All posts by Khabrain News

انسداد اسمگلنگ کارروائیوں میں ایک کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

اے این ایف نے انسداد اسمگلنگ کارروائیوں میں ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔

ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے  مطابق ملک بھر میں تعلیمی اداروں کے گردونواح اور مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اس سلسلے میں 8 مختلف کارروائیوں میں 7 ملزمان کو گرفتار کرکے ایک کروڑ سے زائد مالیت کی 65.928 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔

اے این ایف نے اسلام آباد میں بس اسٹاپ کے قریب ملزم سے 1.4 کلو چرس برآمد کرلی، اسی طرح نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب 2ملزمان سے 30 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

دیگر کارروائیوں میں اسلام آباد میں کوریئر آفس کے ذریعے مالدیپ بھیجے جانے والے پارسل سے 112 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔ اسی طرح اسلام آباد میں F/17  سوسائٹی کے قریب  3.6 کلو افیون اور 48 کلو چرس برآمد ہوئی۔

اُدھر بلوچستان کے علاقے گوادر میں ملزم سے 6 کلو آئس برآمد کی گئی۔ ایم ٹو اسلام آباد پر گاڑی میں چھپائی گئی 2 کلو ہیروئن برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ اقبال شہید ٹول پلازہ اٹک کے قریب موٹرسائیکل میں چھپائی گئی  1.8 کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ دوسری جانب بلیلی کوئٹہ کے قریب  گاڑی کے خفیہ خانوں سے 3 کلو آئس برآمد کرکے  دوران کارروائی افغان باشندے کو گرفتار کرلیا۔

تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

جے شاہ کا بگ تھری منصوبہ؛ جنوبی افریقا، ویسٹ انڈیز کے سابق کپتانوں کی شدید تنقید

بھارت سے تعلق رکھنے والے آئی سی سی کے سربراہ جے شاہ کی جانب سے بگ تھری کا منصوبہ سامنے آنے پر جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کے سابق کپتانوں نے شدید تنقید کی ہے۔

سابق جنوبی افریقی کپتان گریم اسمتھ کا کہنا ہے کہ ٹو ڈویژن ٹیسٹ کرکٹ دنیا کے دوسرے ممالک کے لیے مشکلات کا سبب ہوں گے، دنیا کا کوئی کھیل ایسا نہیں جہاں صرف تین ملک آپس میں زیادہ کھیلیں۔

گریم اسمتھ نے کہا کہ جنوبی افریقیا ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں ہے اور ہمارے لیے یہی کافی ہے۔

سابق ویسٹ انڈین کپتان کلائیو لائیڈ نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کے لیے ٹو ڈویژن آئیڈیا غیر متاثر کن ہے، جو ممالک ٹیسٹ اسٹیٹس کے لیے محنت کرتی ہیں ان کا کیا بنے گا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت کے درمیان زیادہ ٹیسٹ میچز کرانے کی تجویز پر رد عمل سامنے آنے لگا ہے۔

دو روز قبل، آسٹریلوی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ آئی سی سی سربراہ جے شاہ اس حوالے سے انگلینڈ، آسٹریلیا اور بھارتی بورڈ کے سربراہان سے رابطے میں ہیں جبکہ انگلینڈ بورڈ کے چیئرمین رچرڈ تھامسن اور آسٹریلوی بورڈ کے سربراہ مائیک بیئرڈ سے اسی ماہ ملاقات ہوگی۔

بگ تھری منصوبے کے تحت آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ میچز کی تعداد بڑھائی جائے گی۔

فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے سویلینز کی صورتحال سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے سویلینز کی حالت زار سے متعلق پنجاب حکومت کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی گئی۔

سپریم کورٹ میں جمع قیدیوں کو حاصل سہولیات سے متعلق رپورٹ کے مندرجات سامنے آگئے۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 28 میں سے 27 ملزمان جیل میں ہیں، فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے سویلینز کو جیل رولز 1978 کے مطابق تمام سہولیات دی جارہی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ جیل کے میڈیکل آفیسر نے جیل میں داخلے کے وقت میڈیکل اسکریننگ کی، قیدیوں کو آفیشل مینیو کے مطابق دن میں تین مرتبہ گرم اور معیاری کھانا دیا جاتا ہے، قیدیوں کو بستر اور کمبل کی سہولت بھی جیل حکام کی جانب سے دی گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ اہل خانہ سے ہر جمعے کو ملاقات کی سہولت بھی دی گئی ہے، ملاقات کے دن اہلخانہ کھانا، پھل اور دیگر اشیا لا سکتے ہیں،ملزمان کو آفیشل سیکریٹ ایکٹ دفعہ 3 کے تحت سزا سنائی گئی۔

پاکستان کا دوسری اننگز میں اسکور: فالو آن کے بعد سب سے زیادہ اسکور کا دوسرا ریکارڈ

پاکستان کا دوسری اننگز میں اسکور اب تاریخ میں فالو آن کے بعد سب سے زیادہ اسکور کرنے والا دوسرا اسکور بن گیا ہے اور پھر بھی میچ ہارنے والا ٹیم بن گئی ہے۔ اس ریکارڈ کا سب سے بڑا اسکور بھارت کا ہے، جنہوں نے 1967 میں انگلینڈ کے خلاف لیڈز میں فالو آن کے دوران 510 رنز بنائے تھے۔

پشاور ہائی کورٹ نے علی امین گنڈاپور کو بڑا ریلیف دے دیا

ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈاپور کو بڑا ریلیف دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا  کی الیکشن کمیشن نوٹس کے خلاف دائر درخواست پر سماعت پشاور ہائیکورٹ   کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس فہیم ولی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی۔

عدالت نے علی امین گنڈاپور کی درخواست پر الیکشن کمیشن کا 20 نومبر کا نوٹس معطل  کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا۔

علی امین گنڈاپور کے وکیل بشیر خان وزیر ایڈووکیٹ نے  درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ وزیراعلیٰ کو الیکشن کمیشن نے اثاثہ جات سے متعلق نوٹس جاری کیا ہے۔ پہلے بھی الیکشن کمیشن نے ایسا ہی نوٹس جاری کیا تھا اور عدالت نے اس کو بھی معطل کیا تھا۔

جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے ریمارکس دیے کہ ایک بار عدالت نے نوٹس معطل کیا ہے تو پھر کیسے الیکشن کمیشن نے نوٹس بھیجا؟۔ آپ کو چاہیے تھا کہ توہینِ عدالت درخواست کرتے۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس نوٹس میں ایک فرق ہے۔  20 نومبر کو الیکشن کمیشن نے فریش نوٹس جاری کیا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے الیکشن کمیشن کا 20 نومبر کا نوٹس معطل  کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔

اسکوئڈ گیم اسٹار کی کنچے کھیلنے کی ویڈیو وائرل

نیٹ فلکس کی مقبول سیریز ’اسکوئڈ گیم‘ کے اسٹار وی ہا جون نے کلپ میں مقبول کھیل ’کنچے‘ کھیل کر اپنے مداحوں کو حیران کر دیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں وی ہا جون کنچے کھیلنا سیکھتے دکھائی دے رہے ہیں اور کہتے ہیں، ’یہ بھارتی کھیل کنچے ہے۔ پانچ یا اس سے زیادہ کنچے باہر نکالنے پر کامیابی ملے گی‘۔

ویڈیو میں ان کے ساتھ اسکوئڈ گیم کا پِنک گارڈ بھی ساتھ کھڑا نظر آتا ہے۔

وی ہا جون پہلی کوشش میں کوئی کنچا مارنے میں ناکام رہے، لیکن اگلی کوشش میں انہوں نے کھیل کا طریقہ سیکھ لیا۔ ویڈیو کے آخر میں انہوں نے کہا، ’یہ دلچسپ ہوگا اگر کنچے کو اسکوئڈ گیم میں شامل کیا جائے‘۔

یاد رہے کہ اسکوئڈ گیم کا دوسرا سیزن 26 دسمبر 2024 کو ریلیز ہوا ہے جس نے خوب شہرت حاصل کی ہے، اسکوئڈ گیم کی کہانی مالی مشکلات کا شکار افراد پر مبنی ہے، جو مختلف جان لیوا کھیلوں میں حصہ لیتے ہیں، اور جیتنے والے کو بڑی رقم ملتی ہے۔

 وی ہا جون، جو پہلے سیزن میں جیتنے والوں میں شامل تھے، دوسرے سیزن میں ایک جاسوس کے طور پر کھیل کو ختم کرنے کی کوشش کرتے ہیں

تحریری مطالبات دیے جا سکتے ہیں نہ مذاکرات جاری رہیں گے، پی ٹی آئی رہنما نے وجہ بتادی

پی ٹی آئی رہنما نے حکومت کو تحریری مطالبات نہ دیے جانے اور مذاکرات جاری رہنے یا نہ رہنے کی وجہ بتادی۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ اگر ملاقات نہیں ہوتی تو مذاکرات جاری نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر مطالبات تحریری طور پر نہیں دیے جا سکتے۔

بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ ملاقات اس لیے ضروری ہے کہ تحریری طور پر مطالبات مانگے گئے ہیں اور عمران خان سے ملاقات ہونے تک تحریری طور پر مطالبات نہیں دیے جا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ پولیٹیکل کمیٹی کی عمران خان سے ملاقات ضروری ہے۔ دھرنے کی کال ابھی نہیں دی۔ چونکہ مذاکرات شروع ہوئے تھے اس لیے بانی پی ٹی آئی نے ڈیڈ لائن دی تھی۔ بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ مذاکرات جاری نہ رہے تو کچھ بھی ہو سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی آمد پر سرگودھا یونیورسٹی میں چھٹی کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب کی آمد پر سرگودھا یونیورسٹی میں چھٹی کا اعلان کر دیا گیا۔

سرگودھا یونیورسٹی میں جاری تمام شعبہ جات کے فائنل ٹرم کے پرچے ملتوی کر دیے گئے، پرچہ جات کے شیڈول کا اعلان دوبارہ کیا جائے گا۔

امتحان ملتوی ہونے سے طلبہ و طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے آج یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب کے دوران ہونہار طلباء میں اسکالر شپ تقسیم کرنے ہیں۔ تقریب کے لیے یونیورسٹی آف سرگودھا کے کرکٹ گراؤنڈ میں انتظامات کیے گئے ہیں۔

مریم نواز شریف آج یونیورسٹی آف سرگودھا میں 1588 طلبہ کو چیک تقسیم کریں گی۔ یونیورسٹیز آف سرگودھا، بھکر، میانوالی اور میڈیکل کالجز کے طلبہ کو 7 کروڑ کے ہونہار اسکالرشپ ملیں گی۔

واضح رہے کہ راولپنڈی اور ملتان میں 7700 طلبہ کو ہونہار اسکالر شپ کے 44 کروڑ کے چیک مل چکے ہیں۔

خراب پرفارمنس کے بعد کوہلی اور روہت شرما کا مستقبل کیا ہوگا؟

مسلسل خراب پرفارمنس کے بعد ویرات کوہلی اور روہت شرما کے مستقبل کے حوالے سے اہم خبر سامنے آگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شرما اور ویرات کوہلی خراب کارکردگی کے باوجود بھارتی ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھیں گے اور دونوں کو کوئی خطرہ نہیں۔

بی سی سی آئی ذرائع نے کہا کہ ٹیم کی خراب پرفارمنس پر بی سی سی آئی ایک جائزہ میٹنگ کرے گا لیکن کسی کو ‘باہر’ نہیں کیا جائے گا۔

ذرائع نے کہا کہ کسی سیریز میں بلے بازوں کی خراب کارکردگی پر کوچ کو نہیں ہٹا سکتے، گوتم گمبھیر کوچ رہیں گے، ویرات اور روہت شرما انگلینڈ سیریز میں کھیلیں گے، اب توجہ چیمپئنز ٹرافی پر مرکوز ہوگی۔

واضح رہے کہ بھارتی ٹیم نے سال کا اختتام ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے بدترین سیزن کے ساتھ کیا۔ پہلی بار ٹیم انڈیا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف 12 سال بعد ہوم ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا، یہ پہلا موقع تھا جب ٹیم انڈیا کو ہوم ٹیسٹ سیریز میں 3-0 کی شرمناک شکست ہوئی، اس کے بعد بھارت 10 سال بعد بارڈر گاوسکر ٹرافی بھی ہار گیا۔

کپتان روہت شرما کی فارم آسٹریلیا میں کافی خراب تھی۔ انہوں نے پانچ اننگز میں صرف 31 رنز بنائے جبکہ ویرات کوہلی نے پہلے ٹیسٹ کا آغاز سنچری سے کیا لیکن اس کے وہ باقی میچوں میں ایک بھی نصف سنچری اسکور نہ کر سکے اور نو اننگز میں 23.95 کی اوسط سے 190 رنز بنائے۔

گوتم گمبھیر کا کوچنگ ڈیبیو بھی مایوس کن رہا۔ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف خراب کارکردگی سے قبل بھارت سری لنکا کے خلاف 27 سال بعد دو طرفہ ون ڈے سیریز بھی ہار گیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے عمران خان کے خلاف بیان دیا یا نہیں؟

سانحہ 9 مئی مقدمات کے سلسلے میں پی ٹی آئی رہنما نے  عمران خان کے خلاف بیان دیا یا نہیں، اس سلسلے میں بیان حلفی عدالت میں جمع کروا دیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما صداقت علی عباسی نے  عدالت میں بیان حلفی جمع کروایا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پانی پی ٹی آئی سمیت پارٹی قیادت کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا نہ 164 کا بیان ریکارڈ کروایا۔

دورانِ سماعت جی ایچ کیو حملہ کیس میں پی ٹی آئی سابق رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی نے بریت کی درخواست  بھی دائر کردی اور ساتھ ہی بیان حلفی بھی جمع کروایا گیا ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ 9مئی کے مقدمات میں ، میں نے 164 کے تحت کوئی بیان ریکارڈ نہیں کروایا۔

بیان حلفی میں مزید کہا گیا کہ میں نے کوئی بیان ریکارڈ نہیں کروایا نہ کسی بات کی نشاندہی کی، مجھے  مقدمے سے بری کیا جائے۔ مجھ سے 164 کے تحت بیان منسوب کیا گیا جو میں نے ریکارڈ ہی نہیں کروایا۔ پارٹی لیڈرشپ اور بانی پی ٹی آئی کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا۔

صداقت علی عباسی کے وکیل غلام مرتضیٰ سنبل کے توسط سے 265  ڈی کے تحت درخواست کی سماعت آج ہونے کا امکان ہے ۔