All posts by Khabrain News

پاکستان کو آذربائیجان رعایتی نرخ پر ایل این جی فراہم کریگا، معاہدہ طے پا گیا

اسلام آباد/ باکو:(ویب ڈیسک) آذربائیجان سے آئندہ ماہ سے رعایتی ایل این جی کارگو پاکستان آنا شروع ہو جائیں گے، وفاقی کابینہ نے آذربائیجان سے ایل این جی پاکستان لانےکی منظوری دے دی ہے۔ یہ بات وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہی گئی ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے تحت وزیراعظم میاں شہباز شریف گزشتہ چھ ماہ سے اس ڈیل پر کام کر رہے تھے، آذر بائیجان کی قومی ایل این جی کمپنی ہر ماہ رعایتی قیمت پر ایک ایل این جی کارگو پاکستان بھیجے گی۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان اور آذربائیجان کا توانائی، زراعت، ٹرانسپورٹ، دفاع، سرمایہ کاری اور تجارت سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق ہوا ہے۔
اعلامیے کے تحت وزیراعظم میاں شہباز شریف اور آذر بائیجان کے صدر الہام علیوف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ آذربائیجان پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں تعاون کرے گا، آذر بائجان پاکستان کی تیل و گیس کے شعبے میں بھی مدد کرے گا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم میاں شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہاف عالیوف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آذر بائیجان کی ائیر لائن اسلام آباد کے لیے پرواز شروع کر رہی ہے، آذر ائیر لائن اسلام آباد اور کراچی کے لیے دو پروازیں چلائے گی۔
میاں شہباز شریف نے کہا کہ آذربائیجان کو چاول کی برآمد میں اضافہ چاہتے ہیں، امید ہے پاکستانی باسمتی چاول باکو میں بھی دستیاب ہوں گے۔
آذربائیجان کے صدر الہاف عالیوف نے کہا کہ دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مشترکہ مشقوں میں اضافہ کیا جائے گا۔
دریں اثنا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے اپنے دورہ آذربائیجان میں روسی زبان میں گفتگو کر کے مہمانوں اور میزبانوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے بھی روسی زبان میں تبادلہ خیال کیا جس پر انہوں نے خوشگوار حیرت کا بھی اظہار کیا۔

بپر جوئے ،کراچی میں بارش کا سلسلہ جاری، تیز ہواؤں سے کھمبے گرگئے، بجلی کی فراہمی معطل

کراچی:(ویب ڈیسک) کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں ملیر، سعود آباد، کلفٹن ،ہاکس بے،ابراہیم حیدری اور نارتھ ناظم آباد میں بارش شروع ہوچکی ہے۔ محکمہ موسمیات نے طوفان کے پیش نظر شہر میں آج 50 ملی میٹر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ بپر جوئے آج پاکستان میں داخل ہوگا، کیٹی بندر میں موسلادھار بارش، تیز ہواؤں سے کھمبے گرگئے۔ محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ سمندری طوفان بپرجوئے کے تھنڈر بادل کراچی کی طرف بڑھ رہے ہیں جس کے پیش نظر شہر کے مختلف علاقوں میں اگلے چند گھنٹوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ دوسری جانب حیدرآباد میں تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ اس سے قبل محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان بپر جوئے کے باعث کراچی اور حیدرآباد میں آج اور کل موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہٰ یار، میرپورخاص، حب اورلسبیلہ میں بھی 16 جون تک موسلا دھاربارش ہو سکتی ہے اور 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ ادھر میرپورخاص میں تیزگرد آلود ہوائیں چلنے سے کئی مقامات پر درخت گرگئے، بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں اور بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔علاوہ ازیں ٹھٹھہ کے ساحلی علاقوں میں بارش جاری اور شہریوں کی بڑی تعداد نقل مکانی کرنے میں مصروف ہے۔

پاکستان میں سونے کی قیمت میں اضافہ

کراچی:(ویب ڈیسک) سونے کی قیمت میں 1700 روپے فی تولہ کا اضافہ ہوگیا ہے ۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 1700 روپے کے اضافے کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 20 ہزار 700 روپے ہوگئی ہے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 1458 روپے کے اضافے کے بعد ایک لاکھ 89 ہزار 215 روپے ہوگئی ہے ۔

سمندری طوفان کے بادل پہاڑ کی طرح دکھ رہے ہیں، خلا باز نے ویڈیو شیئر کردی

دبئی:(ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے خلا باز سلطان النیادی نے کہا ہے کہ بہت بڑے سمندری طوفان بائپر جوائے کے بادل پہاڑ کی طرح دکھائی دے رہے ہیں۔
خلیج کے مؤقر انگریزی اخبار گلف نیوز کے مطابق انہوں نے خلا سے سمندری طوفان کی ویڈیو بنا کر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر شیئر کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ میں یہ تو نہیں دیکھ سکتا ہوں کہ طوفان کا مرکز کہاں ہے؟ لیکن یہ بحیرہ عرب کے اوپر موجود ہے جو بحر ہند کو لگتا ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے خلاباز سلطان النیادی اس وقت بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں ناسا کے 6 ماہ کے طویل مشن پر موجود ہیں۔ خلا باز کی جانب سے جاری کردہ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بحیرہ عرب کے اوپر بادل سمندری طوفان کی شکل اختیار کررہے ہیں۔
خلاباز سلطان النیادی نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے سمندری طوفان بائپر جوائے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ انہوں نے بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرلیا ہے۔
جاری کردہ فوٹیج میں متحدہ عرب امارات کے اوپر صاف آسمان اور عمان پر بکھرے بادلوں کو دکھایا گیا ہے جس کے بعد بحیرہ عرب پر گہرے بادلوں کو دیکھا گیا تو وہ طوفان کی شکل اختیار کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ خلا باز سلطان النیادی زمین سے اس وقت تقریباً 400 کلو میٹر کی بلندی پر موجود ہیں۔
خلا باز سلطان النیادی نے جاری کردہ اپنی ویڈیو کے اختتام میں تمام لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ سمندری طوفان بائپر جوائے کے اثرات گزشتہ روز سے دکھائی دینے لگے ہیں، کراچی سمیت اندرون سندھ کے علاقے میں گرد آلود تیز ہوائیں چل رہی ہیں، بوندا باندی اور ہلکی بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے جب کہ ماہرین کی جانب سے اونچی لہروں کے پیدا ہونے کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔

سمندری طوفان بپر جوائے کا بھارتی ریاست گجرات کے ساحل سے ٹکرانے کا عمل شروع

اسلام آباد:(ویب ڈیسک)
بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان ’بپر جوائے‘ پاکستان اور بھارت کے ساحل کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے، بھارتی ریاست گجرات کے ساحلوں سے طوفان کے ٹکرانے کا عمل شروع ہوچکا ہے۔
محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق بپر جوائے طوفان کی شدت میں ایک درجہ اور کمی آئی ہے اور اب یہ ’بہت شدید سمندری طوفان‘ سے ’شدید سمندری طوفان‘ کی کیٹیگری میں آگیا ہے۔ طوفان کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 110 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
طوفان کا مرکزی حصہ آج رات کسی وقت بھارتی ریاست گجرات کے علاقے جاکھاؤ پورٹ سے ٹکرائے گا جہاں طوفان کے اثرات نمایاں ہیں، سمندر میں طغیانی ہے اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ سمندری طوفان کا کچھ حصہ پاکستانی ساحلی علاقے کیٹی بندر سے بھی ٹکرائے گا۔ طوفان کیٹی بندر سے تقریباً 120 کلو میٹر دور ہے۔
بھارت میں طوفان کا لینڈ فال شروع
بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ریاست گجرات میں سوراشٹرا اور کچھ میں لینڈ فال کا عمل شروع ہو گیا ہے، سمندری طوفان جاکھاؤ بندرگاہ کے قریب کچھ دیر میں ٹکرائے گا، گجرات کے ساحلوں پر طوفان کے ٹکرانے کا عمل رات گئے تک جاری رہےگا، طوفان کا مرکزی حصہ کراچی اور مانڈوی کے درمیان جاکھاؤ بندرگاہ کےنزدیکی ساحل سے ٹکرائے گا، طوفان بحیرہ عرب میں جاکھاؤ بندرگاہ سے تقریباً 70 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور تقریباً 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔
طوفان کےزیراثر گجرات کے علاقے دوارکا میں طوفانی ہوائیں چل رہی ہیں جس کی وجہ سے متعدد درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور اشتہاری بورڈز گرگئے ہیں۔

پاکستان کے پاس آئی ایم ایف سے معاہدے کا وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے، موڈیز کا انتباہ

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان کے پاس عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو 6.7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکیج کے تحت 2.2 ارب ڈالر کی قسط جاری کرنے پر قائل کرنے کے لیے وقت تیزی سے ختم ہورہا ہے، یہ انتباہ موڈیز نے اپنی تازہ رپورٹ میں جاری کیا ہے۔
مؤقر انگریزی اخبار ڈان کے مطابق ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے اپنی تازہ رپورٹ میں خدشے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان آئی ایم ایف پروگرام حاصل کرنے میں ناکام رہا تو وہ دیوالیہ ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحٰق ڈار متعدد سیشنز میں آئی ایم ایف حکام کو نویں جائزے کی تکمیل کے لیے قائل کرنے میں اب تک ناکام ثابت ہوئے ہیں جو 1.1 ارب ڈالر کی قسط حاصل کرنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعطم میاں شہباز شریف نے بھی کہا تھا کہ انہوں ںے تقریباً ایک گھنٹے تک آئی ایم ایف کے سربراہ سے اسی ضمن میں گفتگو کی ہے۔
اعداد و شمار کے تحت پاکستان کے پاس آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے صرف دو ہفتوں کا وقت رہ گیا ہے وگرنہ ناکامی کے ملکی معیشت پر انتہائی منفی اثرات رونما ہوں گے۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف کا جاری کردہ بیل آؤٹ پیکج 30 جون کو اپنے اختتام پر پہنچ جائے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مؤقر جریدے بلومبرگ نے سنگاپور میں مقیم موڈیز کے خودمختار تجزیہ کار گریس لم کے حوالے سے بتایا کہ خطرات بڑھ رہے ہیں کہ شاید پاکستان، آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل نہ کرسکے جس کا اختتام جون میں ہو رہا ہے۔
دنیا کی صف اول کی تقریباً تمام ریٹنگ ایجنسیوں نے موجودہ مالی سال میں متعدد بار پاکستانی معیشت کی ریٹنگ میں تنزلی کی ہے، کُلی معاشی اشاریے منفی ہیں جب کہ زرمبادلہ کے خراب ذخائر کی وجہ سے پورے مالی سال معیشت دباؤ کا شکار رہی ہے۔

سابق وزیر سمیت 2 اہم شخصیات کا تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان

لاہور:(ویب ڈیسک) سابق صوبائی وزیر انصر مجید نیازی اور سابق رکن پنجاب اسمبلی عامر عنایت شہانی نے تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کردیا ہے ۔ سابق وزیر انصر مجید نیازی نے اپنے ویڈیو میں پیغام میں تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کیا، اس موقع پر ان کاکہنا تھا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے ، اس افسوسناک واقعات کے بعد تحریک انصاف میں رہنے کا کوئی جواز نہیں بچتا، فی الحال سیاسی مستقبل کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ، سابق ایم پی اے عامر عنایت شہانی نے بھی پاکستان تحریک انصاف سے الگ ہونے کا اعلان کر دیا، عامر عنایت شہانی بھکر سے ممبر صوبائی اسمبلی منتخب تھے، اپنے ویڈیو پیغام میں ان کاکہنا تھا کہ وہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں، اس طرح کے واقعات سے ریاست کو نقصان ہوتا ہے ۔

اورنگی میں تیز رفتار ڈبل کیبن گاڑی کی ٹکر سے 10 سالہ بچہ جاں بحق

کراچی:(ویب ڈیسک) اورنگی ٹاؤن میں تیز رفتار ڈبل کیبن گاڑی کی ٹکر سے 10 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا، ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہوگیا جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ مومن آباد تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن نمبر 10 بسمہ کالونی مجاہد چوک کے قریب ٹریفک حادثے میں بچہ جاں بحق ہو گیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں بچے کی شناخت 10 سالہ اویس نیازی ولدندیم نیازی کے نام سے کی گئی۔ ایس ایچ او مومن آباد اصغرعلی کانگو کے مطابق متوفی بچہ تیز رفتار ڈبل کیبن گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوا، حادثے کے بعد ڈبل کیبن موقع پر سے فرارہو گیا جس کی تلاش چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

آئی ایم ایف اعتراضات؛ ہمیں کچھ تو اپنی مرضی کی اجازت ہونی چاہیے، وزیر خزانہ

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہمیں بیرونی اخراجات اپنی چادر کے اندر رہ کر کرنے چاہئیں۔ اسحاق ڈار نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر میں بہت صلاحیت ہے، اسی لیے بجٹ میں آئی ٹی،زراعت،ایس ایم ای سیکٹر اور یوتھ سیکٹر کو فوکس کیا گیاہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ جب تک ان شعبوں کو سہولیات نہیں دیں گے اس وقت تک گروتھ نہیں ہوگی، یہ چاروں شعبے گروتھ کے ڈرائیورز ہیں، اسی لیے اس بجٹ میں ان شعبوں کو فوکس کیا ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آج اخبارات میں چھپا ہے کہ آئم ایف نے بجٹ میں دی گئی چھوٹ پر اعتراض کیا ہے، ہم نے ان شعبوں کو سہولیات دی ہیں جو گروتھ کا باعث بنتے ہیں، گروتھ ہوگی تو معیشت کا پہیہ چلے گا، ہمیں ایک خودمختار ملک ہونے کے ناطے اتنی اپنی مرضی کرنے کی اجازت تو ہونی چاہیے، ہم بطور ملک بہت آہستہ چل رہے ہیں۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ فری لانسر کیلئے ایک صفحہ کی ٹیکس ریٹرن متعارف کروائی گئی ، اس کے علاوہ فری لانسر کو بہت سی سہولیات دی گئی ہیں۔ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ آئی ٹی سیکٹر کیلئے پیکج سامنے رکھ لیں اگر مزید گنجائش موجود ہے تو کریں گے، فری لانسر کیلئے کچھ مزید تجاویز کا جائزہ لینے کیلئے تیار ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمیں بیرونی اخراجات اپنی چادر کے اندر رہ کر کرنے چاہئیں ، بیرونی اکاؤنٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے اخراجات کرتے تو ستر ارب سے بڑھ کر ایک سو ارب ڈالر تک نہ جاتے، میں کئی سال سے مالی ڈسپلن کی بات کررہا ہوں، لیکیوڈیٹی کرنچ ہماری پرابلم ہے اس کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، اب ایم ڈی آئی ایم ایف نے ایک دو ہفتے پہلے بیان دیدیا ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں ہورہا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہم نے کرنسی کی اسمگلنگ کو ہر صورت روکنا ہے، اس کیلئے کریک ڈاؤن کرنا ہے، صرف کسٹمز یہ اسمگلنگ نہیں روک سکتا، اسکی اسمگلنگ روکنے کیلئے تمام ایجنسیوں کو مل کر کوشش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس پر جو پابندی لگی ہے تو صرف چین اور انڈیا اس سے آئل لے رہے تھے، جب میں عالمی بینک کے اجلاس میں گیا تو اس وقت امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں سے بات کی کہ اگر چین و انڈیا لے سکتا ہے تو پاکستان کیوں روس سے تیل نہیں لے سکتا، اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں نے کہا کہ ہم جی سیون کمیٹی بنارہے ہیں اس کمیٹی کی تجویز کردہ قیمت سے کم پر لینا ہوگا، اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ کمیٹی کی تجویز سے بے شک ایک سینٹ سستا لیں لیکن اگر اس سے زیادہ قیمت پر لیا تو پابندیاں لگ جائیں گے۔ اسحاق ڈار نے بتایا کہ اب روس سے پہلا کارگو آگیا ہے اسکی پیمنٹ چائنیز کرنسی میں کرنا ہے، روسی تیل کی ادائیگیاں کوئی ایشوز نہیں ہے، روس سے منگوایا گیا تیل سنگار پور ریٹ سے بہت کم ہے۔ وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نویں اقتصادی جائزہ پر میں نے آئی ایم ایف کو مدعو کیا، لیکن تین ماہ وہ پاکستان نہیں آئے جنوری کو پاکستان آئے، میری کوشش تھی کہ دوسری مرتبہ بھی آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرتے، آئی ایم ایف ہو یا نہ ہو پاکستان کو کچھ نہیں ہوگا۔

ہارورڈ میڈیکل کالج کے مردہ خانے کا منیجر اعضا فروخت کرنے پر گرفتار

میسا چوسٹس:(ویب ڈیسک) ہارورڈ میڈیکل کالج کے مردہ خانے کے 55 سالہ منیجر سیڈرک لاج کو لاشوں سے اعضا نکال کر فروخت کرنے پر گرفتار کرلیا گیا۔ امریکی ریاست پنسلوانیا میں عالمی شہرت یافتہ میڈیکل کالج ہارورڈ کا منیجر 55 سالہ سیڈرک لاج اپنی اہلیہ اور 5 دیگر کارندوں کے ساتھ مل کر مردہ جسموں سے اعضا نکال کر ملک گیر نیٹ ورک کے ذریعے اندرون ملک اور بیرون ملک اسمگل کیا کرتے تھے۔ مردہ خانے کا منیجر چوری شدہ اعضا کو نیو ہیمپشائر کے گوفسٹاؤن میں اپنے گھر لے جاتا جہاں اس کی اہلیہ نے ان اعضا کو دو دیگر ملزمان کترینہ میکلین اور جوشوا ٹیلر کو فروخت کیا۔ علاوہ ازیں سیڈرک لاج نے بعض اوقات 44 سالہ میکلین اور 46 سالہ ٹیلر کو مردہ خانے میں داخل ہونے کی اجازت دی تھی۔ جہاں دونوں ملزمان نے اپنی پسند سے اعضا کا انتخاب کیا اور قیمت لگا کر خریدا۔ میکلین نے ایک مردہ کی جلد شریک ملزم ٹیلر کو بھیجی تھی تاکہ وہ چمڑا بنانے میں کام آنے کے استعمال پر غور کریں۔ ہارورڈ کالج کے منیجر نے ان دونوں انسانی اعضا کے اسمگلرز سے کئی بار سودے بازی کی۔ پکڑے جانے پر منیجر سیڈرک کو نوکری سے برطرف کردیا گیا اور تفتیش میں شواہد سامنے آنے پر گرفتار بھی کرلیا گیا۔ اٹارنی جیرارڈ کرم نے کہا کہ کچھ جرائم سمجھ سے باہر ہیں۔ یہ خاص طور پر افسوسناک ہے کہ یہاں لواحقین نے اپنے پیاروں کی لاشیں رضاکارانہ طور پر طبی پیشہ ور افراد کو تعلیم دینے اور سائنس اور شفا کے مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے دی تھیں۔ ہارورڈ یونیورسٹی کی میڈیسن فیکلٹی کے ڈین جارج ڈیلی اور میڈیکل ایجوکیشن کے ڈین ایڈورڈ ہنڈرٹ نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ہم یہ جان کر حیران ہیں کہ ہمارے کیمپس میں کچھ اتنا پریشان کن ہو سکتا ہے۔