All posts by Khabrain News

سیلاب سے تباہی، قرآن کریم کی تعلیمات کے مطابق منزل کا تعین کرنا ہوگا: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب سے ملک میں بدترین تباہی ہوئی، متاثرین کی بحالی کے اقدامات میں تمام اداروں کا کردار قابل قدر ہے، مشترکہ کاوشوں سے ہی قدرتی آفت کا مقابلہ کرنے کے قابل ہوئے ہیں، ہمیں قرآن کریم کی تعلیمات کے مطابق اپنی منزل کا تعین کرنا ہو گا۔
نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سنٹر کے افسران کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریاں تکلیف دہ ہیں، متاثرین کی بحالی کیلئے کوشاں ہیں، نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سنٹر کی سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے کاوشیں قابل تعریف ہیں، پاکستان وسائل سے مالا مال اور جغرافیائی اعتبار سے اہمیت کا حامل ملک ہے، مشترکہ کاوشوں اور جذبہ سے متاثرین کی خدمت کے قابل ہوئے، دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے، مسلح افواج، این ڈی ایم اے اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے متاثرین کیلئے مل کر کام کیا، سیلاب سے متاثرہ افراد کی خدمت کرنے والوں سے ملاقات قابل فخر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل ظفر اقبال کی سربراہی میں نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سنٹر کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، احسن اقبال کی قیادت میں آپ سب نے دن رات محنت کی اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے آپ تمام وسائل بروئے کار لائے، تباہ کن سیلاب سے لاکھوں گھر تباہ ہوئے، 1700 جانیں ضائع ہوئیں، کھڑی فصلیں برباد ہوئیں، سڑکوں اور ریلوے کا انفراسٹرکچر تباہ ہوا، قصبوں کے قصبے ڈوب گئے، بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا تھا، کئی دیہات تک رسائی ممکن نہیں تھی تاہم جس طرح اجتماعی کاوش کے ساتھ افواج پاکستان، این ڈی ایم اے، صوبائی ایجنسیوں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مل کر یک جان دو قالب ہو کر شبانہ روز محنت کی ہے اس کا اجر دنیا و آخرت دونوں میں ملے گا، اس کارکردگی کو سراہتے ہیں، سیلاب کی بڑے پیمانے پر تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے جو شاندار کام کیا اس پر این ایف آر سی سی مبارکباد کی مستحق ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے، چیئرمین این ڈی ایم اے جنرل اختر نواز نے بڑی محنت سے کام کیا، احسن اقبال، شازیہ مری، سردار ایاز صادق، وزیر خزانہ سمیت دیگر نے سیاسی محاذ پر بھرپور کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو ماڈل یہاں پیش کیا گیا ہے اس پر بغیر وقت ضائع کئے کام شروع کیا جائے، اندرون سندھ کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر اور سیوریج لائنیں بچھانے کی تجویز معقول ہے، اس حوالہ سے وزیر خزانہ سے بات کریں گے، ہمیں ایسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اپنے آپ کو تیار رکھنا ہو گا۔
انہوں نے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی تشویشناک لمحات میں بہترین کاوشیں کیں اور ایسی ویڈیوز دنیا کے سامنے پیش کیں جنہوں نے انہیں جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے، صرف ریکوڈک کے ذخائر سے اربوں ڈالر حاصل کئے جا سکتے ہیں تاہم کئی سال گزرنے کے باوجود ہم یہاں سے گولڈ اور کاپر کے ذخائر دریافت کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے، اس طرح قومیں نہیں بنتیں، اس طرح ہم اپنے معاشرے کو بااختیار نہیں بنا سکتے، ہمیں قرآن کریم کی تعلیمات کے مطابق اپنی منزل کا تعین کرنا ہو گا، نبی کریمﷺ کی تعلیمات اور قائداعظم کے وژن کے مطابق چل کر ہی ہم کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اجتماعی کاوشوں اور جذبہ سے ہم متاثرین کی مدد میں کامیاب ہوئے، آئندہ بھی اسی جذبہ سے ایسی صورتحال سے نمٹنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں، پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال اور جغرافیائی اعتبار سے اہم ملک ہے، سیلابی تباہ کاریوں پر دکھ ہے، متاثرین کی بحالی کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائیں گے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان نے بدترین سیلاب دیکھا جو جدید تاریخ میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے سب سے بڑی قدرتی آفت تھی جس کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ پاکستان اکیلا اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا تھا، وزیراعظم نے کوآرڈینیشن سنٹر کے چیئرمین کی حیثیت سے بھرپور رہنمائی دی اور متاثرہ علاقوں میں جگہ جگہ گئے، کوآرڈینیشن سنٹر میں شامل تمام ادارے مل کر منصوبہ بندی کرتے تھے، انتظامیہ کے ساتھ مل کر اقدامات اٹھائے جاتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ان سب کی محنت سے بہت بڑی متوقع تباہی کا خطرہ ٹل گیا، سیلاب کے بعد بیماری سے ہزاروں اموات کا خدشہ تھا تاہم بہترین حکمت عملی سے اس پر قابو پایا گیا، ایک جامع کاوش سے اس صورتحال سے محفوظ رہے، سیلاب کے دوران تمام اداروں نے مل کر کام کیا۔

چین فلسطینی عوام کیساتھ ہمیشہ کھڑاہے، چینی صدر کی محمود عباس سے ملاقات میں گفتگو

ریاض: (ویب ڈیسک) چین کے صدر شی جن پنگ نے فلسطینی صدر محمود عباس سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ملاقات کی ہے۔
چینی صدر ان دنوں سعودی عرب کے تاریخی دورے پر موجود ہیں۔ شی جن پنگ نے فلسطین کے صدر محمود عباس سے سعودی دارالحکومت ریاض میں ملاقات کی۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے چینی صدر کا کہنا تھاکہ چین اورفلسطین دیرینہ دوست ہیں اور چین فلسطینی عوام کےساتھ ہمیشہ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا پرامن اور عادلانہ حل مشرق وسطیٰ میں امن واستحکام کا ضامن ہے اور مسئلہ فلسطین نے انسانیت اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔
چینی صدر کا کہنا تھاکہ مسئلہ فلسطین دو ریاستی حل اور زمین کے بدلے امن سے جڑا ہوا ہے، چین 1967 کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست جس کا دار الحکومت بیت المقدس ہو کے قیام کی حمایت کرتا آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اسلاموفوبیا اور دہشت گردی کو کسی مذہب یا رنگ ونسل سے جوڑنے کو مسترد کرتا ہے۔
شی جن پنگ کا کہنا تھاکہ چین اورخلیجی ممالک عربی اورچینی زبانوں کی تعلیم کیلئے اقدامات کریں گے، چین اورخلیجی ممالک نے ٹیکنالوجی اورڈیجیٹل شعبوں میں تعاون بڑھانے پراتفاق کیا۔
فلسطینی صدر نے غیر متزلزل حمایت پرچین کا شکریہ ادا کیا اورکہاکہ فلسطینی عوام کو چین سے تعلقات پر فخر ہے، چین نے ہمیشہ فلسطینی عوام کی مضبوطی سے حمایت کی ہے، فلسطین بھی ون چائنا پالیسی کی حمایت کرتا ہے۔

مہنگائی کی مجموعی شرح 30 فیصد سے نیچے نہ آسکی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 30 فیصد سے نیچے نہ آسکی۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں اضافہ ہوا نہ ہی کمی ہوئی،24 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا 8 اشیاء کی قیمتوں میں کمی کی گئی جبکہ 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ پیاز کی فی کلو قیمت میں 26 روپے ،ایل پی جی گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 61 روپے،انڈے فی درجن 6 روپے ، چینی کی فی کلو قیمت میں 1 روپے 9 پیسے جبکہ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 13 روپے تک مہنگا ہوا ہے۔
مہنگی ہونیوالی دیگر اشیا میں دال مونگ، چاول، نمک، دال ماش ،جلانے کی لکڑی، چائے اور دہی شامل ہیں۔

اسمبلی کی تحلیل سے متعلق بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر چلایا گیا: بیرسٹر سیف

پشاور: (ویب ڈیسک) معاون خصوصی اطلاعات وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے میرا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر چلایا گیا۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ مجھ سے منسوب بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر چلایا جارہا ہے، کے پی کے تمام وزراء، اراکین اسمبلی وزیراعلیٰ کی سربراہی میں متحد اور عمران خان کے ساتھ ہیں۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ عمران خان جب بھی حکم دیں گے اسمبلی تحلیل کر دی جائے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بیرسٹر سیف کا یہ بیان سامنے آیا تھا کہ کے پی اسمبلی کی تحلیل کے معاملے پر کچھ وزراء اور اراکین میں اختلافات ہیں، اسمبلی کی تحلیل کے معاملے پر تمام اراکین کو اپنی رائے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے سامنے رکھنے کی مکمل آزادی ہے تاہم کچھ وزراء اور ارکان میں اختلافات ہیں، پنجاب اسمبلی تحلیل ہو جائے تو پھر بات بن سکتی ہے۔

گوگل نے پاکستان میں بطور کمپنی رجسٹریشن کرالی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) گوگل دنیا کی چند بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں سے ایک ہے اور اب پہلی بار اس نے بطور کمپنی پاکستان میں رجسٹریشن کرالی ہے۔
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) امین الحق کے مطابق گوگل نے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں بطور کمپنی رجسٹریشن کرالی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا قوانین کے تحت حکومت نے سوشل میڈیا کمپنیوں کو رجسٹریشن کا پابند کیا ہے اور اسی وجہ سے گوگل نے بطور کمپنی پاکستان میں رجسٹریشن کرائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گوگل کا سرور پاکستان میں بنے گا تو پاکستانی صارفین کا ڈیٹا محفوظ ہوگا، ورنہ ابھی تمام کمپنیوں کا ڈیٹا ملک سے باہر محفوظ کیا جاتا ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ ٹک ٹاک کی جانب سے بھی جلد پاکستان میں دفتر قائم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پالیسیوں کے عدم تسلسل اور عدم استحکام کے باعث کمپنیاں ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کمپنیوں کی ہچکچاہٹ دور کرنے کے لیے وزارت آئی ٹی کی جانب سے انہیں مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔

وزیراعظم کے 10 معاونین خصوصی کو وزیر مملکت کا عہدہ مل گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ میں شامل 10 معاون خصوصی کو وزیر مملکت کا درجہ دے دیا۔
وزیر اعظم کی جانب سے وزیر مملکت بنائے جانے والوں میں مسلم لیگ ن کے افتخار احمد احمد، مہر ارشاد احمد خان، پیپلزپارٹی کے رضا ربانی، مہیش کمار، فیصل کریم کنڈی اور سردار سلیم حیدر شامل ہیں۔
جبکہ وزیراعظم نے تسنیم احمد قریشی، سردار شاہ جہاں، محمد علی شاہ اور ملک نعمان لغاری کو بھی وزیر مملکت کا درجہ دے دیا۔

سعودیہ کے دورے سے عرب دنیا کیساتھ تعلقات کا نیا دور شروع ہوگا؛ چینی صدر

ریاض: (ویب ڈیسک) صدر شی جنپنگ کے دورۂ سعودی عرب کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ہائیڈروجن توانائی اور براہ راست سرمایہ کاری سمیت درجنوں معاہدے طے پا گئے اور چین کے صدر نے اس دورے کو عرب ممالک کے ساتھ نئے دور کا آغاز قرار دیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے صدر شی جنپنگ سعودی عرب کے دورے پر ہیں جہاں فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔
دونوں ممالک کے درمیان ہائیڈروجن توانائی اور براہ راست سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی سمیت مفاہمت کی متعدد یادداشتیں، معاہدے اور سمجھوتے طے پاگئے۔ جن میں سعودی ولی عہد کے وژن 2030 اور چین کے روڈ اینڈ بیلٹ اقدام کے درمیان ہم آہنگی کا منصوبہ بھی شامل ہے۔
چینی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات میں صدر شی جنپنگ نے سعودی عرب کو چینی سیاحتی گروپوں کے لیے سمندر پار مقامات کی فہرست میں شامل کرنے، دونوں ملکوں کے درمیان لوگوں کے تبادلے کو بڑھانے اور ثقافتی تبادلوں پر اتفاق کیا ہے۔
اس کے علاوہ دونوں ممالک میں مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے دستیاب وسائل کی سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت، مشترکہ دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک نے چینی زبان سکھانے کے لیے تعاون کی ایک یادداشت پر بھی دستخط کیے۔ سعودی عرب کی ایک جامعہ نے چینی صدر کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری بھی تفویض کی۔
گزشتہ روز سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیراور چین کے صدر شی جنپنگ نے شاہی محل میں ہونے والی ایک ملاقات میں جامع تزویراتی شراکت داری کے معاہدے پر دست خط کیے تھے۔
علاوہ ازیں دونوں ممالک کے درمیان سربراہ کانفرنس کے علاوہ چین-خلیج سمٹ اور چین-عرب سربراہ اجلاس بھی منعقد ہوئے۔ چینی صدر کے تین روزہ دورے کا اختتام آج ہوجائے گا۔
چین کے صدر نے اس دورے کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے دورے سے دیگر عرب ممالک کے ساتھ تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انھوں نے دورے کے آغاز پر ہی کہا تھا کہ چین خلیجی تعاون کونسل کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔

برطانیہ نے دنیا بھر کے درجن سے زائد کرپٹ سیاست دانوں پر پابندی لگادی 

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ نے ایران، روس اور میانمار سمیت 11 ممالک کے 30 افراد پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جن میں کرپٹ سیاست، جنسی تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی میں ملوث اہم طاقتور افراد اور فوجی شامل ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ نے عوامی مظاہروں کو کچلنے کے لیے تشدد کے استعمال، جنسی استحصال، قیدیوں سے ناروا سلوک کرنے والے عہدیدار اور کرپٹ سیاستدانوں پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔
برطانیہ کے وزیر خارجہ جیمز کلیورلی نے ایک بیان میں کہا پابندیوں کو اور بھی سخت کیا جا رہا ہے۔ جن افراد پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں ان کا تعلق مختلف 11 ممالک سے ہے جن میں 10 ایرانی سیکیورٹی فورسز، جیل اور عدالت کے اہلکار شامل ہیں۔
میانمار میں جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کرنے والے فوجی آمر جو خود ساختہ جنتا حکومت میں بھی شامل ہیں، انھیں بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ روس کے 90 ویں ٹینک ڈویژن کے کمانڈر اباتولین بھی پابندی کا شکار ہیں۔
ان کے علاوہ مالی کے کتیبا میکینا گروپ پر بھی جنسی تشدد میں ملوث ہونے کے الزام پر پابندی عائد کی گئی ہے اسی طرح جنوبی سوڈان کے چند عہدیداروں کو بھی جنسی تشدد پر پابندی کا سامنا ہوگا۔

پارٹی آئین میں تبدیلی، الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی کو نوٹس جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو پارٹی آئین میں تبدیلی پر نوٹس جاری کر دیا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف سے ترمیم شدہ پارٹی آئین طلب کر لیا، ترمیم شدہ آئین طلب کرنے کا فیصلہ عمران خان پارٹی صدارت سے متعلق ہونے والی مشاورت میں کیا گیا۔
اس حوالے سے ذرائع کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ تحریک انصاف نے پارٹی آئین میں ترمیم کے ذریعے جماعتی ڈھانچے میں تبدیلی کی ہے، ترمیم کے ذریعے پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کے لیے باقاعدہ طریقہ کار وضع کیا گیا۔
عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے سے متعلق الیکشن کمیشن 13 دسمبر کو سماعت کرے گا۔

عام انتخابات ہی تمام مسائل کا واحد حل، کارکن الیکشن کی تیاری کریں: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چور اقتدار پر قابض ہیں، عام انتخابات ہی تمام مسائل کا واحد حل ہیں، کارکن الیکشن کی تیاری کریں، مافیاز کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
اپنے ویڈیو پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک تباہ اس وقت ہوتا ہے جب طاقتور اربوں روپے کی چوری کرتا ہے اور ملک کا پیسہ بیرون ملک بھجوا دیتے ہیں جس سے ملک کمزور ہوجاتا ہے، وائٹ کالر کرائم پکڑنا پہلے ہی مشکل تھا، نیب قوانین میں ترمیم سے اب ناممکن ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہی چور دوبارہ حکومت میں آکر بیٹھ گئے ہیں اور خود کو چوری کا لائسنس دے دیا، جب تک ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوتی ملک ترقی نہیں کرسکتا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ملک تب ترقی کرے گا جب قانونی کی حکمرانی ہوگی، بڑی کرپشن نہیں پکڑیں گے تب تک ملک خوشحال نہیں ہو سکتا۔