All posts by Khabrain News

انگلش کرکٹر معین علی کی پاکستان کیلئے امداد کی اپیل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی نژاد برطانوی کرکٹر معین علی نے برٹش پاکستانی کمیونٹی سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے امداد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت سب دل کھول کر امداد کریںِ اس لیے نہیں کہ وہ پاکستان ہے بلکہ اس لیے کہ کئی انسانی جانوں کو آپکی مدد کی ضرورت ہے، امداد کے ساتھ انہوں نے کمیونٹی سے دعاوں کی بھی اپیل کی اور کہا کہ اس مشکل وقت میں لوگوں کو دعاوں کی بھی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ظاہر ہے کہ ہماری جڑیں پاکستانی ہیں اس لیے ہمیں ان کی زیادہ سے زیادہ مدد کرنے کی کوشش کرنی چاہیے اور اگر آپ اللہ کے لیے کرتے ہیں تو آپ کو بہت زیادہ اجر ملتا ہے۔ وہ ہمارے بھائی اور بہنیں ہیں جو تکلیف میں ہیں اور ہم ان کی مدد کرنے کی کوشش کریں گے اور سب سے اہم ان کے لیے دعا کریں گے۔
پاکستان میں انگلینڈ ٹیم کے دورے سے متعلق معین علی کا کہنا تھا کہ میں اس سیریز کو لے کر بہت پرجوش ہوں، ظاہر ہے کہ میں پاکستان کے خلاف کئی بار کھیل چکا ہوں لیکن کبھی پاکستان میں نہیں کھیل سکا، تو یہ نہ صرف میرے لیے بلکہ میرے خاندان کے ساتھ ساتھ میرے زیادہ تر رشتہ داروں اور دوستوں کے لیے بھی بڑا اہم ایونٹ ہوگا۔ اور یہ سچ ہے کہ میں اور عادل رشید اس سیریز کے منتظر ہیں۔ لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ اتنے سالوں بعد انگلینڈ کا پاکستان جانا ایک بڑی بات ہے اس لیے یہ ایک بہت بڑا اعزاز ہو گا۔
یاد رہے انگلینڈ 17 سال کے طویل عرصے کے بعد رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرنے جا رہی ہے۔

سیلاب متاثرین کی امداد: ترکیہ اور ازبکستان سے خصوصی طیارے پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مشکل وقت میں برادار ممالک پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ترکیہ اور ازبکستان سے امدادی سامان لیکر خصوصی طیارے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
ترک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ترکیہ نے ہمیشہ مشکل میں پاکستان کی مدد کی ،ترکیہ کی جانب سے ٹرینوں کے ذریعے پاکستان امداد آرہا ہے، ترکی کا امداد،ہمددری اور مخلصانہ اقدامات پر مشکور ہوں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ترکیہ صدر اور قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ سیلاب سے ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جن میں 300 بچے شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم اس مشکل آفت میں مل کر نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یاد رہے آج امدادی طیارے سیلاب زدگان کے لیے سامان لیکر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے ہیں، ازبکستان سے آنے والے طیارے کا استقبال وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے کیا جبکہ ترکی سے آنے والے طیارے کا استقبال وزیر داخلہ رانا ثنااللہ اور شیری رحمان نے کیا۔
ترکیہ کے وزیرداخلہ اور وزیر ماحولیات بھی پاکستان پہنچے ہیں، احسن اقبال نے ترکیہ کے وزیرداخلہ اور وزیرماحولیات کو سیلاب کی تباہ کاریوں اور امدادی کاموں پر بریف کیا، وزیرداخلہ راناثنااللہ نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ترکیہ کےصدر اورعوام کے مشکور ہیں۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ترکیہ کے جذبے کو کبھی بھی بھلا نہیں سکتے وہ پاکستان کا مخلص دوست ہے جبکہ ترکیہ کے وزیرداخلہ نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ جب تک پاکستانی عوام نہیں کہیں گے فضائی اور ٹرین کے راستے مدد جاری رکھیں گے۔
ترکیہ سے چھٹا طیارہ امدادی اشیا لے کر 30 اگست کو کراچی ائیر پورٹ پہنچا تھا، رپورٹ کے مطابق پہلے ترکش ائیر فورس کی پہلی پرواز میں میں 38 اور دوسرے میں 14 ٹن امدادی سامان لایا گیا تھا، خرم دستگیر ، سعید غنی اور وزارت خارجہ کے اعلی حکام نے امدادی سامان وصول کیا۔
حکومت ترکیہ کی جانب سے پاکستان کے سیلاب اور بارش سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے بھیجے گئے سامان میں ٹینٹس، مچھر دانیاں اور اشیائے خور و نوش شامل تھے۔

عمران خان کی اداروں کیخلاف تقریر: درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اداروں کیخلاف تقریروں کے معاملہ پر چیف جسٹس نے عمران خان، فواد چودھری، شیری مزاری کیخلاف درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کردی ہے۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے اداروں کے خلاف تقریر سے متعلق درخواست پر سماعت کے لیے بینچ تشکیل دے دیا ہے، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس مظاہر علی نقوی پر مشتمل 2 رکنی بینچ 8 ستمبر کو کیس کی سماعت کرے گا۔
رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے درخواست گزار قوسین فیصل کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔

اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 2 فلسطینی نوجوان شہید

مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 2 فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے، اسرائیلی فورسز کی دہشتگردانہ کارروائی میں فلسطینیوں کے گھروں کوبھی نقصان پہنچایا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں 2 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کیا، دونوں نوجوانوں کو مقبوضہ مغربی کنارے میں گھروں پر چھاپوں کے دوران فائرنگ کرکے شہید کیا گیا۔
جام شہادت نوش کرنے والے نوجوانوں کی عمریں 25 اور26 سال تھیں، فورسز کی ظالمانہ کارروائیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے متعدد فلسطینیوں پر تشدد کیا کرنے کے بعد انہیں گرفتاربھی کر لیا گیا، مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی دہشتگردانہ کارروائی میں فلسطینیوں کے گھروں کوبھی نقصان پہنچایا گیا۔

فلم ’’کارما‘‘ کی آمدن کا بڑا حصہ سیلاب متاثرین کو عطیہ کرنے کا اعلان

کراچی : (ویب ڈیسک) پاکستانی فلم انڈسٹری نے ملک میں سیلاب زدگان کی مدد کرنے کی ٹھان لی ہے، نئی پاکستانی فلم سے حاصل ہونے والی آمدنی کا بڑا حصہ سیلاب سے متاثرہ ہم وطنوں کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاکستانی فلم انڈسٹری سے وابستہ شخصیات بھی میدان میں آگئی ہیں، نئی پاکستانی فلم ’’کارما‘‘ کی ریلیز پر فلم کی ٹیم نے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کی ٹھان لی ہے۔
فلم پروڈیوسر کاشان اڈمانی نے کہا ہے کہ ہر ٹکٹ پر دو سو روپے عطیہ سیلاب متاثرین کو جائے گا، اداکارہ ژالے سرحدی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس فلم کی کمائی کا بڑا حصہ سیلاب متاثرین کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوگا، اداکار عدنان شاہ کا کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے فنکار بھی کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔
اداکارہ نوین وقار کا کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کی مدد کے لئے ہر پلیٹ فارم پر فنڈ ریزنگ کے لئے تیار ہیں، خواہش ہے کہ سب مل کر سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کریں، جبکہ ماڈل نادیہ حسین نے اپنے خیال کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب زدگان کی امداد کا سلسلہ گھر کے ملازمین سے شروع کیا ہے جن کے گاؤں سیلاب میں ڈوب گئے ہیں۔
دوسری جانب اداکار پارس مسرور نے کہا کہ فلم کی کمائی سے سیلاب متاثرین کے لیے عطیہ کا اعلان ایک خو ش آئند اقدام ہے۔

ایشیا کپ: پاکستان اور ہانگ کانگ آج مدمقابل، ہارنے والی ٹیم کا سفر تمام ہوگا

شارجہ: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں آج شارجہ میں مدمقابل ہوں گی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔
آج کا میچ ناک آؤٹ ہوگا، جیتنےوالی ٹیم سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرے گی جبکہ ہار کی صورت میں اس ٹیم کا ایشیا کپ 2022 کا سفر ختم ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں 6 بہترین ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا، پاکستان گروپ اے میں بھارت اور ہانگ کانگ کے ساتھ جبکہ گروپ بی میں سری لنکا ،افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔
دونوں گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جس کا آغاز 3 ستمبر سے ہوگا۔
سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

شہباز شریف کی تقریر حواس باختہ شخص کی تقریرتھی: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان آئی ایم ایف اور کرونا سے بچ گیا، حکمران آئی ایم ایف اور سیلاب میں پھنس گئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید نے لکھا کہ عالمی منڈی میں جتنا تیل سستا ہوتا ہے پاکستان میں اتنا ہی مہنگا ہوجاتا ہے، معاشی ناکامی میں داتا دربار داخلے پر بھی 10 روپے ٹیکس لگا دیا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر3 روپے بڑھا ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے مزید کہا کہ شہباز شریف کی تقریرحواس باختہ شخص کی تقریرتھی۔

آئی ایم ایف نے پاکستان سے متعلق رپورٹ جاری کر دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئی ایم ایف نے پاکستان کنٹری رپورٹ جاری کر دی ہے، مالی سال 2022 میں پاکستان کی معاشی سرگرمیاں مضبوط رہیں، فیول سبسڈی کا خاتمہ، ایندھن اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، خوراک، ایندھن کی عالمی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کردہ پاکستان کنٹری رپورٹ میں بتایا گیا کہ زرمبادلہ زخائر اور روپے کی قدر میں نمایاں کمی آئی ہے،زرمبادلہ زخائر، پرائمری بجٹ خسارے سمیت 5 اہداف پورے نہیں کئے گئے، اس کے علاوہ سات اسٹرکچرل اہداف پر بھی عمل نہیں کیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان میں مالی سال 2022 کے دوران معاشی سرگرمیاں مضبوط رہیں، حکومت نے قرض پروگرام کو ٹریک پر لانے کیلئے کئی اقدامات کئے، بنیادی سرپلس پر مبنی بجٹ، شرح سود میں نمایاں اضافہ شامل ہیں، فیول سبسڈی کا خاتمہ، ایندھن اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا،خوراک، ایندھن کی عالمی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی میں نمایاں اضافہ ہوا۔
آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق حکومت نے مالیاتی شعبے کے استحکام کیلئے اقدامات کی یقین دہانی کرا دی ہے، آئی ایم ایف کا مارکیٹ بیسڈ ایکسچینج ریٹ برقرار رکھنے پر زور دیا گیا، سماجی تحفظ اور توانائی شعبے کو مضبوط بنانے کا مطالبہ کیا گیا، آئی ایم ایف کا ٹیکس ریونیو اور زرمبادلہ زخائر میں اضافے پربھی زور دیا گیا ہے۔
قرض پروگرام کی مدت میں جون 2023 تک توسیع کر دی گئی، اس سے ضروری بیرونی فنانسنگ کے حصول میں مدد ملے گی، پالیسی اصلاحات کے باوجود قرض پروگرام کو غیر معمولی خطرات کا سامنا ہے، گزشتہ سال کشیدہ سیاسی ماحول کے دوران کئی وعدوں اور اہداف پر عمل نہیں کیا گیا
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ بیرونی پوزیشن غیر مستحکم اور کرنٹ اکاونٹ خسارے میں اضافہ ہوا،زرمبادلہ زخائر اور روپے کی قدر میں نمایاں کمی آئی ہے زرمبادلہ زخائر، پرائمری بجٹ خسارے سمیت 5 اہداف پورے نہیں کئے گئے، آئی ایم ایف
اس کے علاوہ سات اسٹرکچرل اہداف پر بھی عمل نہیں کیا گیا ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف لندن سے واپس لاہور پہنچ گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف لندن سے واپس لاہور پہنچ گئے ہیں، تین ہفتہ سےزائد برطانیہ میں قیام کیا۔
تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز شریف کی لندن سے واپسی پر ملک فیصل عظیم، عابد شاہ، توصیف شاہ، ماجد ظہور،عمران گورایا، صبغت اللہ سلطان نے لاہور ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز مسلم لیگ ن کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امداد کے امور کے حوالے سے نگرانی کریں گے، سابق وزیراعلیٰ پنجاب سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز 4 اگست کو نجی دورے پر اپنی بیٹی سماویہ کے علاج کیلئے لندن گئے تھے انہوں نے 3 ہفتے سے زائد برطانیہ میں قیام کیا۔

ترکیہ کے 2 وزراء اسلام آباد پہنچ گئے، سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرینگے

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ترکیہ کے 2 وزراء وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے، ترکیہ کے وزراء اور وفد پاکستان میں مختلف رہنمائوں سے ملاقاتیں کریں گے، ترکیہ کا وفد سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزراء احسن اقبال، رانا ثناء اللہ اور شیری رحمان نے نیو ایئرپورٹ پر وفد کا استقبال کیا، وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے ترکیہ کے وفد کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے آگا کیا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ترکیہ کے صدر اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ترکیہ نے دکھ کی گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، ترکیہ کے جذبے کو کبھی نہیں بھلا سکیں گے،ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں،عوام کی طرف سے ترکیہ کے صدر کا شکریہ ادا کرتے ہیں شیری رحمان نے کہا کہ ترکیہ نے ہمشیہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کا مخلص دوست ہے،اللہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جس نے ترکیہ جیسا دوست پاکستان کو دیا ہے۔ ترکیہ کے وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ترکیہ کے صدر اور عوام کا سلام پیش کرتے ہیں، مشکل کی گھڑی میں پاکستان کے غم میں برابر شریک ہیں، دعا ہے اللہ پاکستان کو جلد اس آفت سے نکالے، ترکیہ کی 9 ہزار مساجد میں پاکستان کے سیلاب زدگان کیلئے خصوصی دعا ہوگی، ترکیہ سے امدادی سامان کے11 جہاز پاکستان پہنچ چکے ہیں، ترکیہ سے امدادی سامان لے کر 2 ٹرینیں بھی 6 روز میں پاکستان پہنچیں گی۔ ترکیہ کے وزیرماحولیات نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ بھائی اور گہرے دوست ہیں، پاکستانی عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دعا ہے پاکستان اس مشکل سے جلد نکل آئے، جب تک پاکستانی عوام نہیں کہیں گے فضائی اور ٹرین کے راستے مدد جاری رکھیں گے۔