All posts by Khabrain News

افغان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کنسلٹنٹ نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا کے سابق کرکٹر لانس کلیوزنرنے گزشتہ روز بطور ہیڈ کوچ افغان کرکٹ ٹیم اپنے کانٹریکٹ میں توسیع سے انکار کردیا تھا جس کے بعد اب اچانک بولنگ کنسلٹنٹ نے بھی عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق شان ٹیٹ افغان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولنگ کنسلٹنٹ کے فرائض انجام دے رہے تھے جن کا بورڈ سے سال کے آخر تک معاہدہ تھا لیکن گزشتہ روز وہ اچانک ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوئے اور فوری طور پر عہدے سے استعفیٰ دیا۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق اپنے مختصر بیان میں شان ٹیٹ نے کہا کہ افغان ٹیم کے ساتھ کام کو انجوائے کیا اور خاص طور پر نوجوانوں نے متاثر کیا جس سے ذاتی طورپر سمجھتا ہوں کہ افغان ٹیم کا مستقبل اچھا ہے جب کہ اپنے دور میں لانس کلیوزنرجیسے کرکٹ کی سمجھ بوجھ رکھنے والے ہیڈ کوچ کا ساتھ بھی خوشگوار رہا۔

کرکٹ ویب سائٹ کے سابق آسٹریلوی کرکٹر شان ٹیٹ کو افغان کرکٹ بورڈ نے رواں سال اگست میں بولنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا تھا اور ان کے کانٹریکٹ کی معیاد پانچ ماہ تک تھی۔

منی بجٹ تیار، ملک میں مہنگائی کے نئے طوفان کا خطرہ منڈلانے لگا

منی بجٹ تیار ہے اور ملک میں مہنگائی کے نئے طوفان کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔

منی بجٹ میں کاسمیٹکس، ڈبہ بند خوراک اور لگژری آئٹمز مہنگے ہوں گے، امپورٹڈ گاڑیوں کی قیمتیں بھی اوپرجائیں گی۔

چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق احمد کا کہنا ہےکہ منی بجٹ تیار ہوچکا ہے، حکومت جب کہےگی پیش کردیں گے، سیلز ٹیکس کی چھوٹ کو واپس لیا جارہا ہے ، لگژری اشیاء کی درآمدات پر ٹیکس لگائےجائیں گے،درآمدی گاڑیوں پر اضافی ٹیکس کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

چیئرمین ایف بی آر کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات پرسیلز ٹیکس ریفائنری اسٹیج پر لاگو ہوگا،کھانے پینے کی اشیاء اورادویات پر ٹیکس چھوٹ برقرار رہےگی۔

دوسری جانب ،ایف بی آرنےکراچی،لاہور اور اسلام آباد سمیت 40 بڑے شہروں میں غیر منقولہ جائیداد کی ویلیو بڑھادی ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا ہےکہ منی بجٹ لانے کے اعلان سے ثابت ہواکہ قومی بجٹ کے موقع پر جھوٹ بولا گیا، منی بجٹ لانے والے کہتے تھے کہ کوئی منی بجٹ نہیں آئےگا، عمران نیازی نے ایک اور یوٹرن لیا ہے۔

 شہبازشریف کاکہنا تھا کہ یہ منی بجٹ نہیں، معاشی تباہی اور  مہنگائی کا سیاہ طوفان ہے، منی بجٹ قومی معیشت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا

(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی والے الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے خوفزدہ: ترجمان پنجاب حکومت

حسان خاور نے کہا ہے کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی والے الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے خوفزدہ ہیں، یہ دونوں جماعتیں ٹھپہ مافیا کی ماسٹر مائنڈ ہیں۔
ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی نے ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے الیکشن جیتے ہیں، ای وی ایم کے ذریعے ووٹنگ سے اپوزیشن کی دھاندلی زدہ سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہوجائے گی، ای وی ایم سے الیکشن کے اعلان پر دھاندلی سے الیکشن جیتنے والی جماعتوں پر لرزہ طاری ہے، شفاف الیکشن ووٹ کی حرمت کیلئے ضروری ہیں۔
حسان خاور کا کہنا تھا کہ قوم ای وی ایم کے ذریعے ووٹنگ کی حامی ہے، انتخابات میں ای وی ایم تھرڈ امپائر کا کردار ادا کرے گی، الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے خوفزدہ اپوزیشن کو اپنا سیاسی مستقبل تاریک نظر آرہا ہے۔

کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون انڈیا پہنچ گیا انڈیا میں کووڈ کی نئی قسم کے دو کیسز کی تشخیص

انڈیا میں پہلی بار کووڈ 19 کی نئی قسم اومیکرون کے دو کیسز سامنے آئے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ جن دو مردوں میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی ہے ان کا تعلق کرناٹک سے ہے۔

جمعرات کو وزارت صحت کے جوائنٹ سکریٹری لو اگروال نے انڈیا میں اومیکرون انفیکشن کے دو کیسز کی تصدیق کی ہے۔

وزارت صحت کی پریس کانفرنس میں لو اگروال نے کہا کہ کل رات کرناٹک میں کورونا وائرس کے اومیکرون قسم کے انفیکشن کے دو کیسز کی تصدیق کی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ یہ انفیکشن ایک 66 سالہ اور ایک 46 سالہ شخص میں پایا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کی شناخت ظاہر نہیں کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جو بھی ان دو متاثرہ افراد کے رابطے میں آیا ہے انہیں ٹریس کیا جا رہا ہے۔

اومی کرون وائرس کی تصدیق: سعودی عرب کا لاک ڈاؤن سے متعلق اہم اعلان

سعودی حکومت نے اومی کرون کیس رپورٹ ہونے پر مکمل لاک ڈاؤن کا امکان مسترد کردیا۔
سعودی عرب میں گزشتہ روز کورونا وائرس کا افریقی ویرینٹ اومی کرون کا پہلا کیس رپورٹ ہوا جس کےبعد حکام نے اس حوالے سے تحقیقات بھی شروع کردی ہیں۔
تاہم سعودی وزارت صحت نے اومی کرون سامنے آنے پر ملک میں مکمل لاک ڈاؤن کے امکان کو مسترد کیا۔
سعودی وزارت صحت کاکہنا ہےکہ کورونا کے آغاز پر خدشات بہت زیادہ تھے کیونکہ اس وقت ویکسین نہیں تھی لیکن اب سعودی عرب میں 22 ملین سے زیادہ افراد نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لے لی ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی معاشرے میں وائرس سے متعلق مدافعتی نظام بہترین ہے لہٰذا لوگ حفاظتی تدابیرکی پابندی کریں، پرُہجوم مقامات سے دور رہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ جو لوگ ملک سے باہر جانے کا پروگرام بنا رہے ہوں وہ سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں۔

وسیم اکرم کو دبئی کا گولڈن ویزا مل گیا

کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کو دبئی کا گولڈن ویزا مل گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر دبئی کا گولڈن ویزا ملنے کی اطلاع دی۔

انہوں نے لکھا کہ ’کرکٹ میں میری خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے حکومت دبئی کی طرف سے گولڈن ویزا دیا گیا ہے۔

وسیم اکرم نے لکھا کہ دبئی کاروبار، چھٹیاں اور دیگر ممالک کے عوام سے جُڑنے کے لیے دنیا کی بہترین جگہوں میں سے ایک ہے۔

سابق کپتان نے کہا کہ یہاں کا گولڈن ویزا ملنے پر فخر محسوس کررہا ہوں۔

خیال رہے کہ قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک اور ان کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو بھی دبئی کی حکومت نے گولڈن ویزا جاری کر رکھا ہے۔

دنیا کے 10 مہنگے ترین شہر کونسے ہیں؟؟؟ جان کر آپ بھی دنگ رہ جائیں گے

عالمی سطح پر رہن سہن پر آنے والی لاگت کا جائزہ لینے والے ادارے دی اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ (ای آئی یو) نے دنیا کے مہنگے ترین شہروں کی فہرست جاری کردی۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ای آئی یو کے سروے میں اسرائیلی شہر تل ابیب کو رہنے کے لحاظ سے دنیا کا سب سے مہنگا شہر قرار دیا گیاہے جبکہ اس فہرست میں پیرس اور سنگاپور مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی شہر گزشتہ سال کے سروے میں پانچویں نمبر پر موجود تھا۔

اس کے علاوہ پچھلے سال، پیرس، زیورخ اور ہانگ کانگ نے ای آئی یو سروے میں مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی ۔

 

فوٹو: دی اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ

پاکستان میں اومیکرون کا خطرہ، این سی او سی کا کورونا ویکسینیشن سے متعلق سخت اقدامات کا فیصلہ

اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر اومیکرون کے خطرے کے پیش نظر کورونا ویکسینیشن سے متعلق سخت اقدامات کا فیصلہ کرلیا اور صوبوں کو ویکسینیشن کےاہداف کے حصول کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا ، جس میں این سی او سی نے کورونا صورتحال اور نیشنل ویکسین اسٹریٹجی پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں متعلقہ حکام نے کورونا پھیلاؤ،شرح اموات،اسپتال میں داخلوں پربریفنگ دی ، این سی او سی نے شہروں میں جاری ویکسینیشن مہم پر تفصیلی غور
کیا۔

این سی او سی نے کورونا ویکسینیشن کےبارے میں سخت اقدامات پر اتفاق کیا اورکورونا ویکسینیشن کے ضلع کی سطح پر اہداف پر غور کرتے ہوئے کہا صوبے ویکسینیشن کےاہداف کے حصول کیلئے سخت اقدامات کریں۔

این سی او سی نے کورونا ویکسینیشن کی شرح، اسٹاک، خریداری کے امور پر غور کرتے ہوئے کہا صوبے کورونا ویکسینیشن میں بہتری کیلئےاقدامات کریں۔

این سی او سی کا کہنا تھا کہ اومی کرون کے تناظر میں ویکسینیشن میں اضافہ ناگزیر ہے، اومی کرون کا پھیلاؤ روکنے کا واحد حل کورونا ویکسینیشن ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں میڈیکل آکسیجن کی پیداوار، ترسیل کے نظام پر غور کرتے ہوئے مختلف مقامات پر آکسیجن پروڈکشن پلانٹس لگانے کی تجویز دے دی اور کہا ملک کےدوردرازعلاقوں میں آکسیجن پروڈکشن پلانٹس لگائےجائیں۔

گیس کی قیمتوں میں ڈیڑھ سو فیصد اضافے کی درخواست

سوئی ناردرن گیس کمپنی نے اوگرا کو گیس ٹیرف میں ڈیڑھ سو فیصد اضافے کی درخواست دے دی۔
چیئرمین اوگرا مسرور خان نے لاہور میں گیس کی قیمت میں اضافے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔
اس موقع پر ایم ڈی سوئی ناردرن علی جے ہمدانی نے مؤقف اپنایا کہ اس سال 269 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کا مطالبہ کیا ہے، گیس کی قیمت میں اضافہ مانگنا نئی بات نہیں۔
انہوں نے کہا کہ گیس نہ ہونے کی افواہیں چل رہی ہیں جو درست نہیں، آر ایل این جی اس میں شامل کرکے ضرورت پوری کرتے ہیں۔
چیئرمین اوگرا کا کہنا تھا کہ جو بھی فیصلہ ہوگا وہ صارفین کے مفادات کو سامنے رکھ کر کیا جائے گا، فی الحال کمپنیوں کی پٹیشن کو سپورٹ کریں گے کیونکہ گیس درآمد کرکے قیمت کم کرنا مشکل ہے۔

رواں سال اب تک زیادتی کے 747 واقعات رپورٹ

لاہور میں رواں سال 110 کم سن بچوں اور 18 بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جب کہ اجتماعی زیادتی کے 37 واقعات ہوئے۔
2021 کے 11 ماہ لاہور میں جنسی زیادتی کے 747 واقعات ہو ئے جن میں سے اجتماعی زیادتی کے 37 اور انفرادی زیادتی کے 582 واقعات رپورٹ ہوئے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق ڈی این اے کے 575 نمونے فرانزک کے لیے بھجوائے گئے جن میں سے صرف 30 کا رزلٹ مل سکا جب کہ 545 نمونے فرانزک سائنس ایجنسی میں تاحال التوا کا شکار ہیں۔
پولیس ریکارڈ میں بتایا گیا ہےکہ زیادتی کے 796 ملزمان میں سے 567 کو گرفتار کیا گیا، 172 مقدمات زیر تفتیش ہیں جب کہ 103 کیسز کے چالان مکمل کر کے عدالتوں میں بھجوا دیے گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زیادتی کے 217 مقدمات فریقین کی رضامندی سے خارج ہوگئے جب کہ دیگر کی تفتیش جلد مکمل کر لی جائے گی۔