All posts by Khabrain News

یہ بین الاقوامی طریقہ کار کی خلاف ورزی ہے، مبینہ جاسوس غبارہ گرانے پر چین برہم

چین : (ویب ڈیسک) چین نے امریکی کی جانب سے مبینہ جاسوس غبارے کو مار گرانے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نےبین الاقوامی طریقہ کار کی خلاف ورزی کی ہے۔
چین کی وزارت خارجہ نے امریکہ کی جانب سے مبینہ جاسوس غبارہ مار گرانے کے بعد ایک جاری بیان میں کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے بغیر پائلٹ سویلین ہوائی جہاز کے خلاف طاقت کا استعمال کرنے پر چین نے شدید احتجاج کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ چین ضروری ردعمل کا حق رکھتا ہے۔ امریکہ سے درخواست کی تھی کہ اس تمام معاملے سے تحمل اور پیشہ وارانہ انداز میں نمٹے۔ تاہم امریکہ نے طاقت کے استعمال پر اصرار کیا اور شدید ردعمل دیتے ہوئے بین الاقوامی طریقہ کار کی خلاف ورزی کی۔
خیال رہے کہ امریکہ نے ریاست کیرولائنا کے ساحل کے قریب مشتبہ چینی جاسوس غبارے کو مار گرایا تھا۔امریکی حکام کے مطابق مشتبہ جاسوس غبارہ تقریباً 60 ہزار فٹ کی بلندی پر اڑ رہا تھا اور اس کا سائز تین سکول بسوں کے برابر تھا۔
واضح رہے کہ مبینہ جاسوس غبارے کے سامنے آنے کے بعد امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنا بیجنگ کا دورہ منسوخ کر دیا تھا۔ اس دورے کا مقصد امریکہ اور چین کے درمیان کشیدگی کو کم کرنا تھا، تاہم چین نے اس دورے کا اعلان یکطرفہ قرار دیا تھا۔

حکومت کا عمران خان کو جیل بھرو تحریک چلانے کا چیلنج

تہران: (ویب ڈیسک) حکومت نے عمران خان کو جیل بھرو تحریک چلانے کا چیلنج دے دیا۔
حکومت نے عمران خان کو جیل بھرو تحریک چلانے کا چیلنج دے دیا۔ وزیراطلاعات نے کہا جن کی دو دن جیل میں رہ کر آنکھیں بھر جائیں وہ جیلیں نہیں بھرا کرتے۔
ان کا کہنا ہے کہ آپ کو جیل بھرو نہیں ڈوب مرو تحریک شروع کرنی چاہیے۔ عدالتوں میں اپنے اعمال اور کیسز کا حساب دیں، جیلیں خود بھر جائیں گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا اپوزیشن اور میڈیا کو جیلوں میں ڈالنے والا آج جیل بھرو تحریک کا اعلان کر رہا ہے۔ جیل بھرو تحریک کا اعلان وہ کر رہا ہے جو ٹانگ پر پلستر باندھ کر بکتربند زمان پارک میں بیٹھا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک میں قیادت گرفتاری دیتی ہے، گھر میں چھپ کر نہیں بیٹھتی۔ اگر جیل بھرو تحریک میں سنجیدہ ہیں تو زمان پارک سے عورتوں اور بچوں کو ہٹائیں، راستے کھولیں۔

ایران میں خواتین کیلئے نئی سزاؤں کا اعلان

تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے بغیر حجاب گھر سے نکلنے والی خواتین پر نئی سزاؤں کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی حکومت نے بغیر حجاب گھر سے باہر نکلنے والی خواتین کے لیے نئی سزاؤں کا تعین کر دیا جس کے مطابق جرمانہ ادا نہ کرنے پر تمام سماجی خدمات سے محروم کر دیا جائے گا۔
ایرانی حکومت نے اعلان کیا کہ بغیر حجاب گھروں سے باہر نکلنے والی خواتین کو گرفتار کرنے کے بجائے میسج بھیجا جائے گا اور اگر وہ پھر بھی حجاب نہ کرنے پر بضد رہیں گی تو پھر ان پر جرمانہ عائد کر دیا جائے گا۔
جرمانہ بھی ادا نہ کرنے والی خواتین کا شناختی کارڈ ضبط کر لیا جائے گا اور پھر جرمانے کی ادائیگی تک ان کے لیے حکومت کی تمام سماجی خدمات معطل رہیں گی۔
واضح رہے کہ ایران میں جلد ایک قانون متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے تحت عوامی مقامات پر حجاب کرنا لازم ہو گا اور خلاف ورزی کرنے والی خواتین کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔

ایلون مسک کا ٹوئٹر صارفین کیلئے معاوضے کا اعلان

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ایلون مسک نے ٹوئٹر صارفین کو معاوضہ دینے کا اعلان کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے اپنے ایک ٹوئٹ کے ذریعے صارفین کے لیے معاوضے کا اعلان کیا۔
ایلون مسک نے کہا کہ ٹوئٹر اشتہارات کی مد میں ہونے والی آمدنی سے تخلیق کاروں کا ان اشتہارات کے دکھائے جانے کی مد میں آج سے حصہ ملے گا جو ان کے رپلائی تھریڈ میں موجود ہوں گے۔
ایلون مسک نے اپنی ٹوئٹ میں مزید کہا کہ معاوضے کے اہل صرف وہ لوگ ہوں گے جو ٹوئٹر بلیو ویریفائیڈ کے سبسکرائبر ہوں گے۔
واضح رہے کہ ایلون مسک نے ٹوئٹر اکاؤنٹس کو ویریفائی کرنے کے لیے 8 ڈالر ماہانی فیس لاگو کی تھی۔

لاہور :نوجوان نے تین سسرالی رشتہ داروں کو قتل کرکے خودکشی کرلی

لاہور : (ویب ڈیسک) لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں نوجوان نے تین افراد کو قتل کر کے خود کشی کرلی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم وقاص نے گھریلو رنجش کی بنا پر اپنی ساس شگفتہ بی بی، سالی نیہا اور سالے نعمان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
ملزم نے تینوں کو قتل کرنے کے بعد خود اپنی جان بھی لے لی ، اندوہناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
پولیس نے چاروں لاشیں قبضہ میں لے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ، پولیس اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ کو شواہد اکٹھے کر رہی ہیں۔

کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں27 سال بعدکرکٹ لوٹ آئی ، زلمی اورگلیڈی ایٹرزمدمقابل

کوئٹہ : (ویب ڈیسک) کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں27سال بعدکرکٹ لوٹ آئی ، پی ایس ایل سے پہلے کوئٹہ میں کرکٹ کی واپسی پر شائقین پُرجوش نظر آرہے ہیں۔
کوئٹہ میں کرکٹ کا میدان پھر سے آباد ہوا، پی ایس ایل کا نمائشی میچ دیکھنے کیلئے بگٹی اسٹیڈیم تماشائیوں سے کھچاکھچ بھر گیا ، وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو ، وزیر تعلیم میر نصیب اللہ ، سابق کرکٹر جاویدمیانداد، محمد یوسف اوردیگر کے ساتھ میچ دیکھ رہے ہیں۔
بگٹی اسٹیڈیم میں کھیلےجانےوالا نمائشی میچ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان جاری ہے ، سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈیٹرز کی نمائندگی کررہےہیں جبکہ بابر اعظم پشاور زلمی کی قیادت کررہے ہیں ۔
پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف نمائشی میچ میں ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 185رنز کا ہدف دیا ہے۔
افتخاراحمد نےکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے 94 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، افتخار احمد نے پشاور زلمی کے وہاب ریاض کے آخری اوور میں 6 چھکے لگائے ، پشاورزلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری جانب کوئٹہ میں میچ کیلئے اسٹیڈیم اور اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ، میچ کے دوران 4 ہزار سے زائد پولیس اور فرنٹئیرکور کے اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کا اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے ایک بار پھر انکار

دبئی : (ویب ڈیسک) ایشیاء کپ کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے ایک بار پھر انکار کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی بورڈ نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ بھارتی ٹیم کو پاکستان کے سفر کی اجازت نہیں ملے گی ، بھارتی بورڈ کے سیکریٹری اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر جے شاہ نے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو اس حوالے سے بتا دیا ہے۔
جے شاہ نے بھارت کا مؤقف اے سی سی کے بحرین میں ہونے والے اجلاس میں دوبارہ دہراتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان کے سفر کی اجازت نہیں ملے گی ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت نے دوسرے بورڈز کو بھی صورتِ حال سمجھنے کا کہا ہے جس کے بعد تمام ممبران نے ایک ماہ انتظار کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایشیاء کپ کی پاکستان کی میزبانی پر بھارت کو اعتراض نہیں ، ایونٹ متحدہ عرب امارات میں ہو گا جس کا میزبان پاکستان ہی ہو گا، ایشیاء کپ کے میچز کے 3 وینیو دبئی، شارجہ اور ابوظہبی میں ہوں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے اجلاس میں اس سال پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے کرکٹ ایشیاء کپ کے وینیو پر حتمی فیصلہ نہ ہو سکا تھا، مارچ میں ہونے والے اجلاس میں دوبارہ وینیو پر بات ہو گی ۔

باکسنگ کے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کا بڑا اعزاز

دبئی : (ویب ڈیسک) پاکستان نے باکسنگ کے بین الاقوامی مقابلوں میں ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا ، باکسرعثمان وزیر نے اپنے یوتھ ورلڈ ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا۔
ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن (ڈبلیو بی او) کی دبئی میں ہونے والے یوتھ ورلڈ چیمپیئن شپ کے مقابلوں میں باکسرعثمان وزیر نے بڑی کامیابی حاصل کرلی ، ٹائٹل فائٹ میں عثمان وزیر نے تھائی لینڈ کے باکسر کرونگ کلنگ کو شکست دی۔
10 راؤنڈ پر مشتمل ٹائٹل فائٹ کے ساتویں راؤنڈ میں عثمان وزیر نے حریف باکسر کو ناک آؤٹ کر دیا ۔
عثمان وزیر اب تک تمام 10 انٹرنیشنل فائٹس جیت کر ناقابل شکست ہیں ، باکسرعثمان وزیر نے اپنی فتح سانحہ پشاور کے شہدا کے نام کر دی۔
دوسری جانب دبئی میں منعقدہ باکسنگ مقابلے میں پاکستانی باکسر محمد ثاقب نے بھی اپنی فائٹ جیت لی ہے ، نوجوان باکسر ثاقب خان نے ایرانی حریف کو تیسرےراؤنڈ میں ناک آوٹ کر دیا۔

اے این ایف کی مختلف کارروائیاں، بھاری مقدار میں منشیات برآمد، 6ملزمان گرفتار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اے این ایف نے مختلف کارروائیوں میں منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی ، بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرتے ہوئے 6 ملزمان گرفتار کرلیے ۔
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کا منشیات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ، اے این ایف نے اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 187کلو چرس اور 18 کلو افیون برآمدکرلی ، 2 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ۔
اے این ایف حکام کے مطابق ایک اور کارروائی میں جدہ جانے والے ملزم کے شولڈر بیگ سے مجموعی طور پر 2 کلو ہیروئن برآمد کرلی گئی ، چارسدہ کا رہائشی ملزم گرفتار کرلیا گیا ۔
کراچی کے علاقے کلفٹن کے قریب کارروائی میں کراچی کے رہائشی ملزم سے 2 کلو چرس برآمد کرلی گئی ۔
اے این ایف حکام کے مطابق خیبر سے پشاور منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی ، پشاور رنگ روڈ کے قریب کارروائی کرتے پشاور کے رہائشی 2 ملزمان سے 7 کلو 200 گرام چرس برآمد کر لی گئی۔
اے این ایف حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیا گیا ہے ۔

امریکا نے چین کے مشتبہ غبارے کو سمندر میں مار گرایا

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) امریکا نے چین کے مشتبہ جاسوس غبارے کو مار گرایا ، پینٹاگون نے غبارے کو جنوبی کیرولینا کے ساحل پر نشانہ بنانے کی تصدیق کی ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پینٹاگون کا کہنا ہے کہ جاسوس غبارہ چین کی ناقابل قبول خلاف ورزی ہے، امریکی صدر بائیڈن نے غبارہ مار گرانے پر امریکی فوج کو مبارکباد دی ہے۔
اس حوالےسے امریکی وزیر دفاع کاکہنا ہے کہ دانستہ اور قانون کے مطابق کی گئی یہ کارروائی ظاہر کرتی ہے کہ صدر بائیڈن اور ان کی قومی سلامتی کی ٹیم ہمیشہ امریکی عوام کی حفاظت اور سلامتی کو فوقیت دے گی۔
امریکی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ چین کی جانب سے ہماری خودمختاری کی ناقابل قبول خلاف ورزی کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔
امریکی میڈیا کے مطابق چینی غبارہ چند دنوں سے امریکا کے اوپر پرواز کررہا تھا اوراب واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان کشیدگی کا سبب بن گیا ہے ، ابتداء میں حفاظتی اقدامات کے پیش نظر اسے نشانہ نہیں بنایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ جمعہ کے روز چین نے غبارے کی ملکیت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ موسم کی صورتحال جانچنے والا غبارہ تھا جو اپنے راستے سے بھٹک گیا تھا، چین نے کہا تھا کہ امریکی فضائی حدود میں غبارے کے غیر ارادی داخلے اور صورتحال پر افسوس ہے ، چین کسی بھی ملک کی سرزمین یا فضائی حدود کی خلاف ورزی کا ارادہ نہیں رکھتا۔
رواں ہفتے اس غبارے کے منظرعام پر آنے کے بعد امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کا اتوار کو بیجنگ کا دورہ منسوخ کر دیا تھا ، اس کا مقصد امریکا اور چین کے درمیان کشیدگی کو کم کرناتھا۔
خیال رہے بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان حال ہی میں تائیوان پر اختلافات اور انسانی حقوق کے میدان میں چین کے ریکارڈ اور بحیرہ جنوبی چین میں اس کی فوجی سرگرمیوں کی روشنی میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔