All posts by Khabrain News

قومی شناختی کارڈ کے اجرا میں ڈی این اے کو لازمی قرار دینے کی قرارداد منظور

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان اسمبلی نے قومی شناختی کارڈ کے اجرا میں ڈی این اے کو لازمی قراردینے سے متعلق قرارداد منظور کرلی۔
بلوچستان اسمبلی کا اجلاس قائم مقام اسپیکر سرداربابرموسیٰ خیل کی زیرصدارت 2 گھنٹے کی تاخیر سے منعقد ہوا جس میں پارلیمانی سیکرٹری بشریٰ رند نے قومی شناختی کارڈ کے اجرا میں ڈی این اے کو لازمی قراردینے سے متعلق قرارداد پیش کی جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔
بلوچستان اسمبلی نے پارٹنر شپ بلوچستان، تنازعات کا متبادل حل ، بلوچستان ورکرز کمپنسیشن ، بلوچستان آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ اور بلوچستان کمرشل کورٹس کے مسودہ قانون منظور کرلیے، یہ مسودات قوانین قائمہ کمیٹیوں سے منظور ہوچکے ہیں۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022کا افتتاح کردیا

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022کا افتتاح کردیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا استعمال ترقی کی طرف بہت معاون ہے، آئیڈیاز کا انعقاد باہمی ہم آہنگی اور تعلقات کی بہتری میں معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے، اب اتحادی حکومت ملک کو معاشی چیلنجزسے نکالنے کے لیے کام کررہی ہے اور اتحادی حکومت بہت سے چیلنجزسے نبرآزما ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ پاکستان نے دنیا میں امن کےلیے کام کیا اورکرتا رہے گا، خارجہ پالیسی کے تحت دوسرے ممالک سے تعلقات بہترکررہے ہیں، مسئلہ کشمیرکا پرامن حل خطے کی بہتری کے لیے اہم ہے۔
آئیڈیاز میں 64 ممالک اپنی مصنوعات کے ساتھ شریک
ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (ڈیپو)کے مطابق18نومبرتک جاری رہنے والی 4 روزہ نمائش میں دنیا کے 64 ممالک اپنی مصنوعات کے ساتھ شریک ہیں جب کہ رواں سال کے آئیڈیاز میں پاکستان سمیت 51 ممالک کے 285 وفود بھی شریک ہورہے ہیں۔
نمائش میں آسٹریلیا، رومانیہ اور ہنگری پہلی مرتبہ شریک ہوں گے، انتہائی اہم سیمینار انٹیلیجنس ان ڈیفینس مارکیٹ کا انعقاد بھی کیا جائےگا۔
ایکسپوسینٹر کے 6 ہالز کے علاوہ 3مارکیز بھی قائم کی گئی ہیں جس میں ایک مارکی کشمیرکے نام سے منسوب ہے جب کہ کراچی کے شہریوں کے لیے ساحل پر نشان پاکستان کے مقام پر 17 نومبر کو کراچی شو کا بھی انعقاد کیا جائے گا ، سی ویو پر ڈرلز منعقد کی جائیں گی۔

گوگل نے ڈیٹا رازداری کیس میں 39 کروڑ ڈالرز سے زائد ادائیگی پر رضا مندی ظاہر کر دی

لاہور: (ویب ڈیسک) گوگل نے ڈیٹا رازداری کیس میں 39کروڑ ڈالرز سے زائد ادائیگی پر رضا مندی ظاہر کر دی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تصفیے کی رقم 40 امریکی ریاستوں کو ادا کی جائے گی جبکہ گوگل ٹریکنگ سے متعلق بہتر تفصیلی معلومات فراہم کرنے کا بھی پابند ہو گا۔
امریکی ریاستوں کا الزام تھاکہ گوگل نے صارفین کو گمراہ کیا کہ ان کے آلات پر لوکیشن ٹریکنگ بند کر دی گئی ہے،یہ امریکی تاریخ میں ریاستی حکام کی طرف سے سب سے بڑا تصفیہ ہے۔ اٹارنی جنرل نے کہاہے کہ گوگل جیسا ڈیجیٹل پلیٹ فارم صارفین کو پرائیویسی کنٹرول فراہم کرنے کا دعویٰ نہیں کر سکتا جو بعد میں صارفین کی خواہشات کے خلاف ان کا ڈیٹا اکٹھا کر کے ایڈورٹائزرز کو فروخت کرنے کے لیے ان کنٹرولز کو نظر انداز کر دیتا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان کی لندن واپسی

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے دونوں بیٹے قاسم اور سلیمان زمان پارک سے واپس لندن روانہ ہوگئے۔
اپنے والد عمران خان کی عیادت کیلئے پاکستان آئے قاسم اور سلمان زمان پارک سے واپس لندن روانہ ہوئے، زمان پارک سے روانگی کے وقت سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
قاسم اور سلمان گزشتہ جمعرات کو پاکستان پہنچے تھے، دونوں نے اپنے والد کے ساتھ چند روز گزارے، پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے بیٹوں کی آمد کے باعث اپنی سیاسی مصروفیات کو محدود کر دیا تھا۔

عمران خان پر حملے کی تحقیقات کیلئے قائم جے آئی ٹی کا کام کرنے سے انکار

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر حملے کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی جے آئی ٹی نے کام کرنے سے انکار کر دیا، جے آئی ٹی ارکان کو تاحال باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا۔
محکمہ داخلہ صرف واقعہ کی تفتیش کیلئے صرف لیٹرہی جاری کر سکی ،ارکان کو اب تک پنجاب حکومت یا آئی جی آفس سے کسی نے آگاہ تک نہیں کیا گیا۔
جے آئی ٹی ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب بھی مقدمہ درج ہونے کے بعد چپ چاپ 14 روزہ کی ایکس پاکستان لیو پر چلے گئے، قائم مقام آئی جی کنور شاہ رخ کی جانب سے بھی تفتیش کے لئے کوئی حکم نہیں ملا، واقعہ میں ملزم نوید گوجرانوالہ پولیس کے پا س موجود ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کو12 روز گزرنے اور ملزم گرفتار ہونے کے باوجود مقامی عدالت میں پیش نہ کیا جا سکا، حملے کے ملزم کی تاحال گرفتاری بھی نہیں ڈالی جا سکی۔

شریف خاندان کا کورونا بہت سیاسی ہے، مسرت جمشید

لاہور: (ویب ڈیسک) مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ شریف خاندان کا کورونا بہت سیاسی ہے۔
ترجمان وزیر اعلیٰ و حکومت پنجاب مسرت جمشید چیمہ نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ‏اللہ تعالی شہباز شریف کو صحت دے لیکن اس خاندان کا کورونا بہت سیاسی ہے، جب بھی مریم نے سائلنٹ موڈ میں جانا ہو تو کورونا ہو جاتا ہے۔
اور اب اہم فیصلوں کو لٹکانے کے لیے ایک اور سیاسی قرنطینہ ہے۔
واضح رہے وزیراعظم شہباز شریف کا ایک بار پھر کورونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹ میں بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کورونا میں مبتلا ہوگئے ہیں، شہباز شریف کی دو روزسے طبیعت ناسازتھی، جس کے بعد ڈاکٹر کے مشورے سے وزیراعظم نے آج کورونا ٹیسٹ کروایا تھا۔
مریم اورنگزیب نے عوام اور کارکنان سے وزیراعظم شہبازشریف کی جلد صحت یابی کی دعا کی اپیل کی ہے۔

بجلی 2 روپے 18 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی تیاری

لاہور: (ویب ڈیسک) نیپرا میں بجلی کی قیمت میں 2 روپے 18 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست پر سماعت مکمل ہوگئی۔ اضافہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا جائے گا
چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ پر سماعت کی۔۔میپکو حکام نے بتایا کہ سیلاب کے باعث میپکو کی بجلی فروخت میں کمی آئی ہے۔ نیپرا حکام کا کہنا تھا کہ بجلی کی فروخت کم ہونے سے کیپسٹی پیمنٹس پر فرق پڑا۔گزشتہ سہ ماہی کی نسبت فروخت دس فیصد کم رہی۔
پاورڈویژن کے حکام نے بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ بجلی قیمت میں مزید اضافہ نہ ہو۔ کوشش ہے کہ صارفین کو پرائس شاک نہ لگے۔ ہماری درخواست ہے کہ یہ اضافہ فروری اور مارچ تک لگایا جائے۔
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ بجلی صارفین سے 43 ارب کی وصولی بہت بڑی رقم ہے۔۔میں خود پریشان ہوگیا کہ اتنا بڑا فگر کیسے ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ سہ ماہی کو دوماہ میں کرنے کے حوالے سے تحریری درخواست دے دیں۔نیپرا اعدادوشمار کا جائزہ لینے کے بعدفیصلہ جاری کرے گا۔
واضح رہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے سوا تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں پر ہوگا۔

پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل کمی، امریکی ڈالردوبارہ مہنگا ہونے لگا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں امریکی ڈالر کی قیمت میں پھر اضافہ ، امریکی کرنسی کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی واقع ہونے لگی۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں مزید 31 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے بعد امریکی کرنسی 222 روپے پر ٹریڈ کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے طارق ٹیڈی کو علاج کیلئے 5 لاکھ کا امدادی چیک دے دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے اداکار طارق ٹیڈی کے لئے مالی امداد کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعلیٰ چودھری پرویزالہٰی کی جانب سے طارق ٹیڈی کے بیٹے جنید طارق کو 5 لاکھ روپے کی مالی امداد کا چیک دیا گیا، صوبائی سیکرٹری اطلاعات آصف اقبال لودھی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے پریس سیکرٹری چودھری محمد اقبال نے پی کے ایل آئی میں اداکار طارق ٹیڈی کی عیادت کی۔
سیکرٹری اطلاعات اور پریس سیکرٹری نے وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی کی جانب سے طارق ٹیڈی کے بیٹے کو مالی امداد کا چیک دیا، وزیر اعلی پنجاب نے طارق ٹیڈی کو گلدستہ بھی بھجوایا، وزیر اعلی چودھری پرویزالہٰی نے طارق ٹیڈی کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی ہدایت پر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کا طارق ٹیڈی کے علاج معالجے کیلئے خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کے لئے مراسلہ ڈین پی کے ایل آئی کو فی الفور میڈیکل بورڈ تشکیل دیئے کی ہدایت کی گئی۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت طارق ٹیڈی کے علاج معالجے کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گی۔

وزیراعظم شہبازشریف کورونا کا شکار، جلد صحتیابی کیلئے دعا کی اپیل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کورونا پازیٹو ہوگئے ہیں، دو روز سے وزیراعظم کی طبیعت ناساز تھی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈاکٹر کے مشورے سے میاں شہباز شرف کا آج کرونا ٹیسٹ کروایا گیا، عوام اور کارکنان سے وزیراعظم کی جلد صحت یابی کی دعا کی اپیل ہے۔