All posts by Khabrain News

پاکستانی مصنوعات کو برطانوی مارکیٹ تک ڈیوٹی فری رسائی مل گئی

لاہور: (ویب ڈیسک) برطانیہ نے پاکستان سمیت پینسٹھ ملکوں کیلئے نئی ٹریڈنگ اسکیم پرعملدرآمد کا آغاز کر دیا، پاکستان کی چورانوے فیصد مصنوعات کو برطانوی مارکیٹ تک ڈیوٹی فری رسائی مل گئی۔
جی ایس پی کی جگہ نئی ٹریڈنگ اسکیم کے تحت پاکستان کو برطانیہ کیلئے برآمدات میں بڑی سہولت مل گئی،پاکستان کو ٹیرف کی مد میں 12 کروڑ برطانوی پانڈ کی بچت ہو گی۔
اسکیم سے فائدہ اٹھانے کیلئے ہیومن اورلیبررائٹس پرعمل درآمد یقینی بنانا ضروری ہے۔نئی اسکیم کے تحت پاکستان، برطانیہ کو 94 فیصد مصنوعات ڈیوٹی فری ایکسپورٹ کر سکے گا جبکہ مزید 156 مصنوعات پر بھی ٹیرف ہٹائے جانے کا امکان ہے۔
برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت کا موجودہ حجم 4.4 ارب پاونڈ ہے جس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔نئی اسکیم سے پاکستان سمیت 65 ملکوں کو فری اینڈ فیئر ٹریڈ کا موقع ملے گا۔
اصلاحات کے ذریعے تجارت کے معیار میں بہتری آئے گی، برطانوی ٹریڈ سینٹر کے ذریعے عالمی تجارتی نظام میں شمولیت کا موقع ملے گا۔برطانوی ہائی کمیشن حکام کے مطابق نئی اسکیم پاکستان اور برطانیہ کیتجارتی تعلقات میں بڑی پیش رفت ہے۔
اس سے پاکستان کی برطانیہ کیلئے برآمدات میں اضافے کے ساتھ باہمی اقتصادی تعلقات بھی مستحکم ہوں گے۔ نئی اسکیم سے37 افریقی اور 26 ایشیائی ملکوں کو فائدہ ہو گا۔ ان ملکوں کی برطانیہ کو مجموعی برآمدات کا حجم 21 ارب پانڈ ہے۔

فرانسیسی صدر کی دعوت پر وزیراعظم سرکاری دورہ پر فرانس روانہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی دعوت پر سرکاری دورہ فرانس کیلئے روانہ ہو گئے، دورہ فرانس کے دوران وزیراعظم گلوبل فنانسنگ پیکٹ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیر اعظم آفس کے مطابق گلوبل فنانسنگ پیکٹ سربراہی اجلاس پائیدار ترقی، توانائی کے متبادل و قابل تجدید ذرائع، ماحولیات کا فورم ثابت ہوگا، اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی کے چیلینجز سے نمٹنے کیلئے مستقبل میں عالمی مالیاتی نظام میں تبدیلیوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔
وزیراعظم سربراہی اجلاس میں پاکستان کے جی 77 میں اہم رکن اور ملک کے سربراہ کے طور پر خطاب کریں گے، وزیر اعظم پیرس میں عالمی رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

آزاد کشمیر کے مالی سال 24-2023 کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

مظفرآباد: (ویب ڈیسک) آزاد کشمیر کے مالی سال 24-2023 کا بجٹ آج قانون سازاسمبلی میں پیش کیا جائے گا، مالی سال کے بجٹ کا کل حجم 232 ارب روپے سے زائد ہوگا۔
مالی سال کا ترقیاتی بجٹ 42 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، غیرترقیاتی بجٹ کیلئے 190 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، ترقیاتی بجٹ میں 30 ارب وفاقی حکومت جبکہ 12 ارب اپنے وسائل سے حاصل کیا جائے گا۔
گزشتہ سال کی نسبت بجٹ میں مجموعی طور پر 69 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے، گزشتہ مالی سال کی نسبت ترقیاتی بجٹ میں 47 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ترقیاتی بجٹ کا سب سے زیادہ ساڑھے 14 ارب رسل و رسائل پر خرچ کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کا فواد چودھری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) توہین الیکشن کمیشن کیس میں ای سی پی نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
سابق پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں5 رکنی کمیشن نے کی۔
دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ فواد چودھری کو ذاتی طور پر بلایا تھا، کیا وہ آئے ہیں؟، اس پرمعاون وکیل نے کہا کہ فواد چودھری کو آرڈر نہیں ملا تھا جس پر کمیشن کی جانب سے فواد چودھری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ فواد چودھری کو ذاتی طور پر پیش ہونا چاہیے تھا، فواد چودھری 6 جولائی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔
بعدازاں کمیشن نے فواد چودھری توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 6 جولائی تک ملتوی کر دی۔

ایسے آڑھت کی دکان بھی نہیں چلتی جس طرح یہ ملک چلا رہے ہیں: شیخ رشید

لاہور: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کواپنی مقبولیت کاعلم ہے اس لئےوہ الیکشن کیطرف جانے سےگریزاں ہیں ایسےآڑھت کی دکان بھی نہیں چلتی جسطرح یہ ملک چلا رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستانی سرمایہ کاری کے لیے تیار نہیں تو غیر ملکی خاک آئیں گے، سیاسی استحکام کے بغیر کوئی سرمایہ کاری نہیں آسکتی، وزیر خزانہ سفارت کاروں کی منت سماجت پر آگئے ہیں، حکومت کا بیس کیمپ، بینک اکاؤنٹس اور جائیدادیں دبئی اور لندن میں ہیں، پہلے وہ واپس لائیں۔
شیخ رشید نے کہا ہے کہ معاشی معاملات حل ہوئے نہ ہی سیاسی استحکام آیا، آئی ایم ایف نے گھاس ڈالی نہ دوست مالک کام آئے، اس لیے معاشی بحالی کے قومی پلان کے لیے سپیشل کونسل قائم کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو مال بنانے اور ڈنگ ٹپانے سے فرصت نہیں، آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ پیکج میں صرف ایک ہفتہ رہ گیا ہے، ڈیفالٹ کاخطرہ ابھی ٹلا نہیں، آئی ایم ایف سے دسمبرتک کچھ نہیں ملےگا، ایل این جی کا بھی مسئلہ بنے گا۔
انہوں نے کہا وزیراعظم کا 80 ارب روپے کا صوابدیدی فنڈ اور چیئرمین سینیٹ کی مراعات میں اضافہ شرمناک ہے، عوامی اور بے ساکھیوں کی سیاست میں فرق ہوتا ہے، حکومت دنیا میں خیرات ،بھیک اور ادھار مانگنے والوں کے نام سے متعارف ہے، نوازشریف جتنی مشکل سے باہر گئے اتنی جلدی سے نہیں آئیں گے۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کراچی میئر اور باغ جیسے ہی قومی الیکشن کرائیں گے، دھاندلی نہیں دھاندلا ہوگا، پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ نورا کشتی کررہی ہیں، فائدہ پی پی پی اٹھارہی ہے اور رسوائی ن لیگ کا مقدر ہے، یہ اپنے منی لانڈرنگ کیسز ختم کرانے آئے تھے غریب کی خدمت نہیں۔

ایدھی فاؤنڈیشن کا ایئر ایمبولینس بیڑے میں مزید 3 جہاز شامل کرنے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) ایدھی فاؤنڈیشن اپنے ایئر ایمبولینس کے بیڑے میں مزید 3 جہاز شامل کرے گا جس میں دو امریکی اور ایک روسی جہاز ہوگا۔
پاکستان کے سب سے بڑے فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ ایئر ایمبولینس بیڑے میں 3 جہازوں کا اضافہ کررہے ہیں، جس کے بعد تعداد 5 ہو جائے گی، اس کے علاوہ بیڑے میں ایک ہیلی کاپٹر بھی شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فاؤنڈیشن کا ایک نیا سینٹر پنجاب میں بھی بنائیں گے، میرا بیٹا سعد بھی تربیت حاصل کر کے پائلٹ بن چکا ہے، 3 نئے جہازوں کے بعد ایدھی فاؤنڈیشن کے بیڑے میں 5 ایئر یمبولینسز ہو جائیں گی۔
فیصل ایدھی نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اینٹونوو 2 روس سے لیں گے جو یوکرین کا بنایا ہوا ہے، یہ جہاز ڈیزاسٹرز (آفات) میں استعمال ہوتا ہے، اس میں 6 بیڈز لگ سکتے ہیں، اس جہاز کی خاصیت یہ ہے کہ اسے زلزلے سے متاثرہ علاقوں اور کچے علاقوں میں بھی لینڈ کرایا جاسکتا ہے۔
فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ اینٹونوو 2 فصلوں کی کٹائی اور انہیں ٹڈی دل سے بچانے میں بھی استعمال کیا جاتا ہے، ایوی ایشن فیول مہنگا ہوچکا ہے تاہم اس میں 92 ہائی آکٹین فیول استعمال ہوتا ہے۔

سپریم کورٹ کے سابق جج قاضی محمد امین دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابق جج قاضی محمد امین دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔
چکوال سے تعلق رکھنے والے قاضی محمد امین کی عمر66 برس تھی، جسٹس (ر) قاضی محمد امین کے انتقال کی تصدیق اہل خانہ کی جانب سے کردی گئی ہے۔
نمازجنازہ آج شام راولپنڈی میں ادا کی جائے گی
خاندانی ذرائع کے مطابق جسٹس (ر) قاضی امین گزشتہ کئی دنوں سے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زیر علاج تھے، جسٹس (ر) قاضی امین کی نماز جنازہ آج شام 6 بجے راولپنڈی میں ادا کی جائےگی۔
یاد رہے کہ جسٹس (ر) قاضی محمد امین احمد 26 مارچ 1957 کو چکوال میں پیدا ہوئے تھے، قاضی محمد امین کی اپریل 2019 میں بطورجج سپریم کورٹ تعیناتی ہوئی تھی، قاضی محمد امین مارچ 2022 کو بطور سپریم کورٹ جج ریٹائر ہوئے تھے۔

پنجاب : سی ٹی ڈی کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ، 4 دہشتگردگرفتار

لاہور : (ویب ڈیسک) دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر پنجاب میں سی ٹی ڈی کی کارروائیاں جاری ہیں، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کی گرفتاری شیخوپورہ ، سرگودھا ،ساہیوال اور راولپنڈی سے عمل میں لائی گئی ہے ، گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے ، دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد ، ڈیٹو نیٹرز ، فون اور نقدی برآمد کی گئی ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں کی شناحت زاہد ، نعمت، زبیر اور عبدالغفور کے نام سے ہوئی ہے ، دہشت گردوں کے خلاف چار مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔
حکام کے مطابق رواں ہفتے166 کومبنگ آپریشنز کے دوران 22 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے، کومبنگ آپریشنز میں 8218افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ہے ۔
حکام نے مزید کہا کہ سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے ، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں ۔

چودھری پرویز الہٰی کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کے روبرو پیش کردیا گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کے روبرو پیش کردیا۔
ایف آئی اے کی ٹیم کی جانب سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک کی عدالت میں پیش کیا گیا ہے جہاں ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔
کچھ دیر قبل ایف آئی اے نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو کیمپ جیل کے باہر سے گرفتار کیا تھا، پرویز الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ گزشتہ روز درج کیا گیا تھا۔
یاد رہے گزشتہ روز اینٹی کرپشن عدالت نے غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کی تھی۔

ایس آئی ایف سی کا کام غیر ملکی سرمایہ کاری کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا فوری کام براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اتحادی حکومت نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کونسل معاشی بحالی کیلئے پالیسی کی پیشگوئی، تسلسل اور مؤثر نفاذ کو یقینی بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی فیصلہ سازی کے اعلیٰ فورم کے طور پر کام کرے گا، فورم آئی ٹی، زراعت، توانائی، معدنیات، کان کنی اور دفاعی پیداوار پر توجہ مرکوز کرے گا، کونسل کا اہم مقصد دوست ممالک کو سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنا ہے۔
اپنے ایک ٹوئیٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ بچپن کی تعلیم شخصیت کی تشکیل اور کیریئر کے تعین کیلئے اہمیت رکھتی ہے، بچے تعلیمی سفر میں سماجی طرز عمل کے بنیادی اصول اور اقدار اپناتے ہیں، پاکستان لرننگ کانفرنس 2023ء کے انعقاد کا اعلان کرکے خوشی ہورہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بچوں کو بااختیار بنانے کیلئے عالمی سطح پر رائج اصولوں کو بنیاد بنانے پر توجہ مرکوز ہے، کانفرنس میں شرکت کرنے والے اسکالرز اور پالیسی سازوں کو سننے کی خواہش تھی۔