All posts by Muhammad Saqib

عمران خان کے پاس 5 دن کی ڈیڈ لائن، خود مستعفی ہوجائیں: بلاول

بہاولپور: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کے پاس 5 دن کی ڈیڈ لائن ہے خود مستعفی ہوجائیں، اگرغیرت ہے تو وزیراعظم اسمبلی توڑکرہمارا مقابلہ کریں۔
پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے، بلاول بھٹو کی قیادت میں مارچ بہاولپور پہنچ چکا ہے۔ چنی گوٹھ میں انہوں نے جیالوں سے خطاب کیا۔
جیالوں سے خطاب کرتے ہوئے پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ عوام عمران خان سے چھٹکارہ چاہتے ہیں، عمران خان کے پاس 5 دن کی ڈیڈ لائن ہے، اگرغیرت ہے تواسمبلی توڑ کر ہمارا مقابلہ کرو، پانچ دن بعد ہمارے پاس عدم اعتماد کے نمبرز پورے ہو چکے ہوں گے، ہم اسلام آباد پہنچ کرتمہارا بندوبست کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہید بھٹوکے نامکمل مشن کومکمل کرنا ہے۔ ہم عوامی حکومت بنا کرعوام کے مسائل کوحل کریں گے۔ اتحادیوں کوکٹھ پتلی کا ساتھ نہیں دینا چاہیے، ہم اس کوہٹا کرشفاف الیکشن کروائیں گے۔ بہاولپورنے ثابت کردیا وزیراعظم سے اعتماد اٹھ گیا ہے، تمام جماعتوں کو عدم اعتماد میں ساتھ دینا چاہیے۔ اب ہم نے کٹھ پتلی سے حساب لینا ہے، اسلام آباد جاکرکٹھ پتلی سے ٹکرائیں گے۔
بلاول نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگرآپ ہمارے ساتھ ہو تو دنیا کی کوئی طاقت راستہ نہیں روک سکتی، جیالوں نے ضیاالحق، مشرف کا مقابلہ کیا اب کٹھ پتلی کو بھگادیں گے۔ نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں لیے دھکے کھا رہے ہیں، عمران کہتا تھا جب پٹرول، بجلی مہنگا ہوتی ہے مطلب وزیراعظم چورہیں، یہ خود تاریخی چورنکلا، تین سالوں میں کرپشن کے ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں، اس نے عوام کی جیب، پیٹ پرڈاکہ مارا ہے، یہ چینی،آٹا،پانی،گیس،کھاد چورہے۔
بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ میاں صاحب کو لندن بھیج دیا اور یہاں کٹھ پتلی کو بٹھا دیا گیا، احتجاج تو کریں گے لیکن عدم اعتماد بھی لے کر آئیں گے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے خان بیلہ میں مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے سوال ہے 3 سال گزر چکے کیا تبدیلی نظر آئی ؟ نالائق، نااہل وزیراعظم کو ہٹانے کیلئے نکلے ہیں، پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کی وجہ سے ملک معاشی بحران سے گزر رہا ہے، ہم پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کیخلاف نکلے ہیں، بڑھتی مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ قائد عوام کو شہید کر کے پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کی سازش کی گئی، محترمہ کے شہید ہونے پر زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، آصف زرداری نے ملک میں جمہوریت کو بحال کیا، آصف زرداری نے سندھ اور بلوچستان کو حق دیا، 18 ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو اختیارات دیئے، لانگ مارچ شروع ہوتے ہی اپوزیشن جماعتیں پیپلزپارٹی کے پیج پر آچکیں، کٹھ پتلی سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا، اب پارلیمان کا اعتماد اٹھنا چاہیے، 3 سال میں جو کوئی نہیں کرسکا وہ پیپلزپارٹی کے عوامی مارچ نے کر دکھایا، کٹھ پتلی عوامی مارچ کی طاقت دیکھ کر گھبرا گیا، کٹھ پتلی نے گھبرا کر پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کر دی۔
بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ق لیگ مفت میں ووٹ نہیں دے گی، انہیں بہتر پیشکش دینی چاہیے، کون کون رابطے میں ہیں، مناسب وقت پر نام سامنے لائیں گے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت کو ہٹانے کیلئے عدم اعتماد ہی جمہوری طریقہ ہے، عمران خان کے بعد محدود مدت کا سیٹ اپ آئے گا، وزیراعظم کیلئے شہباز شریف کو ووٹ دینا پیپلزپارٹی کیلئے کڑا ٹاسک ہے، ملکی مفاد میں شارٹ ٹرم کیلئے یہ قربانی دینے کو تیار ہیں۔

وزیراعظم کو گیند نظر نہیں آرہی ،اب ان کے گھبرانے کا وقت شروع ہو چکا ہے: احسن اقبال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد جلد از جلد پیش کرنے پر اصولی اتفاق ہے ،وزیر اعظم کو گیند نظر نہیں آرہی ، اب ان کے گھبرانے کا وقت شروع ہو چکا ہے ۔
اپنے بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ اپوزیشن سربراہان کی تحریک عدم اعتماد سے متعلق مشاورت مکمل ہوچکی ہے، حکومتی پالیسی پاکستان کے لیے خطرہ بن چکی ہے ،حکومت کے پاس این آر او نہیں دوں گا تقریریں کرنے کے سوا کچھ نہیں ،اپوزیشن سمجھتی ہے کہ تمام بحرانوں کا فوری حل آزادانہ الیکشن ہے ،نمبر گیم پوری ہے تاہم کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ اتفاق رائے پیدا کریں ۔
احسن اقبال نےکہا کہ حکومتی حلیف جماعتوں سے رابطے میں ہیں اور انہیں دعوت دے رہے ہیں ، جب تحریک عدم اعتماد آئے گی تو عوام کو خود اندازہ ہو گا کہ توقع سے زیادہ پذیرائی ملی ہے ، وزیر اعظم کو سمجھ آرہا ہے کہ پچ بیٹنگ کے لیے ساز گار نہیں رہی ،
بال بھی ان کو نظر نہیں آرہی، اب ان کو گھبرانا چاہیے کیونکہ ان کے گھبرانے کا وقت شروع ہو چکا ہے ۔

حکومت کا 5 روپے فی یونٹ بجلی کے رعایتی پیکج کو مزید موثر بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے 5 روپے فی یونٹ بجلی کے رعایتی پیکج کو مزید موثر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ حکومت نے 5 روپے فی یونٹ بجلی کے رعایتی پیکج کو مزید موثر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، عوام کو عالمی مہنگائی کے اثرات سے بچانا ہماری پہلی ترجیح ہے، تفصیلات کا اعلان میں کل پریس کانفرنس میں کروں گا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ کسان بھائی جو شمسی توانائی کے ساتھ ٹیوب ویل چلاتے ہیں ان کے لئے بڑی خوشخبری ہے، اب آپ نیٹ میڑنگ کی سہولت استعمال کریں اور جن دنوں ٹیوب ویل چلانے کی ضرورت نہیں ہوتی، اُن دنوں میں بجلی پیدا کر کے حکومت کے سسٹم میں ڈالیں اور اپنے بل کی رقم میں کمی لائیں اور یہ سہولت پورے پاکستان میں میسر ہے۔

کرتارپور راہداری نے 50 سال بعد ایک اور بچھڑے خاندان کو ملا دیا

نارووال: (ویب ڈیسک) کرتارپور راہداری ایک اور بچھڑے ہوئے خاندان کو ملانے کا سبب بن گیا، 50 سال پہلے بچھڑی نند اور بھابھی کرتارپور میں مل گئیں۔
تفصیلات کے مطابق کرتاپور راہداری نے ایک اور خاندان کو ملوادیا، پاکستانی ہندو باوی دیوی کا تعلق ظفروال سے ہے جبکہ دوسری باوی دیوی کا تعلق بھارت کے ضلع گرداسپور سے ہے، 1971 میں دونوں خاندان ایک دوسرے سے بچھڑ گئے تھے ۔
دونوں رشتہ دار خواتین نے ایک دوسرے کو گلے لگایا اور خوشی سے آنکھیں نم ہوگئیں، ہندو خاندان نےکرتارپور میں اپنی پرانی یادیں تازہ کیں، دونوں فیملیز نے کرتارپور میں بابا گورونانک کا لنگر کھایا جبکہ دونوں خاندانوں نے ایک دوسرے کو گلدستے پیش کئے ۔
بھابھی اور نند نے وزیراعظم عمران خان کا کرتارپور راہداری پر شکریہ ادا کیا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے جبکہ انہوں نے کرتارپور میں بہترین انتظامات پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

پیپلز پارٹی کا گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کے خلاف مزاحمت کا اعلان

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کے خلاف اسمبلی میں اور باہر مزاحمت کرنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ وفاق کوئی ایسا اقدام نہ اٹھائے جس سے کشمیر تقسیم ہو، جلد آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔
پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین کا دیگر رہنماؤں کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کشمیر کا حصہ ہے، گلگت بلتستان کے عبوری صوبہ بننے سے مسئلہ کشمیر متاثر ہوگا، ہم سمجھتے ہیں موجودہ حکومت نے کشمیر کا سودا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگست 2019ء میں بھارت نے کشمیر کا اسٹیٹس ختم کردیا، کشمیر پر عالمی برادری کا دہرا معیار پریشان کن ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادیں ہیں۔
آزاد کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ آزادی کشمیرکی تحریک میں لاکھوں کشمیریوں نے قربانیاں دی ہیں، جی بی صوبہ کے لیے کی جانے والی باتیں تحریک آزادی کشمیر کے لیے نقصان دہ ہیں اس سے بھارتی اقدام کو تقویت ملے گی، ہم چاہتے ہیں کوئی ایسا اقدام نہ کیا جائے جس سے کشمیر تقسیم ہو، ہم ہر جگہ اسمبلی میں اور باہر مزاحمت کریں گے۔
سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار یعقوب نے کہا کہ ہمارا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے وہ یہ کہ گلگت بلتستان ہمارا ہے ہم ان کے ہیں ، پی پی پی آزاد کشمیر کا موقف ہے کہ گلگت بلتستان صوبہ نہ بنے، اس وقت جو کچھ ہورہا ہے وہ گلگت بلتستان کیلئے بھی نقصان دہ ہوگا، گلگت بلتستان کو بھی کشمیر طرز پر بیس کیمپ کا درجہ دے دیا جائے، حکومت کوئی ایسا کام نہ کرے جسے آنے والے دنوں میں قوم معاف نہ کرے۔
جنرل سیکریٹری فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ گلگت بلتستان عبوری صوبہ کیلئے سینٹ میں جو بل جمع ہوا ہے اس سے ہمارے دل رنجیدہ ہیں، جی بی کے معاملے پر کشمیری قیادت کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، ہم آل پارٹیز کانفرنس بلا کر اگلا لائحہ عمل دیں گے۔

حکومت 55 روپے فی لیٹر کم قیمت پر پٹرول و ڈیزل دے رہی ہے ، شہباز گل کا دعویٰ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے دعویٰ کیا کہ حکومت فی لیٹر پٹرول 55 روپے خسارے میں عوام کو مہیا کر رہی ہے ۔
اپنے بیان میں شہبا زگل نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 119 ڈالر فی بیرل ہو چکی ہے، عمران خان کی حکومت 55 روپے فی لیٹر کم قیمت پر پٹرول ڈیزل مہیا کر رہی ہے،اپوزیشن قیمتوں میں کمی دیکھ کر حواس باختہ ہو چکی ہے۔شہباز گل نے کہا کہ یہ اب یہ اپنے ہی بیانیے پر شرمندہ ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ روس اور یوکرین میں جنگ کے بعد عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ریکارڈ بلند سطح کو چھو رہی ہیں جبکہ وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا اور آئندہ چار ماہ تک اضافہ نہ کرنے کا کہا گیا۔

سندھ حکومت نے شاہ رخ جتوئی پر عائد دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کی حمایت کردی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت قتل کے مجرم شاہ رخ جتوئی کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئی، سپریم کورٹ میں دوران سماعت پراسیکیوٹر جنرل نے کہا کہ جب قتل پر راضی نامہ ہوگیا تو دہشت گردی کی دفعات برقرار کیسے رہ سکتی ہے؟
سپریم کورٹ میں شاہ رخ جتوئی اور ساتھی مجرمان کی عمر قید کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی جس میں پراسیکیوٹر جنرل سندھ نے شاہ رخ جتوئی پر سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کی حمایت کردی۔
شاہ رخ جتوئی کے وکیل نے کہا کہ شاہ رخ کے خلاف دہشت گردی کا کیس نہیں بنتا، سپریم کورٹ کے 7 رکنی بنچ کا فیصلہ واضح ہے، راضی نامہ ہونے کے باوجود شاہ رخ جتوئی آٹھ سال سے جیل میں ہے۔
دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کی درخواست پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ سندھ حکومت بتائے کیا دہشت گردی کی دفعہ الگ سے برقرار رہ سکتی ہے؟ اس پر پراسیکیوٹر جنرل سندھ لطیف کھوسہ نے کہا کہ شاہ رخ جتوئی کے خلاف اصل کیس تو 302 کا تھا، جب قتل پر راضی نامہ ہوگیا تو دہشت گردی کیسے برقرار رہ سکتی ہے؟ اگر شاہ زیب صرف زخمی ہوتا تو دہشتگردی کی دفعہ بھی نہ لگتی۔
جسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ انسداد دہشت گردی قانون میں کہاں لکھ ہے کہ راضی نامہ نہیں ہوسکتا ؟ وکیل شاہ رخ جتوئی نے کہا کہ اگر عدالت یہ قرار دے تو بہت لوگوں کا بھلا ہو جائے گا جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ عدالت ایسا کوئی فیصلہ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی، دہشت گردی اور قتل دو الگ الگ جرائم ہیں۔
جسٹس منیب اختر نے کہا کہ دہشت گردی کے کیس میں سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ کیا سڑک پر کسی کو کلاشنکوف سے قتل کرنا دہشت گردی نہیں ہوگی؟ اس پر پراسیکیورٹر جنرل نے کہا کہ میری ذاتی رائے میں یہ دہشت گردی ہے لیکن عدالتی فیصلے کے مطابق نہیں ہے، شاہ رخ جتوئی 17 سال کا بچہ تھا رات گیارہ بجے گلی میں واقعہ پیش آیا، مقتول کے اہل خانہ راضی نامہ کرکے آسٹریلیا منتقل ہو چکے ہیں۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ جو سوال اٹھائے ہیں ان پر فریقین کو مزید تیاری کا موقع دیتے ہیں، ضروری ہوا تو عدالتی معاون مقرر کرکے لارجر بنچ کی درخواست بھی کریں گے۔
بعدازاں عدالت نے مزید سماعت 10 مارچ تک ملتوی کر دی۔

بھارت کا متنازع ڈیمز پر پاکستانی اعتراضات تسلیم کرنے سے انکار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بھارت نے پاکستان کی جانب سے متنازعہ ڈیمز پر لگائے گئے اعتراضات تسلیم کرنے اور پانی کے بہاؤ کی تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کر دیا جس پر پاک بھارت آبی وسائل کے تنازعات سے متعلق ہونے مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے۔
پاکستان اور بھارت کے مابین آبی وسائل پر تنازعات کے حل کے لیے ہونے والے تین روزہ مذاکرات بلا نتیجہ ختم ہوگئے، بھارت نے متنازع ڈیمز پر پاکستان کے اعتراضات ماننے سے انکار کر دیا۔
وزارت آبی وسائل کے ذرائع کے مطابق پاکستان نے دریائے سندھ، چناب اور پونچھ پر 10 بھارتی ڈیموں کے ڈیزائن پر اعتراض اٹھائے۔ پاکستان نے موقف اختیار کیا کہ بھارت 2019ء سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کا ڈیٹا شیئر نہیں کر رہا۔
بھارتی وفد نے پاکستان کے ساتھ پانی کے بہاؤ کا ڈیٹا شیئر کرنے سے انکار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ سندھ طاس معاہدے میں پانی کا ڈیٹا شیئر کرنے کی کوئی شق شامل نہیں، انڈس واٹر کمشنرز نے رواں سال 31 مئی سے قبل بھارت میں ایک اور مذاکراتی راونڈ پر اتفاق کر لیا۔
ذرائع کے مطابق بھارت اگلے راؤنڈ میں پاکستان کو متنازع پن بجلی منصوبوں پر تفصیلات فراہم کرے گا۔

پیپلز پارٹی کو اسلام آباد میں ایک روز کے جلسہ کی اجازت دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی ) کو اسلام آباد میں تین کے بجائے صرف ایک روز کے جلسہ کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ فیصلہ پاک آسٹریلیا کرکٹ سیریز کے باعث کیا گیا ہے، پیپلز پارٹی صرف 9 مارچ کو اسلام آباد میں جلسہ کر سکتی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پیپلز پارٹی نے 7 مارچ سے 9 مارچ تک فیض آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت مانگی ہے اور باقاعدہ درخواست ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کرا دی گئی ہے۔

یوکرینی عوام کے اچھے سلوک پرروسی فوجی روپڑا

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرینی عوام کے گھیرے میں موجود روسی فوجی کی روتے اورچائے پیتے ہوئے ماں سے بات کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوگئی۔
یوکرین پرحملہ آور روسی فوجی کوگھیرے میں لینے کے باوجود یوکرینی عوام نے اسے تشدد کا نشانہ بنانے کے بجائے چائے اورکھانے کی اشیا پیش کردیں۔
بات صرف یہیں ختم نہیں ہوئی بلکہ روسی فوجی کی بات اس کی ماں سے بھی کروائی۔ یوکرینی عوام کے حسن سلوک سے متاثراورماں سے بات کرنے کی خوشی نے روسی فوجی کواتنا جذباتی کیا کہ وہ رونے لگا۔
روسی فوجی کی روتے ہوئے چائے پینے اورماں سے بات کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوگئی۔سوشل میڈیا صارفین نے حالت جنگ میں بھی حملہ آورملک کے فوجی سے یوکرینی عوام کے اچھے سلوک کوسراہا۔