All posts by Khabrain News

پاکستان کو چین سے 70 کروڑ ڈالر موصول

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کو چین سے 70 کروڑ ڈالر موصول ہو گئے، رقم چائنہ ڈویلپمنٹ بینک سے رول اوور معاہدے کے بعد موصول ہوئی۔
ذرائع سٹیٹ بینک کے مطابق چائنہ سے ملنے والے 70 کروڑ ڈالرز کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان معاہدہ چند روز قبل ہوا تھا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے بتایا تھا کہ چین کے ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر فنانسنگ کی منظوری دے دی ہے، سٹیٹ بینک آف پاکستان کو رقم ملنے سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائرمیں اضافہ ہو گا۔

قاتلانہ حملہ: جے آئی ٹی رپورٹ میں ردو بدل کیا جا رہا ہے، عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مجھ پر قاتلانہ حملے کی جے آئی ٹی رپورٹ میں ردو بدل کیا جا رہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ اگر کسی کےذہن میں اب بھی کوئی ابہام باقی ہے کہ مجھ پر قاتلانہ حملے کا ذمہ دار کون تھا تو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں جمع کرائی جانے والی جے آئی ٹی رپورٹ کا حال دیکھ لے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اس رپورٹ کے مندرجات میں جان بوجھ کر رد و بدل کے ذریعے اب جے آئی ٹی کی تحقیقات و نتائج پر پانی پھیرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ایک آزادانہ انکوائری کے بعد 4 افسران کو شواہد تباہ کرنے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے پراسیکیوٹر جنرل نے ان کیخلاف کارروائی کی سفارش کی مگر طاقتور قوتوں نے سید خرم علی کو کنویئنر بنوا کر ان چاروں افسران کو جے آئی ٹی میں شامل کرانے کیلئے پنجاب کی نگران حکومت سے جے آئی ٹی کی تشکیلِ نو کرائی ہے۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کو 6 نشستوں سے ڈی نوٹیفائی کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم عمران خان کو 6 نشستوں سے ڈی نوٹیفائی کردیا۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور سے عمران خان کی نشست خالی قرار دے دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ این اے 108، این اے 118 ننکانہ اور این اے 239 کراچی سے عمران خان کی نشست خالی قرار دی گئی۔
خیال رہے کہ 16 اکتوبر 2022 کو عمران خان قومی اسمبلی کے 7 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں امیدوار تھے اور انہوں نے 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

برطانیہ میں خوراک کی قلت مئی تک برقرار رہے گی

لندن:(ویب ڈیسک) برطانیہ میں کسانوں نے خبردار کیا ہے کہ شمالی افریقا میں خراب موسم اور مقامی سطح پر فصل لگانے میں تاخیر کی وجہ سے مئی تک خوراک کی قلت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ سردیوں میں بہت سے غیر موسمی پھل اور سبزیاں مراکش اور اسپین سے درآمد کرتا ہے تاہم رواں برس خراب موسم کے باعث اسپین اور مراکش سے فصلوں کا صرف ایک چوتھائی حصہ لندن پہنچا۔
جس کے بعد سے ملک بھر میں کھانے پینے کی اشیا کی قلت کا سامنا ہے۔ خوراک کی قلت کی وجہ جنوبی یورپ اور شمال افریقی ممالک میں شدید سردی، بارش اور سیلاب کی وجہ سے سپلائی کا متاثر ہونا ہے۔
اسپین اور مراکش میں سخت سردی، مسلسل بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے کسانوں کو فصلوں کی کٹائی میں مشکل کا سامنا رہا اور پھر اس کی برطانیہ تک نقل و حمل بھی بری طرح متاثر ہوئی۔
ملک کے کئی سپر اسٹورز سے پھل اور سبزیاں غائب ہوگئی ہیں اور شہری پریشانی کا شکار ہیں۔ حکومتی ہدایات پر بازاروں میں ٹماٹر، کالی مرچ، کھیرے، سلاد، بروکولی، پھول گوبھی محدود مقدار میں فروخت کی جا رہی ہے۔
ادھر توانائی کے بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث مقامی سطح پر فصل لگانے میں تاخیر ہوئی جس کے باعث ماہرین اور کاشت کاروں نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ بھر میں پھلوں اور سبزیوں کی قلت مئی تک رہے گی۔

الیکشن کمیشن نے شیخ رشید اور تحریک انصاف کے 31اراکین قومی اسمبلی کی رکنیت بحال کردی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے شیخ رشید اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 31 ارکین اسمبلی کی رکنیت بحال کردی۔ ان ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا گیا ہے ۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے 27 جنرل اور پانچ مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے ارکان اسمبلی کی رکنیت بحال کردی گئی ہے ۔ جن اراکین کی رکنیت بحال کی گئی ان کا تعلق راولپنڈی ، لاہور ، ملتان اور جہلم سے ہے ۔الیکشن کمیشن نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید ، تحریک انصاف کے رہنماؤں فرخ حبیب ، فواد چوہدری ، شفقت محمود ، سید فیض الحسن،ملیکہ بخاری ، کنول شوذب، عالیہ حمزہ اور عندلیب عباس سمیت دیگر کی رکنیت بحال کی ہے۔

بد قسمتی سے ایک طبقہ سڑکوں پر معاملات حل کرنا چاہتا ہے، شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان سب سے پہلے، باقی معاملات بعد میں ہیں لیکن بد قسمتی سے ایک طبقہ مل بیٹھنے کے بجائے سڑکوں پر معاملات حل کرنا چاہتا ہے۔
نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاملات جلد طے ہونے کی امید ہے، اس لیے عالمی مالیاتی ادارے کی کڑی شرائط قبول کرنے کے لیے تیار ہوئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پی ڈی ایم نے ملک بچانے کے لیے اپنی سیاست داؤ پر لگائی، پاکستان کی سیاسی لیڈر شپ، دفاعی افسران، سپہ سالار کی قیادت میں موجود ہیں، بدقسمتی سے ایک جماعت نے دعوت کے باوجود اجلاس میں شرکت نہیں کی، وہ سڑکوں پر معاملات کا حل چاہتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے، اگر ہم اپنے گھر کے حالات خود ٹھیک نہیں کریں گے تو کوئی دوسرا بھی مدد کو نہیں آئے گا، پاکستان کو معاشی چیلنجز درپیش ہیں، انشااللہ جلد مشکلات سے نکل جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی انا اور پسند و نا پسند کو ایک طرف رکھ کر مل کر کام کرنا ہے، پاکستان کو اکنامک ٹائیگر بنانا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پشاور میں آرمی پبلک سکول واقعے کے بعد نیشنل ایکشن پلان مرتب کیا گیا، نیکٹا بذات خود ایک سرکاری ادارہ رہ چکا ہے، نواز شریف دور میں نیشنل ایکشن کمیٹی پلان پر تمام سٹیک ہولڈرز کو متحد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ اجلاس میں ہم نے ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق فیصلے کیے، کراچی میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، سکیورٹی فورسز نے بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔

مودی سرکار کے بڑھتے مظالم کیخلاف سکھوں نے ہتھیار اٹھالیے، پولیس اسٹیشن پر قبضہ کرلیا

چندی گڑھ: (ویب ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ہندوستان میں مسلمانوں کے بعد اب سِکھ بھی زیرعتاب ہیں جس سے سکھوں کی آزاد خالصتان تحریک زور پکڑ گئی ہے جب کہ خالصتان کے حامیوں اور پولیس میں تصادم بھی ہوا ہے۔
بڑھتی ہوئی ہندوتوا شدت پسندی کے باعث مودی سرکار میں اقلیتیں نہ صرف غیر محفوظ ہیں قومی دھارے سے علیحدہ ہو گئی ہیں بلکہ سکھ برادری نے مود ی سرکار کی بڑھتی نا انصافیوں اور مظالم کے خلاف ہتھیار بھی اُٹھا لئے ہیں۔
بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ بڑھتی ہوئی ناانصافی اور شدت پسندی کے خلاف سکھ برادری میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے جس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ تنظیم ”وارث پنجاب دے“ نے مودی سرکار کی اینٹ سے اینٹ بجا دی ہے۔
بھارتی پنجاب میں خالصتان کے حامیوں نے اجنالہ پولیس اسٹیشن پر قبضہ کر لیا جب کہ ہزاروں کی تعد اد میں موجود بھارتی پولیس تماشہ دیکھتی رہ گئی، اس دوران ہونے والے تصادم کے باعث سینکڑوں پولیس اہلکار اور تنظیم کے کارکنان زخمی ہوئے ہیں۔
وارث پنجاب دے کے حامیوں نے طوفان سنگھ کی گرفتاری کے خلاف اجنالہ پولیس اسٹیشن پر دھاوا بولا، امرت پال سنگھ نے ساتھی رہنما طوفان سنگھ کی ناجائز گرفتاری کے خلاف24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا، مودی سرکار نے سیاسی مقاصد کے تحت طوفان سنگھ پر اغوا کا جھوٹا مقدمہ دائر کیا تھا۔
واضح رہے کہ ستمبر2021 میں سِکھ برادری کے حقوق کے تحفظ کیلئے وارث پنجاب دے قائم کی گئی تھی، امرت پال سنگھ نے وزیر داخلہ امیت شاہ کو اندرا گاندھی جیسے انجام کی دھمکی دے ڈالی ہے۔
مودی سرکار کے دباؤ میں آکر گزشتہ سال ٹویٹر اور انسٹا گرام نے امرت پال سکھ کا اکاوئنٹ معطل کر دیا تھا، ستمبر 2022 کے دوران دستار بندی کی تقریب میں امرت پال سنگھ نے آزادی کی جنگ لڑنے کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے کہ وارث پنجاب دے نے 2021 میں سکھ کسان برادری کے احتجاج میں بھی بھرپور شرکت کی تھی، کسان مظاہروں کے دوران دہلی کے لال قلعے پر خالصتانی پرچم بھی لہرایا گیا تھا۔
بھارت میں سکھ برادری کے خلاف مظالم کوئی نئی بات نہیں ہیں، جون 1984 میں بھارتی حکومت نے گولڈن ٹیمپل امرتسر پر حملہ کیا تھا جس کے دوران 5 ہزار سے زائد سکھوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔
آپریشن بلیو اسٹار میں سکھوں کے روحانی پیشوا جرنیل سنگھ بھنڈرا نوالے مارے گئے تھے، آپریشن میں امریک سنگھ اور میجر جنرل ریٹائرڈ شاہ بیگ سنگھ بھی مارے گئے تھے۔ گولڈن ٹیمپل آپریشن کے بعد بھارتی فوج میں سکھوں کی طرف سے وسیع پیمانے پر بغاوت کی گئی تھی۔
29 مئی 2022 کو سدھو موسے والا کو ہندو انتہا پسندوں نے بے رحمانہ طریقے سے قتل کر دیا تھا جب کہ 29 جنوری 2023 کو میلبرن میں 60 ہزار سے زائد سکھوں نے ریفرنڈم میں آزاد خالصتان کا مطالبہ کیا تھا۔
بھارت کی موجودہ صورتحال میں یہ سوالات نہایت شدت کے ساتھ پوچھے جا رہے ہیں کہ کیا بڑھتی ہندوتوا شدت پسندی کے باعث بھارت خانہ جنگی کی طرف بڑھ رہا ہے؟ اورکیا انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں ہندوستان میں بسنے والے مسلمانوں اور سکھوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لیں گی؟

عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں کمی واقع ہوئی ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 8 ڈالر کی کمی سے 1818 ڈالر کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی جمعہ کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 1000روپے اور 857 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔
کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 195100 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت گھٹ کر 167267 روپے کی سطح پر آگئی۔
اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 20 روپے گھٹ کر 2100 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی 17.14 روپے کی قیمت گھٹ کر 1800.41 روپے کی سطح پر آگئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

کراچی: (ویب ڈیسک) اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ 8 کے 13 ویں میچ میں اسلام آباد کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: جیسن رائے، ول سمیڈ، مارٹن گپٹل، سرفراز احمد (کپتان)، افتخار احمد، اوڈین اسمتھ، محمد حفیظ، محمد نواز، ایمل خان، نسیم شاہ، محمد حسنین
اسلام آباد یونائیٹڈ: کولن منرو، رحمان اللہ گرباز، رسی وین ڈیر ڈوسن، شاداب خان (کپتان)، اعظم خان، آصف علی، فہیم اشرف، مبصر خان، حسن علی، فضل الحق فاروقی، ابرار احمد

پاکستان اور ازبکستان میں 1 ارب ڈالر مالیت کے تجارتی معاہدے پر دستخط

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان اور ازبکستان کے درمیان 1 ارب ڈالر مالیت کے تجارتی معاہدے پر دستخط ہو گئے۔
پاکستان ازبکستان بین الحکومتی کمیشن اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان معاہدے ہوئے، اجلاس میں بینکنگ، صنعت و پیداوار، ٹیکسٹائل انڈسٹری، توانائی، تیل اور قدرتی وسائل کیلئے معاہدے کیے گئے۔
اجلاس میں مواصلات، زراعت، سیاحت و ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ اقتصادی تعاون زیر غور آیا، اجلاس کی صدارت ازبکستان کے وزیر صنعت اور تجارت اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کی۔
اجلاس میں سرمایہ کاری کے تعاون اور دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے پر بھی اتفاق ہوا، پاکستان ازبکستان بین الحکومتی کمیشن کا نواں اجلاس آئندہ سال پاکستان میں ہوگا۔