All posts by Khabrain News

پاکستانی اداکارہ نمرہ بچہ نے ایک اور عالمی اعزاز حاصل کرلیا

لاہور: (خبریں ڈیجیٹل) پاکستانی اداکارہ نمرہ بچہ نے ایک اور عالمی اعزاز حاصل کر لیا۔

پاکستانی اداکارہ نمرہ بچہ پولائٹ سوسائٹی اورمس مارول کے بعد آگاتھا کریسٹی کے ناول پر مبنی فلم “مڈراز ایزی” کا حصہ بن گئی ہیں، نمرہ اس سیریز میں مسز ہمبلبی کا کردارنبھا رہی ہیں جس میں ان کے ساتھ عالمی شہرت یافتہ اداکار شامل ہونگے۔

حال ہی میں اس فلم کی عکس بندی سکاٹ لینڈ میں شروع ہو گئی ہے، بی بی سی کی نئی تھرلر سیریز کیلئے ڈیوڈ جانسن، مورفڈ کلارک اور پینی لوپ ولٹن کے ناموں کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

ایران نے کرکٹ کے فروغ کیلئے پاکستان سے مدد مانگ لی

لاہور: (خبریں ڈیجیٹل)ایران نے اپنے ملک میں کرکٹ کے فروغ کیلئے پاکستان سے مدد مانگ لی۔

کرکٹ ایران کے چیئرمین حسین علی سلیمان نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف سے ملاقات ، پی سی بی کا سربراہ بننے پر بھی مبارکباد پیش کی، ذکاء اشرف نے کرکٹ ایران کے چیئرمین کا مبارکباد پر شکریہ ادا کیا۔

ملاقات کے دوران حسین علی سلیمان نے اپنے ملک میں کرکٹ کے فروغ اور کھلاڑیوں کی کوچنگ کے لیے پاکستان سے تعاون کی درخواست کی، انہوں نے کہا کہ خواہش ہے پاکستان ایران میں کرکٹ کی بہتری اور کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے مدد کرے۔

چیئر مین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے کرکٹ ایران کے چیئرمین کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران میں کرکٹ کو فروغ دینے اور کھلاڑیوں کی صلاحتیں بہتر کرنے میں معاونت کرے گا۔

پاکستان کے ساتھ ہمیشہ کام کرنے کیلئے تیار ہیں، ڈائریکٹر آئی ایم ایف

اسلام آباد: (خبریں ڈیجیٹل) ڈائریکٹر آئی ایم ایف کمیونی کیشن جولی کوزیک نے کہا کہ پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، اصلاحات کی ضرورت ہوگی، آئی ایم ایف ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہے۔

جولی کوزیک کا کہنا تھا کہ 12 جولائی کو ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کیلئے 3 بلین ڈالر کی منظوری دی، پاکستان کو فوری ایک ارب 20 کروڑ ڈالرز جاری کر دیئے گئے۔

ڈائریکٹر آئی ایم ایف کمیونی کیشن نے کہا کہ نیا پروگرام معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے حکام کی فوری کوششوں کو سہارا دے گا، آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کے لوگوں کی مدد اور حمایت کیلئے اہم ہو گا۔

جولی کوزیک کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، اصلاحات کی ضرورت ہوگی، مستحکم پالیسی پر عمل درآمد اہم ہے، سرمایہ کاروں کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا۔

انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر اچانک مہنگا ہونے لگا، سٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی

کراچی: (خبریں ڈیجیٹل) انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کمی کے بعد اچانک اضافہ ہوا ہے۔

کاروباری ہفتے کے پانچویں اور آخری روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں ایک روپے 54 پیسے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر 278 روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروباری دن کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر 276 روپے 46 پیسے پر بند ہوا تھا۔

ادھر اوپن مارکیٹ میں بھی امریکی کرنسی ایک روپے 50 پیسے مہنگی ہوئی جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 281 روپے 50 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

دوسری جانب پاکستان سٹاک مارکیٹ سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے دوران تیزی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 200 پوائنٹس اضافے کے بعد 100 انڈیکس 45 ہزار 477 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

نامور برطانوی جریدے برٹش ہیرالڈ نے نام نہاد بھارتی جموریت کا بھانڈا پھوڑ دیا

لندن: (خبریں ڈیجیٹل) نامور برطانوی جریدے برٹش ہیرالڈ نے نام نہاد بھارتی جموریت کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

جولائی کے شمارے میں مودی سرکار نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، مذہبی تقسیم، نسل پرستی اور گرتے صحافتی معیار پر تشویش ناک سوالات اٹھا دیئے۔

جریدے میں کہا گیا ہے کہ اقلیتوں کے خلاف تشدد پر بڑھتے واقعات پر مودی کی مجرمانہ خاموشی کی بنیادی وجہ انتہا پسند اکثریت کی خوشنودی ہے، جنوری 2023 میں بھارتی ریسلنگ کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ پر خواتین ریسلر کی طرف سے جنسی استحصال کے الزامات کے باوجود مودی نے کسی بھی قسم کا ایکشن لینے سے گریز کیا۔

برٹش ہیرالڈ کی رپورٹ میں ٹیوٹر کے سابقہ سی ای او جیک ڈورسی کے مودی سرکار پرٹیوٹر کی معطلی، دفاتر پر انکم ٹیکس حکام کے چھاپے اور ملازمین کے گھروں پر سرچ آپریشن کی دھمکی کا بھی حوالہ دیا گیا ہے،مودی سرکار نے پستی کی تمام حدوں کو پار کرتے ہوئے مودی مخالف ڈاکومنٹری نشر کرنے پر بی بی سی کے دفاتر اور ملازمین کے گھروں پر چھاپے مار کر ہراساں کیا۔

برٹش ہیرالڈ کے مطابق منی پور میں گزشتہ 2 ماہ سے جاری خانہ جنگی کے باعث 250 سے زائد چرچ نذرآتش، 115 افراد ہلاک جب کہ 4000 سے زائد مقامی نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں، منی پور میں جاری نسلی فسادات پر مودی سرکار کی خاموشی اور بی جے پی کی پذیرائی ریاست میں اکثریتی خوشنودی حاصل کرنے کے سیاسی مقاصد کو استعمال کر رہی ہے۔

امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے کی پرانی بلڈنگ کی فروخت کا عمل مکمل

واشنگٹن: (خبریں ڈیجیٹل) امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے کی پرانی بلڈنگ کی فروخت کا عمل مکمل ہو گیا۔

بلڈنگ کی چابی حوالے کر نے کی تقریب کا لنکن لائبریری واشنگٹن میں انعقاد ہوا، تقریب میں کانگریس کے ارکان جیسمین اور گریگوری میکس نے شرکت کی، پراپرٹی پاکستانی نژاد امریکی شہری عبدالحفیظ خان نے7.1 ملین ڈالر میں خریدی ہے۔

امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ کابینہ کے فیصلے کے مطابق پراپرٹی بیچی، کوئی اور جائیداد فروخت نہیں کی جا رہی، ،پاکستانی نژاد امریکی عبدالحفیظ خان کی 7.1 ملین ڈالر کی پیشکش پر پراپرٹی فروخت کرنے کی وفاقی کابینہ نے منظور دی تھی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق واشنگٹن میں عمارت کی فروخت کے لئے بولی لگائی گئی، پرانی عمارت طویل عرصے سے خالی تھی اور حکومت پاکستان کو ٹیکس کی مد میں لاکھوں ڈالر ادا کرنے پڑ رہے تھے۔

ترکیہ نے سویڈن کی نیٹو رکنیت کیلئے حمایت کر دی، نیٹو سربراہ

برسلز: نیٹو سربراہ جینز اسٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ ترکیہ نے سویڈن کی نیٹو رکنیت کے لیے حمایت کر دی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) کے سربراہ جینز اسٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے فوجی اتحاد میں شمولیت کے لیے سویڈن کی حمایت کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طیب اردگان ترک پارلیمنٹ سے سویڈن کی حمایت کی توثیق کو یقینی بنائیں گے۔

سویڈن کے وزیر اعظم الف کرسٹرسن نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں بہت خوش ہوں، یہ سویڈن کے لیے اچھا دن ہے جبکہ امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ وہ صدر اردگان کی جانب سے تیزی سے توثیق کے ساتھ آگے بڑھنے کے عزم کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ ترکیہ نے اس سے قبل نیٹو میں شمولیت کی سویڈن کی درخواست کو بلاک کر رکھا تھا اور اس پر کرد عسکریت پسندوں کی میزبانی کا الزام لگایا تھا۔ ترکیہ اور ہنگری اس وقت نیٹو کے صرف 2 رکن ہیں جو ابھی تک سویڈن کی رکنیت کی درخواست کی توثیق نہیں کر سکے ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ روز ترک صدر رجب طیب اردگان نے اپنے ملک کی یورپی یونین میں شمولیت کے بدلے میں سویڈن کی نیٹو میں رکنیت کی کوشش کی توثیق کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر یورپی یونین کے حکام نے یہ مطالبہ مسترد کرتے ہوئے فوری طور پر کہا کہ یہ 2 الگ الگ معاملے ہیں۔

دبئی ملاقات شیڈولڈ میٹنگ نہیں تھی، معمول کی میٹنگ تھی، رانا ثنا اللہ

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ایسا کوئی فیصلہ ہوا ہی نہیں جس پر تحفظات ہوں یا کسی کو منانا پڑے، دبئی میں معمول کی میٹنگ تھی، وہاں پر کوئی فیصلے نہیں ہوئے۔

نجی ٹی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے گزشتہ دنوں دبئی میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری کے درمیان ملاقات سے متعلق گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ دبئی ملاقات شیڈولڈ میٹنگ نہیں تھی، یہ معمول کی میٹنگ ہوئی ہے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ دبئی میں کچھ ہوا ہی نہیں تو بات کے معلوم ہونے کا کیا ہے؟ سیٹوں کی ایڈجسٹمنٹ پر اگر بات کرنی ہے تو پوری ٹیم بیٹھے گی تو بات ہوگی کہ کس سیٹ پر بات ہونی ہے اور کس پرنہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف ضرور وطن واپس آئیں گے اور ن لیگ کی الیکشن مہم کو لیڈ کریں گے۔ سیٹ ایڈجسٹمنٹ یا الیکشن آگے پیچھے کرنے کے فیصلے نہیں ہوئے۔ ن لیگ کا دوٹوک اور واضح موقف ہے کہ الیکشن نگران سیٹ اپ میں ہی ہونے چاہئیں۔

عام انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسمبلیاں مدت پوری کرکے تحلیل ہوں گی اور نگران سیٹ اپ آئے گا۔ ضروری نہیں الیکشن 90 دن بعد ہوں بلکہ 64 دن میں بھی الیکشن ہوسکتے ہیں۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ہم اتحادی جماعتوں کے موقف کے ساتھ تھے کہ پہلے ڈیفالٹ سے بچایا جائے پھر الیکشن میں جایا جائے۔ نواز شریف اور پوری ن لیگ اس بات پر متفق ہے کہ الیکشن ہونے چاہئیں۔ اسمبلیاں اپنا وقت پورا کریں گی اس کے بعد تحلیل ہوں گی۔

ڈالر کی قیمت میں ایک روپے 70 پیسے کا اضافہ, انٹر بینک میں ڈالر 281 روپے50 پیسے کا ہوگیا

 ڈالر کی قیمت میں ایک روپے 70 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر 281 روپے50 پیسے کا ہوگیا۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے100 انڈیکس میں 450 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، کاروبارکے دوران انڈیکس 45 ہزار 35 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتے دیکھاگیا۔

پیر کوحصص بازارمیں 44 کروڑ شیئرز کے سودے 12 ارب روپے میں طے ہوئے تھے جس کے بعد مارکیٹ کیپٹلائزیشن 61 ارب روپے بڑھ کر 6756 ارب روپے ہوگئی تھی ۔

بھارت نے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا، ہائی الرٹ جاری

بھارت نے فیروز پور سے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا ہے، پی ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کر دیا۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کہا کہ بھارت نے فیروز پور کے مقام سے بھی 73418 کیوسک پانی دریائے ستلج میں چھوڑا ہے۔

بھارت سے چھوڑا گیا یہ پانی کچھ گھنٹوں میں گنڈا سنگھ قصور کے راستے پاکستان میں داخل ہو گا، قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، بہاولنگر اور وہاڑی کے ڈپٹی کمشنرز کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ریلیف کمشنر پنجاب نے ایمرجنسی کنٹرول روم میں ا سٹاف کو ہمہ وقت الرٹ رکھنے کے علاوہ ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

ریلیف کمشنر پنجاب نے ہدایات جاری کی ہیں کہ نشیبی علاقوں سے شہریوں کا انخلاء یقینی بنایا جائے۔