All posts by Khabrain News

کاروں کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر54 فیصد کمی ریکارڈ

کراچی: (ویب ڈیسک) کاروں کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 54 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق جولائی سے مئی 2023 تک کی مدت میں کاروں کی درآمدات پر 712 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 54 فیصد کم ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں کاروں کی درآمدات پر 1.558 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا، مئی 2023 میں کاروں کی درآمدات کا حجم 31 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال مئی کے مقابلہ میں 80 فیصد کم ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ سال مئی میں کاروں کی درآمدات پر 156 ملین ڈالرکا زرمبادلہ صرف ہوا تھا، اپریل کے مقابلہ میں مئی میں کاروں کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 30 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔

ٹونگا میں 6.4 شدت کا زلزلہ

نوکوالوفا : (ویب ڈیسک) ٹونگا جزائر میں 6.4 شدت زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق زلزلہ ٹونگا جزائر کے جنوبی علاقے میں آیا، زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔
یورپی زلزلہ پیما مرکز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ زلزلے کی شدت 6.4 اور اس کی گہرائی 40 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
خیال رہےکہ کچھ روز قبل بھی ٹونگا میں زلزلہ آیا تھا جس کی شدت ریکٹر سکیل پر 7.2 ریکارڈ کی گئی تھی۔
امریکی سونامی سینٹر نے زلزلے کے بعد سونامی کے خطرے کے امکان کو مسترد کیا تھا اور اس حوالے سےکوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی تھی۔

لاہور ہائیکورٹ: چیئرمین پی سی بی کا انتخاب رکوانے کیلئے درخواست سماعت کیلئے مقرر

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین کا انتخاب رکوانے کیلئے دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ میں شہری شیخ اقبال کی جانب سے دائر درخواست میں پی سی بی اور وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کیلئے الیکشن 27 جون کو ہونا ہے، الیکشن کروانے کیلئے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل پی سی بی آئین کے خلاف ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عالیہ پی سی بی چیئرمین کا الیکشن روکنے کا حکم دے، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی 26 جون بروز پیر کو درخواست پر سماعت کریں گے ۔
دوسری جانب پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ بورڈ آف گورنرز کا خصوصی اجلاس منگل کی دوپہر 2 بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوگا جس میں اراکین بورڈ آف گورنرز میں سے چیئرمین کا انتخاب کریں گے۔
واضح رہے کہ نجم سیٹھی کے خود کو چیئرمین کے عہدے سے دستبردار کرنے کے بعد پیٹرن ان چیف پی سی بی وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نامزد ذکاء اشرف چیئرمین شپ کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔

ہیوی ویٹ چیمپئن فرانسس نگانو بھی بابر اعظم اور محمد رضوان کے مداح نکلے

لاہور: (ویب ڈیسک) کیمرون کے مِکسڈ مارشل آرٹسٹ (ایم ایم اے) ہیوی ویٹ چیمپئن فرانسس نگانو نے بابر اعظم اور محمد رضوان کو عظیم کرکٹر قرار دے دیا۔
کیمرون کے ایم ایم اے فائٹر نے انسٹا گرام پر بابر اعظم اور محمد درضوان کے ساتھ تصاویر شیئر کیں اور کیپشن میں لکھا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان دنیا کے بہترین کرکٹر ہیں۔
خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز پر ایم ایم اے فائٹر نے ہارورڈ یونیورسٹی میں بابر اعظم اور محمد رضوان کے ساتھ ایک کورس کیا تھا۔

’انڈسٹری نہیں چھوڑتی بھائی کو‘، اداکار فیروز خان کا مداح کے سوال پر دلچسپ جواب

لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر ایک مداح نے اداکار فیروز خان سے سوال کیا کہ ’بھائی انڈسٹری چھوڑ دی ہے؟‘ جس کے جواب میں انہوں نے کہا ’انڈسٹری نہیں چھوڑتی بھائی کو‘۔
خیال رہے کہ سال 2020ء میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ اداکار فیروز خان نے مذہب کی خاطر شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے تاہم اس کے بعد انہیں کئی پروجیکٹس میں کام کرتے دیکھا گیا۔
ایک اور مداح نے اداکار سے سوال کیا کہ کیا آپ اپنے بچوں سے محبت کرتے ہیں؟، آپ کو کسی اور خاتون سے شادی کرلینی چاہیے، میں 24 برس کا ہوں اور میری دو بیویاں ہیں، اس پر فیروز خان کا کہنا تھا کہ آپ نے صرف وہی کیا جو آپ کو بتایا گیا تھا، بہت اعلیٰ۔
یاد رہے کہ 2018ء میں فیروز خان کی شادی علیزا سلطان سے ہوئی تھی، دونوں کے 2 بچے بھی تھے تاہم بعدازاں 2022ء میں ان کے درمیان طلاق ہوگئی تھی، اس کے بعد آج تک فیروز خان نے دوبارہ گھر بسانے کے بارے میں بات نہیں کی۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکاراؤں کا ٹائٹن حادثے پر اظہار افسوس

لاہور: (ویب ڈیسک) ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے کیلئے جانے والی سب میرین ٹائٹن کو پیش آنے والے حادثے پر پاکستان کی شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکاراؤں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صبا قمر نے اندوہناک واقعہ پر انسٹاگرام سٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس سانحے کے موقع پر ان کی دعائیں داؤد فیملی کے ساتھ ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکارہ ماورا حسین نے اپنے پیغام میں لکھا کہ آخر انسان اتنے بے حس کیسے ہوجاتے ہیں، اللہ تعالیٰ یونان اور ٹائٹن حادثوں کے مرحومین پر رحم فرمائے۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فریحہ الطاف نے لکھا کہ داؤد فیملی پاکستان کا ایک بہترین تجارتی خاندان ہے اور ملک کیلئے ان کی خدمات شاندار ہیں، اس سانحے پر میری دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔
خیال رہے کہ ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے کیلئے جانے والی بدقسمت سب میرین ٹائٹن میں پاکستان کی معروف کاروبائی شخصیت شہزداہ داؤد اور ان کا بیٹا بھی سوار تھے، حادثے کے نتیجے میں ٹائٹن میں موجود پانچوں افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

کوک سٹوڈیو گلوبل کیلئے شائے گل اور ترک گلوکار کا نیا گانا ریلیز

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف میوزک پلیٹ فارم کوک سٹوڈیو گلوبل سیزن 2 کیلئے پاکستانی گلوکارہ شائے گل اور ترک گلوکار ایودیکی صات کا مل کر گایا گانا ریلیز کر دیا گیا۔
پاکستانی اور ترکی کے فنکار دنیا بھر کے ان 19 گلوکاروں کے گروپ کا حصہ ہیں جو مل کر کوک سٹوڈیو گلوبل کیلئے موسیقی تخلیق کر رہے ہیں، سال 2020ء سے عالمی شہرت حاصل کرنے والے ترک گلوکار اب تک صرف سپاٹی فائے پلیٹ فارم پر 120 ملین سٹریم حاصل کر چکے ہیں۔
شائے گل پاکستان کی ابھرتی ہوئی گلوکارہ ہیں اور کوک سٹوڈیو کے گانے ’پسوڑی‘ سے انہیں دنیا بھر میں مشہوری ملی، شائے گل کو سپاٹی فائے میں پاکستان کی سب سے زیادہ سٹریم کی جانے والی فنکارہ کا اعزاز حاصل ہے جبکہ ان کے گانے کو یوٹیوب پر 600 ملین کے قریب ویوز مل چکے ہیں۔

ہال اوپن ٹینس ٹورنامنٹ : اینڈرے روبلوف اورالیگزینڈر ببلک نے فائنل میں جگہ بنالی

برلن : (ویب ڈیسک) اینڈرے روبلوف نے روبرٹو بوٹسٹا اور الیگزینڈر ببلک نے ڈینئل میدویدیف کو شکست دے کر ہال اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی ۔
اے ٹی پی کے زیراہتمام ہال اوپن کے دلچسپ مقابلے جرمنی میں جاری ہیں ، سنگلز مقابلوں کے پہلے سیمی فائنل میں تھرڈ سیڈ روس کے اینڈرے روبلوف نے سپین کے روبرٹو بوٹسٹا کو بآسانی 3-6 اور 4-6 سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ۔
دوسرے سیمی فائنل میں قزاقستان کے الیگزینڈر ببلک نے ٹاپ سیڈ روس کے ڈینئل میدویدیف کے خلاف دلچسپ مقابلے کے بعد 3-6 اور 5-7 سے کامیابی حاصل کر کے فائنل تک رسائی حاصل کی ۔

مدینہ میں حج سیزن کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل

ریاض : (ویب ڈیسک) سعودی حکام نے کہا ہے کہ مدینہ میں حج سیزن کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو گیا۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق مدینہ گورنریٹ اور دیگر حکومتی اداروں نے مشترکہ طور پرمختلف ممالک سے بری اور فضائی راستوں سے براہ راست مدینہ آنے والے آٹھ لاکھ 33 ہزار عازمین کو مرحلہ وار مکہ روانہ کر کے حج سیزن کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے ۔
گزشتہ روز مدینہ سے عازمین کے آخری قافلے مکہ کے لیے روانہ ہوئے جس کے لیے ہجرہ روڈ پر بنے ہوئے حجاج استقبالیہ سینٹر میں گہما گہمی رہی، عازمین حج کی مکہ منتقلی کی کارروائی کی نگرانی وزارت حج کی جانب سے کی گئی تاکہ عازمین حج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ٹرانسپورٹ کے شعبے کے نگران مازن ثروت نے کہا کہ ہجرہ روڈ پر واقع ڈیپارچر سینٹر میں تمام امور پروگرام کے مطابق مکمل کیے گئے ، عازمین کی بسوں کا فنی معائنہ کرنے کے بعد ہی انہیں روانہ کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ حج سیزن میں مدینہ آنے والے عازمین حج آٹھ دن قیام کرتے ہیں بعدازاں مکہ روانہ ہو جاتے ہیں ، جو عازمین براہ راست مدینہ آتے ہیں ان کی واپسی جدہ سے ہوتی ہے جبکہ حج کے بعد آنے والے حجاج کی واپسی مدینہ سے ہی کی جاتی ہے۔

قومی اسمبلی نے وفاقی بجٹ 24-2023 کی کثرت رائے سے منظوری دے دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئندہ مالی سال 24-2023 کیلئے 14 ہزار 480 ارب روپے کا وفاقی بجٹ قومی اسمبلی سے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں فنانس بل 2023ء کی کثرت رائے سے منظوری دے دی گئی، قومی اسمبلی میں فنانس بل کو شق وار منظور کیا گیا۔
ٹیکس وصولیوں کا ہدف 9 ہزار 200 سے بڑھا کر 9 ہزار 415 ارب مقرر کر دیا گیا جبکہ پنشن ادائیگی 761 ارب روپے سے بڑھا کر 801 ارب روپے کر دی گئی، فنانس بل میں مزید ترمیم کے تحت 215 ارب کے نئے ٹیکس عائد کئے گئے۔
این ایف سی کے تحت 5ہزار 276 ارب کے بجائے 5 ہزار 390 ارب ملیں گے، بی آئی ایس پی پروگرام 459 ارب کے بجائے 466 ارب کر دیئے گئے اور وفاقی ترقیاتی بجٹ 950 ارب روپے ہوگا۔
پنشن کے حوالے سے قواتین میں تبدیلی ضروری ہے: اسحاق ڈار
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پنشن کے حوالے سے قوانین میں تبدیلی ضروری ہے، ایک سے زائد پنشن وصول کرنے والوں کیلئے اب کسی ایک پنشن کا انتخاب کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ سرکار سے پنشن وصول کرتے ہیں یہ اصلاحات ان کیلئے ہیں، اصلاحات گریڈ 17 اور اس سے اوپر والوں کیلئے ہیں، ہمارا پنشن کا بل 800 ارب روپے پر چلا گیا ہے، پنشن کا مسئلہ ہمارے لئے بہت بڑا چیلنج ہے، ایسا نہ ہو ہمارے لئے کسی وقت میں پنشن کی ادائیگی مشکل ہوجائے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ختم کی گئی سبسڈیز دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، بیوہ کو تاحیات پنشن ملے گی مگر اولاد میں بیٹی یا متعلقہ کو 10 سال تک ملے گی، پنشن کا ایک سسٹم بنانا ہوگا۔
پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی آرڈیننس میں ترمیم منظور
قومی اسمبلی اجلاس میں وزیر خزانہ نے پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی آرڈیننس میں ترمیم پیش کی جسے قومی اسمبلی نے کثرت رائے سے منظور کر لیا۔
ترمیم میں پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی حد 50 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 60 روپے فی لیٹر کر دی گئی، وفاقی حکومت کو 60 روپے فی لیٹر تک لیوی عائد کرنے کا اختیار ہوگا۔
1200 سی سی گاڑی استعمال کرنے کی ترمیم
اپوزیشن رکن مولانا عبد الاکبر چترالی کی ترمیم بھی منظور کر لی گئی جبکہ حکومت نے اپوزیشن رکن کی ترمیم کی مخالفت نہیں کی، ترمیم کے تحت چیئرمین قائمہ کمیٹی کو 1200 سی سی گاڑی استعمال کرنے کا اختیار ہوگا۔
اس سے پہلے 1300 سی سی سے 1600 سی سی گاڑی استعمال کرنے کی اجازت تھی۔
فنانس بل اسلامی نظریاتی کونسل کو بھیجنے کی تحریک کی مخالفت
اس سے قبل مولانا عبد الاکبر چترالی نے فنانس بل اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوانے کی تحریک پیش کی جس کی وزیر خزانہ نے مخالفت کی اور ایوان نے اس تحریک کو مسترد کر دیا۔
جماعت اسلامی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی نے فنانس بل اسلامی نظریاتی کونسل کو اسلامی پیمانے پر جانچنے کیلئے بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔
جماعت اسلامی کے واحد رکن نے تحریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ فنانس بل سودی نظام پر مبنی ہے حکومت اسے منظور کرکے وفاقی شرعی عدالت کے سود کے خاتمے کے فیصلے کے خلاف جا رہی ہے، وفاقی شرعی عدالت سود کے خاتمے کا فیصلہ دے چکی ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے فنانس بل اسلامی نظریاتی کونسل کو رائے کیلئے بھیجنے کیلئے ووٹنگ کرا دی۔
جماعت اسلامی کے واحد رکن مولانا عبدالاکبر چترالی نے فنانس بل اسلامی نظریاتی کونسل کو بھیجنے کے حق میں ووٹ دیا۔
بل کی شق 3 میں ترمیم
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے فنانس بل کی شق 3 میں ترمیم پیش کی جو کہ قومی اسمبلی نے کثرت رائے سے منظور کر لی۔
ترمیم کے مطابق 3200 ارب روپے کے زیر التوا 62 ہزار کیسز سمیت تنازعات کے حل کیلئے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، کمیٹی کے فیصلے کے خلاف ایف بی آر اپیل دائر نہیں کر سکے گا، متاثرہ فریق کو عدالت سے رجوع کرنے کا اختیار ہوگا۔
پنکھوں اور بلبوں پر اضافی ٹیکسوں کی ترمیم
پرانی ٹیکنالوجی کے حامل پنکھوں اور بلبوں پر اضافی ٹیکسوں کی ترمیم بھی منظور کر لی گئی۔
پرانی ٹیکنالوجی کے حامل پنکھوں پر یکم جنوری سے 2 ہزار روپے ٹیکس ہوگا جبکہ پرانے بلبوں پر یکم جنوری سے 20 فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔
دریں اثناء قومی اسمبلی نے فنانس بل 2023 کی کثرت رائے سے منظوری دے دی۔
اراکین کی اکثریت ایوان سے غائب
قومی اسمبلی سے فنانس بل کی منظوری کے عمل کے دوران اراکین کی اکثریت ایوان سے غائب نظر آئی۔
وزیراعظم سمیت اہم پارلیمانی رہنما ایوان سے غیر حاضر رہے، بلاول بھٹو، آصف زرداری، راجا ریاض، اختر مینگل، امیر حیدر ہوتی بھی غیر حاضر رہے۔
ایوان میں حکومتی بنچز پر 70، اپوزیشن بنچز پر 2 اراکین موجود نظر آئے۔