All posts by Khabrain News

سکھر : دو گروپوں میں فائرنگ سے 3افراد جاں بحق

کراچی : (ویب ڈیسک) سکھر میں دو گروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ سکھر کے علاقے باگڑجی تھانے کی حدود میں پیش آیا جہاں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں تین افراد جان کی بازی ہارگئے، اطلاع کے بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ، پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص شدید زخمی ہوا جسے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کی وجہ سے باگڑجی ہائی اسکول کے بچے محصور ہوگئے ، سکول میں 100سے زائد بچے موجود ہیں ، دونوں اطراف سے شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بچوں کو باحفاظت نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پرانے تنازع کا شاخسانہ ہے ، واقعے کی تفتیش کی جارہی ہے۔

قصور: پتنگ بازوں کیخلاف کریک ڈاون، 40 افراد گرفتار

قصور : (ویب ڈیسک) پولیس نے پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے 40 افراد کوگرفتار کرلیا ۔
پولیس کے مطابق کائیٹ فلائینگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر ضلع بھر میں 24 گھنٹوں میں 40 ایف آئی آر درج کرکے ملزمان گرفتار کرلئے گئے ۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار افراد سے ہزاروں روپے کی پتنگیں اور ڈور بر آمد کرلی گئیں ہیں جبکہ پتنگ بازی اور ساونڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر مزید کاروائیاں جاری ہیں ۔
ڈی پی او قصور طارق عزیز سندھو کاکہنا تھا کہ پتنگ بازی خونی کھیل ہے کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

پنجاب میں سکیورٹی اداروں کا بڑا آپریشن، 7 دہشت گرد گرفتار

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں جاری دہشت گردی کی لہر میں تیزی آنے کے بعد سی ٹی ڈی پنجاب نے بھی ملک دشمنوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی، اہم آپریشن کے دوران سیکیورٹی حکام نے 7 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب ( سی ٹی ڈی ) کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کارروائی کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے، گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) سے ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں سے خودکش جیکٹ بنانے کا سامان، بارودی مواد اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے، دہشت گرد حساس تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔
گرفتار دہشت گردوں کی شناخت احمداللہ، اسامہ، نذیر، حماد، عبدالرحمان اور امان اللہ کے ناموں سے کی گئی ہے۔

کم عمر لڑکیوں سے شادی کی آڑ میں انسانی سمگلنگ جاری ہے: سندھ ہائیکورٹ

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے پسند کی شادی کرینوالے جوڑے کو ہراساں کرنے کی درخواست پر پولیس کو جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔
ہائیکورٹ میں پسند کی شادی کرنیوالے جوڑے کو ہراساں کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، وجیہ فاطمہ نے بتایا کہ محسن سے مرضی سے شادی کی والدین نے اغواء کا جھوٹا مقدمہ درج کرادیا، پولیس سٹیشن کلری میں درج مقدمے کی وجہ سے پولیس ہراساں کررہی ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کی عمر کیا ہے، محسن کے ساتھ کہاں رہتی ہیں؟
جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیئے کہ کم عمر لڑکیوں سے شادی کی آڑ میں ہیومن ٹریفکنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے، وکلاء کو کیس اور فیس لینے سے قبل کیس کے حقائق کا بھی جائزہ لینا چاہیے۔
عدالت نے ہراساں کرنے کی درخواست پر 17 مارچ تک پولیس کو جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

حکومت ججز پرحملے کرکےآئین کی خلاف ورزی اور انتخابات سے فرارچاہتی ہے: عمران خان

لاہور : (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کاکہنا ہے کہ پی ڈی ایم اور مریم بی بی سپریم کورٹ کے ججز پر حملے کر کے آئین کی خلاف ورزی اور انتخابات سے فرارچاہتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کےججز پر حملہ شرمناک ہے ، ایسا کرکے وہ وفاق کونقصان پہنچا رہےہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اور مریم بی بی کے سپریم کورٹ ججز پر سوچے سمجھے حملوں کاایک ہی مقصد ہے، یہ ججز پرحملے کرکےآئین کی خلاف ورزی اورانتخابات سے فرارچاہتےہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جنگل کےقانون کی حکمرانی کویقینی بنایاجارہا ہے ۔

بارکھان واقعہ: قتل کیےگئے 3 افرادکو سپرد خاک کردیا گیا

بارکھان : (ویب ڈیسک) بارکھان واقعے میں قتل کیے گئے 3 افراد کو مشرقی بائی پاس قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
تدفین میں خان محمد مری اور مری قبیلے کے افراد نے شرکت کی، خان محمد مری کے 2 بیٹوں اور نامعلوم خاتون کی لاش 5 روز قبل بارکھان کےکنویں سے ملی تھی۔
تینوں افراد کے قتل کے خلاف مری اتحاد نے چار روز تک دھرنادیا تھا۔

ملک کے بیشتر یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی غائب

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک کے بیشتر یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی کی قلت کے باعث عوام پریشان ہوگئی۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گھی کی دستیابی کے مسائل مختلف وینڈرز کی ایل سیز نہ کھلنے سے ہوئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق فنڈز کی کمی کے باعث بھی اشیاء کی دستیابی میں تاخیر ہوئی تاہم اب وزرات خزانہ نے 6 ارب سے زائد کے فنڈ ریلیز کر دیے ہیں جس کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز کے اکاؤنٹ میں فنڈ آئندہ ہفتے منتقل ہو جائیں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

جیل بھرو تحریک: شیخ رشید بھاگ نکلے اور عمران جعلی پلستر لگوا کر چھپ گیا: وسان

لاہور: (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان نے عمران خان کی جیل بھرو تحریک کو فلاپ قرار دے دیا۔
ایک بیان میں منظور وسان نے کہا کہ خان صاحب جیل بھرو تحریک تم سے نہیں ہوپائے گی، عمران خان اورشیخ رشید نے کہا تھا کہ سب سے پہلے وہ گرفتاری دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شیخ رشید سسرال جانے کی بجائے گاڑی میں بیٹھ کر پتلی گلی سے بھاگ گئے اور عمران خان عدالتوں سے ضمانت لے کرٹانگ پرجعلی پلسترلگواکرچھپ کربیٹھا ہے۔
منظوروسان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جن مقاصد کے لیے تحریک شروع کی وہ کامیاب نہیں ہوں گے، ان کی جیل بھرو تحریک فلاپ ہوچکی ہے، اس تحریک میں چند کارکنوں کے سوا کوئی گرفتاری دینے نہیں نکلا جب کہ جن رہنماؤں نے گرفتاریاں دیں وہ ضمانتوں کے لیےدرخواستیں دے رہے ہیں۔

عالمی سطح پر پاکستان کا امیج خراب کرنے کی ایک اور بھارتی سازش بے نقاب

لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی سطح پر پاکستان کا امیج خراب کرنے کی ایک اور بھارتی سازش بے نقاب ہو گئی، یورپی یونین کے ادارے ای یو ڈس انفو لیب نے بھارتی سازش کا بھانڈہ پھوڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق ای یو ڈس انفو لیب نے ایک اور بھارتی سازش بے نقاب کردی، بھارتی سرکاری خبر رساں ادارہ اے این آئی جن عالمی صحافیوں، تنظیموں اور بلاگرز کا حوالہ دے کر پاکستان، پاک فوج اور چین کے خلاف جعلی رپورٹس پھیلا رہا ہے ان کا کوئی وجود ہی نہیں ملا۔
فیک نیوز کے خلاف کام کرنے والے یورپی یونین کے ادارے ای یو ڈس انفو لیب نے پاکستان کے خلاف ایک اور بھارتی سازش کا بھانڈہ پھوڑ دیا، پاکستان اور پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والی بھارتی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایشین نیوز انٹرنیشنل مسلسل اپنی خبروں سے ایسے کرداروں کے حوالے سے پاکستان مخالف بیانیہ بنانے میں مصروف ہے جن کا کوئی وجود ہی نہیں۔
ای یو ڈس انفو لیب نے ہیڈ سورسز رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اے این آئی نے اپنے آرٹیکل میں ایک ایسے تھنک ٹینک کی رپورٹ کا حوالہ دیا جو کینیڈا کے سابق رکن پارلیمنٹ نے 2012 میں بنایا جبکہ 2014 میں اس تھنک ٹینک کو بند کردیا گیا تھا، ای یو ڈس انفو لیب نے “پالیسی ریسرچ گروپ” نامی تھنک ٹینک کو بہت ڈھونڈا لیکن اس کا سراغ نہ لگ سکا۔
مبینہ تھنک ٹینک میں شامل تین افراد میں سے ایک جیمز ڈگلس کرکٹن نے 2016 میں سابق صدر پرویز مشرف کے سوئٹزرلینڈ میں مبینہ خفیہ بینک اکاؤنٹ کے حوالے سے خبر دی جو جعلی ثابت ہوئی، اے این آئی نے اس جھوٹی بات کو بھی پروپیگنڈہ کے طور پر اچھالا۔
بھارتی خبر ایجنسی نے فروری 2021 میں ایک مبینہ اینٹی ٹیررازم ٹاسک فورس کے ماہر لکھاری رونلڈ ڈچمین کےنام سے پاکستان اور مسلح تنظیموں کے حوالے سے ایک جعلی رپورٹ چلائی، درحقیقت اس خیالی لکھاری کا بھی کوئی اتہ پتہ نہیں مل سکا۔
رپورٹ کے مطابق ’انٹرنیشنل فورم فار رائٹس اینڈ سکیورٹی‘ نامی تھنک ٹینک 2014 میں بند ہوچکا ہے، اس کے باوجود 2020 سے 2022 تک اس نام نہاد تھنک ٹینک کے نام سے 19 جعلی کانفرنسزکی گئیں، اس تھنک ٹینک کے بینر تلے 500 سے زائد آرٹیکلز چھاپے گئے، ان میں سے 200 سے زائد آرٹیکلز کا حوالہ اے این آئی نے اپنی خبروں میں دیا ،لیکن ان لکھاریوں کا بھی وجود نہیں ملتا۔ؕ
عالمی تحقیقی ادارے کا کہنا ہے کہ بھارتی خبررساں ادارے میں شامل صحافی سب کچھ جانتے ہوئے بھی پاکستان کے حوالے سے جھوٹی خبریں پھیلانے کی مہم کا حصہ لگتے ہیں، اگرانہیں یہ معلوم نہیں کہ ایسی رپورٹس کے ذرائع جھوٹے ہیں تو یہ صورتحال ان کی ناکامی کا اعتراف ہے۔

بجلی بچاؤ مہم: کراچی شہر میں مارکیٹیں ساڑھے 8 بجے بند کرنے کا حکم

کراچی: (ویب ڈیسک) توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے کمشنر کراچی نے شاپنگ مال اور مارکیٹیں رات ساڑھے 8 بجے بند کرانے کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کر دی۔
وفاقی حکومت کی ہدایت پر کمشنر کراچی نے تمام ڈی سیز کو خط لکھ دیا ہے۔
کمشنر کراچی نے ڈپٹی کمشنرز کو مارکیٹوں اور ریسٹورنٹس سے متعلق نیا حکم نامہ جاری کر دیا جس میں ڈی سیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ شاپنگ مالز، مارکیٹیں ساڑھے 8 بجے بند کرائی جائیں۔
کمشنر کراچی نے ہدایت کی ہے کہ شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کو رات 10 بجے بند کرانے کے اقدامات کیے جائیں، توانائی بحران سے متعلق وفاقی حکومت کے احکامات پر عمل درآمد کرایا جائے۔