورپ کی درس گاہوں میں پڑھاتا رہا ہوں، درخواست گزار کے خلاف پرچے میں درج دفعات کے تحت مقدمہ نہیں بنتا۔ شہباز گل کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مجھے بد نیتی کے تحت مقدمہ میں پھنسایا گیا ہے، درخواست ضمانت منظور کی جائے۔

ملک بھرمیں کورونا سے مزید 4 مریض انتقال کر گئے

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سے مزید 4 افراد جاں بحق ہوگئے، مثبت کیسز کی شرح 1.92 فیصد رہی۔ قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ ) کے مطابق ملک میں کورونا کی چھٹی لہر کے مہلک وار جاری ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 4 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں ۔ این آئی ایچ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز مجموعی طور پر 16 ہزار339 ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے 313 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی،۔ قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں مثبت کیسز کی شرح 1.92 فیصد ہے، جبکہ ابھی بھی جان لیوا وائرس سے متاثرہ 134مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

امریکا کی یوکرین کیلیے 3 بلین ڈالر کی فوجی امداد

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن نے یوکرین کے لیے تقریباً 3 بلین ڈالر کی نئی فوجی امداد کا اعلان کر دیا۔
صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ اس امداد کا مقصد یوکرین کو روس کے حملے کے خلاف دفاع میں مدد کرنا ہے جو طویل مدت کے لیے ہے اور یہ جنگ ساتویں مہینے میں داخل ہو رہی ہے۔
یوکرین کے سوویت یونین سے یومِ آزادی پر جوبائیڈن نے کہا کہ 2.98 بلین ڈالر کا پیکج کیف کو فضائی دفاعی نظام، توپ خانے کے نظام اور جنگی سازوسامان، بغیر پائلٹ کے فضائی نظام کے انسداد اور ریڈارز کے حصول میں مدد فراہم کرنا ہے۔
روسی افواج کے ملک پر مکمل فوجی حملے کے آغاز کے بعد سے یوکرین کے لیے یہ واحد سب سے بڑا امریکی امدادی پیکج ہے۔
بائیڈن نے بیان میں کہا کہ میں جانتا ہوں کہ یہ یومِ آزادی یوکرین کے بہت سے لوگوں کے لیے تلخ ہے کیونکہ ہزاروں افراد ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں، لاکھوں لوگ اپنے گھروں سے بے گھر ہو چکے ہیں اور بہت سے دوسرے روسی مظالم اور حملوں کا شکار ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لیکن چھ ماہ کے مسلسل حملوں نے یوکرین کے لوگوں اور ملک کو مضبوط کر دیا ہے ۔

سیاسی جماعتیں سرگرمیاں معطل کرکے سیلاب متاثرین کی مدد یقینی بنائیں: چوہدری شجاعت

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم و مسلم لیگ قائد اعظم (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنی سرگرمیاں معطل کرکے متاثرینِ سیلاب کی مدد یقینی بنائیں۔
چوہدری شجاعت نے بلوچستان کے پارٹی رہنماؤں سےٹیلی فونک گفتگو کی اور کہا کہ شدید بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں پررنجیدہ ہوں۔
انہوں نے اپیل کی کہ سیاسی جماعتیں اپنی سرگرمیاں معطل کرکے متاثرین سیلاب کی مدد یقینی بنائیں، حکومت اوراپوزیشن مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہوں۔
چوہدری شجاعت نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ مسلم لیگ ق کے کارکن متاثرہ افراد کی بحالی میں مدد کریں۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی سماجی تنظیموں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، متاثرین کیلئے خوراک اور خیموں کا بندوبست ہونا چاہیے اورمتاثرین کیلئے فوری امدادی کیمپ قائم کیے جائیں۔

بابر اعظم اور ویرات کوہلی کی دبئی اسٹیڈیم میں ملاقات

لاہور: (ویب ڈیسک) ایشیا ٹی 20 کپ 2022 کے پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے بے صبری سے متوقع میچ سے قبل بھارتی بلے باز ویرات کوہلی اور پاکستان کے آل فارمیٹ کپتان بابر اعظم کی دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کرکٹ اکیڈمی میں ملاقات ہوگئی۔
خیال رہے کہ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان 28 اگست کو بھارت کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گا، اس لیے سب کی نظریں ہائی سٹیک میچ پر ہوں گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹؕر پر بی سی سی آئی نے ویڈیو شیئر کی جس میں آئی سی سی رینکنگ میں سرفہرست دو بلے باز بابر اور ویرات کی ملاقات دکھائی گئی، ملاقات میں ہاتھ ملانے اور ایک دوسرے کو سلام کرنے کے بعد گرمجوشی سے ایک دوسرے کا استقبال کیا گیا۔
ٹوئٹر پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں دونوں طرف کے کھلاڑی ایک ٹریننگ سیشن کے دوران ایک دوسرے سے اپنا تعارف کرواتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بابر نے ایک ٹویٹ میں اپنی اور کوہلی کی ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں آؤٹ آف فارم سابق بھارتی کپتان کے لیے اپنی حمایت ظاہر کی گئی تھی جس کا جواب کوہلی نے بھی دیا تھا۔

شاہد آفریدی سندھ کے سیلاب زدہ خاندانوں کی مدد کو پہنچ گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور جارحانہ آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی سندھ کے سیلاب زدہ خاندانوں کی مدد کو پہنچ گئے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آفریدی نے سندھ میں ریسکیو آپریشن شروع کرنے میں مدد کرنے پر اپنی فاؤنڈیشن کے ڈونرز کا شکریہ ادا کیا۔
شاہد آفریدی فاؤنڈیشن (SAF) سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو خوراک اور ادویات فراہم کرنے کے لیے سندھ کے پانچ اضلاع میں پہنچ گئی ہے۔
اس سے قبل سیف نے بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف آپریشن شروع کیا، کرکٹر اپنے مداحوں کو SAF کے کام کے بارے میں اپ ڈیٹ کرتے رہے۔
خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد آفریدی سماجی کاموں میں لگ گئے، انہوں نے کورونا کے مشکل وقت میں بھی لوگوں کی خدمت کی۔

امریکی خاتون اول جِل بائیڈن کا کورونا ٹیسٹ دوبارہ مثبت آگیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی خاتون اول جِل بائیڈن کا کورونا ٹیسٹ دوبارہ مثبت آگیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کمیونیکیشن ڈائریکٹر وائٹ ہاؤس نے امریکی خاتون اول کا کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنےکی تصدیق کی ہے۔
کمیونیکیشن ڈائریکٹرکا کہنا ہےکہ جِل بائیڈن میں کورونا وائرس کی علامات دوبارہ ظاہر نہیں ہوئیں، وہ ڈیلاویئر میں آئسولیشن میں رہیں گی۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہےکہ خاتون اول کا کورونا ٹیسٹ دوبارہ مثبت آنے پر امریکی صدر 10 روز تک ماسک لگائیں گے۔
خیال رہےکہ 3 روز قبل ہی جِل بائیڈن کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا جس کے بعد انہوں نے 5 روزہ آئسولیشن ختم کرلی تھی۔