All posts by Khabrain News

نادرا نے سیلاب متاثرین کی بڑی مشکل حل کر دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نادرا نے سیلاب متاثرین کی بڑی مشکل حل کر کے کٹھن حالات میں سہولت فراہم کر دی۔
تفصیلات کے مطابق نادرا نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے مکینوں کیلئے شناختی کارڈ ایکسپائری تاریخ بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ مئی 2022ء اور نومبر میں زائد المعیاد شناختی کارڈ کی تاریخ تجدید دسمبر تک بڑھا دی گئی ہے۔
نادرا نے سیلاب سے متاثرہ بلوچستان، سکھر اور ڈی جی خان ریجن میں سہولت فراہم کی گئی ہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ تینوں ریجن کے مکینوں کے زائد المعیاد شناختی کارڈ 31 دسمبر تک نئے بنوائے جا سکیں گے۔
یاد رہے کہ چیئر مین نادرا نے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کو نادرا ملازمین کی طرف سے پی ایم ریلیف فنڈ کیلئے 100 ملین روپےکا چیک پیش کیا تھا۔

بلاول کا سعودی اور اماراتی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سعودی وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں پاکستان میں سیلاب اور مون سون کی طوفانی بارشوں سے ہونے والی تباہی کی شدت سے آگاہ کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے بھرپور یکجہتی اور مسلسل امداد کے لیے سعودی عرب کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیر خارجہ نے لکھا کہ متحدہ عرب امارات کے ہم منصب عبدالله بن زايد سے رابطہ ہوا ہے، سیلاب، طوفانی بارشوں کے متاثرین کے لیے انتہائی ضروری سامان بھیجنے پر یو اے ای کی قیادت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔
انہوں نے مزید لکھا کہ یو اے ای کے وزیر خارجہ کو سیلاب متاثرین سے متعلق تازہ صورتحال اور بحالی کے مرحلے میں در پیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔

ملک میں مہنگائی کی شرح 45.50 فیصد ہوگئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی میں مزید 1.31 فیصد اضافے کے بعد مجموعی شرح 45.50 فیصد ہوگئی۔
ادارہ شماریات نے بتایا کہ ایک ہفتے میں 31 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، پیاز 51 روپے 52 پیسے، ٹماٹر 20 روپے 87 پیسے اور دال مونگ کی قیمت میں 17 روپے 21 پیسے فی کلو اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 118 روپے 63 پیسے، آلو 4 روپے 55 پیسے، انڈے فی درجن 8 روپے 39 پیسے مہنگے ہوئے، 20 کلو آٹے کا تھیلا 18 روپے 33 پیسے اور مرغی کی قیمت میں فی کلو 8 روپے 91 پیسے اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق دال ماش، روٹی، دودھ، دہی، چینی اور مٹن کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا، ماچس، چاول، جلانے کی لکڑی، کیلے اور لہسن بھی مہنگے ہوئے۔
ادارہ شماریات نے بتایا کہ حالیہ ہفتے میں 3 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 17 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

فی تولہ سونے کی قیمت میں تین ہزار روپے کا اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 3ڈالر کے اضافے سے 1705 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی جمعہ کو فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 3000 روپے اور 2572روپے کا اضافہ ہوگیا۔
اضافے کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 144000 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بھی بڑھ کر 123457 روپے کی سطح پر آگئی۔
اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 10روپے کے اضافے سے 1480 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 8.58روپے کے اضافے سے 1268.86روپے کی سطح پر آگئی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا منفی دن

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا منفی دن رہا، 100 انڈیکس 150 پوائنٹس کمی سے 42309 پر بند ہوا۔
کاروباری دن میں 100 انڈیکس 333 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا، بازار میں 16 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے، شیئرز بازار کے کاروبار کی مالیت 4 ارب 63 کروڑ روپے رہی۔
مارکیٹ کیپٹلائزیشن 21 ارب روپے کم ہو کر7023 ارب روپے ہے۔

سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ: شہریوں کی مالی مشکلات مزید بڑھ گئیں

گوجرانوالہ: (ویب ڈیسک) ملک کے دیگر شہروں کی طرح گوجرانوالہ میں بھی سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا ہے جس نے مہنگائی سے پہلے ہی پریشان شہریوں کو مزید مالی مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔
مارکیٹ میں اس وقت ہری مرچ 400 روپے فی کلو، لیموں 400 روپے فی کلو، ادرک 450 روپے فی کلو اور لہسن 400 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔
مارکیٹ سروے کے مطابق شملہ مرچ 500 روپے فی کلو، مٹر 400 روپے فی کلو، پھلیاں 500 روپے فی کلو، کھیرا 200 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
گوجرانوالہ کی مارکیٹ میں ایک کلو ٹماٹر کی قیمت 250 روپے ہے جب کہ کریلا 300 روپے فی کلو، بھنڈی 200 روپے فی کلو، بند گوبھی 300 روپے فی کلو، پیاز 200 روپے فی کلو اور آلو 80 روپے کلو میں دستیاب ہے۔
واضح رہے کہ شدید بارشوں اور سیلاب کے بعد ملک کے بیشتر علاقوں میں سبزیوں کی قیمتوں میں نا قابل یقین حد تک اضافہ ہوا ہے جس کے بعد وفاقی وزارت تجارت نے ایران اور افغانستان سے سبزیاں و پھل منگوانے کی منظوری دی ہے۔

ایشیا کپ: ہانگ کانگ کا اہم میچ میں پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

شارجہ: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ ٹی20 کے آخری گروپ میچ میں ہانگ کانگ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
شارجہ میں کھیلےجارہے میچ میں ہانگ کانگ کے کپتان نزاکت خان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ وہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔ انہوں نے بتایا کہ اس میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہانگ کانگ کی ٹیم کو آسان نہیں لیں گے، بھارت کے خلاف میچ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔
یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے ناک آؤٹ ہو گا اور جیتنے والی ٹیم سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کا ایشیا کپ 2022 کا سفر ختم ہو جائے گا۔
پاکستان اور ہانگ کانگ کو اپنے پہلے گروپ میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
دونوں ٹیمیں مجموعی طور پر 3 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جس میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 0-3 سے شکست دے رکھی ہے تاہم یہ تمام میچز ون ڈے فارمیٹ میں کھیلے گئے تھے۔
گزشتہ روز بنگلہ دیش اور سری لنکا کے مابین کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے بنگلہ دیش کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر ایشیا کپ سے باہر کر دیا۔
ایشیا کپ میں 3 ٹیمیں دوسرے مرحلے تک رسائی حاصل کر چکی ہیں جن میں بھارت، افغانستان اور سری لنکا شامل ہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان کے خلاف نیب انکوائری بند

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما منظور وسان کیخلاف نیب انکوائری بند کر دی گئی ہے۔
قومی احتساب بیورو نیب نے پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان کو خط لکھا ہے، جس میں منظور وسان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری بند کرنے کا کہا گیا ہے۔
نیب منظور وسان کے خلاف 2005ء سے 2019ء تک بنائے گئے اثاثوں کی انکوائری کر رہا تھا۔
نیب اعلامیہ کے مطابق منظور وسان کے خلاف نیب انکوائری فائنل رپورٹ اور ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری پر بند کی گئی ہے۔

‘تم سبقت لے گئے’، جوتے پالش کرنیوالے بچے کی سیلاب متاثرین کیلئے امداد، رضوان کا جذباتی پیغام

لاہور: (ویب ڈیسک) جوتے پالش کرکے سیلاب متاثرین کیلئے اپنی جمع پونجی جمع کرانے والے بچے کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے جذباتی پیغام جاری کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے ایک بچے کی ویڈیو شیئر کی گئی جس میں وہ سیلاب متاثرین کے لئے لگائے گئے کیمپ میں پڑے باکس میں پیسے ڈال رہا ہے۔
الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے لکھا گیا کہ جوتے پالش کرنے والا یہ ننھا سا بچہ مسلسل پانچ روز سے الخدمت فلڈ ریلیف کیمپ میں سیلاب زدگان کے لیے پیسے جمع کروا کرجارہا ہے، پرسوں اس بچے کے پاس پیسے نہیں تھے تو پہلے بچے نے جوتے پالش کیے اور 60 میں سے 30 روپے عطیہ کر گیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز محمد رضوان بھی بچے کے اس جذبے سے متاثر ہوئے بنا نہ رہ سکے اور انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ دل کو یقین ہے کہ ان چند روپے کی اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی بارگاہ میں یقیناً بہت زیادہ قیمت ہے۔
اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ میرے دوست تم سبقت لے گئے، تمہیں سلیوٹ ہے، یہ جذبہ اور ہلال کمانے والے ہاتھ اللہ اور اللہ کے رسول ﷺ کو بہت محبوب ہیں۔

نیشنل ٹی 20 کپ: سرفراز احمد کا نامناسب رویہ، جرمانہ عائد

کراچی: (ویب ڈیسک) نیشنل ٹی 20 کپ میں سندھ کے سرفراز احمد پر جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ضابطہ اخلاق لیول ون کی خلاف ورزی کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔
سرفراز احمد کو میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ کیا گیا، پنڈی سٹیڈیم میں بلوچستان کے خلاف میچ میں جرمانہ ہوا، میچ میں سرفراز احمد نے آؤٹ ہونے کے بعد نامناسب رویہ اپنایا۔