All posts by Khabrain News

خام تیل کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر5 فیصد کمی ریکارڈ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں خام تیل کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر5 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لیکر مئی 2023 تک کی مدت میں خام تیل کی درآمدات پر 4.523 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 5 فیصد کم ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں خام تیل کی درآمدات پر4.760 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا، مئی میں خام تیل کی درآمدات کا حجم 385 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال مئی کے 529 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 29 فیصد کم ہے۔
اپریل کے مقابلہ میں مئی میں خام تیل کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 39 فیصد کی ریکارڈ کی گئی ہے، اپریل میں خام تیل کی درآمدات کا حجم 277 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جو مئی میں بڑھ کر385 ملین ڈالر ہو گیا۔

پاکستان 38 فیصد مہنگائی کے ساتھ دنیا کا چھٹا مہنگا ترین ملک بن گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ورلڈ آف سٹیٹسٹکس نے دنیا بھر میں مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دیئے۔
اعدادو شمار کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا، 38 فیصد شرح کے ساتھ پاکستان کا دنیا میں چھٹا نمبر ہے۔
وینزویلا عالمی سطح پر مہنگا ترین ملک بن گیا، مہنگائی کی شرح 436 فیصد ریکارڈ کی گئی اوپیک ممبر ملک وینزویلا امریکی پابندیوں کے سبب معاشی مشکلات کا شکار ہے۔
رپورٹ کے مطابق لبنان 269 فیصد افراط زر کی شرح سے دوسرا مہنگا ترین ملک قرار دیا گیا، شام میں مہنگائی بڑھنے کی شرح دنیا میں تیسری تیز ترین 139 فیصد ہے جبکہ پاکستان اڑتیس فیصد مہنگائی کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔
ورلڈ آف سٹیٹسٹکس کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں مہنگائی 2 اعشاریہ 8 فیصد سے بڑھ رہی ہے، برطانیہ میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 8.7 فیصد، بھارت میں 4.24 فیصد ریکارڈ ہوئی۔
اعداد وشمار کے مطابق افغانستان میں طالبان حکومت کے بعد قوت خرید میں ایک فیصد اضافہ دیکھا گیا جبکہ امریکہ میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 4 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

سابق جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر مورنے مارکل قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ مقرر

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ باؤلر مورنے مورکل کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ کے لیے سابق جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر مورنے مورکل کے ساتھ باضابطہ معاہدہ ہو گیا، پی سی بی کی جانب سے انہیں 6 ماہ کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عمرگل کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے عبوری باؤلنگ کوچ مقرر کر رکھا تھا، تاہم اب اس عہدے کے لیے عمر گل اور مورنے مورکل میں سے کسی ایک کو چننا تھا، ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر نے مورنے مورکل کے حق میں ووٹ دیا۔
خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جولائی میں 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز ہونی ہے، سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی کھلاڑیوں کا کیمپ جولائی کے پہلے ہفتے میں کراچی میں لگے گا جس کے بعد کھلاڑی سری لنکا کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔

لاہور میں سادہ روٹی اور نان کی قیمت میں کمی

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور میں سادہ روٹی اور نان کی قیمت میں کمی کر دی گئی۔
ذرائع مارکیٹ لاہور کے مطابق گندم کی قیمت کم ہونے کے بعد سادہ روٹی کی قیمت 20 سے 15 روپے مقرر کر دی جبکہ سادہ نان 30 سے 25 روپے کا فروخت ہونے لگا، روغنی نان 70 سے 40 روپے پر آگیا۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں یہی قیمت ہوگی، بعض تندور مالکان زیادہ قیمت وصول کر رہے ہیں جن کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گندم کی قیمت کم ہونے کے بعد نان اور روٹی کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بالی ووڈ میں موجود کیمپس اور تعصب کے بارے میں سب جانتے ہیں: تاپسی پنو

ممبئی: (ویب ڈیسک) معروف بالی ووڈ ادکارہ نے تاپسی پنو نے کہا ہے کہ بالی ووڈ میں موجود کیمپس اور تعصب کے بارے میں سب جانتے ہیں۔
گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصہ بالی ووڈ میں پرفارم کرنے اور 2016 کی فلم پنک سے شہرت حاصل کرنے والی تاپسی نے مزید کہا کہ وہ کسی کے خلاف کوئی بغض و عناد نہیں رکھتیں، ہر کسی کو یہ حق حاصل ہونا چاہیے کہ اپنی مرضی کے لوگوں کے ساتھ کام یا پھر ان کی فلم کرے۔
35 سالہ تاپسی کا کہنا ہے کہ کیریئر کے بارے میں سوچنے والوں کو میں کوئی الزام نہیں دے سکتی، وہ جانتی ہیں کہ انڈسٹری میں ہر چیز درست نہیں ہوسکتی اور ایسا میرے آنے سے پہلے سے ہے تو یہاں شکایت والی کوئی بات نہیں ہے۔
تاپسی کے مطابق انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ یہاں سب ٹھیک ہے، ہاں یہ میں ہمیشہ سے جانتی ہوں کہ تعصب موجود ہے تو پھر اس کے لیے پریشان کیوں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں رول آف گیم غیر منصفانہ ہے اب اگر اس کے باوجود بھی آپ یہ فیصلہ کریں کہ آپ کو اسی انڈسٹری کا حصہ بننا ہے تو پھر یہ آپ کی مرضی ہے اس پر شکایت کرنا بیکار ہے۔

شادی کرنا چاہتی ہوں جو درست وقت پر ہوجائے گی: کنگنا رناوت

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کوئین کنگنا رناوت نے شادی اور اپنی فیملی سے متعلق سوال کا جواب دے دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کنگنا رناوت نے شادی اور اپنے خاندان سے متعلق خواہش کا اظہار کردیا، وہ اس سے پہلے بھی اپنی ذاتی زندگی سے متعلق اظہار خیال کرچکی ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں بالی ووڈ کوئین نے کہا کہ میں شادی کرنا چاہتی ہوں لیکن وہ درست وقت پر ہوجائے گی، ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے، اگر وہ وقت میری زندگی میں آنا ہے تو آجائے گا۔

پاکستانی دستاویزی فلم ’ہم سایہ‘ نے عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی دستاویزی فلم ’ہم سایہ‘ نے عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا۔
سینٹر فار سوشل جسٹس کی تیار کردہ پاکستانی دستاویزی فلم ’ہم سایہ‘ کو وینس انٹر کلچرل فلم فیسٹیول 2023 میں انسانی حقوق پر مبنی بہترین مختصر دستاویزی فلم کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
دستاویزی فلم ’ہم سایہ‘ (Neighbour) کے ڈائریکٹر اور ایڈیٹر داؤد مراد نے لڑکیوں کے اغواء، جبری شادی، جبری تبدیلی مذہب جیسے معاشرتی مسائل پر مبنی کہانیوں کو شامل کر کے ان مسائل کو اجاگر کیا۔
دستاویزی فلم کی نمائش 16 جون کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں جبکہ 23 جون کو وینس، اٹلی اور دنیا بھر کے دیگر مقامات پر پیش کی جائے گی۔
یہ فلم سی ایس جے کے مختلف تحقیقی اور وکالت کے کیسز پر مبنی ہے جو پاکستان میں انسانی حقوق، جمہوریت کی ترقی اور سماجی انصاف پر مرکوز ہے، دستاویزی فلم ”ہم سایہ“ میں لڑکیوں کے اغواء، جبری شادی، تبدیلی مذہب جیسی کہانیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

دیکھتی آنکھوں کو ہر دلعزیز چہرہ دیکھے 3 برس بیت گئے، طارق عزیز کی آج برسی

لاہور: (ویب ڈیسک) دیکھتی آنکھوں کو ہر دلعزیز چہرہ دیکھے 3 برس بیت گئے، طارق عزیز کے چاہنے والے آج ان کی برسی منا رہے ہیں، نامور کمپیئر اور اداکار کا منفرد انداز آج بھی مداحوں کو یاد ہے۔
دیکھتی آنکھوں سنتے کانوں آپ کو طارق عزیز کا سلام، یہ سلام دنیا بھر میں گونجا، فن میں بے مثال، اداکار، صداکار، شاعر اور میزبان، خبرنامہ، میزبانی، انٹرویوز، تعلیمی و تفریحی ٹیلی ویژن شوز ان سب کی ابتداء طارق عزیز نے کی۔
نيلام گھر کا ميزبان اور پاکستان ٹيلی ويژن کے ابتدائی نيوز کاسٹر طارق عزيز اپنے فن میں بے مثال تھے۔
1936 کو جالندھر میں پیدا ہونے والے طارق عزیز نے کيریئر کا آغاز ريڈيو پاکستان لاہور سے کيا اور پھر پاکستان ٹیلی ويژن کے پہلے نيوز کاسٹر بنے، ان کا پروگرام نيلام گھر چار دہائيوں تک ٹيلی ويژن سکرين کی زينت بنا رہا اور مقبولیت کے ایسے ریکارڈ قائم کئے جو کسی اور پروگرام کے حصے میں نہیں آئے۔
اسی بنا پر نیلام گھر کو انہی کے نام ’’ طارق عزیزــ شو ‘‘ کے نام سے موسوم کر دیا گیا۔
طارق عزيز سلور سکرين پر بھی جلوہ گر ہوئے، ان کی مشہور فلموں ميں انسانیت، ہار گیا انسان، سالگرہ، قسم اس وقت کی اور چراغ کہاں روشنی کہاں شامل ہيں۔
انہوں نے شاعری اور سياست کے ميدان ميں بھی طبع آزمائی کی، 84 برس کی عمر پانے والے طارق عزیز کو پرائيڈ آف پرفارمنس سميت متعدد اعزازات سے نوازا گيا، وہ 17 جون 2020 کو اس عالم رنگ و بو کو خیر باد کہہ گئے۔

سانحہ 9 مئی: سیاسی جماعت سے وابستہ شرپسندوں کے اعترافات کا سلسلہ جاری

لاہور: (ویب ڈیسک) سانحہ 9 مئی کو ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزر گیا لیکن سیاسی جماعت سے وابستہ شرپسندوں کے اعترافات جاری ہیں۔
زمان پارک میں ہوئی سازش کو سیاسی جماعت کے اپنے کارکنان نے بے نقاب کر دیا۔
لاہور کے جناح ہاؤس شرانگیزی کی منصوبہ بندی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی گرفتاری سے ایک دن پہلے ہو چکی تھی۔
پی ٹی آئی کارکن کا کہنا ہے کہ یاسمین راشد اور اعجاز چودھری نے کارکنان کو جناح ہاؤس جانے کی ہدایت دی، چیئرمین پی ٹی آئی نے گرفتاری سے ایک دن پہلے میٹنگ بلا کر انتشار کا مکمل منصوبہ تیار کر لیا تھا۔
کارکن نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے گرفتاری سے پہلے ہی جناح ہاؤس پر حملے کا منصوبہ بنا لیا تھا، شرانگیزی کے بعد انہوں نے خود کو بچانے کیلئے ایجنسیوں پر الزام تراشی کی، وزارت عظمیٰ چھنتے ہی چیئرمین پی ٹی آئی نے افواج پاکستان کے خلاف زہر اُگلنا شروع کر دیا تھا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جناح ہاؤس میں جلاؤ گھیراؤ کے وقت پی ٹی آئی کے حسان نیازی بھی موجود تھے، انہوں نے کور کمانڈر کے یونیفارم کی بے حرمتی کی۔

توڑ پھوڑ میں شامل تھا نہ حق میں ہوں، جہاں تھا وہیں کھڑا ہوں: شاہ محمود قریشی

ملتان: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وہ کسی توڑ پھوڑ میں شامل نہیں تھے اور نہ ہی اس کے حق میں ہیں تاہم جہاں تھا وہیں کھڑا ہوں۔
ملتان سیشن کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجھ پر ملتان میں پانچ کیسز درج کئے گئے، 9 مئی کے واقعات کی وجہ سے مجھ پر 13 دفعات لگائی گئیں جس میں سے ایک دفعہ بھی ثابت نہیں کی جاسکی۔
انہوں نے کہا کہ میں ملتان میں موجود ہی نہیں تھا اسلام آباد میں تھا، اسلام آباد میں گرفتار ہوا اور اڈیالہ جیل گیا، مقدمات ملتان میں درج ہو گئے، ان جھوٹے مقدمات سے انتظامیہ کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ مجھے جیل میں تھری ایم پی او کے تحت بند کیا گیا، 9 مئی کے واقعات میں کسی توڑ پھوڑ میں شامل نہیں تھا اور نہ اس کے حق میں ہوں۔