لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر اور بلے باز محمد رضوان، بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ کر ٹی 20 رینکنگ میں پہلے نمبر پر آ گئے ہیں، لیکن رضوان کا کہنا ہے کہ بادشاہ بادشاہ ہی رہتا ہے۔
محمد رضوان نے الحمداللہ کے ساتھ اپنی ٹوئٹ کا آغاز کرتے ہوئے لکھا کہ ” صرف اللہ سے ہوتا ہے، اللہ کے غیر سے نہیں ہوتا” ، اسے کپتان کے دور حکومت کا 1156 واں دن ہی شمار کریں۔
انہوں نے لکھا کہ کپتان اور میں الگ نہیں ہیں، بادشاہ بادشاہ ہی رہتا ہے، اور ہم سب ایک ہیں۔ محمد رضوان نے آخر میں اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ آپ سب کے ساتھ ، محبتوں اور دعاوں کا شکریہ، انہوں نے ہیش ٹیگ میں پاکستان زندہ باد بھی لکھا۔
All posts by Khabrain News
ریاستی اداروں کیخلاف غیر سنجیدہ گفتگو کسی کو زیب نہیں دیتی: وفاقی وزراء
اسلام آباد : (ویب ڈیسک) وفاقی وزراء خواجہ آصف اور مفتاح اسماعیل نے پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ریاستی اداروں کے خلاف غیر سنجیدہ گفتگو کرنا کسی کو زیب نہیں دیتا، پی ٹی آئی والے بھی عمران خان کے بیانات کی تصدیق کرنے سے کتراتے ہیں۔
وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا کہ توشہ خانہ کے تحائف بیچنا کہاں کا میرٹ ہے؟، یہ کس میرٹ کی بات کرتے ہیں، افواج پاکستان میں تمام تقرریاں میرٹ پر ہوتی ہیں، عمران خان آئیں اور عدالتوں میں پیش ہوں، ادارے عمران خان کی کرپشن کی تحقیقات کر رہے ہیں، عمران خان کو اپنی ساری کرپشن کا حساب دینا ہوگا۔
اس موقع پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ خان صاحب بتائیں بی آر ٹی کی تحقیقات کیوں رکوائیں، کیا عثمان بزدار، مراد سعید اور محمود خان میرٹ پر ہیں؟، فرح گجر صاحبہ نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر تبدیل کروائے، فرح خان پنجاب میں افسران کی جو ٹرانسفر کرتی رہی ہیں کیا وہ میرٹ پر تھیں، عمران خان لوگوں کو بتایں کہ شوکت خانم کے فنڈز میں آئے ہوئے پیسے کہاں لگے ہیں۔
مریم نواز کا پاسپورٹ واپسی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پاسپورٹ واپسی کے لئے دوبارہ درخواست دائر کر دی، درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے۔
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے اپنے پاسپورٹ کی واپسی کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا، مریم نواز نے وکیل امجد پرویز کی وساطت سے درخواست دائر کی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ گزشتہ 4 سال سے ان کا پاسپورٹ عدالتی تحویل میں ہے جبکہ ابھی تک قومی احتساب بیورو (نیب) چودھری شوگر مل کا چالان عدالت میں پیش نہیں کر سکا۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالت نے میرٹ پر ضمانت منظور کی اور لمبے عرصے کے لئے کسی شخص کو اس کے بنیادی حق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا، سابق صدر پرویز مشرف اور ایان علی کے کیسز کے فیصلے اس کی نظیر ہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے۔
اپنے الفاظ پر افسوس، عدلیہ مخالف مہم کا سوچ بھی نہیں سکتا: عمران خان کا نیا جواب جمع
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے توہین عدالت کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں نیا جواب جمع کرا دیا۔
عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر نیا تحریری جواب جمع کرایا جو 19 صفحات پر مشتمل ہے، عمران خان نے شوکاز نوٹس کے جواب میں ضمنی جواب عدالت میں جمع کرایا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں جج زیبا چوہدری سے متعلق کہے گئے الفاظ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر ارادی طور پر منہ سے نکلے الفاظ پر گہرا افسوس ہے۔
عمران خان کا اپنے جواب میں کہا کہ یہ حوصلہ افزا بات ہے کہ مجھے اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا، میں نے ہمیشہ اداروں کی عزت پر مبنی رائےکا اظہار کیا ہے، یقین دہانی کراتا ہوں کہ عدالت اور ججز کی عزت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ججز عام آدمی کو انصاف فراہم کرنے میں ہمہ وقت مصروف رہتے ہیں، میرا مقصد خاتون مجسٹریٹ کی دل آزادی نہیں تھا، ہائیکورٹ اور اس کی ماتحت عدالتوں کے لیے بہت احترام ہے، خاتون جج کے احساسات کو ٹھیس پہنچانا مقصد نہیں تھا، پبلک ریلی میں نادانستگی میں ادا کیے گئے الفاظ پر افسوس ہے، خاتون جج کو دھمکانے کا ارادہ نہیں تھا بلکہ ایسا کرنے کا تو سوچ بھی نہیں سکتا۔
عمران خان کی جانب سے جواب میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مجھے معلوم نہیں تھا کہ ہائیکورٹ میں شہباز گل کیس کی اپیل زیرالتوا ہے، مجھے لگا کہ ماتحت عدالت نے جسمانی ریمانڈ دیدیا تو بات وہاں ختم ہو گئی، شہباز گل پر ٹارچر کی خبر تمام پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر آئی۔
انہوں نے کہا کہ ویڈیوزمیں شہباز گل کو سانس لینے میں دشواری تھی اور وہ آکسیجن ماسک کیلئے منتیں کر رہا تھا، شہباز گل کی اس حالت نے ہر دل اور دماغ کو متاثر کیا ہو گا، خواتین کے حقوق کا علمبردار ہوں جو کہا اس کا مقصد خاتون جج کے جذبات مجروح کرنا نہیں تھا۔
عمران خان نے کہا ہے کہ عدالت کو یقین دہانی کراتا ہوں کہ آئندہ ایسے معاملات میں انتہائی احتیاط سے کام لوں گا، کبھی ایسا بیان دیا نہ مستقبل میں دوں گا جو کسی عدالتی زیر التوا مقدمے پر اثر انداز ہو۔
انہوں نے کہا ہے کہ میں عدلیہ مخالف بدنتیی پر مبنی مہم چلانے کا سوچ بھی نہیں سکتا، عدالتی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے یا انصاف کی راہ میں رکاوٹ کا سوچ بھی نہیں سکتا،عدالت سے استدعا ہے کہ میری وضاحت کو منظور کیا جائے۔
عمران خان نے توہین عدالت کا شوکاز نوٹس واپس لینے کی استدعا بھی کردی۔ انہوں نے کہا ہے کہ عدالتیں ہمیشہ معافی اور تحمل کے اسلامی اصولوں کو تسلیم کرتی ہیں، امید کرتا ہوں عفو و درگُزر اور معافی کے وہ اسلامی اصول اس کیس پر بھی لاگو ہوں گے۔
کیسپررڈ اور کیرون خچانوف یو ایس اوپن ٹینس مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے
نیویارک: (ویب ڈیسک) ناروے کے ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کے ففتھ سیڈڈ کیسپر رڈ اطالوی ٹینس کھلاڑی میٹیو بریٹینی کو ہرا کر اور روسی ٹینس سٹار کیرون خچانوف آسٹریلوی حریف کھلاڑی نک کرگیوس کو مات دے کر یو ایس اوپن ٹینس مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔
آسٹریلوی نک کرگیوس میگا ایونٹ کے مینز ڈبلز پری کوارٹر فائنل کے بعد مینز سنگلز کوارٹر فائنل میں ہار کر میگا ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں، سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے امریکا کے شہر نیویارک کے آرتھر ایشے سٹیڈیم میں جاری ہیں۔
مینز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں ناروے کے 26 سالہ کیسپر رڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف اطالوی کھلاڑی میٹیو بریٹینی کو 1-6، 4-6 اور 6-7(4-7) سے شکست دے کر نہ صرف میگا ایونٹ سے باہر کر دیا بلکہ سیمی فائنل رائونڈ کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا۔
ایک اور میچ میں روسی ٹینس سٹار کیرون خچانوف اور 27 سالہ آسٹریلوی کھلاڑی نک کرگیوس آمنے سامنے تھے جس میں کانٹے دار مقابلہ رہا ،تاہم روسی کھلاڑی نے سخت مقابلے کے بعد نک کرگیوس کو 5-7،6-4، 5-7، 7-6(7-3) اور 4-6سے ہرا کر میگا ایونٹ کے ٹاپ فور رائونڈ تک رسائی حاصل کی۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا تاج رضوان نے چھین لیا
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر اور بلے باز محمد رضوان ٹی 20 رینکنگ میں پہلے نمبر پر آ گئے.
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 رینکنگ جاری کر دی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز محمد رضوان نے ٹی 20 رینکنگ میں کپتان بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک ہزار دنوں پر ٹی 20 کا تاج سرپر سجائے رکھا تاہم اب وہ اس پوزیشن سے محروم ہونے کے بعد دوسری پوزیشن پر آ گئے ہیں۔
بابر اعظم کی نمبر ون پوزیشن قومی ٹیم کے بہترین بلے باز محمد رضوان نے چھین لی۔ محمد رضوان 815 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور بابر اعظم 794 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر آ گئے ہیں۔
شہباز شریف کی نئی روایت، غیرملکی تحائف وزیراعظم ہاؤس میں رکھے جائیں
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کی تاریخ کی منفرد مثال بن گئے، شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں نئی روایت قائم کر دی، وزیراعظم کو ملنے والے غیرملکی تحائف اب وزیراعظم ہاؤس میں مستقل طور پر رکھے جائیں گے۔
بیرونی ممالک سے ملنے والے تحائف اب عوام دیکھ سکیں گے، شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ تحائف عوام کو دکھانے کا اہتمام کیا جائے تا کہ دوست ممالک کی پاکستان سے محبت سے عوام آگاہ ہوں، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیراعظم ہاؤس میں جگہ بھی مختص کر دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں مختص جگہ پر یہ تحائف رکھے جائیں گے جنہیں عوام دیکھ سکیں گے، بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف وزیراعظم نے سرکاری خزانے میں جمع کرا دئیے ہیں، توشہ خانے میں جمع کرائے گئے تحائف کی مالیت 27 کروڑ روپے ہے، وزیراعظم کو یہ قیمتی تحائف خلیجی ممالک کے دوروں کے دوران ملے تھے، تحائف میں ہیرے جڑی دو قیمتی گھڑیاں بھی شامل ہیں۔
ایک گھڑی کی مالیت 10 کروڑ اور دوسری کی قیمت 17 کروڑ بتائی گئی ہے، خلیجی ریاستوں کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو عمران خان سے زیادہ مہنگی گھڑیاں دی گئی ہیں، وزیراعظم نے قیمتی قلم، انگوٹھی، ‘کف لنک’ (بٹن) اور خوشبو کے تمام تحائف توشہ خانے میں جمع کرا دئیے۔
شہباز شریف وزیر اعلی پنجاب کے طور پر دس سال کے دوران ملنے والے تمام غیرملکی تحائف توشہ خانے میں جمع کرواتے رہے ہیں۔
رکشہ ہے یا طیارہ ؟ وسیم اکرم، وقار یونس کنفوژ
لاہور: (ویب ڈیسک) دنیائے کرکٹ کے دو لیجنڈری کھلاڑی وسیم اکرم اور وقار یونس کو کرکٹ کے میدان میں تو کوئی ڈرا نہیں سکا، لیکن ایک چھوٹے طیارے نے انہیں ڈرا دیا۔
ہر بیٹس مین کے لیے فیلڈ میں خوفناک خواب بنی رہنے والی فاسٹ بالرز کی اس جوڑی نے ایک ویڈیو شئیر کی، جس میں دونوں سابق کھلاڑی فخر عالم کے ساتھ چھوٹے طیارے کی سیر کرنے کیلئے تیار ہیں۔
تاہم دونوں سپر اسٹارز اڑان سے پہلے فخر عالم کے چھوٹے طیارے کا مذاق بھی اڑاتے رہے، ویڈیو میں طیارے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے وقار یونس نے وسیم اکرم سے سوال کیا کہ بھائی اس رکشے کا ڈرائیور کہاں ہے؟ جس پر وسیم اکرم نے جواب دیا کہ ہاں ڈرائیور ڈھونڈو اس رکشے کا پیٹرول، ڈیزل اور آئل چیک کرے۔
جس پر فخر عالم کا کہنا تھا کہ آپ کے اس رکشے کا ڈرائیور میں ہی ہوں، اور میں نے ہی آپ کو لے کر جانا ہے، جس پر وسیم اکرم نے اوپر دیکھتے ہوئے کہا کہ بس دعا ہی کر رہا ہوں۔
جبکہ وقات یونس نے اپنی ٹوئٹ میں تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ابھی بھی یہ اندازہ نہیں کر سکے ہیں کہ یہ طیارہ ہے یا رکشہ، جبکہ انہوں نے اپنے اور وسیم اکرم کیلئے مداحوں سے دعا کرنے کی اپیل بھی کر ڈالی۔
وقت مشکل ہے مگر سب ملکر ان حالات سے نکل جائیں گے، وزیر اعظم
ڈی آئی خان: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وقت مشکل ہے مگر سب ملکر ان حالات سے نکل جائیں گے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف ڈیرہ اسماعیل خان کے دورے پر پہنچے جہاں انہوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ وزیر اعظم نے شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کی بحالی کے کام کا جائزہ بھی لیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب نے ملک بھر میں تباہی مچائی۔ وقت مشکل ہے مگر سب مل کر ان حالات سے نکل جائیں گے۔ افواج پاکستان کا مشکور ہوں جنہوں نے وہاں تک رسائی حاصل کی جہاں ممکن نہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ دن قبل قمبر شہداد کوٹ کا دورہ کیا ایسا محسوس ہوا جیسے سمندر ہر جانب پھیلاہوا ہو اور سوات میں جو صورتحال دیکھی اس میں انسانی غلطی کا زیادہ عمل دخل تھا۔ سوات میں دریا کے پیٹ میں تعمیر کیے گئے ہوٹلز سیلاب میں بہہ گئے اور اسی طرح انڈس ویلی میں لوئر کوہستان میں نقصان پہنچا۔ 5 افراد رسے کسے ہوئے کھڑے رہے اور چار پانچ گھنٹے تندوتیز لہروں کا مقابلہ کرتے رہے بالآخر اللہ کو پیارے ہو گئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایک جگہ ریلا آیا اس نے گاؤں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا اور ایک ہی خاندان کے 8 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ اسعد محمود نے ہیلی کاپٹر میں کہا کہ وزیر اعظم مخلوط حکومت کا ذکر کم کرتے ہیں تو میں نے اسعد محمود کو کہا کہ ساری دنیا جانتی ہے پاکستان میں ہماری مخلوط حکومت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے وسائل برباد کیے اور تفصیل میں جانے کا آج موقع نہیں ہے، سیاست چھوڑ کر خدمت کے فرض کو نبھانا ہے۔ گزشتہ روز کابینہ اجلاس میں سیلاب سے ہوئے نقصانات کا محتاط اندازہ لگایا۔ وفاقی کابینہ اجلاس میں بتایا گیا کہ سیلاب سے نقصانات کا تخمینہ 28 ارب سے بڑھ کر 70 ارب ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب سے تباہ کاری کے باقی اخراجات اس کے علاوہ ہیں لیکن اب 42 ارب روپے کہاں سے آئیں گے، اللہ کی ذات اس کا انتظام کرے گی، سیلاب سے متاثرہ فی خاندان میں 25 ہزار روپے شفاف طریقے سے تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جوں جوں سیلاب کی تباہی بڑھتی گئی تو نقصانات کا تخمینہ بھی بڑھتا گیا۔ سیلاب سے لاکھوں ایکڑ لگی فصل، کپاس، چاول سب تباہ ہو گئیں۔ خوشی ہوئی کہ آرمی چیف یہاں تشریف لائے تھے انہوں نے کہا یہ پل بنایا جائے۔ این ایچ اے، چیئرمین این ایچ اے اور باقی سب لوگ کام کر رہے ہیں۔
بھارتی اداکارہ پاکستانی فاسٹ بالر نسیم شاہ کی فین
لاہور: (ویب ڈیسک) شوبز انڈسٹری اور کرکٹ کی دنیا کا ہمیشہ سے ایک رشتہ رہا ہے، کئی بھارتی اداکاروں کا نام پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ جوڑا جاتا رہا ہے۔
اس بار یہ نام پاکستانی فاسٹ بالر نسیم شاہ کا ہے، جو اپنی بہترین کارکردگی سے دنیا بھر میں اپنے لاکھوں مداح بنائے میں کامیاب ہوئے تو وہیں وہ سرحد پار بھارتی اداراہ کو بھی بھا گئے، جنہوں نے اپنی پسندیدگی کا اظہار بھی کر دیا۔
گزشتہ روز بھارتی اداکارہ اروشی روٹیلا نے انسٹا اسٹوری میں ایک ویڈیو شئیر کی، جو پاک بھارت میچ کے دوران بنائی گئی تھی، ویڈیو میں نسیم شاہ گراونڈ میں مسکراتے نظر آرہے ہیں جبکہ اروشی اسٹیڈیم میں بیٹھی میچ انجوائے کر رہی ہے۔
فین کی بنائی گئی ایڈیٹ ویڈیو شئیر کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے مزے مزے کے تبصرے شروع کر دئیے، اور کہا کہ ایک اور بھارتی اداکارہ پاکستانی کھلاڑی پر فدا ہو گئی ہیں۔
صارفین نے دلچسب تبصرے کرتے ہوئے اروشی کو عبایا پہنا کر نسیم شاہ کے ساتھ کھڑا کر دیا اور لکھا کہ بھارتی اداکارہ کچھ ایسا سوچ رہی ہے۔ تاہم کچھ صارفین کو یہ جوڑی کچھ پسند نہیں آئی اور لکھا کہ ہمارے لڑکے کو چھوڑ دو۔