All posts by Khabrain News

اے این ایف کی مختلف کارروائیاں، بھاری مقدار میں منشیات برآمد، 6ملزمان گرفتار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اے این ایف نے مختلف کارروائیوں میں منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی ، بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرتے ہوئے 6 ملزمان گرفتار کرلیے ۔
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کا منشیات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ، اے این ایف نے اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 187کلو چرس اور 18 کلو افیون برآمدکرلی ، 2 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ۔
اے این ایف حکام کے مطابق ایک اور کارروائی میں جدہ جانے والے ملزم کے شولڈر بیگ سے مجموعی طور پر 2 کلو ہیروئن برآمد کرلی گئی ، چارسدہ کا رہائشی ملزم گرفتار کرلیا گیا ۔
کراچی کے علاقے کلفٹن کے قریب کارروائی میں کراچی کے رہائشی ملزم سے 2 کلو چرس برآمد کرلی گئی ۔
اے این ایف حکام کے مطابق خیبر سے پشاور منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی ، پشاور رنگ روڈ کے قریب کارروائی کرتے پشاور کے رہائشی 2 ملزمان سے 7 کلو 200 گرام چرس برآمد کر لی گئی۔
اے این ایف حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیا گیا ہے ۔

امریکا نے چین کے مشتبہ غبارے کو سمندر میں مار گرایا

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) امریکا نے چین کے مشتبہ جاسوس غبارے کو مار گرایا ، پینٹاگون نے غبارے کو جنوبی کیرولینا کے ساحل پر نشانہ بنانے کی تصدیق کی ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پینٹاگون کا کہنا ہے کہ جاسوس غبارہ چین کی ناقابل قبول خلاف ورزی ہے، امریکی صدر بائیڈن نے غبارہ مار گرانے پر امریکی فوج کو مبارکباد دی ہے۔
اس حوالےسے امریکی وزیر دفاع کاکہنا ہے کہ دانستہ اور قانون کے مطابق کی گئی یہ کارروائی ظاہر کرتی ہے کہ صدر بائیڈن اور ان کی قومی سلامتی کی ٹیم ہمیشہ امریکی عوام کی حفاظت اور سلامتی کو فوقیت دے گی۔
امریکی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ چین کی جانب سے ہماری خودمختاری کی ناقابل قبول خلاف ورزی کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔
امریکی میڈیا کے مطابق چینی غبارہ چند دنوں سے امریکا کے اوپر پرواز کررہا تھا اوراب واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان کشیدگی کا سبب بن گیا ہے ، ابتداء میں حفاظتی اقدامات کے پیش نظر اسے نشانہ نہیں بنایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ جمعہ کے روز چین نے غبارے کی ملکیت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ موسم کی صورتحال جانچنے والا غبارہ تھا جو اپنے راستے سے بھٹک گیا تھا، چین نے کہا تھا کہ امریکی فضائی حدود میں غبارے کے غیر ارادی داخلے اور صورتحال پر افسوس ہے ، چین کسی بھی ملک کی سرزمین یا فضائی حدود کی خلاف ورزی کا ارادہ نہیں رکھتا۔
رواں ہفتے اس غبارے کے منظرعام پر آنے کے بعد امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کا اتوار کو بیجنگ کا دورہ منسوخ کر دیا تھا ، اس کا مقصد امریکا اور چین کے درمیان کشیدگی کو کم کرناتھا۔
خیال رہے بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان حال ہی میں تائیوان پر اختلافات اور انسانی حقوق کے میدان میں چین کے ریکارڈ اور بحیرہ جنوبی چین میں اس کی فوجی سرگرمیوں کی روشنی میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

کوئٹہ میں دھماکہ ، 5 افراد زخمی ، ذرائع

کوئٹہ : (ویب ڈیسک) ذرائع کے مطابق بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں پولیس لائن کے قریب دھماکا ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے ، دھماکے کی نوعیت فی الحال سامنے نہیں آسکی ہے۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل سیزن 8 کا نمائشی میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 30 جنوری کو پیر کے روز پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکا ہوا تھا، دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کے نتیجے میں مسجد کی دیوار اور اندرونی چھت اڑ گئی تھی ، دھماکے میں84 افراد شہید ہوئے تھے ۔

پرویزمشرف کی میت پاکستان لانےکیلئے خصوصی طیارہ کل دبئی جائےگا

دبئی: (ویب ڈیسک) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی میت پاکستان لانے کیلئے اہل خانہ کی جانب سے پاکستانی قونصل خانے میں درخواست کردی گئی ہے۔
سابق صدر پرویز مشرف کی میت لانے لیے طیارہ کل پاکستان سے دبئی کے لیے صبح گیارہ بجے روانہ ہوگا ۔
خصوصی طیارہ نور خان ائیر بیس سے دبئی کےالمکتوم ایئرپورٹ پہنچے گا۔
واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف طویل علالت کے بعد 79 برس کی عمر میں دبئی میں انتقال کر گئے ہیں ، جنرل (ر) پرویز مشرف دبئی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
خیال رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف 18 مارچ، 2016 سے متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں علاج کی غرض سے مقیم تھے۔

صدر اور وزیراعظم کا جنرل (ر) پرویز مشرف کے انتقال پر اظہار تعزیت

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم شہبازشریف نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے ورثاء سے اظہارِ تعزیت کی ہے ۔
صدر مملکت نے مرحوم صدر کیلئے دعائے مغفرت اور ورثاء کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف کا پیغام
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے ، وزیراعظم نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبرجمیل کی دعا کی ۔
واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف طویل علالت کے بعد 79 برس کی عمر میں دبئی میں انتقال کر گئے ہیں ، جنرل (ر) پرویز مشرف دبئی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

عالمی عدالت بھارت سے کشمیریوں کی نسل کشی پر جواب طلب کرے: مشال ملک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مقبوضہ وادی کشمیر کے حریت پسند رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہ گزشتہ 75 سال سے بھارتی فوج کشمیریوں پر ظلم و بربریت جاری رکھے ہوئے ہے، ہمارا ایک مطالبہ ہے کہ حق خودارادیت دیا جائے۔
حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ گزشتہ 30 سالوں سے پاکستانی قوم بھارتی افواج کے ظلم و جبر کے شکار کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منا رہی ہے لیکن گزشتہ 75 سالوں سے بھارت مظالم کی نئی داستان رقم کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ہر طبقہ زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کی شکر گزار ہوں کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہر سال پاکستانی عوام کی جانب سے ایک مضبوط پیغام دنیا کو دیا جاتا ہے لیکن کب تک ہم یہ دن بنائیں گے کشمیریوں کو اب آزادی ملنی چاہیے۔
مشعال ملک نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی عدالت میں بھارت سے کشمیریوں کی نسل کشی پر جواب مانگے۔

مریم نواز آج ملک گیر تنظیمی دوروں کے سلسلے میں ملتان جائیں گی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز آج ملک گیر تنظیمی دوروں کے سلسلے میں ملتان جائیں گی۔
ترجمان مسلم لیگ ن کے مطابق مسلم لیگ(ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز دو دن ملتان میں قیام کریں گی، جہاں وہ آج تنظیمی کنونشن سے خطاب کریں گی۔
تنظیمی کنونشن میں نئے عہدیداران شامل ہوں گے، پارٹی کے مقامی عہدیداروں کا تنظیمی اجلاس کل منعقد ہوگا ۔
ترجمان مسلم لیگ ن کے مطابق مریم نواز کی صدارت میں موجودہ تنظیمی ڈھانچے کا جائزہ لیا جائے گا ، پارٹی کے مقامی عہدیداروں اور کارکنوں کے اجلاس میں تنظیمی امور زیر غور آئیں گے۔
مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خاں بھی مریم نواز کے ہمراہ ہونگے ۔

ازمیر ٹاؤن: گیس لیکج دھماکے میں 4 افراد جاں بحق ، ریسکیو آپریشن مکمل

لاہور : (ویب ڈیسک) چوہنگ کے علاقے ازمیر ٹاؤن میں گیس لیکیج کے باعث دھماکے کے نتیجے میں چھت گرنے کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق ازمیر ٹاؤن میں گزشتہ روز گھر کی چھت گرنےکے بعد ملبے تلے پھنسے تمام 5 افراد کو نکال لیا گیا ہے ، حادثے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص معمولی زخمی ہوا ہے ۔
جاں بحق ہونے والوں میں 80 سالہ عارف، 52 سالہ طیب، 12 سالہ شگفتہ اور12 سالہ انا شامل ہیں جبکہ 40 سالہ طارق معمولی زخمی ہوا ہے۔
ریسکیو آپریشن میں 50 سے زائد ریسکیو اہلکاروں نے حصہ لیا، ریسکیو آپریشن 24 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا۔

خانیوال: مسافر وین اور ٹرک میں ٹکر، ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق

خانیوال: (ویب ڈیسک) خانیوال میں ایم فور موٹر وے پر مسافر وین اور ٹرک میں ٹکر، 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق خانیوال میں ایم فور موٹروے پر شام کوٹ انٹر چینج کے قریب مسافر وین اور ٹرک میں تصادم ہوا جس میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار مسافر وین حافظ آباد سے علی پور جا رہی تھی کہ اچانک حادثہ پیش آگیا، جاں بحق ہونے والوں کی نعشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں سپرہائی وے نوری آبادی کے قریب مسافر بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ خاتون اور بچی سمیت 8 زخمی ہوگئے ہیں۔
جاں بحق شخص کی شناخت عبدالقادر کے نام سے ہوئی، حادثے کے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

عالمی برادری کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے: صدر مملکت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کا محاسبہ کرے۔
یوم یکجہتی کشمیر پر صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں، کشمیری عوام کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دینا ہوگا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کے مبصرین، صحافیوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بلا روک ٹوک داخلے کی اجازت دے۔
صدرمملکت کا کہنا تھا کہ ہم کشمیری بہن بھائیوں کو بھارتی قبضے کے خلاف کئی دہائیوں پر محیط مزاحمت کے دوران بے لوث قربانیاں دینے پر بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔