All posts by Khabrain News

افغانستان؛ چین کے مہمان خانے کے نزدیک زوردار دھماکا اور فائرنگ

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت میں واقع چینی حکام کے مہمان خانے کے نزدیک زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی جس کے بعد سے فائرنگ کی مسلسل آوازیں بھی آ رہی ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے ’’اے ایف پی‘‘ کے مطابق افغان دارالحکومت کابل ایک بار پھر دھماکے سے گونج اُٹھا۔ دھماکے کا مقام چین کے حکام کا مہمان خانہ ہے جہاں چین سے آنے والے حکام اور شہری قیام کرتے ہیں۔
دھماکا اتنا زوردار تھا کہ اُس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کی جگہ سے اب بھی مسلسل فانرنگ کے تبادلے کی آوازیں آرہی ہیں۔
کابل سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان خالد زدران نے کہا کہ “کابل ہوٹل” نامی ایک کمپاؤنڈ میں شیطانی عناصر نے حملہ کیا جہاں عام شہری مقیم تھے۔ سیکیورٹی فورسز علاقے میں پہنچ چکی ہیں اور کلیئرنگ آپریشن جاری ہے۔
طالبان حکام اور ایمبولینسوں کو دھماکے کی جگہ جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ تاحال دھماکے کی نوعیت اور وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔
تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم گزشتہ برس اگست کے وسط میں طالبان کے حکومت سنبھالنے کے بعد سے ہونے والے خود کش حملوں اور بم دھماکوں میں داعش خراسان ملوث رہی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے سفارت خانے میں سفارت کار پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا تاہم ان کے محافظ نے حملہ آور کے آگے آڑ بن کر سفات کار کو بچالیا تھا لیکن خود شدید زخمی ہوگیا۔

فٹبال کی عالمی جنگ اختتام کی جانب گامزن، کل سے سیمی فائنل کیلئے میدان لگے گا

دوحہ: (ویب ڈیسک) قطر میں فٹبال کی عالمی جنگ اختتام کی جانب گامزن ہے، فائنل میں پہنچنے کی جنگ کا کل سے آغاز ہو گا، پہلے سیمی فائنل میں ارجنٹائن اور کروشیا کے درمیان رات 12 بجے لوسیل اسٹیڈیم میں میدان لگے گا، دوسرا سیمی فائنل دفاعی چیمپئن فرانس اور مراکش کے درمیان 14 دسمبر کو شیڈول ہے۔
ارجنٹینا کا ورلڈ کپ کا سفر اپ سیٹ شکست سے شروع ہوا، میسی کی ٹیم کو سعودی عرب کے ہاتھوں 1-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاریخی شکست کے بعد ارجنٹائن نے شاندار کم بیک کیا۔
میکسیکو اور پولینڈ کو شکست دے کر ارجنٹائن نے سپر 16 راؤنڈ تک رسائی حاصل کی، پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا نے آسٹریلیا کو دو ایک سے ہرا کر سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنائی۔
سنسنی خیز کوارٹر فائنل میچ میں ٹیم ارجنٹائن نے نیدر لینڈز کو پنلٹی شوٹ آؤٹ پر چار تین سے شکست دی جبکہ سپراسٹار میسی کی ٹیم قطر میں عالمی کپ کے فائنل میں جگہ بنانے کے لئے پر عزم ہے۔
قطر میں جاری فٹبال کے عالمی میلے میں کروشیا کا سفر ناقابل شکست رہا ہے، گروپ راؤنڈ میں کروشیا نے کینیڈ ا کو ایک کے مقابلے میں 4 گول سے ہرایا جبکہ مراکش اور بیلجئم سے کروشین ٹیم کا مقابلہ برابر رہا۔
سپر 16 راؤنڈ میں کروشیا نے جاپان کو پنلٹی شوٹ آؤٹ پر شکست سے دوچارکیا، کوارٹر فائنل میچ میں کروشین ٹیم نے پانچ بار کی عالمی چیمپئن ٹیم برازیل کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔
کروشیا نے 2018 کے بعد 2022 کے عالمی کپ میں مسلسل دوسری بار فائنل کھیلنے کی ٹھان لی ہے جبکہ دوسرا سیمی فائنل دفاعی چیمپئن فرانس اور مراکش کے درمیان 14 دسمبر کو شیڈول ہے۔

لگاتار 107 دن تک، 107 مرتبہ میراتھن کے برابر دوڑنے کا نیا ریکارڈ قائم

کوئنز لینڈ: (ویب ڈیسک) ایک آسٹریلوی خاتون نے 107 روز تک روزانہ 42.16 کلو میٹر دوڑ کر گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 32 سالہ ارچنا مرے-بارٹلیٹ نے کوئنز لینڈ کے علاقے کیپ یورک میں اگست سے اس معمول کا آغاز کیا اور 3 دسمبر کو 107 دن تک لگاتار میراتھن(خواتین کی) کے برابر فاصلہ طے کرنے کا گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کیا۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ برطانوی رنر کیٹ جیڈن کے پاس تھا۔ انہوں نے رواں سال کے ابتداء میں 106 دن تک تواتر کے ساتھ دوڑ کا ریکارڈ بنایا تھا۔
ارچنا اپنے اس پروجیکٹ کو ’ٹِپ ٹو ٹو 2022’ یعنی سر سے پیر تک کا نام دیتی ہیں۔ انہوں نے آسٹریلیا کے شمالی سِرے کیپ یورک سے بھاگنے کا سلسلہ شروع کیا اور اپنی 150 ویں میراتھن دوڑ ریاست وِکٹوریا کے شہر میلبرن کے علاقے پورٹ میلبرن میں مکمل کرنا چاہتی ہیں جو ملک کا سب سے جنوبی یعنی نچلا حصہ ہے۔

شادی میں نوجوانوں کا تھال اور کرسیوں کیساتھ انوکھا ڈانس

نیودہلی: (ویب ڈیسک) شادی بیاہ کے موقع پر ناچ گانا یوں تو عام سی بات ہے لیکن بھارت سے چند نوجوانوں کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جنہوں نے ڈانس کو کچھ انوکھا ہی رنگ دے ڈالا ۔
سوشل میڈیا پر وائرل یہ ویڈیو بھارت کے کسی علاقے کی ہے جہاں کچھ نوجوان شادی کے لیے لگے ٹینٹ میں دیوانوں کی طرح ناچ رہے ہیں جبکہ ان کے ہاتھوں میں موسیقی کے آلات نہیں بلکہ تھال، پتیلے اورکرسیاں ہیں۔
ویڈیو کے وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں جیسے کچھ صارفین یہ کہتے نظر آئے کہ لڑکیاں بنا موسیقی کے ڈانس نہیں کرسکتیں اور لڑکے ایسے بھی ڈانس کرلیتے ہیں۔

طالبعلموں کی بنائی گئی کشتی طویل سفر طے کرکے برطانیہ جا پہنچی

رہوڈ آئی لینڈ: (ویب ڈیسک) امریکی اسکولوں کے طالبعلموں کی بنائی گئی تجرباتی چھوٹی کشتی یا ” منی بوٹ ” رواں برس مارچ میں سمندر کے حوالے کی گئی تھی، جو 9300 کلومیٹر سفر طے کرکے روڈ آئی لینڈ امریکا سے برطانوی ساحل تک پہنچ گئی ہے۔
اس چھوٹی سی کشتی ’انسپائریشن‘ کو تین امریکی اسکولوں کے طلبا و طالبات نے بنایا تھا ، بچوں نے یہ کشتی روڈ آئی لینڈ گریجویٹ اسکول آف اوشیانوگرافی کے ماہرین کی زیرِنگرانی تیار کی تھی جس کا مقصد بچوں کو سمندر اور اس کے ماحول سے آگاہ کرانا تھا، اس کشتی پر خاص جی پی ایس نظام لگا کر واٹرپروف بنایا گیا تھا۔
26 مارچ کو یہ کشتی سمندر میں اتاری گئی ، جس نے کل 245 دن اور ایک گھنٹے سمندر کا سفر کیا، جس کے بعد کرائسٹ چرچ برطانیہ کے فریئرس کلف کے ساحل پر دیکھی گئی اور یوں اس کا طویل تجرباتی سفر اختتام کو پہنچا۔
اس کشتی کو روڈ آئی لینڈ سے 100 میل دور پانی میں چھوڑا گیا تھا جس نے دس ماہ کا طویل سفر طے کیا۔
اس چھوٹی سی کشتی کے اندر بہت سی معلومات بھی رکھی گئی تھیں جس میں ان تمام اسکولوں اور بچوں کے کوائف موجود تھے جنہوں نے اپنے بڑوں کے ساتھ مل کر اسے بنایا ہے۔

متحدہ عرب امارات نے ’راشد روور‘ کے نام سے پہلی چاند گاڑی خلا میں بھیج دی

دبئی سٹی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے چاند کے لیے اپنا پہلا مشن خلا میں روانہ کردیا ہے جوایک چھوٹی خلائی گاڑی پر مشتمل ہے۔
راشد روور نامی یہ ایک چھوٹی قمری گاڑی ہے جو دبئی میں واقع ’محمد بن راشد اسپیس سینٹر (ایم بی آر ایس سی) ‘ میں بنائی گئی ہے جس میں اماراتی سائنسدانوں نے بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ اپریل 2023 میں یہ چاند پر اترے گا اور کامیابی کے صورت میں امریکہ اور چین کے بعد امارات چاند پر مشن بھیجنے والا تیسرا ملک ہوگا۔
راشد روور فلوریڈا میں واقع مشہور خلائی اڈے، کیپ کیناورل سے روانہ کیا گیا ہے جسے اسپیس ایکس فالکن نائن راکٹ کے ذریعے خلا کے حوالے کیا گیا ہے۔ تاہم اس گاڑی کو ہیکاٹو آر نامی جاپانی لینڈر کا حصہ بنایا گیا ہے۔ یہ لینڈر جاپانی کمپنی آئی اسپیس نے ڈیزائن کیا ہے اس طرح خود آئی اسپیس بھی چاند پر اترنے والی پہلی تجارتی کمپنی قرار پائے گی۔
یہ مشن بہت کم توانائی والے راستہ اختیار کرے گی اور اپریل 2023 میں چاند پر کامیابی سے اترنے کی صورت میں وہاں کم ازکم ایک روز تو ضرور گزارے گا جو زمین کے 14.75 دن کے برابر ہوتا ہے۔ اس کے حساس آلات چاند کی سطح پر موجود پلازما پر تحقیق کریں گے اور ساتھ ہی وہاں کی گردوغبار کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اماراتی سائنسدانوں نے چاند پر رات کے سخت ترین مناسب ماحول میں کام کرنے کے لیے اسے خصوصی طور پر ڈیزائن کیا ہے۔
2017 میں دبئی میں اس پر کام شروع کیا گیا اور مکمل طور پر اماراتی ٹیم نے اسے ڈیزائن کیا ہے۔ قمری گاڑی کا وزن 10 کلوگرام ہے جس پر چار خصوصی پہیئے لگے ہیں۔ اس گاڑی کوامارات کے سابق سربراہ شیخ راشد السعید کے نام پر ’راشد روور‘ کا نام دیا گیا ہے۔

برطانیہ امیریسیئم سے بھی دنیا کی سب سے پہلی ایٹمی بیٹری بنائے گا

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی حکومت کے تعاون سے دنیا کی سب سے پہلی اسپیس بیٹری بنائی جائے گی جو امیریسیئم-241 سے چلتی ہوگی۔
امیریسیئم نامی عنصر انسان کی بنائی ہوئی ایک تابکار دھات ہے جو معمول کی صورتحال میں ٹھوس شکل رکھتی ہے۔
یہ دھات تب بنتی ہے جب پلوٹونیم نیوکلیئر ری ایکٹرز میں یا نیوکلیئر ہتھیاروں کے تجربوں کے دوران نیوٹرونز کو جذب کر لیتا ہے۔ امیریسیئم-241 اس عنصر کا سب سے عام آئیسوٹوپ ہے۔
ایٹمی خلائی بیٹریاں جن کو ریڈیو آئیسوٹوپ پاور سسٹم کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ان کے اندر جب تابکاری کم ہوتی ہے تو یہ گرمائش خارج کرتی ہیں۔
یہ بیٹریاں کئی دہائیوں تک بغیر کسی مرمت کے مسلسل کام کر سکتی ہیں اور یہ خصوصیت ان کو طویل مسافت کے خلائی سفر کے لیے موزوں بناتی ہے۔
برطانیہ کی نیشنل نیوکلیئر لیبارٹری اور خلائی ایجنسی کی جانب سے بیٹری بنانے کے متعلق اعلان جمعے کے روز کیا گیا۔
برطانوی خلائی ایجنسی نے ایک بیان میں کہا کہ دنیا بھر کی خلائی ایجنسیوں کی جانب سے بیٹریوں کو مشن کے لیے بنیادی ٹیکنالوجی قرار دیا جاتا ہے۔
ناسا کے تمام اپولو مشنز میں ایٹمی بیٹری نصب تھی۔ اسی طرح مریخ پر جانے والے روور پر بھی یہی بیٹری لگی ہے۔

روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) کاروباری ہفتے کے پہلے روز روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا۔
انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 25 پیسے بڑھنے کے بعد 224 روپے 65 پیسے پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 1 روپے 80 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 233 روپے 80 پیسے پر فروخت ہوا۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی، 100 انڈیکس میں 157 پوائنٹس کی کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) دوسری جانب پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی مندی دیکھنے میں آئی، کاروبار کے پہلے روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 157 پوائنٹس کمی ہوئی جس کے بعد 100 انڈیکس 41 ہزار 540 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 55 کروڑ ڈالر کی منظوری دیدی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کیلئے 55 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی منظوری دے دی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان کو دی جانے والی رقم سیلاب متاثرہ علاقوں میں تعمیرنو اور موسمیاتی تبدیلیوں پر مدافعت پیدا کرنے پر خرچ ہوگی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہےکہ منظور شدہ رقم میں 30 لاکھ ڈالر اے ڈی بی کی گرانٹ اور47 کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرض ہے جب کہ منظور شدہ رقم میں جاپان کی طرف سے 50 لاکھ ڈالر گرانٹ ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہےکہ اس رقم سے آبپاشی نظام کی بحالی اورنکاسی آب کے منصوبے مکمل ہوں گے، رقم سندھ، کے پی اور بلوچستان میں ٹرانسپورٹ نظام کی بحالی کے منصوبوں پر خرچ ہوگی۔