All posts by Khabrain News

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن کی تاریخ نہ دینے پر سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لے لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے انتخابات کی تاریخ نہ دینے پر ازخود نوٹس لے لیا۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں 9 رکنی بنچ تشکیل دے دیا گیا، جو پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے حوالے سے کیس کی کل سے ہی سماعت کرے گا، واضح رہے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کے تبادلے کے کیس کی سماعت کرنے والے سپریم کورٹ کے 2 رکنی بنیچ نے از خود نوٹس کیلئے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوایا تھا۔
2 روز قبل ہی صدر مملکت نے الیکشن ایکٹ 2017 ء کے سیکشن 57 ون کے تحت 9 اپریل بروز اتوار کو پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کیلئے انتخابات کا اعلان کیا تھا، انہوں نے الیکشن کمیشن کو الیکشن ایکٹ کے سیکشن 57 ٹو کے تحت انتخابات کا پروگرام جاری کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔
صدر نے اپنے موقف میں مزید کہا تھا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے گورنرز صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 دن کے اندر اندر الیکشن کی تاریخ مقرر کرنے کی اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا نہیں کر رہے، الیکشن کمیشن بھی پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں کے انتخابات کرانے کی اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کر رہا۔

میری حکومت ضرور آئے گی پھر میں ان کو نہیں چھوڑوں گا، عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میری حکومت ضرور آئے گی پھر میں ان کو نہیں چھوڑوں گا۔
عوام سے ویڈیو خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ انہیں لگتا ہے جو جج ان کے خلاف فیصلہ کرے گا اس کے پیچھے لگ جاتے ہیں، جو بھی آج ایکشن کررہا ہے اسے میں نہیں چھوڑوں گا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ پہلے تو آپ نے غیر قانونی چیزیں کیں لیکن اس بار آپ نہیں بچیں گے، 90 دن کے بعد نگراں حکومت نہیں رہ سکتی، ہمارے دور میں نیب نے 480 ارب ریکور کیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ یہ اپنی دولت بھی پاکستان لے آئیں تو مہنگائی ختم ہوجائے گی، 10 ماہ میں حکومت کے ساتھ وہ کیا جو دشمن بھی نہیں کرتا، ہمارے دور میں تیل 110 ڈالر فی بیرل تھا آج 75 سے 80 ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں سے قربانیاں لے رہے ہیں خود بھی کچھ کریں، ہمارے سامنے مگر مچھ کے آنسو نہ بہائیں، قوم اب بیوقوف نہیں بنے گی لوگ سڑکوں پر آنے کے لیے تیار ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ جس طرح لاہور کے لوگ نگلے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آج پاکستان گھٹنوں کے بل کھڑاہے، ملک میں ایک طرف بے روزگاری دوسری طرف مہنگائی بڑھ رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت گراکر ملک کے خلاف سازش کی گئی، اس سب کے ذمہ دار آپ اور آپ کے سہولت کار ہیں، ہمارے دور میں ملک میں تاریخی ڈالر آئے تھے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب ان کا خاص آدمی تھا، وہ بھی کہہ رہا ہے جھوٹے کیسز بنائے گئے، مجھ پر 70 ایف آئی آر ہیں، کوئی فکر نہیں جتنی مرضی کریں، لوگوں کا خوف دور کرنے کے لیے ہی جیل بھرو تحریک شروع کی۔
عمران خان نے کہا کہ ملک سے بھاگا ہوا بھگوڑا باہر بیٹھ کر ملک کے فیصلے کررہا ہے، اس ملک کا کیا مستقبل ہوگا جہاں ایک مفرور ملک کے فیصلے کررہا ہے، شہباز شریف 24 ارب کے کرپشن کیس میں پکڑا جانے والا تھا۔

جیل بھرو تحریک کا آغاز عمران خان کی گرفتاری سے ہونا چاہئے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریکیں ضمانتوں سے شروع نہیں ہوتیں، یہ کیسی تحریک ہے جس کا لیڈر پلستر باندھ کر ضمانت پر زمان پارک بیٹھا ہے، عمران خان نے ملک کو نقصان پہنچایا، انہیں اپنے خلاف چارج شیٹ کا جواب دینا پڑے گا، جیل بھرو تحریک کا آغاز عمران خان کی گرفتاری سے ہونا چاہئے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نالائقوں، نااہلوں، ملک کے خلاف سازش کرنے والوں اور فارن فنڈنگ میں ملوث ٹولے نے 4 سال وفاق اور 10 سال خیبر پختونخوا میں تباہی مچائی، انہوں نے وزارت عظمیٰ کے منصب پر بیٹھ کر ریاستی طاقت کا استعمال کر کے اپنی جیبیں بھریں، اس ٹولے نے اپنے سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالا۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ سرکاری خزانے کو استعمال کر کے اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف پروپیگنڈا کیا، چار سال تک تمام ریاستی طاقت ہونے کے باوجود یہ اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے، نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز سمیت مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو انہوں نے سزائے موت کی چکیوں میں ڈالا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب کرپشن نہ ملی تو انہوں نے ہیروئن کے کیسز بنا دیئے، یہ جب کوئی الزام ثابت نہیں کر سکے تو انہوں نے ملک کو معاشی تباہی کی طرف دھکیلا، نوجوانوں کو بے روزگار کیا، عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسا، خارجہ پالیسی تباہ کی، کشمیر کا سودا کیا، دوست ممالک کو ناراض کیا، ملک کا کوئی ایسا شعبہ نہیں جہاں انہوں نے تباہی نہ مچائی ہو۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام ان کی پھیلائی ہوئی تباہی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، عمران نیازی نے پچھلے نو ماہ سے ملک میں تماشا لگا رکھا ہے، ان کی کہانی سائفر کی سازش، بیرونی سازش اور امپورٹڈ حکومت کے تماشے سے شروع ہوئی، کبھی اسلام آباد لانگ مارچ کیا کبھی خیبر پختونخوا سے لانگ مارچ شروع کر کے پولیس والوں کے سر پھاڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب عدالتیں نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز کو بلاتی تھیں اور وہ پیش ہوتے تھے، آج یہ عدالتیں اس شخص کو طلب کرتی ہیں تو یہ پیش نہیں ہوتا، شاہد خاقان عباسی کل عدالت میں تاخیر سے پیش ہوئے تو ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہو گئے جبکہ دوسری طرف یہ شخص غنڈہ گردی اور بدمعاشی کرتا ہے اور اسے مہلت پر مہلت دے دی جاتی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو عدالت، ایف آئی اے اور نیب طلب کر رہی ہے اور یہ جیل بھرو تحریک شروع کر رہا ہے جس کا آغاز ضمانت سے ہوتا ہے، یہ جیل بھرو تحریک نہیں ”جیل بچو“ تحریک ہے، ان کا عالمی سازش اور امپورٹ حکومت کا بیانیہ ختم ہو گیا، ان کے پاس توشہ خانہ کیس اور پانچ قیراط ہیرے اور القادر ٹرسٹ کی زمین، فارن فنڈنگ کے کیسز کا جواب نہیں اس لئے اپنے کیسز سے نظر ہٹانے کے لئے جیل بھرو تحریک کا نیا تماشا شروع کر دیا ہے۔

ضمنی الیکشن کا بائیکاٹ: ایم کیو ایم نے 9 حلقوں سے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے

کراچی: (ویب ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے کراچی کے ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کرتے ہوئے 9 حلقوں سے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے۔
ذرائع کے مطابق 9 حلقوں سے ایم کیو ایم امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں، جن امیدواروں نے کاغذات واپس لیے ان میں مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، محفوظ یار خان، ڈاکٹر صغیر احمد شامل، شیخ صلاح الدین، عبدالقادر خانزادہ، ریحان ہاشمی، عادل عسکری شامل ہیں۔
اس کے علاوہ وسیم آفتاب، شاکر علی، طلحہ احمد نےبھی کاغذات نامزدگی واپس لےلیے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی اپیل پر عوامی نیشنل پارٹی نے بھی ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

یوکرینی ہم منصب ولادی میر زیلنسکی کا صدر علوی کو فون، روس یوکرین جنگ پر اقوام متحدہ کی قرارداد پر حمایت مانگ لی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ان کے یوکرینی ہم منصب ولادی میر زیلنسکی نے ٹیلی فون پر کیا ہے۔
اپنی گفتگو کے دوران دونوں صدور نے پاکستان اور یوکرین کے سیاسی اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جبکہ روس، یوکرین جنگ کے تناظر میں ترقی پذیر دنیا کو درپیش توانائی اور خوراک کے مسائل پر گفتگو کی گئی، صدر زیلنسکی نے صدر علوی کو یوکرین کے دورے کی دعوت بھی دی۔
دونوں ممالک کی جانب سے مشترکہ مفاد کیلئے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا، صدر زیلنسکی نے صدر علوی کو اپنے دس نکاتی امن فارمولے کا حوالہ دیتے ہوئے روس، یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے یو این جنرل اسمبلی میں پیش کی جانے والی قرارداد کے مسودے پر پاکستان کی حمایت کا کہا۔
صدر عارف علوی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ روس، یوکرین جنگ پر پاکستان کو گہری تشویش ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق جنگ کے پرامن حل کی حمایت کرتا ہے، حکومت پاکستان کی طرف سے مجوزہ قرارداد کے مندرجات کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔

نوجوانوں کو جیل بھیج کر عمران خان ملک کے مستقبل کیساتھ کھلواڑ کر رہا ہے: شرجیل میمن

کراچی: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان کے لانگ مارچ، دھرنے اور تمام سازشیں ناکام ہو چکی ہیں، اب جیل بھرو تحریک کا شوق بھی پورا کر لیں۔
پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک پر ردعمل دیتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کیا عمران خان نے لاہور میں خود گرفتاری پیش کر دی، ڈرپوک عمران خان عدالتوں میں ضمانتوں کیلئے درخواستیں دائر کر رہا ہے، قوم کے نوجوانوں کو سلاخوں کے پیچھے بھیج کر ملک کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کر رہا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ انتشار خان اپنے معمولی سیاسی عزائم کیلئے ملک میں بے یقینی کی صورتحال برقرار رکھنا چاہتے ہیں، ان کے بچے لندن میں سیر سپاٹے جبکہ قوم کے بچے ملک کے حالات خراب کرنے کیلئے استعمال ہو رہے ہیں، عمران خان بلیک میلنگ کے حربے استعمال کر رہے ہیں۔

نفرت کی سیاست ملک کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے: چودھری شجاعت حسین

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور مرکزی رہنما چودھری شافع حسین نے ڈیوس روڈ پر پارٹی آفس کا دورہ کیا۔
چودھری شجاعت حسین کی آمد پر کارکنوں نے پھولوں کی پتیوں اور ڈھول کی تھاپ سے استقبال کیا، اس موقع پر کارکنوں نے چودھری شجاعت حسین زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ مسلم لیگ ہاؤس پہلے بھی مسلم لیگ کا تھا آج بھی مسلم لیگ کا ہے، ہم نے جو بھی اقدام اٹھایا وہ پاکستان مسلم لیگ کے آئین اور قانون کے مطابق ہے، ہماری پارٹی آئین اور قانون پر یقین رکھتی ہے، نفرت کی سیاست اس ملک کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔
چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ اس وقت سب سے اہم ضرورت ہے کہ ملکی معیشت کو سیدھا کیا جائے، ملک جن بحرانوں میں پھنس رہا ہے اس پر تمام پارٹی کی قیادتوں کو ایک ہونا پڑے گا، ہمیں اپنے تمام اختلافات بھلانے پڑیں گے چاہے وہ حکومت کے ساتھ ہوں یا اپوزیشن کے ساتھ۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو مہنگائی کی وجہ اس وقت شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کو ریلیف دینے کیلئے بڑھ چڑھ کر کام کیا جائے، ہم سب کو اپنے تمام اختلافات بھلا کر پاکستان کیلئے قربانی دینا ہو گی پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔

رضوان کی شاندار سنچری، سلطانز کا کنگز کو جیت کیلئے 197 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف

ملتان: (ویب ڈیسک) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11 ہویں میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو جیت کیلئے 197 رنز کا ہدف دیا ہے۔
کراچی کنگز نے ملتان سلطانزکے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اور ملتان نے پہلے کھیلتے ہوئے 196 رنز اسکور کیے۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے شاندار سنچری اسکور کی۔ رضوان 64 گیندوں پر 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 110 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ شان مسعود نے 51 اور ریلی روسو نے 29 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے، کراچی کی جانب سے محمد عمر اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ لی۔
ٹاس جیتنے کے بعد کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ ہمارے لیے ہر میچ اہم ہے، ملتان کی بیٹنگ اچھی ہے، کوشش کریں گے انہیں کم سےکم اسکور کرنے دیں۔
عماد وسیم نے کہا کہ ٹیم میں چار تبدیلیاں کی ہیں۔
خیال رہے کہ ملتان سلطانز رواں سیزن کی ٹاپ ٹیم ہے، اس نے 4 میچز کھیلے ہیں اور صرف ایک میں شکست ہوئی ہے۔ کراچی کنگز نے بھی چار میچز کھیلے ہیں جن میں سے اسے 3 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

آئی ایم ایف پروگرام کے بعد مزید مشکلات آئیں گی: وزیر اعظم شہباز شریف کا اعتراف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں ابھی مزید مہنگائی ہوگی جبکہ وفاقی وزرا، وزیر مملکت، معاونین و مشیروں نے تنخواہیں، مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
کابینہ اجلاس کے بعد وفاقی وزرا اور معاونین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 75 سالوں میں اہل ثروت نے قربانی نہیں دی مگر اب ملک کی خاطر نہیں قربانی دینا پڑے گی، انشاء اللہ ہم اجتماعی کوشش سے پاکستان کو مشکلات سے نکال دیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات آخری مراحل میں ہیں، معاہدے کے مطابق ہم پروگرام جاری رکھنے کے لیے تمام شرائط کو پورا کریں گے۔ ضمنی فنانس بل میں بڑی کمپنیوں پر ٹیکسز لگائے، بیشتر ٹیکس پرتعیش اشیا پر لگائے گئے ہیں جبکہ آئی ایم ایف کی شرط پر بعض سبسڈیز ختم کی جارہی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ غریب طبقے کیلیے سبسڈیز برقرار رکھی جائیں گی، سنہ 1965 کی جنگ ہو، زلزلہ یا سیلاب ہمیشہ غریب اور متوسط طبقے نے ہی قربانی دی، اب تک 75 سالوں میں حکومتوں کے شاہی اخراجات غریب طبقے نے برداشت کیے، غریب خاندان کا ایک شخص متاثر ہوتو سارا خاندان متاثر ہوتا ہے جبکہ اشرافیہ کے بچوں کا بیرون ملک مہنگا علاج ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے بات کر کے غریبوں کیلیے سبسڈی جاری رکھی ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 25 فیصد اضافہ کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کاش ایسا دن بھی آئے پاکستان آئی ایم ایف کے بغیر ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔
شہباز شریف نے کابینہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی وزرا، وزرائے مملکت، معاونین خصوصی اور مشیروں نے تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا، کابینہ اراکین بے چارے جس طرح پہلے گزارا کرتے تھے ویسے ہی گزارا کریں گے جبکہ گیس ، بجلی اور ٹیلی فون کے بل اپنی جیب سے خود ادا کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کابینہ اراکین سے لگژری گاڑیاں واپس لی جارہی ہیں اور انہیں نیلام کیا جائے گا، جس کے پیسے سرکاری خزانے میں جمع ہوں گے۔
’وزرا کو سیکیورٹی کی صرف ایک گاڑی ضرورت پر دی جائے گی جبکہ وزرا اندرون اور بیرون ملک فضائی سفر اکنامی کلاس میں کریں گے، معاون عملے کو بیرون ملک دوروں پر ساتھ جانے کی اجازت نہیں ہوگی، بیرون ملک دوروں کے دوران کابینہ ارکان فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام نہیں کریں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ تمام وزارتوں، ڈویژنز، متعلقہ اداروں کے اخراجات میں پندرہ فیصد کٹوتی کی جائے گی، متعلقہ محکمے کا سیکریٹری بجٹ میں ضروری ردوبدل کرے گا، جون 2024 تک تمام پرتعیش اشیا اور نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی ہوگی۔
شہباز شریف نے کہا کہ سرکاری افسران کو ناگزیر بیرون ملک دوروں کی اجازت ہوگی، اکنامی کلاس میں سفر، معاون عملے کے جانے اور فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام پر پابندی ہوگی، سرکاری افسران سے گاڑیاں واپس لی جائیں گی (جو پالیسی کے تحت پیسے لے رہے ہیں) جبکہ مستقبل میں غلط استعمال پر کارروائی ہوگی۔ شہباز شریف نے کہا کہ سرکاری افسران کے پاس موجود سیکیورٹی گاڑیاں واپس لی جائیں گی۔
سرکاری افسران کو خطرے کی صورت میں کم سے کم سیکیورٹی دی جائے گی، شہر کے وسط میں موجود تمام سرکاری رہائش گاہیں فروخت کی جائیں گی، کسی بھی افسر کو ایک سے زائد پلاٹ نہیں دیا جائے گا اور اضافی پلاٹ واپس لیا جائے گا، آمد و رفت اور اخراجات کم کرنے کے لیے ویڈیو لنک پر اجلاس ہوں گے، وفاقی حکومت میں کوئی نیا شعبہ نہیں بنایا جائے گا اور کسی بھی صوبے میں کوئی نیا ڈویژن نہیں بنایا جائے گا۔
کابینہ نے فیصلہ کیا کہ گرمیوں میں بجلی کی بچت کیلیے دفاتر صبح ساڑھے سات بجے کھولے جائیں گے جبکہ سرکاری دفاتر میں کم توانائی سے چلنے والے آلات نصب کیے جائیں گے۔ کفایت شعاری پالیسی کے تحت وزیراعظم ہاؤس جیسے مقامات پر صرف چائے اور بسکٹ دیا جائے گا، تمام حکومتی تقریبات میں ون ڈش ہوگی۔
وزیر اعظم نے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان اور وزرائے اعلیٰ بھی اسی نوعیت کے فیصلے کرنے کی استدعا کی۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ توانائی بچت پروگرام پر اب سختی سے عمل کیا جائے گا، رات ساڑھے آٹھ بجے کے بعد کھلنے والی دکانوں، تجارتی مراکز اور بازاروں کی بجلی کاٹ دی جائے گی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ کابینہ نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ آج تک ملنے والے تحائف سے متعلق توشہ خانہ کا ڈیٹا ویب سائٹ پر پبلک کیا جائے گا جبکہ مستقبل میں کابینہ اراکین توشہ خانہ سے تین سو ڈالر مالیت (80 ہزار روپے آج کے لحظ سے) کا تحفہ ظاہر کر کے اپنے پاس رکھ سکتے ہیں، اُس سے اوپر کی قیمت کا کوئی بھی تحفہ وزیر اعظم سمیت کوئی بھی نہیں رکھ سکے گا۔

سونا یکدم سیکڑوں روپے سستا ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں کمی ہوگئی۔
سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 1400 روپے کم ہو کر ایک لاکھ 95 ہزار 600 روپے ہوگئی۔
10 گرام سونے کا بھاؤ 1201 روپے کم ہوکر 167695 روپے ہے جبکہ عالمی صرافہ میں سونے کی قدر 8 ڈالرز اضافے سے 1840 ڈالرز فی اونس ہے۔