All posts by Khabrain News

سیاسی پارٹیاں دست و گریبان ہونے کے بجائے ملک کا سوچیں: راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سب سیاسی پارٹیاں ملک کی ہیں، ایک دوسرے سے دست و گریبان ہونے کی بجائے ملک کا سوچنا چاہیے، پاکستان کے 22 کروڑ لوگ بہادر لوگ ہیں، عوام کی قوت پر بھروسہ کرتے ہوئے پاکستان ہر مشکل سے باہر نکلے گا۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میری خواہش ہے ملک میں استحکام ہو، کوئی بھی ملک غیر یقینی کی کیفیت میں ترقی نہیں کر سکتا، جب سیاسی استحکام ہوگا تو معاشی استحکام بھی آئے گا، سب سیاسی پارٹیاں ملک کی ہیں، ایک دوسرے سے دست و گریبان ہونے کی بجائے ملک کا سوچنا چاہیے، تنقید اور تضحیک سے معاملات خراب تو ہو سکتے ہیں ٹھیک نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہا کہ تمام ممالک نے کسی نہ کسی دور میں مشکل حالات دیکھے ہیں، مشکل میں ہاتھ پاؤں چھوڑ کر نہیں بیٹھنا چاہیے اور تنقید نہیں کرنی چاہیے، یہ نظام کا بڑا دردناک حصہ ہے کہ ہم لوگ صرف الزامات لگاتے ہیں، ہم بغیر سوچے سمجھے الزامات لگا دیتے ہیں، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو پر کیسز بنائے گئے، کوئی جماعت ایسی نہیں جس پر کیسز نہ بنے ہوں، یہاں کیس بعد میں رجسٹرڈ ہوتا ہے پہلے میڈیا ٹرائل ہوتا ہے، پہلے بندا بدنام ہو جاتا ہے 5 سال بعد عدالتیں کہتی ہیں آپ کو باعزت بری کیا جاتا ہے۔
سابق وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی سیاست میں کوئی ایک شخص بتائیں جس پر الزامات نہیں ہیں، اس وقت سین اور سکرین پر کوئی نہیں بچا، یہ ایک رواج بن چکا ہے کہ دوسرے کو اتنا برا کہو کہ شاید آپ کا چہرہ چمک اٹھے، سب نے اسی گلی میں سے گزرنا ہوتا ہے، عمران خان نے بہت الزامات لگائے آج ان پر کیا کیا الزامات لگ رہے ہیں، ملک میں استحکام لانا ہے، اچھی سیاست کرنی ہے، خدمت کی سیاست کرنی ہے تو اس گند سے باہر نکلنا پڑے گا۔

سرکاری زمین پر مبینہ قبضہ کیس، حلیم عادل شیخ کی ضمانت منظور

کراچی: (ویب ڈیسک) سرکاری زمین پر مبینہ قبضہ کیس میں رہنما پاکستان تحریک انصاف حلیم عادل شیخ کی ضمانت منظور کر لی گئی۔
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں سرکاری زمین پر مبینہ قبضہ کیس کی سماعت ہوئی جس میں رہنما تحریک انصاف اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ عدالت میں پیش ہوئے۔
حلیم عادل شیخ کی جانب سے وکیل نے ضمانت کی درخواست پر دلائل دیے، وکیل نے کہا کہ حلیم عادل شیخ کے خلاف جھوٹا مقدمہ بنایا گیا، مقدمہ کا سامنا کرنا چاہتے ہیں، ضمانت کی درخواست منظور کی جائے۔ وکیل کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے حلیم عادل شیخ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 30 ہزار روپے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کردیا، شیڈول کے مطابق صوبہ میں بلدیاتی حلقہ بندیاں 16 دسمبر سے 6 جنوری تک کی جائیں گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 7 جنوری کو شائع کی جائے گی، 9 جنوری سے 23 جنوری تک ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات دائر کیے جاسکیں گے۔
بلدیاتی حلقہ بندیوں کے حوالے سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن پنجاب میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 12 فروری کو جاری کرے گا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اپریل کے آخری ہفتے میں کرانے کا فیصلہ کر رکھا ہے، الیکشن کمیشن قوانین میں تبدیلی کے باعث پنجاب میں بلدیاتی حلقہ بندیاں تیسری دفعہ کر رہا ہے۔

ناظم جوکھیو قتل کیس: پی پی رکن سندھ اسمبلی جام اویس پر فرد جرم عائد

کراچی: (ویب ڈیسک) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر نے ناظم جوکھیو قتل کے مقدمے میں رکن سندھ اسمبلی جام اویس گہرام و دیگر پر فرد جرم عائد کردی۔
ملزموں کے صحت جرم سے انکار پر گواہوں کو نوٹسز جاری کردیئے گئے، ملیر کورٹ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے روبرو ناظم جوکھیو کے قتل کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے رکن سندھ اسمبلی جام اویس گہرام و دیگر پر فرد جرم عائد کردی جبکہ ملزموں کے صحت جرم سے انکار پر گواہاں کو طلبی کے نوٹسز جاری کردیئے۔
عدالت نے سماعت 15 دسمبر تک ملتوی کردی، کیس میں ناظم جوکھیو نے جام اویس و دیگر کے ساتھ صلح کی درخواست دائر کررکھی ہے، ناظم جوکھیو کے قتل کا مقدمہ ملیر میمن گوٹھ تھانے میں درج ہے۔

امریکی سفیر کا دورہ پشاور، لڑکیوں کی تعلیم کے منصوبے کا افتتاح

پشاور: (ویب ڈیسک) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پشاور میں لڑکیوں کی تعلیم کے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پشاور میں 4 سالہ تعلیمی منصوبے کے لیے امریکی حکومت 40 لاکھ ڈالر کی معاونت فراہم کرے گی۔ اس موقع پر امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی شہریوں بالخصوص لڑکیوں کے مستقبل کی کوششوں میں پاکستان کی حمایت کرتے ہیں، امریکہ خیبرپختونخوا حکومت سے تعلیمی شعبہ کی ترقی پر کام کرتا رہے گا۔
صوبائی وزیر شہرام ترکئی نے کہا کہ منصوبے سے اسکول کے انتظام کو مزید فعال بنانے کے قابل ہو سکیں گے جبکہ اس منصوبے کے تحت اسکول کے معیار میں بھی اضافہ ہو گا۔

عمران خان کی گرفتاری کا دن بھی جلد آئے گا، نواز شریف

لندن: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی گرفتاری کا دن بھی جلد آئے گا۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور سیاستدان کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی جبکہ ہم وہ ہیں جنہوں نے ایٹمی دھماکے کیے، موٹر ویز بنائیں۔ ہم نے ملک کو بجلی کے بحران سے نکالا اور نئے منصوبے لگائے لیکن ایک شخص خود کرپشن میں ڈوبا ہے اور دوسروں پر الزام لگا رہا ہے۔
انہوں ںے کہا کہ یہ جن کو کرپٹ کہتے ہیں ان کو لندن میں عدالتیں سرٹیفکیٹ دے رہی ہیں اور یہ جھوٹے پراپیگنڈے کے بعد پھر اخباروں میں معافیاں مانگتے ہیں۔ اللہ نے ہمیں ہر جگہ سرخرو کیا جبکہ عمران خان کے خلاف الزامات نہیں بلکہ ثابت شدہ کرپشن ہے۔
نواز شریف نے الزام عائد کیا کہ عمران خان نے 50، 50 ارب روپے کی کرپشن کی اور میرے خلاف تو ہائی جیکنگ کا کیس بھی بنایا گیا تھا لیکن بتائیں کون سی ہائی جیکنگ کی ہے؟ اور عمران خان کسی ایک منصوبے کا نام لیں جس کی بنیاد رکھی ہو اور وہ پایا تکمیل تک پہنچایا ہو۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور شہزاد اکبر کو شرم آنی چاہیے، یہ جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچیں گے۔ پاکستان میں عمران خان کے خلاف انکوائریاں چل رہی ہیں لیکن پاکستان میں انکوائریوں کا کام ڈھیلا ڈھالا ہوتا ہے اور ہفتے کا کام 2 سال پر چلا جاتا ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں مفت میں جلاوطنی اور جیلیں بھگتنا پڑیں لیکن اب عمران خان کی گرفتاری کا دن بھی جلد آئے گا۔

ملتان ٹیسٹ میں پاکستان مشکلات کا شکار، 202 پر پوری ٹیم آوٹ

ملتان : (ویب ڈیسک) ملتان ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار ہے ۔ پاکستان کی پوری ٹیم 202 رنز پر آوٹ ہوگئی۔
ملتان ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹنگ لائن لڑ کھڑا گئی۔ پاکستان کی پوری ٹیم 202 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ انگلینڈ کو 79 رنز کی برتری حاصل ہے۔
بابر اعظم کے 75 اور سعود شکیل کے 63 رنز کے علاوہ کوئی بیٹسمین اچھی بیٹنگ نہیں کر سکا۔
امام الحق صفر، عبداللہ شفیق 14، محمد رضوان 10، آغا سلمان 4 اور محمد نواز ایک رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ محمد علی اور زاہد محمودبغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے۔
انگلینڈ کے جیک لیچ نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ مارک ووڈ اورجو روٹ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جیمز انڈرسن اور روبنسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 281 رنز بنا کر آوٹ ہوئی تھی۔ پاکستان کی طرف سے ڈیبیو کرنے والے ابرار احمد نے 7 اور زاہد محمود نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔
واضح رہے کہ ٹیسٹ سیریز میں برطانیہ کو پاکستان پر ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 دہشتگرد مارے گئے

پشاور: (ویب ڈیسک) پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی بنوں ریجن کی مشترکہ کارروائی میں 4 دہشتگرد مارے گئے۔
سی ٹی ڈی ترجمان نے کہا ہے کہ سرحد پار کرنے کی اطلاع پر افغانستان سرحد پر دہشتگردوں کے خلاف خفیہ کارروائی کی گئی۔ اس دوران دہشتگردوں نے آپریشن ٹیم پر فائرنگ کر دی جوابی فائرنگ میں 4 دہشتگرد مارے گئے۔
مارے جانے والے دہشتگردوں کی شناخت داعش کے مقامی کمانڈر محمد داؤد، عبداللہ اور محمد لائق کے نام سے ہوئی جبکہ ایک کی شناخت نہ ہو سکی۔
ہلاک دہشتگردوں سے 2 ہینڈ گرنیڈ، 2 کلاشنکوف، 2 پستول سمیت دیگر سامان برآمد ہوا جبکہ ایک دہشتگردوں کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

مستقبل میں بھی پی ٹی آئی کے ساتھ ہی رہنا چاہتے ہیں،مونس الہیٰ

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہیٰ کا کہنا ہے کہ مستقبل میں بھی پی ٹی آئی کے ساتھ ہی رہنا چاہتے ہیں۔ عمران خان جو کہیں گے وہ ہوگا، یہ اٹل ہے۔
سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی نے وی لاگرز سے وزیر اعلی ہاوس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں پی ٹی آئی کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔شاید کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ ق لیگ پی ٹی آئی کے ساتھ رہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان اور جنرل باجوہ ہمارے محسن ہیں ، ہم احسان فراموش نہیں۔نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کے جلسے کے بعد والد پرویز ا لہٰی کو تبدیل پایا۔پرویز الہٰی عمران خان کے ساتھ دیر پاچلنے کے خواہاں ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پرویز الہٰی اورحسین الہٰی مجھ سے مشاورت کرکےفیصلے کرتے ہیں۔شجاعت حسین سے اس دن سے نہیں ملا جب عمران خان سے ملاقات کے لیے گیا تھا،شجاعت حسین اور پرویز الہٰی کا رابطہ بحال ہوا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان جو کہیں گے وہ ہوگا، یہ اٹل ہے۔ایسا عمل نہیں کیا جس سے عمران خان کی سیاست اور عزت پر فرق آئے۔الیکشن کے مطالبے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔عمران خان ہمارے محسن ہیں اور ہمارا خاندان احسان فراموش نہیں،
انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ پرویز الہٰی کو گرفتار کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا تھا،سیاسی صورتحال میں الیکشن ہی واحد حل ہے۔ جنرل باجوہ اور عمران خان میں تناؤ کو کم کرنے کی ایک کوشش ضرور کی تھی۔

لڑکی کو گھورا یا سیٹی بجائی تو جیل جانا پڑے گا

برطانیہ : (ویب ڈیسک) برطانیہ میں خواتین کی حفاظت کیلئے قانون سخت کر دئیے گئے، سڑک پر کسی بھی طرح لڑکی کو ہراساں کیا تو دو برس کی سزا دی جائے گی۔
برطانوی وزیر داخلہ سویلا بریورمین نے نئے منصوبے پر کام شروع کیا ہے، اس قانون کے تحت کسی کو دیکھ کر سیٹی بجانا، نامناسب اشارہ کرنا، پیچھا کرنا اور گھورنا جرم ہوگا۔
برطانوی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہر خاتون کو کہیں بھی جانا، کسی بھی راستے سے گزرنا محفوظ لگنا چاہیے، اور جو کوئی ایسی غلط حرکت کا سوچے گا اسے نتائج کی بارے میں بھی سوچنا ہو گا۔
واضح رہے برطانیہ میں جنسی ہراسانی پہلے ہی جرم ہے اور تاہم اب اس نئے قانون سے لوگوں کو ہراسانی رپورٹ کرنے کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
سروے کے مطابق برطانیہ میں دو تہائی خواتین خود کو رات یا دن کے کسی وقت محفوظ تصور نہیں کرتیں، لیکن وہ اس بارے میں رپورٹ بھی درج نہیں کرا پاتی ہیں۔
ٹرانسپورٹ فار لندن کے مطابق ایک سال کے دوران ٹرینوں اور بسوں میں جنسی ہراسانی کے 1813 واقعات رپورٹ ہوئے۔