All posts by Muhammad Saqib

شہر کی فضا مزید زہریلی، لاہور پھر دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار

لاہور (جنرل رپورٹر )لاہورشہر کی فضا زہریلی اور انتہائی مضر صحت قرار، لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے اور کراچی تیسرے نمبر پر آگیا۔سوئس ائیر کوالٹی ٹیکنالوجی کمپنی ”آئی کیو ایئر” کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں آلودہ ذرات کی مقدار 371 ہے جو ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے محفوظ معیار سے 32 گنا زیادہ ہے جبکہ گذشتہ صبح لاہور میں آلودہ ذرات کی مقدار 508 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی تھی۔ کراچی میں173پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی جسے غیر صحت مند قراردیا گیا ہے ۔ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور کی فضا مضرصحت ہے، جبکہ بھارت کا دارالحکومت دہلی دنیا کے آلودہ شہروں میں دوسرے نمبر پر بتایا گیا۔درجہ بندی کے مطابق 151سے200 درجے تک آلودگی مضر صحت ہے۔ 201سے 300 درجے تک آلودگی انتہائی مضر صحت ہے، 301سے زائد درجہ ، خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے۔یادرہے لاہور میں آلودگی ایک بڑا مسئلہ بن کر سامنے آچکی ہے اور یہ ایک ایسابحران ہے جو شہریوں اور ان کی نسلوں پر اثر انداز ہورہا ہے ایک رپورٹ کے مطابق ہر لاہوری کی اوسط عمر ساڑھے پانچ سال کم ہورہی ہے۔ ماہرین نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ ماسک پہننے سے اس کے اثرات کم ہوسکتے ہیں ختم نہیں۔ مستقل حل نکالے جانے کی ضرورت ہے۔

عوام کے جان و مال کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں: عثمان بزدار

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سعودی عرب سے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو ضروری ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں عوام کے جان ومال کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں-امن عامہ کی فضا بہتر بنانے کیلئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس رہیں۔ریجنل و ڈسٹرکٹ پولیس افسران امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کیلئے جانفشانی سے فرائض سرانجام دیں۔

اپوزیشن کرپٹ سسٹم کی پیداوار ہے ، تبدیلی کی خواہشمند نہیں: عمران خان

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جس معاشرے کی اخلاقیات قائم ہو تو آپ اس قوم کو ایٹم بم سے بھی ختم نہیں کرسکتے اور جب اخلاقیات ختم ہوتی ہے تو کرپشن اپنی جگہ بنا لیتی ہے اور اپوزیشن کرپٹ سسٹم کی پیداوار ہے جو تبدیلی کی خواہش مند نہیں ہے، قانون سازی ذاتی یا سیاسی فوائد کے لیے نہیں کر رہے، انتخابی اصلاحات پر قانون سازی جمہوری نظام کے لیے ضروری ہے، ہمارا مقصد تھا کہ آئندہ انتخابات صاف اور شفاف ہوں، سیاست میں آکر لوگ اپنی ذات کیلئے کام کرتے ہیں، میں ملک کو بدلنے کیلئے سیاست میں آیا تھا، سیاست میں آنے کا مقصد ملک کو فلاحی ریاست بنانا تھا، قائداعظم کا خواب تھا پاکستان ایک عظیم ملک بنے گا، آپ تمام انسانوں کیلئے رحمت بن کر آئے، اخلاقیات ختم ہونے پر کرپشن شروع ہوتی ہے، جو قوم انصاف نہیں کرسکتی وہ تباہ ہو جاتی ہے

انتخابی اصلاحات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، اتفاق رائے پیدا کیا جائیگا: حکومتی موقف

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) حکومت نے انتخابی اصلاحات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس موخر کر دیا ہے اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو اپوزیشن سے ایک بار پھر رابطہ کرنے کا کہا گیا ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات ملک کے مستقبل کا معاملہ ،ہم نیک نیتی سے کوشش کر رہے ہیں کہ ان معاملات پر اتفاق رائے پیدا ہو، امید ہے اپوزیشن ان اہم اصلاحات پر سنجیدگی سے غور کرے گی ، ایسا نہ ہونے کی صورت میں ہم اصلاحات سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کے مطابق اجلاس میں انتخابی اصلاحات‘ لاریفارمز‘ الیکٹرانک‘ ادارہ جاتی اصلاحات ‘ کلبھوشن کیس سے متعلق قانون سازی ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان سے اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کی ملاقات ،ملاقات میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے متعلق اہم امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر انتخابی اصلاحات و اہم بلوں کو مشترکہ اجلاس میں پیش کرنے کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں سے جلد رابطہ کروں گا تاکہ انکے تحفظات کو دور کرکے قومی مفاد کے حامل معاملات پر اتفاق رائے پیدا کیاجائے۔ اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ موجودہ حکومت قانون سازی کے عمل میں تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ امید ہے اپوزیشن جماعتیں ملک کی بہتری کے لیے کی جانے والی اصلاحات میں حکومت کا ساتھ دے گی۔ مشترکہ اجلاس دوبارہ جلد بلایا جائے گا۔

دو بڑی جماعتوں کے اہم رہنماؤں کی درخواست پر مشترکہ اجلاس ملتوی کیا گیا: ذرائع

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے ملتوی ہونے کے معاملے پر دو بڑی جماعتوں کے اہم رہنماؤں کی درخواست پر مشترکہ اجلاس ملتوی کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن کے اہم رہنماؤں نے حکومت سے رابطہ کیا اور اپوزیشن انتخابی اصلاحات بل پر حکومت سے بات کرنے پر تیار ہو گئی، اپوزیشن ارکان نے سپیکر آفس اور مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان سے رابطہ کیا۔
ذرائع کے مطابق دو بڑی جماعتوں کے اہم رہنماؤں کی درخواست پر مشترکہ اجلاس ملتوی کیا گیا، اپوزیشن کے رابطہ کرنے پر حکومتی ٹیم نے وزیراعظم عمران خان سے مشاورت کی۔ مشاورتی عمل میں بابر اعوان، اسد عمر اور پرویز خٹک شریک ہوئے، وزیراعظم نے مشترکہ اجلاس ملتوی کرنے پر رضا مندی ظاہر کی، حکومت اور اپوزیشن وفود کی جلد ملاقات ہو گی۔
ذرائع کے مطابق مشترکہ اجلاس ملتوی ہونے میں اتحادی جماعتوں کے تحفظات بھی شامل ہیں۔ مسلم لیگ ق، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کو بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر تحفظات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی دفاع پرویز خٹک نے بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشین قانون کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اتحادی جماعتیں اس بل پر راضی نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ میں بھی ای وی ایم پر اتفاق رائے نہیں، حکومت کو خدشہ تھا کہ مشترکہ اجلاس میں انتخابی اصلاحات بل پاس نہیں ہوسکے گا۔

قومی سلامتی کیلئے آئی ایس آئی کی مستعد کوششیں قابلِ تحسین ہیں: ائیر چیف

ائیر چیف ظہیر احمد بابر کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کے لیے آئی ایس آئی کی مستعد کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور سربراہ پاک فضائیہ مارشل ظہیر احمد بابر کی ملاقات میں قومی سلامتی، مسلح افواج اور انٹیلیجنس اداروں کے مابین باہمی ہم آہنگی کو مزید بڑھانے سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس آئی نے کہا کہ پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریاں اور پاکستان کی فضائی سرحدوں کی حفاظت پر مامور پاک فضائیہ کے افراد کی پیشہ ورانہ مہارت قابل تعریف ہے۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے لیے انٹر سروسز انٹلیجنس کی مستعد کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اپوزیشن کے تمام اراکین کے اعزاز میں عشائیہ

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن کے تمام اراکین کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔
پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اپوزیشن کے تمام اراکین کے اعزاز میں عشائیہ سینیٹ کے بینکوئیٹ ہال میں ہوگا، عشائیے میں اپوزیشن کے اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹرز شریک ہوں گے، جب کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سمیت حزب اختلاف کی دیگر سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی سربراہان بھی شریک ہوں گے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے دئیے گئے عشائیے میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی متفقہ حکمت عملی سے متعلق لائحہ عمل پر تبادلہ خیال ہوگا، جب کہ بلاول بھٹو زرداری قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اپوزیشن اراکین سے موجودہ سیاسی صورت حال کے تناظر میں پارلیمان میں مشترکہ حکمت عملی کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔

ملالہ کی شادی پر کترینہ، پریانکا اور بختاور سمیت متعدد شخصیات کی مبارکباد

نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کی شادی پر بالی ووڈ اور لالی ووڈ سمیت دنیا بھر سے متعدد مشہور شخصیات انہیں نئی زندگی کی مبارکباد دے رہی ہیں۔
ملالہ یوسف زئی گزشتہ روز پی سی بی کے جنرل مینجر عصر ملک کے ساتھ نکاح کے بندھن میں بندھیں۔ انہوں نے نکاح کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرکے یہ خوشخبری پوری دنیا کوسنائی۔
ملالہ کی جانب سے ان کے نکاح کی خبر شیئر کرنے کے بعد پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھرسے لوگ انہیں مبارکباد دے رہے ہیں۔ ملالہ کو نکاح کی مبارکباد دینے والوں میں بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف، پریانکا چوپڑا شامل ہیں۔ جب کہ بختاور اور آصفہ بھٹو زرداری سمیت پاکستان شوبز کی اداکارہ زارا نور عباس اور آئمہ بیگ نے بھی انہیں نئی زندگی کی مبارکباد دی۔
پریانکا چوپڑا نے نا صرف ملالہ کی پوسٹ پر انہیں مبارکباد دی بلکہ اپنی انسٹااسٹوری پر ملالہ کے نکاح کی تصویر شیئر کراکر ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف سمیت دیگر افراد نے بھی انہیں مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

چین میں تیار جدید ترین بحری جہاز ٹائپ 054A/Pفریگیٹ پی این ایس طغرل پاک بحریہ کے سپرد

 پاک بحریہ کے پہلے ٹائپ 054A/P فریگیٹ پی این ایس طغرل کی کمشننگ کی تقریب چین کے ہوڈونگ ژہنگوا (HZ) شپ یارڈ میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

پی این ایس طغرل پاکستان نیوی کے لیے تعمیر کیے جانے والے 4 ٹائپ 054 فریگیٹس میں سے پہلاجہاز ہے، یہ جہاز تکنیکی طور پر ایک جدید صلاحیت کاحامل پلیٹ فارم ہے جس میں سطح آب، فضاء اور زیرآب مار کرنے کے علاوہ نگرانی کی بھی صلاحیت موجود ہے، کثیرالجہتی خطرات کے ماحول میں یہ جہاز بیک وقت مختلف اقسام کے بحری جنگی مشقیں سر انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، پی این ایس طغرل جدید ترین کامبیٹ مینجمنٹ اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹم کے ساتھ ساتھ اپنے دفاع کی جدید صلاحیتوں سے لیس ہے۔

کمشنگ تقریب سے خطاب میں مہمان خصوصی نے کہا کہ پی این ایس طغرل کی کمشننگ پاک چین دوستی میں ایک نئے باب کا آغاز ہے جو وقت کی آزمائشوں میں مزید مضبوط ہوئی ہے اور تمام شعبوں میں ثابت قدم رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے کی مجموعی سکیورٹی کے تناظر میں طغرل کلاس فریگیٹس بحرِ ہند میں سمندری دفاع کو یقینی بنانے، امن، استحکام اور طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں درپیش بحری چیلنجوں کا جواب دینے کے لیے پاک بحریہ کی صلاحیتوں کو مضبوط بنائیں گے۔

054A/P فریگیٹ کی تعمیر کی نگرانی کرنے والے پاک بحریہ کے مشن کے سربراہ کموڈور راشد محمود شیخ نے کہا کہ پی این ایس طغرل کثیر الجہتی مشن کی صلاحیت کا حامل فریگیٹ ہے جو کہ پاک بحریہ کی بحری دفاعی صلاحیتوں کو تقویت دینے کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ کے فلیٹ کی بنیاد بنے گا۔

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ پہلے سیمی فائنل میں آج ٹکرائیں گے

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں آج نیوزی لینڈ اور انگلینڈ آخری معرکے میں رسائی کی جنگ لڑیں گے۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی پہلی فائنلسٹ ٹیم کون، ابوظہبی میں کیوی اور انگلش ٹیمیں رات 7 بجے میدان میں اتریں گی۔ متحارب ٹیموں نے گروپ مرحلے میں 4 ، 4 میچز جیت کر سیمی فائنل تک رسائی پائی ہے، کیوی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں واحد شکست پاکستان نے دی۔ انگلش کپتان اوئن مورگن کو بیٹنگ لائن میں ڈیوڈ مالان، معین علی، جوز بٹلر پر ناز ہے جبکہ کیویز کو ڈیرل مچل، مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن پر بھروسہ ہے۔ کیوی کپتان کہتے ہیں کہ انگلش ٹیم کیخلاف کسی غلط فہمی کا شکار نہیں ہوں گے، گروپ میچوں کی کارکردگی برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل کل بروز جمعرات کھیلا جائے گا جس میں پاکستان اور آسٹریلیا مد مقابل ہوں گے۔ قومی اسکواڈ کی آج ٹریننگ شیڈول ہے جس میں آسٹریلیا جیسے مشکل فریق سے نمٹنے سے متعلق ہیڈ کوچ کھلاڑیوں کو ٹپس دیں گے۔