All posts by Muhammad Saqib

بھارتی اینکروں کی جہالت کے چرچے سمندر پار بھی ہونے لگے

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی اینکروں کی جہالت کے چرچے سمندر پار بھی ہونے لگے، چینل ٹائمز ناؤ کے اینکر نے یوکرینی مہمان کو امریکی سمجھ کر کھری کھری سنا دیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی اینکر نے جہالت کی انتہا کرتے ہوئے افغانستان اور عراق میں امریکا کے ہاتھوں ہونے والی تباہی کا تذکرہ چھیڑ دیا، خاموش بیٹھا امریکی مہمان آخر کار پوچھنے پر مجبور ہوگیا کہ میں نے کیا کیا؟ میرانام بار بارکیوں لیا جارہا ہے، مجھ پر کیوں چلا رہے ہو۔
بھارتی اینکر نے وضاحت دی کہ وہ ان سے نہیں بلکہ مک ایڈمز سے مخاطب ہیں، خاموش بیٹھے مہمان نے بتایا کہ وہی مک ایڈمز ہیں، اپنی غلطی کا اندازہ ہوا تو بھارتی اینکر کھسیانی بلی بن گیا۔
خیال رہے کہ دنیا کے سامنے حماقت کا مظاہرہ کرنے والا کوئی عام بھارتی اینکر نہیں بلکہ بھارتی چینل کا ایڈیٹر ان چیف ہے۔

بیٹے کی جان بچانے کیلئے باپ بپھرے بیل کے سامنے لیٹ گیا، ویڈیو وائرل

نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکا میں ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک والد نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر 18 سالہ بیٹے کو بپھرے ہوئے بیل سے بچالیا۔
ماں باپ کی اولاد سے محبت کا کوئی مقابلہ نہیں اور یہی وجہ ہے کہ والدین اولاد پر آنے والی مصیبت خود پر لینے کے لیے تیار رہتے ہیں۔
حال ہی میں اس کی ایک مثال ٹیکساس میں دیکھنے کو ملی جہاں پیش آنے والے واقعے کی ویڈیو ان دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مقابلے کے دوران ایک والد نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر 18 سالہ بیٹے کو بپھرے ہوئے بیل سے بچالیا۔
سوشل میڈیا پر ایک امریکی کاؤبوائے کوڈی ہکس کی جانب سے اپنے مقابلے کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں دیکھا گیا کہ بیل پر چڑھے کوڈی ہکس رنگ میں داخل ہوتے ہی گرپڑے اور بپھرا بیل رنگ میں گھومنے لگا، بیل کو قابو کرنے کے لیے جہاں ہینڈلر رنگ میں کودے وہیں کوڈی کے والد بیٹے کو اس بیل سے بچانے کے لیے ان پر لیٹ گئے۔
بعد ازاں ویڈیو میں کوڈی کے والد پر بیل کو حملہ کرتے بھی دیکھا گیا لیکن اس دوران کوڈی کے والد اپنے بیٹے کی زندگی بچانے میں کامیاب ہوگئے۔

عثمان خواجہ کی 30 سال قبل پنڈی سٹیڈیم میں کھیلنے کی تصویر وائرل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ 24 سال بعد دورہ پاکستان پر آنے والی آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کا آغاز 4 مارچ سےراولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے جارہا ہے۔
ایسے میں عثمان خواجہ نے 30 سال پہلے لی گئی اپنے بچپن کی تصویر کو انسٹاگرام اکاؤنٹ کی زینت بنایا۔
آسٹریلوی اوپنر کی یہ تصویر راولپنڈی کے پرانے کرکٹ سٹیڈیم میں لی گئی تھی۔
کرکٹر نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ یہ تصویر 30 سال قبل ہمارے آسٹریلیا منتقل ہونے سے دو ہفتے پہلے لی گئی تھی، جہاں شہر کے پرانے اسٹیڈیم میں، میں ایک شاٹ کھیل رہا ہوں۔ اس وقت کس نے یہ سوچا ہوگا کہ میں یوں پاکستان کے خلاف آسٹریلیا سے کھیلنے واپس آؤں گا۔
عثمان خواجہ نے بے حد خوشی اور بے صبری ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دوبارہ اسی اسٹیڈیم میں کھیلنے کا انتظار نہیں کرسکتا۔

سونے کے نرخ میں معمولی اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 7 ڈالر کے اضافے سے 1935 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی جمعرات کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 50 روپے اور 43 روپے کا اضافہ ہوگیا۔
نتیجے میں ملک کے مختلف شہروں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 128850 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 110468 روپےہوگئی۔
اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1480روپے پر مستحکم رہی۔

عمران خان کی حکومت کیخلاف نہیں لیکن مہنگائی بہت بڑھ گئی ہے، یونس خان

کراچی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان بھی پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر بول پڑے۔
ایک تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے یونس خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کے خلاف نہیں ہوں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ملک میں مہنگائی بہت بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں گزارا بہت مشکل ہے۔ پیٹرول، تیل اور ٹماٹر سمیت ہر چیز مہنگی ہوگٸی ہے۔
سابق کرکٹر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک میں پیٹرول ابھی سستا ہے، ہوسکتا ہے پھر مزید فی لیٹر 20 روپے بڑھ جائے، آٹا بھی بہت مہنگا ہو چکا ہے، مہنگائی سے عوام کے لیے مشکلات پیدا ہوگئی ہیں۔
خیال رہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے سبب عام شہری پریشان ہیں، وزیراعظم نے حالیہ دنوں عوام کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے جبکہ بجلی کے نرخوں میں 5 روپے کمی کی۔

یاسر شاہ فٹنس مسائل کا شکار ہیں، بابراعظم

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے انکشاف کیا ہے کہ لیگ اسپنر یاسر شاہ تاحال مکمل فٹ نہیں ہیں انہیں ابھی بھی فٹنس مسائل کا سامنا ہے۔
میڈیا سے ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ لیگ اسپنر یاسر شاہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں کلیدی کردار ادا کرینگے تاہم وہ مکمل فٹ نہیں ہیں اور انکی انجری بھی مکمل صحیح نہیں ہوئی ہے۔
بابراعظم نے کہا کہ یاسر شاہ ریزرو کھلاڑی کی حثیت سے اسکواڈ کا حصہ ہیں لیکن گزشتہ دو ماہ سے انہوں نے کوئی میچ نہیں کھیلا ہے جس کے لیے وہ کافی محنت کررہے ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ یاسر شاہ کسی بھی ٹیم کے خلاف پاکستان کا اہم ہتھیار ہیں اور ہم ہوم سیریز میں آسٹریلیا کے خلاف انہیں بھرپور طریقے سے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تاریخی ٹیسٹ سیریز کا آغاز کل (بروز جمعرات) سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔

پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز، خصوصی ٹریفک پلان تشکیل

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ٹیسٹ سیریز کے لئے خصوصی ٹریفک پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔
راولپنڈی ٹریفک پولیس کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میچ 4 مارچ سے 8 مارچ تک کھیلا جائے گا، میچز کے دوران ٹریفک پولیس کے 350 اہلکار سپیشل ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے، شائقین کرکٹ کے لئے 3 جگہ پارکنگ کی سہولت مختص کی گئی ہے، کار پارکنگ سول ایویشن گراﺅنڈ راول روڈ اور گریجویٹ کالج سیٹلائیٹ ٹاﺅن میں کروائی جائے گی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق گریجویٹ کالج سیٹیلائیٹ ٹاﺅن کی پارکنگ کا داخلہ ففتھ روڈ مین گیٹ سے ہوگا، موٹر سائیکل پارکنگ کے لئے راول پارک کے اندر نزد شاہین چوک اور ایویشن گراﺅنڈ مختص کی گئی ہے، پارکنگ سے سٹیڈیم تک کی رسائی کےلئے شٹل سروس کی سہولت فراہم کی جائے گی، دوران میچ سٹیڈیم روڈ نائنتھ ایونیو چوک سے ڈبل روڈ تک مکمل طور پر بندہو گی، اسلام آباد سے آنے والی ٹریفک فیض آباد سے ایکسپریس وے اور مری روڈ استعمال کر ے گی، نائنتھ ایونیو آنے والی ٹریفک براستہ آئی جے پی روڈ، پنڈورہ چونگی، کٹاریاں، کیرج فیکٹری، پیرودھائی موڑ، چک مدد سے راولپنڈی میں داخل ہو سکے گی۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ راولپنڈی سے نائنتھ ایونیو اسلام آباد جانے والی ٹریفک براستہ فیض آباد اسلام آباد داخل ہو سکے گی، کرکٹ ٹیموں کی روانگی اور واپسی کے وقت مری روڈ کو فیض آباد سے ڈبل روڈ تک مکمل طور پر بند کیا جائے گا، دوران موومنٹ اسلام آباد سے آنے والی ٹریفک کو فیض آباد سے ایکسپریس وے کی جانب ڈائیورٹ کیا جائے گا، راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک کو سکستھ روڈ سے سید پور روڈ کی طرف موڑا جائے گا، غوثیہ چوک سے آنے والی ٹریفک کو براستہ فاروق اعظم روڈ، کری روڈ کی طرف موڑا جائے گا جبکہ متبادل راستوں پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے اضافی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان بالکل بھی گھبرائے ہوئے نہیں ہیں: پرویز الٰہی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان بالکل بھی گھبرائے ہوئے نہیں ہیں۔
صحافی کی طرف سے سوال پوچھا گیا کہ کیا آپ کا بھی وزیراعظم عمران خان کو گھبرانا نہیں ہے کا پیغام ہے؟ جس پر پرویز الہی نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ عمران خان بالکل بھی گھبرائے ہوئے نہیں ہیں۔ ہانڈی میں سامان چلا گیا، دھواں اٹھنے کے بعد پہلا ابالا آتا ہے۔ پہلا ابالا آ جائے پھر آپ کو بتائیں گے۔
کیا تحریک عدم اعتماد میں سے کچھ نکلے گا؟ کے سوال پر جواب دیتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ اتنی بڑی ہانڈی چڑھی ہے کچھ تو نکلے گا، اگلے 48 گھنٹوں سے متعلق مولانا فضل الرحمن ہی بتا سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقات کے دوران تحریک عدم اعتماد پر کوئی بات نہیں ہوئی، وزیراعظم نے مہنگائی کی روک تھام کے لیے بہت اچھے اقدامات کیے ہیں، پٹرول کی قیمت میں کمی سے بہت فائدہ ہو گا، بجلی کی قیمتیں بھی نیچے آئی ہیں۔

رومانیہ: جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹر میں ٹکر سے 8 افراد ہلاک

بخاراسٹ: (ویب ڈیسک) رومانیہ میں جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹر ٹکرانے سے 8 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق رومانیہ کے مشرق میں ہیلی کاپٹر اور جنگی طیارے کے آپس میں ٹکرانے سے 8 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ حادثہ خراب موسم کی وجہ سے پیش آیا ہے۔ بحیرہ اسود کے قریب پیش آنے والا یہ حادثہ رومانیہ کی حالیہ تاریخ کا بدترین فضائی حادثہ ہے۔
یورپی یونین کا یہ رکن ملک مشرق کی جانب نیٹو کا فرنٹ لائن اتحادی ہے۔ رومانیہ سابق سوویت یونین کا حصہ تھا لیکن بعدازاں یہ یورپی یونین اور نیٹو کا رکن بنا۔ اس ملک میں امریکا نے بھی اپنے فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔ یوکرینی مہاجرین پناہ لینے کے لیے اس ملک میں بھی داخل ہو رہے ہیں۔

کوئی بری، بحری، اور فضائی حدود کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا: شیخ رشید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کوئی پاکستان کے بری، بحری، اور فضائی حدود کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 3 مارچ پاکستان کے گہرے پانیوں میں پانچویں دفعہ مداخلت کرنے کی کوشش کی ہے، ایک سال پہلے بھی ہم نے ان کی سب میرین کو پکڑا تھا لیکن مارا نہیں، ہم ایک پر امن ملک ہیں ہم نے ان کو مارا نہیں وارننگ دی تاکہ وہ واپس چلی جائے۔ کل بھی ہم نے ان کو متنبہ کیا کہ “انف ازانف “۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم نے کل بھارت کو آخری بار وارننگ دی ہے، اب ہمارے پانیوں میں آئے تو ہم سے گلہ نہ کرنا، ہماری عظیم فوج ہے اور ہماری پاکستان بحریہ کا عظیم جذبہ ہے، کوئی پاکستان کے بری، بحری، اور فضائی حدود کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، ہم عظیم فوج کا عظیم ملک ؛ پاکستان ہیں۔