All posts by Khabrain News

پی سی بی نے کھلاڑیوں کو حارث رؤف کے ولیمے میں شرکت سے روک دیا

لاہور(خبریں ڈیجیٹل ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو حارث رؤف کے ولیمے میں شرکت سے روک دیا۔

ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو کل رات کولمبو کے لیے روانہ ہونا جبکہ موسم کی خرابی کے باعث کھلاڑیوں اسلام آباد جانے سے روک دیا ہے۔

اسلام آباد سے واپسی پر کراچی کیلئے فلائٹ ملنا مشکل ہے جس کے باعث قومی کرکٹرز حارث رؤف کے ولیمے میں شرکت سے محروم رہیں گے۔

ورلڈکپ میں شریک 10 ٹیموں کی لائن اَپ مکمل

لاہور(خبریں ڈیجیٹل )آئی سی سی ورلڈکپ کوالیفائرز میں نیدر لینڈز کی اسکاٹ لینڈ کے خلاف کامیابی کے ساتھ ہی میگا ایونٹ میں شریک 10 ٹیموں کی لائن اَپ مکمل ہوگئی۔

بھارت میں شیڈول آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کیلئے میزبان بھارت کے علاوہ پاکستان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، افغانستان، بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور نیدر لینڈز کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔

ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا جبکہ پاکستان ورلڈکپ میں اپنے سفر کا آغاز 6 اکتوبر کو حیدر آباد میں نیدر لینڈز کے خلاف میچ سے کرے گا۔

عراق کا توہینِ قرآن کرنیوالے ملعون کی گرفتاری کیلیے انٹرپول سے رابطہ

 بغداد(خبریں ڈیجیٹل) عراق نے سویڈن میں قرآن پاک کی بیحرمتی کرنے والے ملعون شخص کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔

غیرملکی میڈٰیا کے مطابق عراق کی سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ے سویڈن میں قرآن پاک کی بیحرمتی کرنے والے شخص کے وارنٹ گرفتاری انٹرنیشنل کرمنل پولیس ( انٹرپول) کو بھیج دئیے گئے ہیں۔ گرفتاری کے خصوصی وارنٹ عراقی پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر سے جاری کیے گئے ہیں۔

اٹلی، اولڈ ہوم میں آتشزدگی میں 6 افراد ہلاک اور 80 زخمی

میلان(خبریں ڈیجیٹل) اٹلی کے شہر میلان میں ایک ریٹائرمنٹ ہوم میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جو رات گئے تک بجھائی نہ جا سکی جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 80 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اولڈ ہوم میں 167 ریٹائرڈ افراد رہتے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں سے دو آگ میں بری طرح جھلس کر جب کہ 4 افراد کمرے میں دھواں بھرجانے کے باعث ہلاک ہوئے۔

نو مئی کیسز، چیرمین پی ٹی آئی، اسد عمر، شاہ محمود کو شامل تفتیش ہونے کا حکم

 لاہور(خبریں ڈیجیٹل انسداد دہشتگری عدالت نے 9 مئی واقعات کے کیسز میں چیرمین تحریک انصاف، اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشتگری عدالت میں جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت دیگر مقدمات میں چیرمین تحریک انصاف کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

جج نے چیرمین تحریک انصاف کے شامل تفتیش نہ ہونے پر اظہار برہمی کرتے پوچھا کہ آپ نے ابھی تک تفتیش کیوں جوائن نہیں کی۔

چیرمین تحریک انصاف روسٹرم پر آ گئے اور جواب دیا کہ میں روز عدالتوں میں پیش ہوتا ہوں اس لیے شامل تفتیش نہیں ہو سکا ، میں ابھی شامل تفتیش ہونے کے لیے تیار ہوں، یہ زمان پارک آ جائیں میں تفتیش جوائن کر لوں گا۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ آج چار بجے چیرمین تحریک انصاف شامل تفتیش ہوں۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ چار بجے میں مصروف ہوں آج آئی ایم ایف کا وفد مجھ سے ملنے آ رہا ہے۔

عدالت نے ہدایت کی کہ بہتر یہی ہے آپ پولیس ہیڈ آفس جائیں اور تفتیش جوائن کریں ۔ چودہ جولائی کو آپ پانچوں مقدمات میں شامل تفتیش ہوں۔

عدالت نے چیرمین تحریک انصاف کی عبوری ضمانتوں میں 21 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

ججز کو کسی کے کہنے پر فیصلہ نہیں کرنا چاہیے، چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ

 لاہور(خبریں ڈیجیٹل) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس امیر بھٹی نے کہا ہے کہ ججز کو کسی کے کہنے پر فیصلہ نہیں کرنا چاہیے۔

نئے بھرتی ہونے 20 ایڈیشنل سیشن ججز اور 26 سول ججز کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ امیر بھٹی نے کہا کہ کسی کے کہنے پرکبھی فیصلہ نہ کریں۔  یہ راستہ آسان نہیں ہے لیکن مشکل بھی نہیں ہے۔ جو آپ کے کام میں مداخلت کرے اسے نہیں کہنا سیکھ لیں۔ یہ وہ معاملات ہیں جن میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔

چیف جسٹس لاہور کا مزید کہنا تھا کہ یہ اللہ کی طرف سے آپ کو کام دیا گیا ہے۔آپ اللہ کی رضا سے یہاں ہیں۔ یہ بہت بڑا منصب ہے آپ کو اس کی عزت کرنا ہے۔ اس پر اللہ کو کیسے ناراض کریں گے۔ اللہ اور رسول کے احکامات کے مطابق فیصلہ کریں گے تو دنیا اور آخرت سنور جائے گی۔

دورہ سری لنکا، قومی ٹیم کا 4 روزہ تربیتی کیمپ ختم

  کراچی(خبریں ڈیجیٹل )دورہ سری لنکا کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا 4 روزہ تربیتی کیمپ ختم ہوگیا۔

 نیشنل اسٹیڈیم کےحنیف محمد ریجنل اکیڈمی گراونڈ پر کیمپ کے آخری دن صرف صبح کے سیشن میں پریکٹس ہوئی، چند کھلاڑیوں کی جمعہ کی شام حارث رؤف کے ولیمہ میں شرکت کیلئے اسلام آباد روانگی متوقع تھی تاہم پی سی بی نے خراب موسمی حالات کے سبب کسی زحمت سے بچنے کیلئے کھلاڑیوں کو اسلام آباد جانے سے روک دیا۔

قومی ٹیم دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلنے ہفتہ کی شب کولمبو روآنہ ہوگی۔

حکومت آج امریکا سے بات کرے دنوں میں عافیہ رہا ہوجائیں گی، سینیٹر مشتاق

 اسلام آباد(خبریں ڈیجیٹل )جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ حکومت آج امریکا سے بات کرے دنوں میں عافیہ رہا ہوجائیں گی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ عالمی سطح پر عافیہ صدیقی کے کیس میں پیش رفت آرہی ہے، اگر حکومت سنجیدہ ہوتی تو 20 سال سے عافیہ صدیقی امریکی جیل میں نا ہوتیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی چابی واشنگٹن میں نہیں اسلام آباد میں ہے۔

سویڈن واقعے کے خلاف ملک بھر میں آج یوم تقدس قرآن منایا جا رہا ہے

اسلام آباد، لاہور، کراچی(خبریں ڈیجیٹل) سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ملک بھر میں آج یومِ تقدسِ قرآن منایا جا رہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ملک بھر میں سرکاری و غیر سرکاری سطح پر ہر طبقہ فکر  سے وابستہ افراد سویڈن میں ملعون شخص کے ہاتھوں قرآن پاک نذر آتش کیے جانے کے واقعے کی شدید مذمت کررہے ہیں۔

وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں کے علاوہ ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جب کہ سیاسی و سماجی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے بھی سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف آج ملک گیر مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔

سویڈن واقعے کے خلاف سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک مذمتی قرارداد منظور کی گئی ہے۔ دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ بار ایسویسی ایشن نے بھی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر حکومت سے سفارتی سطح پر اس مذموم سازش کا مقابلہ، سفارتخانہ بند کرنے اور مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں مزید 2 فلسطینی نوجوان شہید

نابلس(خبریں ڈیجیٹل) مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 2 فلسطینی نوجوانوں حمزہ مقبول اور خیری شاہین کو شہید کر دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں کو نابلس میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران اسرائیلی فوج نے ایک گھر کے دروازے کو گولیوں سے چھلنی کردیا اور گھر میں زبردستی داخل ہوگئے۔

اسرائیلی فوج نے گھر میں موجود دو نوجوانوں کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کردیا اور اسپتال لے جانے کی بھی اجازت دی۔ سرچ آپریشن کے مکمل ہونے کے بعد اہل خانہ اپنے پیاروں کو اسپتال لے کر گئے۔

فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نوجوانوں کو اسپتال لایا گیا لیکن زیادہ خون بہہ جانے کے باعث وہ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکے تھے اگر انھیں بروقت لایا جاتا تو جان بچائی جا سکتی تھی۔