All posts by Muhammad Saqib

ہم دنیا کو تیسری عالمی جنگ سے بچانا چاہتے ہیں، امریکی صدر

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ ہم دنیا کو تیسری عالمی جنگ سے بچانا چاہتے لیکن روس تیسری عالمی جنگ کی طرف جا رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے روس پر اقتصادی پابندیوں کو تیسری عالمی جنگ سے گریز کی کوشش قرار دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس 2 راستے ہیں۔ ایک یہ کہ روس کے خلاف عملی جنگ میں شریک ہوں یا پھر روس کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی قیمت چکانا پڑے۔
جو بائیڈن نے کہا کہ یوکرین پر فوجی حملے کی روس کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
دوسری جانب جرمن ائیر لائن نے ایک ہفتے تک روس کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں اور ائیر لائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ روس کی فضائی حدود بھی استعمال نہیں کی جائے گی۔
یورپی یونین، امریکہ اور اتحادیوں نے کئی روسی بینکوں کو مرکزی بین الاقوامی ادائیگی نظام سے منقطع کرنے پر اتفاق کر لیا ہے جبکہ صدر یورپین کمیشن کا کہنا ہے کہ مخصوص روسی بینکوں کو سوئفٹ بینکنگ سسٹم سے نکال دیا جائے گا جس سے روس کی درآمدات اور برآمدات بند ہو جائیں گی۔
صدر یورپی کمیشن کے مطابق بین الاقوامی ادائیگی نظام سے منقطع کرنے کے بعد روسی مرکزی بینک مفلوج ہو جائے گا۔

ایلون مسک نے یوکرین میں انٹرنیٹ منقطع ہونے پر سٹارلنک ایکٹیوکردیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ایلون مسک نے یوکرین میں انٹرنیٹ متاثر ہونے کے بعد سٹار لنک ایکٹیو کر دیا ہے۔
یوکرین میں روسی حملے کے بعدیوکرین کاانٹرنیٹ کا نظام منقطع ہو گیا ہے۔ جس کے بعدایلون مسک کی کمپنی سپیس ایکس نے یوکرین میں انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کردی ہے۔
ایلون مسک نے ایک ٹویٹ میں کہاہے کہ سٹارلنک سروس اب یوکرین میں ایکٹیو ہے۔ مزید ٹرمینلز بھی کھولے جا رہے ہیں۔
اس ٹویٹ سے پہلے یوکرین کے وزیر برائے ٹرانسفارمیشن نے ایلون مسک سے انٹرنیٹ کی فراہمی کی درخواست کی تھی۔
یوکرینی وزیر نے ٹویٹ میں ایلون مسک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جس دوران آپ مریخ کو آباد کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ روس یوکرین پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ جس دوران آپ کے راکٹ خلا پر لینڈ کر رہے ہیں۔ روسی راکٹ یوکرینی عوام پر حملہ کر رہے ہیں۔ ہم آپ سے یوکرین کو سٹارلنک سٹیشن فراہم کرنے کی گزارش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ ایلون مسک سمجھدار روسیوں سے کہیں کہ اپنی حکومت کے حملوں کے خلاف آواز اٹھائیں۔

روس پر مزید پابندیاں عائد کرنے کا اعلان

امریکا : (ویب ڈیسک) امریکہ اور مغربی ممالک نے روس پر مزید پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے روس کو سوئفٹ پیمنٹ سسٹم سے علیحدہ کرنے پر اتفاق کر لیا اور اب روس کے سینٹرل بینک پر بھی پابندیاں عائد ہوں گی۔
امریکی میڈیا کے مطابق روس پر مزید پابندیوں کا اطلاق آئندہ دنوں میں ہو گا۔
دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن نے یوکرین کے لیے 60 کروڑ ڈالر کی فوری عسکری امداد کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
صدر جوبائیڈن کی جانب سے وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کو تحریر کردہ ایک مراسلے میں ساڑھے 30 کروڑ ڈالر غیرملکی معاونتی قانون کے تحت یوکرینی دفاع کے لیے جاری کرنے کا کہا گیا ہے۔
اس کے علاوہ مزید ڈھائی سو ملین ڈالر یوکرائنی فوج کے لیے کسی قانونی نکتے سے ماورا فوری دفاعی امداد کی مد میں صرف کیے جائیں گے۔

پی ایس ایل کے چیمپئن کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ7 کے فائنل میں جیتنے والی ٹیم کو صرف ٹرافی ہی نہیں بلکہ 8 کروڑ روپے کی انعامی رقم بھی ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کی رنراپ ٹیم کے حصے میں 3 کروڑ 20 لاکھ روپے آئیں گےجبکہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کو30 لاکھ روپے کا چیک دیا جائے گا۔
پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن میں بہترین بیٹر اور سب سے زیادہ وکٹیں لینے والےبالر، بہترین فیلڈر، کیپر، ایمرجنگ، آل راؤنڈر اور امپائر آف دی لیگ کو بھی 35،35 لاکھ روپے کے چیک دیے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ بھی دیا جائے گا جس کی مالیت بھی 35 لاکھ روپے ہوگی۔
پاکستان سپر لیگ 7 کا فائنل آج ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

روس میں جنگ مخالف مظاہرین کی گرفتاریاں

روس: (ویب ڈیسک) روسی پولیس ملک کے کئی شہروں میں جنگ کے خلاف مظاہرے کرنے والوں کی گرفتاریوں میں مصروف ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز کم ازکم560افراد کو حراست میں لیا گیا۔ مقامی شہری حقوق کی تنظیموں کے مطابق بعض گرفتار شدگان کو قانونی مدد مہیا کی گئی ہے۔
جمعرات کے روز یوکرائن پر روسی حملے کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 1700 سے زائد افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔
دوسری جانب جمعہ کے روز روس کے ہم سایہ ملک جارجیا میں ہزاروں افراد نے دارالحکومت تبلیسی میں روس کے خلاف پابندیاں نافذ نہ کرنے پر اپنی حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا۔
دنیا بھر کے مختلف ممالک میں روسی صدر اور روسی حملے کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔

امریکا کا یوکرین کے لیے 600 ملین ڈالر کی فوری عسکری مدد کا اعلان

امریکا : (ویب ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن نے یوکرین کے لیے 600 ملین ڈالر کی فوری عسکری امداد کے احکامات جاری کیے۔
صدر جوبائیڈن کی جانب سے وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کو تحریر کردہ ایک مراسلے میں ساڑھے تین سو ملین ڈالر غیرملکی معاونتی قانون کے تحت یوکرینی دفاع کے لیے جاری کرنے کا کہا گیا ہے۔
اس کے علاوہ مزید ڈھائی سو ملین ڈالر یوکرائنی فوج کے لیے کسی قانونی نکتے سے ماورا فوری دفاعی امداد کی مد میں صرف کیے جائیں گے۔
دوسری جانب جرمنی اور نیدرلینڈ نے یوکرین کو ہتھیار بھجوانے کا اعلان کردیا ہے۔فرانس نے بھی وعدہ کیا ہے وہ یوکرین کو مزید فوجی مدد دے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فرانس دفاعی ہتھیار اور ایندھن یوکرین بھجوائے گا۔فرانس ان کیخلاف ایکشن لے گا جو جنگ کے بارے میں غلط خبریں پھیلا رہے ہیں۔
صدر یورپی یونین کونسل کا کہنا ہے کہ یونین کے 27ممبر ممالک یوکرین تک فوجی امداد پہنچانے کے لیے مدد کریں گے۔
واضح رہے کہ یوکرائن پر روسی حملے کے بعد امریکا سمیت مغربی دنیا کی جانب سے روس پر شدید پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں۔

پولینڈ نے روس سے فٹبال ورلڈکپ کوالیفائر میچ کھیلنے سے انکار کردیا

وارسا: (ویب ڈیسک) یوکرین پر حملے کے باعث پولینڈ نے روس سے فٹبال ورلڈکپ کوالیفائر میچ کھیلنے سے انکار کردیا۔
پولینڈ فٹ بال ایسوسی ایشن کےصدر نے ایک بیان میں کہا ہےکہ روسی جارحیت کے باعث ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پولش ٹیم آئندہ ماہ روس سے ہونے والا فٹ بال میچ نہیں کھیلےگی۔ 24 مارچ کوپولینڈ نے ماسکو میں رو س سے ورلڈکپ 2022کا کوالیفائر میچ کھیلنا تھا۔
فیفا کی جانب سے اس میچ کے پوائنٹس کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

پشاور میں آٹے، دالوں اور گھی کے بعد مرغی کا گوشت بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر

پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور میں آٹے، دالوں اور گھی کے بعد مرغی کا گوشت بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو گیا، مرغی کی قیمت صرف دو ہفتوں میں 186 روپے سے بڑھ کر 251 روپے ہو گئی، شہریوں نے حکومت سے بڑھتی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا مطالبہ کردیا۔
بازار میں مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت میں دو ہفتوں کے دوران 65 روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، بڑھتی قیمتوں کے باعث شہری بھی پریشان ہوگئے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے۔
دوسری جانب ڈیلروں اوردکانداروں کا کہنا ہے پولٹری فیڈ کی قیمتوں میں اضافے کے باعث نرخ بڑھے ہیں، فیڈ کی ایک بوری کی قیمت میں 600 روپے کا اضافہ ہوا ہے اور فیڈ کی بوری 3ہزار 400 سے بڑھ کر 4ہزار روپے ہوگئی ہے جبکہ فارمنگ میں بھی کمی آئی ہے۔
ڈیلروں کے مطابق پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے باعث پنجاب سے پولٹری کی ترسیل پر آنے والے اخراجات بھی بڑھے ہیں جس کے باعث چکن کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

روس نے یوکرین پر حملے تیز کردیئے، سلامتی کونسل میں ووٹنگ آج ہو گی

کیف: (ویب ڈیسک) روس نے یوکرین پر حملے تیز کر دیئے، دارالحکومت کیف میں بھی گھمسان کی لڑائی جاری ہے، اقوام متحدہ کا خصوصی اجلاس بلانے کےلیے سلامتی کونسل میں امریکی قراردار پر ووٹنگ آج ہوگی۔
یوکرین کےخلاف روس پوری قوت میدان میں لے آیا، یوکرینی اہداف پر حملوں میں تیزی کے بعد دارالحکومت کیف زور دار دھماکوں سے گونج اٹھا۔ روس نے دارلحکومت کیف کی ایک ائیر فیلڈ پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے، روسی وزیرخارجہ کےمطابق کیف کے مغربی حصے کو بھی یوکرینی فوج سے کاٹ دیا گیا ہے۔
یوکرین اور روس کی جانب سے ایک دوسرے کونقصان پہنچانے کے متضاد دعوے سامنے آئے ہیں، یوکرین حکام نے روسی پیش قدمی روکنے اور ہزاروں روسی فوجیوں کی ہلاکت اورزخمی ہونےکا دعویٰ کیا ہے، یوکرین میں تباہی کی فوٹجز بھی سامنے آئی ہیں، ایک خاتون جلتے گھر کے سامنے بیٹی کے ساتھ کھڑی طنز کررہی ہے کہ پوٹن کا شکریہ جس نے ہمارا گھر تباہ کردیا۔
ادھر امریکا اورالبانیہ کی درخواست پر سلامتی کونسل کا ایک اور ہنگامی اجلاس بلا لیا گیا ہے، میٹنگ میں جنرل اسمبلی کاخصوصی اجلاس بلانے پر ووٹنگ ہو گی، اجلاس بلانے کے خلاف مستقل 5 ارکان میں سے کسی کو ویٹو کا اختیار نہیں ہو گا۔
ادھر نیویارک کے ٹائمز سکوائر پر احتجاج ہوا، مظاہرین نے روس سے جنگ بند کرنے کامطالبہ کیا۔

پاک فضائیہ نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی تیسری سالگرہ پر ملی نغمہ جاری کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاک فضائیہ نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 3 برس مکمل ہونے پر ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے نیا ملی نغمہ جاری کردیا۔
نغمہ ملک کے مایہ ناز گلوکار ساحر علی بگا نے گایا ہے جبکہ اس کی عکس بندی پاکستان کے معروف ہدایت کار زوہیب قاضی نے کی ہے۔ یہ ترانہ پاک فضائیہ کے ان سپوتوں کی جرات و بہادری کو خراجِ تحسین ہے جنہوں نے دشمن کے ساتھ 2019 میں پیش آنے والے فضائی معرکے میں بہادری کی نئی داستان رقم کی اور ملک و قوم کا وقار بلند کیا۔