لندن: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم لزٹرس کی جانب سے نئی کابینہ کے ارکان کا اعلان کر دیا گیا، لزٹرس نے کاسی کوارٹنگ کو چانسلر بنا دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سویلا بریورمین کو ہوم سیکرٹری جبکہ تھریس کوفی کو ہیلتھ سیکرٹری اور ڈپٹی وزیر اعظم بنا دیا گیا ہے، جیمز کلیورلی برطانیہ کے نئے سیکرٹری خارجہ مقرر، بین ویلس کو سیکرٹری دفاع اور وینڈی مورٹن کو چیف وہپ کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا۔
5 ستمبر کو حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کی رکن لز ٹرس برطانیہ کی نئی وزیراعظم منتخب ہوگئی تھیں، نومنتخب وزیراعظم لز ٹرس کو81 ہزار 326 ووٹ ملے، ان کے حریف رشی سونک کو 60 ہزار 399 ووٹ مل سکے۔
برطانوی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ،ڈومینک راب نائب وزیراعظم، لز ٹرس وزیر خارجہ مقرر
وزارت عظمیٰ کی دوڑ کیلئے 11 امیدوار سامنے آئے تھے۔ ٹوری اراکین پارلیمنٹ کے ووٹنگ کے مختلف مراحل کے بعد لز ٹرس اور رشی سونک میدان میں رہ گئےتھے۔
فتح کا اعلان ہونے کے بعد پہلی تقریر میں انہوں نے ٹیکسوں میں کمی اور معاشی ترقی کا وعدہ کیا۔لز ٹرس پہلی بار 2010 میں نورفوک سے رکن پارلیمٹ منتخب ہوئی تھیں۔
وہ ڈیوائس کیمرون، ٹریزا مے اور بورس جانسن کی کابینہ میں ذمہ داریاں نبھا چکی ہیں۔ لز ٹرس نے انتخابی مہم میں کہا تھا وہ انرجی بلز کے مسئلے سے چند ہفتوں میں نمٹ لیں گی۔
All posts by Khabrain News
وزیرِاعظم شہباز شریف ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے روانہ
اسلام آباد : (ویب ڈیسک) وزیرِاعظم شہباز شریف اسلام آباد سے دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے روانہ ہو گئے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر سیلاب زدہ علاقوں میں شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کی بحالی کے کام نگرانی خود کر رہے ہیں۔
وزیراعظم کو سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی اور امدادی کاموں کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش دی جا رہی ہے، وزیراعظم ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے سیلاب سے متاثرہ سگو پل پر پہنچ رہے ہیں، رپورٹ کے مطابق N-50 پر واقع اس اہم پل پر ٹریفک کی بحالی کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی، جبکہ یہ بریفنگ پاکستان ٹیلی ویژن نیوز نشر کریگا۔
برطانیہ اور دیگر ممالک میں خالصتان ریفرنڈم کے بعد کینیڈا کی سیاست میں بھی ہلچل شروع
ٹورنٹو: (ویب ڈیسک) برطانیہ اور دیگر ممالک میں خالصتان پر ریفرنڈم کے بعد کینیڈا کی سیاست میں ہلچل شروع ہو گئی، خالصتان ریفرنڈم کیلئے 18 ستمبر سے کینیڈا میں ووٹنگ کا آغاز ہو گا۔
سکھ فار جسٹس کے زیر اہتمام 18 ستمبر کو ٹورنٹو کے نواحی علاقے برامپٹن میں ریفنرنڈم منعقد ہو گا، ریفرنڈم سے پہلے ہی کینیڈا میں سکھوں نے 5 میل طویل کار ریلی نکال کر مقامی افراد کی توجہ حاصل کر لی۔
ٹورنٹو میں نکالی گئی کار ریلی میں دو ہزار سے زائد گاڑیاں شامل تھیں، خالصتان پر ریفرنڈم کا آغاز گزشتہ برس 31 اکتوبر کو لندن سے ہوا تھا۔
منی لانڈرنگ کیس:وزیر اعظم شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی بریت کی درخواست دائر
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز نے اپنے خلاف ایف آئی اے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں بریت کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا اور باپ بیٹے کی طرف سے سپیشل سینٹرل عدالت لاہور نے بریت کی درخواست پر ایف آئی اے سے جواب مانگ لیا ہے۔
سپیشل سینٹرل عدالت لاہور نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف منی لانڈرنگ کیس پر سماعت کی، حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ان کے والد وزیر اعظم شہباز شریف کی پیشی سے استنثی کی درخواست دی گئی۔
وزیر اعظم کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ سیلاب کی صورتحال آپکے سامنے ہیں اور شہباز شریف دوروں کی وجہ پیش نہیں ہوسکے، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا شہباز شریف 10 منٹ کے لیے عدالت پیش نہیں ہوسکتے، عدالت نے ایک ماہ کی تاریخ دی تھی اس کے باوجود پیش نہیں ہوئے، یہ کیس کونسا روانہ کی بنیاد پر چل رہا ہے، عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف کی استںثی کی درخواست منظور کرلی۔
دوسری جانب شہباز شریف اور اُن کے بیٹے نے بریت کی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے منی لانڈرنگ کا مقدمہ بنایا اس لئے مقدمے کو خارج کیا جائے۔
اُدھر شہباز شریف اور حمزہ کے وکیل نے امجد پرویز نے بتایا کہ عدالت کے حکم پر کمپنیز کے اکاؤنٹ بھی فریز کر دے گئے ہیں، انہیں ڈی فریز کرنے پر حکم دیا جائے۔
ایف آئی اے کے وکیل نے بیان دیا کہ کمپنیز کے اکاؤنٹ ڈی فریز کرنے پر ایف آئی اے کو کوئی اعتراض نہیں ہے جس پر عدالت نے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
ادھر احتساب عدالت نیب کے دو ریفرنسز میں وزیراعظم کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کارروائی ملتوی کردی گئی۔
سیلاب کی تباہ کاریاں:مزید 18 افراد لقمہ اجل، متاثرین بے یارومددگار،مسیحا کے منتظر
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث 24 گھنٹے میں مزید 18 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جاں بحق افراد کی تعداد ایک ہزار 343 ہوگئی، 5 لاکھ 60 ہزار 789 گھر مکمل تباہ ہوچکے ہیں، 6 ہزار 579 کلومیٹر سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
نيشنل ڈيزاسٹر مينجمنٹ اتھارٹى کى تازہ رپورٹ کے مطابق سیلاب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید اٹھارہ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1343 ہوگئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد ساڑھے 12 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سیلاب اور بارشوں سے مجموعی طور پر سب سے زيادہ 535 اموات سندھ میں ريکارڈ کی گئیں، بلوچستان میں 260 ،خيبرپختونخوا میں 290 ،پنجاب میں 191 ، گلگت بلتستان میں 22 جبکہ آزاد کشمیر میں 43 افراد زندگى کى بازى ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 591 مرد 269 خواتين اور 474 بچے شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سیلاب سے سندھ میں سب سے زیادہ 8321 افراد زخمى بھی ہوئے، پنجاب میں 3858 ،بلوچستان میں 164 ،خيبر پختونخوا میں 351 جبکہ آزاد کشمير میں 21 افراد زخمى ہوئے، ملک بهر میں 11 لاکھ 32 ہزار 572 گھروں کو جزوى نقصان پہنچا جبکہ 5 لاکھ 60 ہزار 789 گھر مکمل تباہ ہو گئے۔246 پل اور 6579 کلومیٹر سڑکیں بھی متاثر ہوئیں۔ملک بھر میں 7 لاکھ 51 ہزار سے زائد مويشی بھی سیلابی ریلوں میں بہہ گئے۔
سیلاب سے متاثرہ افراد بے آسرا اور بے یارومددگار کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، سیلابی ریلوں کے متاثرین اپنا سب کچھ لٹانے کے بعد بے سرو سامانی کے عالم میں سڑکوں پر راتیں گزارتے ہوتے مدد کیلئے کسی مسیحا کے منتظر ہیں۔
منچھر جھیل میں سیلابی صورتحال سنگین، زیرو پوائنٹ پر شگاف سے 300 دیہات زیر آب
سیہون: (ویب ڈیسک) منچھر جھیل میں سیلابی صورتحال انتہائی سنگین ہو گئی، پانی کے دباؤ سے زیرو پوائنٹ پر 50 فٹ چوڑا شگاف پڑگیا، تین سو دیہات زیر آب آگئے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ کی آبائی یونین کونسل واہڑ میں بھی پانی داخل ہونے سے ایک لاکھ 60 ہزار آبادی متاثر ہو چکی ہے۔
جھیل میں دو کٹ لگانے کے باوجود پانی کی سطح کم نہ ہوئی، سیہون ائیر پورٹ کا رن وے بھی ڈوب گیا، لاڑکانہ حیدرآباد انڈس ہائی وے پر پانی ہی پانی موجود ہے، موٹروے پولیس نے ٹریفک کا داخلہ روک دیا۔
دوسری جانب دریائے سندھ میں کوٹری بیراج پر اونچے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے، پانی کی آمد 6 لاکھ 8 ہزار 476 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اخراج 5 لاکھ 85 ہزار 678 کیوسک ریکارڈ ہوا ہے، سیلابی ریلا جامشورو میں داخل ہونے سے کئی دیہات زیر آب آ گئے ہیں، سیلاب مٹیاری اور سجاول کے کچے کے علاقوں کو بھی متاثر کرے گا۔
ادھر نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشن کمیٹی نے ملک بھر میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات، ریسکیو اور ریلیف آپریشنز سے متعلق تازہ ترین اعدادوشمار جار ی کر دیئے ہیں ، سیلاب متاثرہ علاقوں میں اب تک پر 1325 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور 12703 زخمی ہوئے ، 3716 پھنسے ہوئے افراد کو ان ہیلی سیارٹیز کے ذریعے نکالا جا چکا ہے،اب تک 4247 ٹن اشیائے خوردونوش کے ساتھ 439 ٹن غذائی اشیاء اور 2163212 ادویات کی اشیاء جمع کی جا چکی ہیں، 3570 ٹن خوراک، 379 ٹن غذائی اشیاء اور 1778212 ادویات کی تقسیم ہوئی ہے۔
آرمی ایوی ایشن کی کوششیں سے25 ہیلی کاپٹر پروازوں کے ذریعے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید 131 افراد کو نکالا گیا جبکہ 32 ٹن راشن متاثرہ علاقوں میں پہنچایا گیا ، اب تک 363 ہیلی کاپٹر پروازوں کے ذریعے مجموعی طور پر پھنسے ہوئے 3716 افراد کو نکالا جاچکا ہے ۔ اب تک سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں 147 ریلیف کیمپس اور سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان جمع کرنے ملک بھر میں 284 ریلیف آئٹمز کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔اب تک 4247 ٹن اشیائے خوردونوش، 439 ٹن غذائی اشیاء اور 2163212 ادویات کی اشیاء جمع کی جا چکی ہیں۔ 3570 ٹن خوراک، 379 ٹن غذائی اشیاء اور 1778212 ادویات تقسیم کی جا چکی ہیں۔
اس کے علاوہ ہ پاک فوج کی جانب سے 232811 راشن پیک کے ساتھ ساتھ 1617 ٹن راشن بھی تقسیم کیا گیا۔میڈیکل ریلیف کے حوالے سے 250 سے زائد میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے جن میں اب تک 97ہزار مریضوں کا علاج کیا گیا اور انھیں 3 تا 5 یوم کی ادویات دیں گئیں ۔بڑی سرگرمیوں میں ساگو پل این 95 (ڈی آئی خان ) کی تیز رفتاری سے تعمیر جاری ہے جو کہ آج مکمل ہوجائے گا ۔ خضدار میں بجلی کی ترسیل بحالی کے لئے دادو سب ڈویژن کوئٹہ میں رپیئرنگ کام جاری ہے ،گیس کی فراہمی جزوی طور پر شروع ہوگئی ہے ۔
پاکستان بحریہ کی جانب سے 41 ہیلی کاپٹروں کی پروازوں کے ذریعے 12176 پھنسے ہوئے لوگوں کو نکلا گیا جبکہ 2687 خاندانوں کو شیلٹرز ، 1932ٹن راشن ، 2532ٹینٹ ، 300کلو ادویات فراہم کیں گئیں جبکہ 28250مریضوں کا علاج کیا گیا ۔ پاک فضائیہ کے ریلیف اور ریسکیو آپریشنز کے دوران 67 ، C-130، 69 MI-17، 16 AW-139 کی پروازوں کے ذریعے 1521 پھنسے ہوئے افراد کو نکالا گیا جبکہ 2763 خیمے، 106495 کھانے کے پیکٹ، 1161113 کلو گرام راشن، 134486 لیٹر پانی فراہم کیا گیاجبکہ لوگوں کو خوراک، خشک راشن اور طبی امداد فراہم کی گئی، 41 ریلیف کیمپ اور 35 فری میڈیکل کیمپ لگائے گئے جن میں ملک بھر میں اب تک 27156 مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔
کوئٹہ: پولیس کا منشیات فروشوں کیخلاف آپریشن، فائرنگ کا تبادلہ، 8 ہلاک
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) کوئٹہ کے سرکلر روڈ کے قریب سٹی نالہ میں پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی میں فائرنگ کے تبادلے میں 8 مبینہ منشیات فروش ہلاک ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق شہر میں منشیات کے عادی افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد سٹی نالے میں کاروائی کا فیصلہ کیا گیا، منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن کے دوران جیسے ہی پولیس کے جوان نالے میں اترے ملزمان کی جانب سے فائرنگ شروع کر دی گئی۔
پولیس کی جوابی کارروائی کی فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 8 مبینہ منشیات فروش مارے گئے، جس کے بعد پولیس نے سٹی نالہ میں قائم کئی عارضی اڈے مسمار کر کے ان سے اسلحہ ومنشیات برآمد کر لیا۔
لاشوں کو مزید کارروائی کے لئے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔
کورونا کی چھٹی لہر مزید ایک جان لے گئی، 158 نئے کیسز رپورٹ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کورونا کی چھٹی لہر کے وار جاری ہیں، ملک بھر میں موذی وائرس سے مزید ایک مریض جاں بحق ہوگیا ہے۔
قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 15 ہزار 303 ٹیسٹ کئے گئے جس میں 158 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
این آئی ایچ رپورٹ میں کہا گیا کہ موذی وائرس میں مبتلا 105 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 1.03 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
برطانیہ کی نئی وزیراعظم کا بورس جانسن کو خراجِ تحسین
لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کی نئی وزیراعظم لزٹرس نے سابق وزیراعظم بورس جانسن کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم لز ٹرس کا ڈاؤننگ اسٹریٹ آمد پر پہلا بیان سامنے آگیا۔ لز ٹرس نے 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کے سامنےگفتگو میں بورس جانسن کو خراج تحسین پیش کیا۔
لزٹرس نے کہا کہ بورس جانسن نے بریگزٹ پر عملدرآمد کیا اور کورونا کا مقابلہ کیا روسی جارحیت کےسامنےڈٹ گئے ہمیں سڑکیں تعمیر کرنے اور لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے ہیں۔
لزٹرس نے یوکرائن جنگ اور کورونا کےحوالے سے بھی خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ این ایچ ایس کوبہترکریں گے۔
اس سے قبل اسکاٹ لینڈ میں ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوم سے ملاقات کے بعد لز ٹرس نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھال لیا۔
ملکہ برطانیہ نے لز ٹرس کو باضابطہ طور پر حکومت بنانے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا اور ایلزبتھ دوم کے ہاتھ پر بوسہ دیا۔
‘فکر نہ کرو، پاکستان اور بھارت کا فائنل ہوگا’، روہت شرما کا سوال پر ردعمل
دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا نے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچنے کی راہ ہموار کرلی۔
سری لنکا نے بھارت کا 174 رنز کا ہدف آخری اوور میں پورا کیا،کوشل مینڈس57 رنز بناکر نمایاں رہے۔
سری لنکا کے خلاف میچ کے بعد پریس کا نفرنس میں بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ میچ ہارتے ہیں تو گڑ بڑ لگتی ہے، مگر شکست کے باوجود ڈریسنگ روم کا ماحول اچھا رکھ رہیں ہیں، پلئیرز میں قابلیت ہے، جب یہ پلئرز یہاں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف کیچ ڈارپ کرنے کے بعد ارشدیپ سنگھ تھوڑا اداس رہے البتہ سوشل میڈیا ہم نہیں دیکھتے، ٹیم کی جیت کیلئے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب روہت شرما نے ایشیاکپ کے فائنل کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کافائنل ہوگا،فکر نہ کرو۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل کا امکان ختم ہوگیا۔
ایشیا کپ سپر فور کے میچ میں انڈیا کو سری لنکا نے چھ وکٹ سے شکست دی جس کے بعد سپر 4 میں سری لنکا دو میچز میں چار پوائنٹس کے ساتھ پہلی، پاکستان ایک میچ میں دو پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔