All posts by Khabrain News

فیروز خان نے سابق اہلیہ پر تشدد کرنے کی تردید کردی

لاہور: (ویب ڈیسک) اداکار فیروز خان نے سابق اہلیہ علیزے سلطان پر تشدد کرنے کی تردید کردی۔
اداکار فیروزخان نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ میں اپنے اوپر لگائے گئے تمام بے بنیاد اورجھوٹے الزامات کی تردید کرتا ہوں۔
فیروز خان نے کہا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں، یہ تمام الزامات جھوٹے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، اس طرح کی باتیں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حق رکھتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنی قانونی ٹیم کو الزامات لگانے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کردی ہے، میں قانون کی پاسداری اور انسانی حقوق پر مکمل یقین رکھتا ہوں۔
واضح رہے کہ اداکار فیروز خان کی سابق اہلیہ علیزے سلطان نے عدالت میں فیروز خان کی جانب سے کیے گئے تشدد کے ثبوت پیش کیے تھے۔

شعیب اختر کا ویرات کو ٹی 20 سے ریٹائرمنٹ لینے کا مشورہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے بھارتی بیٹر ویرات کوہلی کو ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا مشورہ دے دیا۔
شعیب اختر نے پاک بھارت میچ کے بعد اپنے یوٹیوب چینل پر اس حوالے سے بات چیت کی اور ویرات کو کنگ قرار دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا “میں چاہتا ہوں ویرات اب ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائر ہوجائے کیونکہ مجھے ایسا لگ رہا ہے وہ اپنی ساری قوت ٹی 20 میں لگا رہا ہے جب کہ اسے ون ڈے پر زیادہ توجہ دینی چاہیے”۔
شعیب اختر نے کہا “جس طرح کی اننگز ویرات نے پاکستان کے خلاف کھیلی وہ ایسی ہی اننگز کھیل کے ون ڈے کرکٹ میں 300 رنز بناسکتا تھا، اس لیے میں چاہوں گا اسے ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائر ہوجانا چاہیے”۔

پاکستانی روپے کی پھر بے قدری، امریکی ڈالر مہنگا ہو گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) امریکی ڈالر کچھ دن گراوٹ کا شکار رہنے کے بعد آج ایک بار پھر مہنگا ہو گیا ہے۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 27 پیسے کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے بعد امریکی کرنسی 220 روپے پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
دوسری جانب سٹاک مارکیٹ سٹاک ایکس چینج میں بھی 382 پوائنٹس کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد 100 انڈیکس 41 ہزار 807 پوائنٹس کی سطح پر آگیا ہے۔

امریکا اور سعودیہ میں تعلقات کا ازسرنو جائزہ لینا ’مثبت چیز‘ ہے: شہزادی ریما

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا میں سعودی عرب کی سفیر نے کہا ہے کہ ریاض اور واشنگٹن کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا ازسرنو جائزہ لینا ایک ’’مثبت چیز‘‘ ہے۔
شہزادی ریما بنت بندر نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ موجودہ بادشاہت وہ نہیں جو پانچ سال پہلے تھی، ہم ایک نوجوان آبادی ہیں، ہمارے پاس ایک نوجوان قیادت ہے اور ہمارا مقصد دنیا کے ساتھ اس طرح سے جڑنا ہے جو ہم نے پہلے کبھی نہیں کیا تھا۔
امریکا میں سعودیہ سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے نقطہ نظر میں اختلاف رائے ہے، اختلاف کرنا ٹھیک بات ہے تاہم دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کو تسلیم کرنا ہوگا، بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ باقاعدگی سے رابطے میں ہیں اور واضح طور پر یہ ایک ایسی انتظامیہ ہے جس کا میں بہت احترام کرتی ہوں۔
شہزادی ریما بنت بندر نے اوپیک پلس کے فیصلے سے متعلق امریکی الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے لوگوں نے اس اقدام کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی تاہم ایسا نہیں ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن کی راستہ بھولنے کی نئی ویڈیو سامنے آگئی

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن کی غائب دماغیاں جاری ہیں، ایک ویڈیو کلپ میں ان کی نئی غلطی سامنے آگئی، دیکھا جا سکتا ہے جوبائیڈن وائٹ ہاؤس کے لان میں درخت لگانے کی مہم میں حصہ لینے کے بعد اپنا راستہ بھول گئے۔
برطانوی اخبار کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن وائٹ ہاؤس میں درخت لگانے کی تقریب کے دوران کنفیوژ ہوکر ایک سمت بڑھے پھر گارڈز سے پوچھا کہ کس طرف جانا ہے۔
گارڈز نے صحیح سمت کی طرف اشارہ کیا تو بائیڈن نے کہا کہ میں دوسری سمت جانا چاہ رہا تھا، گارڈز نے جواب میں تصدیق کی کہ وہ واقعی غلط سمت پر تھے، آخر کار بائیڈن گارڈز کے بتائے راستے پر وائٹ ہاؤس کی طرف روانہ ہوگئے۔

فنڈنگ کیس: عمران خان کے 2 شریک ملزمان کی عبوری ضمانت منظور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بنکنگ کورٹ نے فنڈنگ کیس میں عمران خان کے دو شریک ملزمان کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔
بنکنگ کورٹ اسلام آباد میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ اور فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت مقدمے کی سماعت ہوئی، سابق وزیر اعظم عمران خان کے دو شریک ملزمان نے ضمانت کی درخواست کی۔
ملزمان کے وکیل نے کہا کہ ہائیکورٹ کے احکامات کے بعد فارن ایکسچینج ایکٹ کا کیس بنکنگ کورٹ کو منتقل ہوگیا ہے، طارق شفیع اور فیصل مقبول 20 اکتوبر کو ایف آئی اے کے سامنے شامل تفتیش ہوچکے ہیں۔
عدالت نے طارق شفیع اور فیصل مقبول کی 31 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ایک ،ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا اور ایف آئی اے کو 31 اکتوبر کے لئے نوٹس جاری کر دیا۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان پہلے ہی سپیشل جج سینٹرل سے 31 اکتوبر تک عبوری ضمانت لے چکے ہیں۔

سیاست کا فائنل راؤنڈ شروع، نومبر میں آر پار ہوجائے گا: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاست کا فائنل راؤنڈ شروع ہوگیا ہے، نومبر میں آر پار ہوجائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے لکھا کہ جس طرح وزیر قانون سے استعفیٰ لیا گیا اسی طرح حکومت سےالیکشن کی تاریخ لی جائے گی، غیر مقبول بھکاریوں کو کہیں سے خیرات نہیں ملے گی۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ ارشدشریف پرمریم کے ٹویٹ اور دیوالی کا کیک کاٹنے والے نواز شریف پر ساری قوم لعن طعن بھیج رہی ہے، جمعرات کو 2 بجے فیصل مسجد میں شہید کا نمازجنازہ پڑھیں گے۔
سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ جمعے کو 11 بجے لبرٹی چوک لاہور سے ظالم چوروں کے خلاف عمران خان کی قیادت میں نکلیں گے، پرامن آئینی اور قانونی احتجاج قوم کا حق ہے، رانا ثناءاللہ جسے ایئرپورٹ جانے کی ہمت نہیں ہوئی، اگر اس نے طاقت استعمال کی تواسے بھاگنے کی بھی مہلت نہیں ملے گی۔

غریب آدمی کو ریلیف دیناعمران کا ویژن ہے جسے ہم نے عملی جامہ پہنایا، پرویزالٰہی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ غریب آدمی کو ریلیف دیناعمران خان کا ویژن ہے، جسے ہم نے عملی جامہ پہنایا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے تحریک انصاف کے وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر صوبائی وزیر راجہ بشارت بھی موجود تھے، وفد میں شرجیل یونس،ملک محبوب الہیٰ،حاجی ملک محمد رفیق،چودھری ذوالفقار اورزین اعجاز شامل تھے، وفد نے وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی فلاحی خدمات کو سراہا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کو ریلیف اور زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کیلئے کوشاں ہیں، پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا فلیگ شپ پروگرام ہے، اس پروگرام کے ذریعے 80 لاکھ مستحق خاندانوں کو 40 فیصد سستی اشیاء صرف فراہم کی جارہی ہیں۔
پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ مستحق خاندان رجسٹرڈ کریانہ سٹور سے 40 فیصد کم نرخ پر دالیں، گھی، آئل اور آٹا خرید سکتے ہیں، رجسٹرڈ کریانہ سٹورز کے مالکان کو 10 فیصد کمیشن بھی دیا جا رہا ہے، احساس راشن رعایت پروگرام غربت کے خاتمے اور فلاحی ریاست کی جانب ایک بہت بڑا قدم ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ تین اضلاع میں بھی متاثرین کو اس پروگرام میں رجسٹرڈ کرایاگیا ہے، ابتدائی طور پر پنجاب حکومت نے ایک سو ارب روپے اس پروگرام کے لئے رکھے ہیں۔

امریکی اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ کاچین پر عدالتی نظام میں مداخلت کا الزام

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا اور چین میں ایک بار پھر محاذ آرائی بڑھنے لگی، امریکی اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے چین پر عدالتی نظام میں مداخلت کا الزام عائد کر دیا۔ امریکی اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ کا چین پر عدالتی نظام میں مداخلت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 13 چینی شہریوں نے چینی انٹیلی جنس کیلئے کام کیا، چین کی حکومت نے امریکا میں افراد کے حقوق اور آزادیوں میں مداخلت کی کوشش کی جو ہمارے عدالتی نظام کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔ میرک گارلینڈ نے 2 چینی جاسوسوں کے خلاف بھی الزامات عائد کئے اور کہا کہ یہ مبینہ طور پر چین میں قائم عالمی ٹیلی کام کمپنی کے خلاف وفاقی مقدمے میں مداخلت کر رہے تھے، دستاویز کے مطابق اس چینی ٹیلی کام کمپنی کو نیویارک کے علاقے بروکلین میں مقدمے کا سامنا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف کی وفد کے ہمراہ عمرہ ادائیگی، ملکی سلامتی کیلئے دعائیں

مکہ مکرمہ: (ویب ڈیسک) وزیراعظم میاں شہباز شریف دورہ سعودی عرب کے دوران عمرہ کی ادائیگی کیلئے ریاض سے مکہ مکرمہ پہنچ گئے، عمرہ ادا کیا اور حجر اسود کو بوسہ دیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے وفد کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کی، حجر اسود کو بو سہ دیا، ملک کی خوشحالی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ قبل ازیں وزیراعظم ریاض سے جدہ پہنچے جہاں انہوں نے فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو سمٹ میں شرکت کی اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے بھی ملاقات کی۔ جدہ ایئرپورٹ پہنچنے پر جدہ کے گورنر شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جلاوی نے وزیراعظم میاں شہباز شریف کا استقبال کیا۔