All posts by Khabrain News

چوہدری سالک کی نواز شریف سے ملاقات، والد چوہدری شجاعت کا اہم پیغام پہنچایا

لندن: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے چوہدری سالک حسین نے سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے لندن میں ملاقات کی ہے۔
لندن میں ہونے والی ملاقات میں مریم نواز، حسین نواز اور حسن نواز بھی موجود تھے۔ چوہدری سالک حسین نے نوازشریف کی خیریت دریافت کی اور چوہدری شجاعت کا پیغام پہنچایا۔
ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ملک کو درپیش مشکلات سے نکالنے کیلئےمستقبل میں بھی ساتھ چلتے رہنے کا فیصلہ کیا گیا۔

امریکی سینیٹ نے بھی ہم جنس پرستوں کی شادیوں کے تحفظ کا بل منظور کرلیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی سینیٹ نے وفاقی قانون کے تحت ہم جنس شادیوں کے تحفظ کے لیے قانون کرلیا جس پر صدر جو بائیڈن نے جلد دستخط کردیں گے جس کے بعد یہ قانون بن جائے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سینیٹ میں ہونے والی ووٹنگ میں 39 ریپبلکنز نے بھی دو طرفہ ووٹنگ میں بل کے حق میں فیصلہ دیا۔ یہ قانون قدامت پسندوں کی زیرقیادت سپریم کورٹ کے رواں برس جون میں اسقاط حمل کے دیرینہ حقوق کو کالعدم قرار دینے کے بعد متعارف کرایا گیا تھا۔
خدشہ تھا کہ سپریم کورٹ کے قدامت پسند ججز ہم جنس پرستوں کی شادی کے حق پر بھی رکاوٹ بن سکتی ہے۔ اس لیے پارلیمان نے فوری طور پر ہم جنس پرستوں کی شادی کے حق کو قانونی حیثیت دیدی۔
اس نئے قانون کو ’’ریسپیکٹ فار میرج ایکٹ‘‘ کے نام سے پکارا جائے گا۔
صدر جوبائیڈن نے ایک بیان میں کہا آج کانگریس نے یہ یقینی بنانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھایا کہ امریکیوں کو اس شخص سے شادی کرنے کا حق حاصل ہے جس سے وہ پیار کرتے ہیں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ دو طرفہ ووٹ لاکھوں ہم جنس پرستوں اور نسلی جوڑوں کو ذہنی سکون فراہم کرے گا جنہیں اب ان حقوق اور تحفظات کی ضمانت دی گئی ہے جس کے وہ اور ان کے بچے حقدار ہیں۔
جس سے دونوں فریقوں کے قانون سازوں کو عدالت کو ہم جنس شادی کے حقوق چھیننے سے روکنے کے لیے حرکت کرنے پر مجبور کیا گیا، جیسا کہ کچھ کو خدشہ تھا کہ ایسا ہو سکتا ہے۔
اس سے قبل جولائی میں یہ قانون ایوان نمائندگان سے بھی منظور ہوچکا ہے اور اب سینیٹ میں منظوری کے بعد صرف امریکی صدر کے دستخط کی ضرورت ہے۔

سندھ کی تقسیم کی بات کرنے والوں کو جینے نہیں دیں گے: مراد علی شاہ

ٹھٹہ: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ کی تقسیم کی بات کرنے والوں کو جینے نہیں دیں گے، 15 جنوری کو بلدیاتی الیکشن کے لیے تیار ہیں، انتظامی امور کے لیے الیکشن کمیشن کے پاس جائیں گے۔
ٹھٹہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے لیے 15 جنوری کی تاریخ دی ہے، بلدیاتی الیکشن کے لیے ہم ہمیشہ تیار ہیں، بلدیاتی الیکشن میں امن و امان قائم رکھنا مشکل ہوتا ہے، ہم انتظامی امور کے لیے الیکشن کمیشن کے پاس جائیں گے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں سیلاب سے متاثرہوئے اکیس لاکھ گھر اب بھی تباہ حال ہیں ، متاثرین ٹینٹوں میں رہ رہے ہیں، متاثرین کو دوبارہ آباد کرنے میں کوشاں ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ مرتضیٰ وہاب نے کراچی کی بہتری کے لیےکام کیا ہے، سیاسی آدمی ہٹانےکے مطالبے کی وجہ سے ایڈمنسٹریٹر کراچی کے عہدے پرسرکاری افسر لگایا ہے۔
پی ٹی آئی پر تنقیدکرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی، یہ صرف اپنی خواہش پوری کرنے کے لیے سب کر رہےہیں، لوگوں سے ووٹ لیتے ہیں پھر اسمبلی توڑنے کی بات کرتے ہیں، تنخواہیں لے رہے ہیں لیکن قومی اسمبلی میں نہیں جاتے۔

لنکا پریمیئر لیگ میں شامل ہونے پر خوشی ہے، وسیم اکرم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ لنکا پریمیئر لیگ میں شامل ہونے پر خوشی ہے۔
سابق کپتان نے اپنے ایک وڈیو بیان میں کہا کہ سری لنکا میں کرکٹ کے فروغ کے لئے لنکا پریمیئر لیگ کا کردار اہم ہے، وہ بہت جلد سری لنکا جا رہے ہیں جہاں جاری لنکا پریمیئر لیگ میں شمولیت اختیار کریں گے اور کرکٹ کے اس یادگار ایونٹ میں سری لنکن عوام کے ساتھ ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لنکا پریمیئر لیگ سری لنکن عوام کے توقعات پر پورا اترے گی کیونکہ سری لنکن عوام کرکٹ کی بہت بڑی مداح ہے اور کثیر تعداد میں شائقین کرکٹ وہاں موجود ہیں۔
واضح رہے کہ لنکا پریمیئر لیگ میں 5 ٹیمیں شامل ہیں اور لیگ کا آغاز 6 دسمبر سے ہو چکا ہے، فائنل 23 دسمبر کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

چوہدری شجاعت کو پارٹی صدارت سے ہٹانے والے شام کو ساتھ بیٹھے ہوتے ہیں: چوہدری سالک حسین

لندن: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت کے بیٹے و وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ چوہدری شجاعت کو یہ کہہ کر پارٹی کی صدارت سے ہٹایا گیاکہ ان کادماغی توازن ٹھیک نہیں، ان کو پارٹی کی صدارت سے ہٹانے والے آج بھی ان سے رابطے کرتے ہیں۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو میں چوہدری سالک کا کہنا تھاکہ جو فیصلے تمام جماعتوں کے ساتھ مل کرکیے تھے، آج بھی اس پر اسٹینڈ کرتے ہیں، مقصد یہی ہے کہ سب مل کر ملک کیلئے کام کریں،کوئی ذاتی مقصدنہیں۔
ان کا کہناتھاکہ ہمیشہ اپوزیشن کی یہی کوشش ہوتی ہےکہ حکومت کو گرایا جائے اورغیرمستحکم کیاجائے، اصل میں حکومت نہیں ملک غیر مستحکم ہورہا ہوتاہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں الیکشن کا انتظار کرنا چاہیے، جس کو عوام مینڈیٹ دے وہ آئے اور حکومت بنائے، اپوزیشن کو حکومت کےساتھ سپورٹنگ کردار رکھنا چاہیے، ملک اور معیشت کی بات پر اپوزیشن کو حکومت کو سپورٹ کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھاکہ میرا خیال ہے سیٹ اپ نہیں، لوگوں کی نیتیں تبدیل ہورہی ہیں، سیٹ اپ تبدیل نہ ہو تو بھی فرق نہیں پڑے گا۔
چوہدری سالک کا کہنا تھاکہ چوہدری شجاعت کو یہ کہہ کر پارٹی کی صدارت سے ہٹایا گیاکہ ان کادماغی توازن ٹھیک نہیں، گھٹیا حرکت ہے، ان کو پارٹی کی صدارت سے ہٹانے والے آج بھی ان سے رابطے کرتے ہیں، شام کو ساتھ بیٹھے ہوتے ہیں، ان لوگوں تھوڑی سی شرم آنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت کا اتنا بڑا دل ہےکہ وہ انہی لوگوں کے ٹیلی فون سن رہےہوتےہیں اور ملاقاتیں کررہےہوتےہیں۔

عامر خان کی ہندو پوجا پاٹ کی تصاویر وائرل، مسلمان مداح ناراض

ممبئی: (ویب ڈیسک) مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ کے ہمراہ ہندو مذہب کے طور طریقوں سے پوجا پاٹ کرتے ہوئے تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
تصاویر عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈا‘ کے ڈائریکٹر ادویت چندن کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ہیں جن پر ان کا لکھنا ہے کہ ’عامر خان پروڈکشنز کے نئے آفس میں پوجا‘۔
عامر خان کو دھاتی برتن پکڑے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، ایک تصویر میں عامر خان تھالی ہاتھ میں تھامے آرتی اتار رہے ہیں جبکہ ایک تصویر میں ناریل پکڑ کر بیٹھے ہوئے ہیں۔
اداکار نے اس موقع پر روایتی قمیص اور جینز پہنی ہوئی ہے، گلے میں ایک لمبی سی سفید شال اور ماتھے پر بڑی سی تلک بھی لگائی ہوئی ہے۔
کچھ مداح قیاس آرائیاں کر رہے ہیں کہ مسٹر پرفکشنسٹ کسی نئی فلم کی تیاری کر رہے ہیں جبکہ کچھ مداح عامر خان کے ہندو روایتوں کو اپناتے ہوئے پوجا کرنے پر سخت ناراض نظر آ رہے ہیں۔
رواں برس نومبر میں عامر خان نے فلم ’لال سنگھ چڈا‘ کے فلاپ ہونے کے بعد اپنے کیریئر کے 35 برسوں میں پہلی بار اداکاری سے بریک لینے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے ایک تقریب کے موقع پر بتایا تھا کہ 35 سال سے مسلسل اداکاری کرنے کے بعد اب وہ کچھ وقت اپنے بچوں اور والدہ کے ساتھ گزارنے کے خواہش مند ہیں۔

آسٹریلیا میں اسکول کو 120 سال بعد کتاب واپس مل گئی

کوئنز لینڈ: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے ایک اسکول کا کہنا ہے کہ اسکول کی لائبریری سے لی گئی کتاب تقریباً 120 سال بعد واپس کر دی گئی۔
آسٹریلیوی ریاست کوئنزلینڈ کے اسکول ٹُووُمبا گرامر اسکول نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ حال ہی میں جان لیمب نامی ایک شخص نے اسکول کی لائبریری کو چارلس ڈِکنس کی کتاب گریٹ ایکسپیکٹیشن کا ایک نسخہ واپس لوٹایا ہے۔
جان لیمب کے دادا آرتھر لیمب 03-1902 کے درمیان اس اسکول کے طالب علم تھے اور 1903 میں یہ کتاب انہوں نے لائبریری سے نکلوائی تھی۔
پوسٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ یہ کتاب اچھی حالت میں خاندان والوں کو حال ہی میں ایک بکس سے ملی جس میں ان کا سامان رکھا تھا۔

چوہدری شجاعت سے رابطے بحال ہوگئے، مونس الہیٰ

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ق کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مونس الہیٰ نے تصدیق کی ہے کہ چوہدری برادران کے رابطے بحال ہوگئے ہیں، اسمبلی تحلیل کے معاملے پر عمران خان کا جو حکم ہوگا اُس پر عمل کیا جائے گا۔
سابق وفاقی وزیر مونس الہیٰ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں وی لاگرز سے ملاقات میں پنجاب اسمبلی کی تحلیل سے متعلق تمام ابہام دور کرتے ہوئے کہا کہ یہ اٹل اور دوٹوک فیصلہ ہے عمران خان اسمبلی تحلیل کے حوالے سے جو کہیں گے وہ ہوگا اور نئے انتخابات کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں الیکشن ہی واحد حل ہے، مستقبل میں تحریک انصاف کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں البتہ کچھ لوگ شاید نہیں چاہتے کہ پی ٹی آئی اور ق لیگ ساتھ چلیں۔
مونس الہیٰ نے کہا کہ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کے جلسے کے بعد والد کو تبدیل پایا، وہ عمران خان کے ساتھ دیرپا اتحاد چاہتے ہیں، والد چوہدری پرویز الہی، حسین الہی اور میں مشاورت سے فیصلے کرتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ کبھی کوئی ایسا عمل نہیں کیا جس سے عمران خان کی سیاست اور عزت پر فرق آئے، چیئرمین پی ٹی آئی ہمارے محسن ہیں اور ہمارا خاندان محسن کش نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماموں شجاعت حسین سے اس دن سے نہیں ملا جس دن اسمبلی سے ملاقات کے لیے روانہ ہوا تھا البتہ اب چوہدری شجاعت اور پرویز الہی کے رابطے بحال ہوگئے ہیں۔

پاکستان میں کرپشن اور فراڈ کا موجد شریف خاندان ہے:فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی و رہنما تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن اور فراڈ کا موجد بلاشبہ شریف خاندان ہے
رہنما پاکستان تحریک انصاف نے نواز شریف کی گفتگو پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور اسکے حواریوں نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لُوٹا اور عدالتوں سے جھوٹ بول کر فرار ہو گئے۔ڈیلی میل معاملے کے تمام حقائق برطانوی صحافی پہلے ہی عیاں کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے کیسز میں بھی احتساب کے عمل کا کھلا تماشا لگایا گیا،سابق مشیر برائے احتساب وامور داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر نے شہباز شریف پر جو کیس بنایا اس پر عدالتی کاروائی ہوئی ہی نہیں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بلین ٹری منصوبہ تحریک انصاف کی بڑی کامیابیوں میں سے ایک ہے جس کو بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی ملی، شہزاد اکبر نے شہباز شریف پر جو کیس بنایا اس پر عدالتی کارروائی ہی نہیں ہوئی۔خیبرپختونخوا کے عوام نے عوامی خدمت کے پیش نظر تحریک انصاف کو بار بار اقتدار سونپا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو 12 دسمبر کو امریکا روانہ ہوں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرخارجہ بلاول بھٹو جی 77 ممالک کی کانفرنس میں شرکت کیلئے 12 دسمبر کو امریکا روانہ ہوں گے۔
اپنے دورہ امریکہ کے موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو امریکی حکام سے بھی ملاقات کریں گے جس میں پاکستان کیلئے تجارت میں مزید سہولیات کے حوالے سے گفتگو ہوگی۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو کے دورے کے دوران عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ مختلف مالی امور سے متعلق امریکہ کے اثررورسوخ پر بات ہوگی اس کے علاوہ افغانستان کی صورتحال بھی زیر غور آئے گی۔