All posts by Khabrain News

سندھ بھر میں رمضان المبارک کے دوران اسکولوں کے اوقات کار کا نوٹیفکیشن جاری

کراچی: سندھ میں رمضان المبارک میں اسکولوں کے اوقات کار تبدیل کردیے گئے۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے رمضان المبارک میں اسکولوں کے اوقات کار کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل شفٹ والے اسکولوں کے اوقات کار صبح 8 سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک ہوں گے جب کہ جمعہ کو سنگل شفٹ والے اسکولوں کے اوقات کار صبح 8 سے 11:30 بجے تک ہوں گے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ڈبل شفٹ والےاسکولوں میں صبح کی شفٹ ساڑھے 7 سے ساڑھے 11 تک ہوگی اور جمعہ کو صبح کی شفٹ 7:30 سے 10:30 بجے تک ہوگی۔

اس کے علاوہ ڈبل شفٹ والے اسکولوں میں دوپہر کی شفٹ 11:45 سے 2:45 تک ہوگی جب کہ ڈبل شفٹ والے اسکولوں میں جمعہ کو دوپہر کی شفٹ 11:45 سے 1:15 تک ہوگی۔

ٹی 20 ورلڈکپ: پاکستان کا نمیبیا کیخلاف بیٹنگ کا فیصلہ، ٹیم میں 2 تبدیلیاں

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے لیے انتہائی اہم میچ میں قومی ٹیم نے نمیبیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، شاہین آفریدی اور ابرار احمد کی جگہ مرزا سلمان اور خواجہ نافع کو موقع دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کو سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کے لیے آج کا میچ نمیبیا کے خلاف لازمی جیتنا ہے اور اگر میچ باش کی نذر ہوجاتا ہے تو تب بھی پاکستان ٹیم اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلے گی تاہم نمیبیا سے شکست کی صورت میں امریکا کی ٹیم بہتر رن ریٹ پر سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔

سلمان خان کے والد سلیم خان کی طبیعت مزید بگڑ گئی، وینٹی لیٹر پر منتقل

معروف بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے والد، سینئر فلم اسکرین رائٹر سلیم خان کو طبیعت خراب ہونے پر وینٹی لیٹر پر منتقل ہوگئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بلڈ پریشر بڑھنے کی وجہ سے سلیم خان کے دماغ کے دائیں جانب خون کی شریانیں پھٹ گئی ہیں، اس وقت وہ وینٹی لیٹر پر ہیں اور آج ان کی سرجری کیے جانے کا امکان ہے۔

بھارتی فلم اسکرین رائٹر کو گزشتہ روز صبح ساڑھے 8 بجے کے قریب لیلاوتی اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں لایا گیا تھا اور طبیعت زیادہ خراب ہونے کی وجہ سے آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا تھا جس کے بعد ان کی طبیعت میں کچھ بہتری آ گئی تھی۔

واضح رہے کہ سلیم خان نے اپنے سابقہ رائٹنگ پارٹنر جاوید اختر کے ساتھ فلم شعلے، ہاتھی میرے ساتھی، زنجیر اور مسٹر انڈیا جیسی یادگار فلمیں تحریر کیں۔

اُنہوں نے 24 نومبر 2025 کو اپنی 90 ویں سالگرہ منائی تھی۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر صارفین سلیم خان کے لیے جلد صحتیابی کی دعائیں کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ کے پی کا عمران خان کی رہائی کیلئے فورس بنانے کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی رہائی کے لیے فورس بنانے کا اعلان کر دیا۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا مجھے بانی کی طرف سے اسٹریٹ موومنٹ کی ذمہ داری دی گئی ہے، عدالتی احکامات ردی کی ٹوکری میں پھینکے جاتے ہیں، ذاتی معالجین تک رسائی نہیں دی جاتی۔

ان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی رہائی فورس کا اعلان کرتا ہوں، اس فورس کی رجسٹریشن کریں گے، بانی رہائی فورس پرامن جدوجہد کرے گی، عید کے فوراً بعد 22 فروری کو پشاور میں ہم فورس ممبران سے حلف لیں گے، اس فورس کا چین آف کمانڈ ہوگا، عمران خان جس کو ذمہ داری دیں گے اس کو اس فورس کی کمانڈ دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلے تیاری کریں گے پھر لڑائی کریں گے، یہ لڑائی جمہوریت اور آئین کی بالادستی اور آزاد میڈیا کے لئے ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں سہیل آفریدی کا کہنا تھا پی ٹی آئی میں جو مجھے ہٹانےکی خواہش رکھتے ہیں وہ جان لیں عزت و ذلت اللہ دیتا ہے، مجھے ہٹانے سے متعلق کس نے پیغام دیا یہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے پوچھ لیں۔

سپریم کورٹ: لطیف کھوسہ کی عمران خان سے ملاقات کی درخواست مسترد

سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے وکیل رہنما اور ممبر قومی اسمبلی لطیف کھوسہ کی عمران خان سے ملاقات کی استدعا مسترد کردی۔

توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دینے کے معاملے پر کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی جس دوران عمران خان کی جانب سے لطیف کھوسہ پیش ہوئے۔

دوران سماعت لطیف کھوسہ نے کہا ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے، جس پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ آپ نے ہم سے ازخود نوٹس کا اختیار لے لیا ہے، ہم ایک فوجداری مقدمے میں ملاقات کا حکم کیسے دے سکتے ہیں۔

جسٹس صلاح الدین پہنور کا کہنا تھا جو کیس ہمارے سامنے فکس ہی نہیں اس پر حکم کیسے جاری کریں جبکہ جسٹس ہاشم کاکڑ کا کہنا تھا عدالت میں کھڑے ہو کر سیاسی باتیں نہ کریں، سیاسی باتیں پارلیمنٹ جاکر کریں۔

جسٹس ہاشم کاکڑ کے لطیف کھوسہ کی گفتگو پر مسکراتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ٹھیک ہے آپ نے بات کر دی، اب اس کے ٹکرز بھی چلیں گے، وی لاگز بھی ہو جائیں گے۔

سپریم کورٹ نے لطیف کھوسہ کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرانے کی استدعا مسترد کردی۔

امریکا: پوکیمون کا نایاب کارڈ ڈیڑھ کروڑ ڈالر سے زائد مالیت میں فروخت

مشہور آن لائن سلیبریٹی اور ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلر لوگن پال کے پاس موجود پوکیمون کا ایک نایاب کارڈ ڈیڑھ کروڑ ڈالر سے زیادہ کی ریکارڈ قیمت میں نیلام کر دیا گیا۔

یہ کارڈ جس پر پکاچو بنا ہوا ہے 1998 میں ہونے والے مقابلے کے بطور انعامات چھپنے والے 39 کارڈز میں سے ایک ہے اور یہ واحد کارڈ ہے جس کو پروفیشنل اسپورٹس آتھنٹیکیٹر نے 10 میں 10 مارکس دیے ہیں۔

جب لوگن پال نے 2021 میں یہ کارڈ 52 لاکھ 75 ہزار ڈارز میں خریدا تو یہ دنیا کا سب سے مہنگا پوکیمون کارڈ بن گیا اور جب انہوں نے 2022 میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایونٹ ریسل مینیا میں ڈیبیو کیا تو یہ کارڈ انہون نے گلے میں ٹانگا ہوا تھا۔

لوگن نے یہ کارڈ گولڈِن نامی آن لائن نیلام گھر کے ذریعے نیلام کرنے کے لیے پیش کیا اور اے جے اسکارامُچی کو 1 کروڑ 64 لاکھ 92 ہزار ڈالر میں فروخت کیا۔

نیلامی کے بعد یہ نیلامی فروخت ہونے والا سب سے مہنگا پوکیمون کارڈ اوسب سے مہینے ٹریڈنگ کارڈ بن گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا اسلام آباد رمضان سہولت بازار کا دورہ

محسن نقوی نے جی سکس آبپارہ میں قائم رمضان سہولت بازار کا دورہ کیا، دورے میں محسن نقوی نے سبزیوں، پھلوں اور اشیائے ضرویہ کے سٹالز کا معائنہ کیا۔

‎‎ انہوں نے اشیائے خوردونوش کی کوالٹی اور قیمتوں کا جائزہ بھی لیا تاہم انہوں نے انتظامیہ کو ریٹ لسٹ نمایاں آویزاں کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

‎وزیر داخلہ نے رمضان بازاروں میں صفائی اور سیکیورٹی انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا ، شہریوں سے ملے اور کوالٹی و قیمتوں بارے پوچھا جس کے جواب میں بعض شہریوں کی جانب سے ریٹ لسٹ پر عملدرآمد نہ ہونے کی شکایت کی گئی۔

‎محسن نقوی نے ہدایت کی ہے کہ “ریٹ واضح طور پر لکھ کر آویزاں کریں تاکہ عوام کو معلوم ہو کہ بازار ریٹ اور آپ کا ریٹ کیا ہے” ، عوام کو سستی اور معیاری اشیاء فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، عوامی ریلیف میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

‎‎ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے رمضان سہولت بازار کے انتظامات پر بریفنگ دی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ جی سکس رمضان بازار میں کچھ نجی کمپنیوں کے سٹالز بھی قائم ہیں جبکہ رمضان بازار صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک کھلا رہے گا۔

‎‎رمضان بازار میں منڈی ریٹ کے مطابق اشیاء کی فروخت یقینی بنانے کیلئے خصوصی مانیٹرنگ میکنزم فعال کیا گیا ہے۔

‎‎چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈی جی انفورسمنٹ، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

میانوالی روڈ کنارے بارودی مواد سے بھری آئی ای ڈی ناکارہ بنا دی گئی

پولیس حکام کے مطابق دھماکا خیز مواد ایک چھوٹے ڈرم میں تیار کیا گیا تھا جس میں تقریباً 40 کلو گرام بارودی مواد بھرا گیا تھا، بم ڈسپوزل ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ڈیوائس کو محفوظ طریقے سے ناکارہ بنایا۔

حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی آئی ای ڈی سے 2 ڈیٹونیٹرز، ایک 12 وولٹ بیٹری اور سرکٹ بھی ملا ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ اسے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت نصب کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق بروقت کارروائی کے باعث ممکنہ بڑے حادثے اور قیمتی جانوں کے ضیاع کو بچا لیا گیا، علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

بھارتی کوچ کا ابھیشیک شرما سے متعلق بڑا بیان

بھارت کے بیٹنگ کوچ ستانشو کوٹک کا کہنا ہے کہ ٹیم انڈیا غیر ضروری تجزیہ نہیں کرتی۔ابھیشیک بیماری سے پہلے رنز کر رہے تھے۔

ابھیشیک شرما کے آؤٹ ہونے کے طریقے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات بطور پر بیٹر آپ مخالف ٹیموں سے زیادہ سوچنے لگ جاتے ہیں۔ ان کے پاس اپنے پلان ہیں، وہ ان پر ویسے چلتے ہیں جیسے وہ چلنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم مخالف ٹیموں سے متعلق، ان کی بولنگ، ان کے مضبوط پہلو اور وہ کیا تیاری کر رہے ہیں کے حوالے سے بات کرتے ہیں اور یہ تمام بلے بازوں کے ساتھ کیا جاتا ہے صرف ابھیشیک کے ساتھ نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بیمار ہونے سے قبل ابھیشیک رنز کر رہے تھے۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کبھی کبھار 10 گیندوں پر 30 رنز بہت اہم ہوتے ہیں۔

احتجاج کیس، علیمہ خان کے 13ویں مرتبہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کے 13ویں مرتبہ ناقابل ضمانت وارنت گرفتاری جاری کر دیے۔

علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔

عدالت میں علیمہ خان پیش نہ ہوئیں جس پر ان کے وکلا کی جانب سے دائر کردہ استثنا کی درخواست مسترد کر دی گئی۔

عدالت نے علیمہ خانم کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے جبکہ ان کے دونوں ضمانتیوں کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیے گئے۔

پراسیکیوشن ٹیم عدالت میں موجود رہی۔ پراسیکیوٹر ظہیر شاہ کے مطابق استغاثہ کے 38 گواہان اب تک عدالت میں پیش ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ علیمہ خان جان بوجھ کر سماعت میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں۔

عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ علیمہ خان کو ہر حال میں 19 فروری کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ علیمہ خان اور ان کے ضمانتیوں کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے۔

واضح رہے کہ علیمہ خان کے خلاف یہ 13ویں مرتبہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔