All posts by Khabrain News

حارث رؤف کی شادی کی تاریخ سامنے آگئی

کراچی:(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث روف کے ولیمے اور بارات کی تاریخ سامنے آگئی ہے۔ کرکٹر حارث رؤف کی شادی کی تقریب اگلے ماہ ہوگی۔ دلہن مزنا مسعود کے گھر والوں نے شادی کا کارڈ سوشل میڈیا پر جاری کیا ہے۔ دلہن کو گھر لانے کے لیے بارات کی تقریب 6 جولائی کو ہوگی جبکہ ولیمے کی تقریب 7 جولائی کو اسلام آباد میں ہوگی۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال 24 دسمبر کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں فاسٹ بولر حارث رؤف کا نکاح ہوا تھا جس میں قریبی رشتے داروں اور دوستوں نے شرکت کی تھی۔ فاسٹ بولر کے نکاح میں آنے والی خاتون مزنا مسعود ملک حارث رؤف کی ہم جماعت ہیں۔

فرانس نے پاکستان کو این ٹی ڈی سی کے منصبوں کی تکمیل کیلئے نرم شرائط پر 60 ارب روپے کا قرض دینے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) فرانس ڈویلپمنٹ ایجنسی نے پاکستان کو نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی )کے پراجیکٹس کیلئے آسان شرائط پر 60 ارب روپے کا قرض فراہم کرنے کا اعلان کر دیاہے ۔ سیکریٹری اکنامک افیئرز ڈویژن ڈاکٹر کاظم ، فرانس کے سفیر نکولس گیلے اور فرینچ ڈویلمپنٹ ایجنسی کے کنٹری ڈائریکٹر فلپ سٹین میٹز نے این ٹی ڈی سی کو گرڈ سٹیشن اور ٹرانسمیشن لائنز بچھانے کیلئے آسان شرائط پر 180 ملین یورو کا قرض فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط کیئے۔یہ منصوبے پنجاب کے اضلاع وہاڑی ، عارف والا ، سیالکوٹ کے نواحی علاقو ں میں واقع ہیں ۔ نرم شرائط پر قرض کی فراہمی این ٹی ڈی سی کے مینڈیٹ اور پنجاب کے بڑے شہروں میں توانائی کی قابل اعتماد رسائی کو ممکن بنانے میں مدد گار ثابت ہو گا ۔ عارف والا کے علاقے میں 220 کے وی سب سٹیشن کی تعمیر اور 50 کلومیٹر لمبی 220 کلو واٹ کی ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائے گی ، نئے سب سٹیشن میپکو گرڈ کے ساتھ منسلک کیا جائے گا ۔ وہاڑی کے علاقے میں پہلے سے قائم 220 کے وی سب سٹیشن کو 500 کی وی کی سطح پر اپ گریڈ کرنے اور 48 کلومیٹر لمبی 500 کے وی کی نئی ٹرانسمیشن لائنز کو جوڑنے کا منصوبہ ہے ۔اس سب سٹیشن کو بھی میپکو کے ساتھ منسلک کیا جائے گا ۔ سیالکوٹ کے علاقے میں 500 کے وی کے نئے سب سٹیشن ، 55 کلومیٹر نئی 500 کے وی ٹرانسمیشن لائن اور 36 کلومیٹر 220 کے وی ٹرانسمیشن لائن کو اس کے ساتھ جوڑا جائے گا ۔نئے سب سٹیشن کو گیپکو کے ساتھ منسلک کیا جائے گا ۔ این ٹی ڈی سی کو منصوبوں کی تکمیل کیلئے نر م شرائط پر قرض فراہم کرنے کا منصوبہ فرانسیسی حکومت کے ماحول دوست پراجیکٹس کے ایجنڈے کو فروغ دینے کی ایک کڑی ہے ۔

علاقائی انتظامیہ رات کو 2 بجے آکر گھر خالی کروا رہی ہے، اداکار خالد انعم

کراچی:(ویب ڈیسک) پاکستان شوبز کے سینئر اداکار خالد انعم نے علاقائی انتظامیہ کیلئے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کر دیا۔ خالد انعم نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے علاقائی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ رات گئے گھر کی گھنٹی بجا کر گھر خالی کرنے کے احکامات جاری نہ کریں۔ اداکار نے کہا کہ ان کی اور علاقہ مکینوں کی یہی آواز ہے کہ اس طرح سے انہیں تنگ نہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بین الااقوامی موسم کی رپورٹس پڑھ رہے ہیں اور جانتے ہیں کہ ایسا کوئی خطرہ نہیں ہے کہ گھر خالی کرنا پڑے البتہ گھروں میں رہنے کی ہدایت پر ضرور عمل کریں گے۔ خالد انعم نے سوال اُٹھایا کہ کیا جو چیزیں ہم یہاں چھوڑ کر جائیں گے اس کی وہ ذمہ داری لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انتظامیہ کو کوئی بات کرنی ہے تو دن میں آئے رات گئے گھروں کے باہر سائرن بجانا گھنٹی بجا کر گھر خالی کروانا یہ کوئی طریقہ کار نہیں ہے۔ یاد رہے کہ خطرناک سمندری طوفان بپر جوائے کا بھارتی شہر گجرات اور کراچی سے فاصلہ مزید کم گیا ہے۔ طوفان کے پیشِ نظر ساحل کے قریب موجود گھروں کو خالی کروایا جارہا ہے۔

قائمہ کمیٹی خزانہ نے گاڑیوں کی رجسٹریشن پر 5فیصد ریڈیو ٹیکس لگانے کی حمایت کردی

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) قائمہ کمیٹی خزانہ نے گاڑیوں کی رجسٹریشن پر 5فیصد ریڈیو ٹیکس لگانے کی حمایت کردی ۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس ہوا، سینیٹر عرفان صدیقی نے تجویز دی کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن پر 5فیصد ریڈیو ٹیکس لگایا جائے ، سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ بجلی کے بلوں میں پی ٹی وی فیس 35سے بڑھا کر 50 روپے کی جائے ،35روپے پی ٹی وی اور 15 روپے ریڈیو پاکستان کو دیئے جائیں ، لیگی سینیٹر کا کہناتھا کہ ریڈیو پاکستان کا نائب قاصد پنشن نہ ملنے پر حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگیا،ریڈیو پاکستان کے ملازمین کو 3ماہ سے پوری تنخواہ نہیں ملی ۔ قائمہ کمیٹی خزانہ نے گاڑیوں کی رجسٹریشن پر 5فیصد ریڈیو ٹیکس لگانے کی حمایت کردی ۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی گاڑی کو حادثہ

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا، تاہم وہ محفوظ رہے۔ اسپیکر کے اسکواڈ کو حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ مندرہ چکوال روڈ پر اسلام آباد واپسی کی جانب جا رہے تھے کہ اچانک ایک گائے اسپیکر کی گاڑی کے سامنے آ گئی۔ ڈرائیور نے گائے کو بچانے کی کوشش کی، تاہم اسپیکر کی گاڑی اور اسکواڈ کی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے کے نتیجے میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اسپیکر راجا پرویز اشرف اور قافلے میں شامل دیگر عملہ محفوظ رہے۔

پاکستانی امریکن کانگرس کا بائیڈن کو خط، پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تردید

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) پاکستانی امریکن کانگرس نے امریکی صدر جو بائیڈن کو خط لکھ کر پاکستان کے خلاف انسانی حقوق پر مبنی افواہوں کی تردید کردی۔
امریکی صدر جو بائیڈن کو پاکستانی امریکن کانگرس نے خط میں لکھا کہ حال ہی میں ہمیں علم ہوا ہے کہ کچھ عناصر نے پاکستان پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا الزام لگایا ہے جو کہ بالکل بے بنیاد اور ذاتی مفادات پر مرکوز گروہوں کی طرف سے غلط معلومات پر منحصر ہے۔
پاکستانی امریکن کانگرس نے صدر بائیڈن کو 9 مئی کو ہونیوالے واقعہ کو بیان کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان میں 9 مئی کو سینکڑوں شر پسندوں نے ملک پر حملہ کیا، پاکستانی یکجہتی کی علامات کو تباہ اور قومی اداروں کو شدید نقصان پہنچایا گیا ۔
خط میں پاکستانی امریکن کانگرس نے صدر بائیڈن پر واضح کیا کہ 9 مئی کی شرپسندی ایک منظم سازش تھی، یہ سانحہ کوئی اتفاقی عمل نہیں تھا بلکہ پاکستان کو اندررونی طور پر کمزور کرنے کی طویل منصوبہ بندی کا نتیجہ تھا۔
پاکستانی امریکن کانگرس نے بیان کیا کہ 9 مئی 2023 کو پاکستانی عوام اور پاک فوج کے درمیان منظم شر انگیزیوں کے ذریعے انتشاد اور فاصلہ بڑھانے کا منصوبہ تھا، شرپسند کاروائیوں میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کاروائی ایک جمہوری روایات اور اصولوں کے دائرے میں رہ کر کی گئی۔
خط میں یہ واضح کیا گیا کہ یہ بات طے ہے کہ کسی بھی معصوم کو بے خطا گرفتار نہیں کیا گیا لیکن شر پسندی اور دہشت گردی میں ملوث افراد کو سخت قانونی مراحل سے گذر کر کیفرِ کردار تک پہنچنا ہو گا۔
خط کے آخر میں پاکستانی امریکن کانگرس نے عہد لیتے ہوئے لکھا کہ ہم امریکی سینٹ اور ہاؤس آف ریپریزنٹیٹوز کے ساتھ رابطہ کریں گے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ ہم اس بے بنیاد اینٹی پاکستانی تشہیری مہم کے خلاف متحرک اور فی الفور طریقے سے کام کریں گے، پاکستان کے مفادات کی حفاظت مستحکم طور پر کریں گے اور ہر ممکنہ کوشش کرتے ہوئے پاکستان – امریکی تعلقات کو بہتر اور مضبوط کریں گے۔

یورپ کا سفر آسان، سیاحتی شینگن ویزہ اب آن لائن دستیاب ہوگا

جرمنی : (ویب ڈیسک) یورپی یونین میں شینگن ویزہ پر داخلہ اب مزید آسان ہوگیا ہے کیونکہ اب شینگن ویزا حاصل کرنے کیلئے کاغذی کارروائی یا ڈاک ٹکٹ اور سٹیکرز کی ضرورت نہیں ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپی یونین کے رکن ممالک اور یورپی قانون سازوں نے منگل کو شینگن ویزا کے موجودہ نظام کو تبدیل کرنے پر اتفاق کیا تاکہ پاسپورٹ پر سٹیکرز کی ضرورت کے بغیر اسے زیادہ سے زیادہ ڈیجیٹیلائز کیا جا سکے۔
یہ نیا قانون ایک بار باضابطہ طور پر منظور ہونے اور لاگو ہونے کے بعد ایسے مسافروں کو سہولت دےگا جنہیں یورپی یونین میں داخلے کے لیے ویزا کی ضرورت ہے، وہ قونصل خانے یا ویزا سروسز کے دفاتر میں آنے کے بجائے آن لائن درخواست دے سکیں گے۔
یورپی رکن پارلیمنٹ ماتیز نیمک جو ویزوں کے لیے ڈیجیٹل نظام کو اپنانے کے سب سے نمایاں حامیوں میں سے ایک ہیں ، انہوں نے تصدیق کی ہے کہ درخواست دہندگان اس عمل کو “آسان، سستا اور تیز ترین” پائیں گے۔
اس حوالے سے سویڈن کی امیگریشن وزیر ماریا مالمر سٹینرگارڈ نے کہا ہے کہ اس تبدیلی سے “شینگن علاقے کی سکیورٹی میں اضافہ ہوگا، مثال کے طور پر دھوکہ دہی اور ویزا سٹیکرز کی چوری کے خطرات کو کم کر کے علاقے کو مزید پرامن بنایا جا سکتا ہے۔”
شینگن علاقے میں قبرص، آئرلینڈ، بلغاریہ اور رومانیہ کے علاوہ یورپی یونین کے تمام 27 رکن ممالک شامل ہیں۔
یورپی یونین بلاک سے باہر 60 سے زائد ممالک کے شہریوں کو بغیر ویزا کے داخلے کی اجازت دیتی ہے ، فی الحال جن مسافروں کو ویزا کی ضرورت ہے، ان کے پاسپورٹ پر شینگن سٹیکر ہونا لازمی ہے۔
تاہم مسافروں کے داخلے اور اخراج کی نگرانی کے لیے یورپی یونین کے ڈیٹا بیس کے قیام، قیام کی مدت کی درستی کے ساتھ سرحدوں پر حفاظتی جانچ پڑتال کا یورپی ویزا نظام مسلسل ڈیجیٹائزیشن کی طرف بڑھ رہا ہے۔
کچھ ممالک جن میں آسٹریلیا، بھی شامل ہے ایسا ہی نظام اپناتے ہیں جہاں آن لائن ویزا مسافر کے پاسپورٹ سے بغیر سٹیکر کے منسلک ہوتا ہے ، ان سسٹمز کا استعمال کرتے ہوئے درخواست دہندگان مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کر سکتے ہیں اور فیس بھی ادا کر سکتے ہیں۔
تاہم یورپی یونین کے نئے نظام کے تحت درخواست دہندگان کو پہلی بار شینگن ویزا حاصل کرنے کی ضرورت ہے یا جن کے پاس نیا پاسپورٹ ہے یا جنہوں نے اپنا بائیو میٹرک ڈیٹا تبدیل کیا ہے تاکہ وہ قونصل خانے یا ویزا دفاتر میں ذاتی طور پر حاضر ہوں اور اس حوالے سے کوائف مکمل کریں۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 سے 10 روپے فی لٹر تک کمی کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پانچ سے 10 روپے فی لٹر تک کمی کا امکان ہے جس کے لئے اوگرا نے سمری حکومت کو بھجوا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 5 سے 10 فی لٹر کمی کی تجویز دی گئی ہے، ڈیزل کی قیمت میں بھی 10 روپے فی لٹر تک کمی کی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار بھی رکھی جاسکتی ہیں۔
گزشتہ 14 دنوں میں برنٹ آئل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت زیادہ سے زیادہ 76.95 ڈالر فی بیرل تک رہی ہے، گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی کی جارہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ اوگرا سفارشات پر وزیر اعظم سے مشاورت کریں گے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ آج کیا جائے گا، آئندہ 15 دن کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد ہوگا۔

حکومت کا سرکاری ملازمین کو عید سے قبل تنخواہیں دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے سرکاری ملازمین کو 23 جون کو تنخواہیں دینے کا فیصلہ کرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین کی طرف سے درخواست آرہی ہے کہ عید سے پہلے تنخواہ دی جائے، لہذا اس حوالے سیکرٹری خزانہ کو ہدایت کردی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ 23 جون کو لوگوں کو تنخواہ دے دی جائے گی ۔

میئر کراچی انتخابات ، جماعت اسلامی کراچی کا چیف الیکشن کمشنرکوخط

کراچی: (ویب ڈیسک) میئرکراچی بننے میں ناکام امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔
جماعت اسلامی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سندھ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 29 ارکان کو اغوا کیا، پی ٹی آئی ارکان کو ووٹ کاسٹ کرنے سے روکا گیا۔
خط میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کا بنیادی مقصد صاف و شفاف الیکشن کرانا ہے لیکن ہمیشہ کی طرح اس بار بھی کمیشن خاموش تماشائی بنا رہا ، الیکشن کمیشن سے استدعا ہے کہ میئر اور ڈپٹی میئر کے فراڈ الیکشن کو کالعدم قرار دے کر نیا شیڈول جاری کرے۔
ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ ہر موقع پر الیکشن کمیشن کو سندھ حکومت کے غیر آئینی اورغیر جمہوری عمل سے آگاہ کیا، حاضری مکمل کی جاتی پھر میئر کے انتخاب کا عمل شروع کیا جاتا، بے رحمی سے مینڈیٹ کا قتل کیا گیا ہے، اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا گیا ، یہ حقیقی مینڈیٹ کے ساتھ دھوکا اور جبری قبضہ ہے، جس کے نتائج شہر اور ملک کے حق میں بہتر نہیں ہوں گے۔