All posts by Khabrain News

ہم نے اپنے مداحوں کو مایوس کیا، ویسٹ انڈین کپتان کا ورلڈکپ سے باہر ہونے پر بیان

ہوبارٹ: (ویب ڈیسک) آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے مرحلے میں آئرلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والی 2 بار کی ورلڈ چیمپئن ویسٹ انڈیز کے کپتان نکولس پورن نے مایوسی کا اظہار کردیا۔
جمعے کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچ میں آئرلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا اور ساتھ ہی ویسٹ انڈیز کو ٹورنامنٹ سے باہر کیا۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ویسٹ انڈین کپتان نکولس پورن نے کہا کہ ‘ہم نے اپنے مداحوں مایوس کیا ۔ یہ یقینی طور پر تکلیف دہ ہے۔ میں نے جس طرح کی کارکردگی دکھائی اس سے میں نے اپنے ساتھیوں کو مایوس کیا’ ۔
انہوں نے ورلڈ کپ میں ٹیم کی مایوس کن بیٹنگ پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پچ بھی بیٹنگ کے لیے سازگار تھی لیکن ہمارا اسکور کافی نہیں تھا۔، ہم نے اچھی پچز ہونے کے باوجود اس ٹورنامنٹ میں عمدہ بیٹنگ نہیں کی۔ 145 رنز بناکر بولرز کے لیے ہدف کا دفاع کرنا مشکل ہوتا ہے۔
ویسٹ انڈین کپتان نے آئرلینڈ کی ٹیم کو سپر 12 کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آئرش ٹیم نے آج شاندار کارکردگی دکھائی۔
واضح رہے کہ ہوبارٹ میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 11 ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے ۔
آئرلینڈ نے 147 رنز کا ہدف 15 گیندیں پہلے پورا کر کے ویسٹ انڈیز کو ٹورنامنٹ سے آؤٹ کیا۔

پی ٹی آئی اپیل میں جائے سڑکوں پر فساد نہ کرے، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے تحریک انصاف کی قیادت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سڑکوں پر فساد کرنے کے بجائے الیکشن کمیشن کے عمران خان کی نااہلی کیخلاف فیصلے کے خلاف عدالت میں اپیل کریں۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا الیکشن کمیشن ممبران کو چور پکڑنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ چور چور کا شور مچانے والا چور آج پکڑا گیا، الیکشن کمیشن نے اسے پکڑ لیا ہے، الیکشن کمیشن سے اظہار یکجہتی کیلئے لیگی کارکن اپنے اپنے شہروں میں باہر نکلیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے عمران خان کی نااہلی کے فیصلے پر پولیس اہلکار کی جانب سے فائرنگ کے واقعے سے متعلق کہا کہ پنجاب اور کے پی کے سیکورٹی ادارے اور پولیس چور کی بجائے ریاست کا ساتھ دیں۔
ن لیگی رہنما نے تحریک انصاف کے کارکنوں اور قیادت کو مشورہ دیا کہ وہ سڑکوں پر فساد کرنے کے بجائے فیصلے کے خلاف عدالت میں اپیل کریں۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے فتنے نے قوم کو تقسیم کیا، پنجاب میں ان کی حکومت کے سبب مختلف شہروں میں 30, 30, چالیس چالیس لوگ احتجاج کیلئے نکلے۔
انہوں نے کہا کہ توشہ خانے کے تحفے بیچ کر عمران خان اتنے پیسے کمائے جو اس نے ساری عمر نہیں کمائے تھے، ابھی پنکی پیرنی، فرح گوگی اور القادر ٹرسٹ کے اربوں روپے کے کیسز بھی سامنے آنے ہیں۔

امید ہے الیکشن کمیشن کا فیصلہ رات تک ہائیکورٹ سے مسترد ہو جائے گا، اسد عمر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکریٹری اسد عمر نے امید ظاہر کی ہے الیکشن کمیشن کا فیصلہ ہائی کورٹ سے آج رات تک مسترد ہو جائے گا، فیصلہ غیر متوقع نہیں، الیکشن کمیشن پی ڈی ایم کا سہولت کار بنا ہوا ہے۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ آج سے چھ ماہ پہلے سازش کے ذریعے منتخب حکومت کو ہٹایا گیا، عمران خان کی حکومت کو ہٹانے پر ملک بھر میں شدید عوامی ردعمل سامنے آیا، ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کو اکثریت سے عوام نے کامیاب کرایا جس سے واضح ہو گیا کہ گیارہ دھڑے عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ ریفرنس آصف زرداری اور نواز شریف کے خلاف بھی جمع ہے لیکن کیا وجہ ہے کہ ان کے ریفرنسز پر فیصلہ نہیں سنایا جاتا؟
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے، الیکشن کمیشن کے تحریری فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں، امید ہے کہ آج رات تک الیکشن کمیشن کا فیصلہ ہائی کورٹ سے مسترد ہو جائے گا۔
اسد عمر نے واضح طور پر کہا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان ہے اور رہے گا، قوم کا واضح پیغام ہے کہ غلامی نا منظور۔ قبل ازیں انہوں ںے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔

مائنس ون ایک خواب، عمران خان 30 اکتوبر سے پہلےکال دیں گے، شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ یہ مائنس ون کے خواب دیکھ رہے ہیں جو کبھی پورے نہیں ہوں گے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا جنازہ نکلے گا، عمران خان 30 اکتوبر سے پہلےکال دیں گے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نااہل قرار دیا ہے۔

عمران خان آج رات قوم کے نام پیغام دیں گے، فواد چوہدری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان آج رات قوم کے نام پیغام دیں گے۔
اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے بتایا کہ عمران خان کا پیغام 8:30 منٹ پر میڈیا کو جاری کیا جائیگا۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو نااہل قرار دے دیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس پر محفوظ کئے گئے فیصلے کو سناتے ہوئے بتایا کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے گوشواروں میں غلط معلومات دیں۔
پانچ رکنی بینچ کے متفقہ فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان نے کرپٹ پریکٹسز کی ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔ عمران خان کی قومی اسمبلی کی رکنیت بھی ختم کردی گئی۔

‏الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں انصاف کیا؛وزیر اعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‏الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں انصاف کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قوم نے دیکھ لیا کہ کرپٹ پریکٹس کرکے وزیراعظم کے منصب کو ذاتی آمدنی کا ذریعہ بنایاگیا۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ “صداقت وامانت” کا بُت پاش پاش ہوگیا،قانون سے لڑنے، گولیاں،ڈنڈے چلانے / فسادی جتھے لانے کے بجائے قانون کے سامنے سر جھکائیں، کوئی قانون سے بالا نہیں۔

پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ جانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عمران خان کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں قانونی ٹیم کو پٹیشن تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،اجلاس میں مختلف شہروں میں جاری احتجاجی مظاہروں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران عمران خان کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف ملک بھر میں احتجاج ہورہا ہے، شام تک احتجاج کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
پارٹی رہنماؤں سے مزید مشاورت کے لیے شام سات بجے دوبارہ اجلاس طلب کیا گیا ہے,ذرائع کے مطابق عمران خان جلد آج شام خطاب بھی متوقع ہے۔
چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ جانبدار الیکشن کمیشن سے اسی طرح کا فیصلہ متوقع تھا، چیف الیکشن کمشنر پی ڈی ایم کا اتحادی ہے، موجودہ الیکشن کمیشن اور اسکے فیصلوں کی کوئی ساکھ نہیں۔

رواں سال 20 لاکھ عمرہ ویزے جاری کیے جا چکے ہیں، سعودی وزارت حج وعمرہ

مکہ مکرمہ: (ویب ڈیسک) سعودی وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ رواں سال ہجری کے آغاز سے اب تک 176 ممالک کے لیے 20 لاکھ سے زائد عمرہ ویزے جاری کیے جا چکے ہیں۔
عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حج وعمرہ اورزیارت قومی کمیٹی کے رکن ہائی العمیری نے بتایا کہ 150 کے قریب عمرہ کمپنیوں کی جانب سے زائرین کومکہ آمد سے واپس روانگی تک معیاری خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رواں برس اب تک سب سے زیادہ عمرہ پرآنے والے کا تعلق انڈونیشیا، عراق، ترکیہ، پاکستان، ملائیشیا، بھارت اور آذر بائیجان سے ہے، آئندہ ایا م میں دیگر ممالک سے عمرہ زائرین بڑی تعداد میں مملکت پہنچیں گے، سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران مسجد نبوی میں 40 ملین سے زیادہ زائرین آئے، انتظامیہ نے زائرین کے لیے مصنوعی ذہانت سے آراستہ جدید ترین مشینوں اوراعلی درجے کی سہولتوں کا اہتمام کیا۔
دریں اثنا حرمین شریفین کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ رواں سال ہجری کی پہلی سہ ماہی کی دوران 30 ملین سے زائد زائرین نے مسجد نبوی میں حاضری دی انہیں ہرطرح کی سہولیتں فراہم کی گئی ہیں۔

یوکرینی فورسز کے خیرسون پر میزائل حملے میں 4 افراد ہلاک؛ روس کا دعویٰ

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس کی جانب سے متنازع ریفرنڈم کے بعد ضم کیے گئے یوکرین کے شہر خیرسون میں ایک میزائل حملے میں 4 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حال ہی میں روس سے انضمام شدہ یوکرین کے 4 علاقوں میں سے ایک خیرسوں میں فوج کشی کے خلاف مزاحمت جاری ہے جس کے باعث صدر پوٹن نے ان علاقوں میں مارشل لا کے نفاذ کا اعلان بھی کیا تھا۔
مارشل لا کے نفاذ کے اعلان کے باجود یوکرین کے حامیوں کی جانب سے مزاحمت جاری ہے اور آج ایک میزائل حملے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ روسی اہلکاروں نے الزام عائد کیا کہ یہ حملہ یوکرینی فوج نے دریائے دنیپرو کے پل کو پار کرنے واے شہریوں پر کیا۔
روس کا خیرسون پر قبضے، جبری الحاق اور مارشل لا کے نفاذ بعد سے بڑی تعداد میں شہری نقل مکانی کر رہے ہیں اور روسی فوج اور ان کے حمایت یافتہ باغیوں نے شہر کے خارجی و داخلی راستوں پر نفری اور گشت بڑھادیا ہے۔
ادھر یوکرین نے اپنے چار علاقوں کے روس کے ساتھ جبری الحاق کو تسلیم نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنی سرزمین واپس لینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یوکرینی فوج نے ان علاقوں میں روسی فوجیوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
دوسری جانب امریکا کے محکمۂ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے یوکرین کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بھی ایسے ثبوت ملے ہیں کہ ایرانی فوجی اہلکار کرائیمیا میں موجود تھے۔
نیڈ پرائس نے میڈیا سے گفتگو میں ایران پر رو س کو خودکش ڈرونز فراہم کرنے اور انھیں استعمال کرنے کی مدد فراہم کرنے کا الزام عائد کیا جس کی ایران نے تاحال تردید یا تصدیق نہیں کی۔

بھارت کو بڑے پیمانے پر ہتھیاروں کی فروخت خطے میں عدم استحکام کو بڑھا رہی ہے، پاکستان

نیویارک: (ویب ڈیسک) پاکستان نے بھارت کو بڑے پیمانے پر روایتی ہتھیاروں کی فروخت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کو بڑھا رہا ہے اور علاقے میں طاقت کے توازن کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔
جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفاتر میں پاکستان کے مستقل نمائندہ خلیل ہاشمی نے نیویارک میں جنرل اسمبلی کی تخفیف اسلحہ اور بین الاقوامی سلامتی کے امور کی فرسٹ کمیٹی میں روایتی ہتھیاروں پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا کے لیے ہتھیاروں سے متعلق دہرے معیار کی پالیسی کو ترک کرنا چاہیے جو محدود سٹریٹجک، سیاسی اور تجارتی پہلوؤں پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں سٹریٹجک استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہے جس میں روایتی طاقت کے توازن کا عنصر شامل ہے۔
پاکستانی نمائندہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ کا حصہ نہیں ہے اور نہیں ہی اس کا حصہ بننا چاہتا ہے، اس کمیٹی نے تین دہائیوں سے زیادہ عرصے کے دوران علاقائی اور ذیلی علاقائی سطحوں پر روایتی ہتھیاروں کے کنٹرول کے فروغ سے متعلق پاکستان کی قرارداد کو منظور کیا ہے جس کی بنیاد تمام ریاستوں کی غیر متزلزل سلامتی، فورسز اور روایتی ہتھیاروں کی متوازن کمی کے اصولوں پر ہے۔
بھارت کا نام لیے بغیر پاکستانی سفیر نے کہا کہ بڑے پیمانے پر ہتھیاروں کی فروخت جنوبی ایشیا کو عدم مستحکم سے دوچار کرنے والی پیش رفت ہے جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ جنوبی ایشیا میں ایک ریاست ایسی ہے جس کے فوجی اخراجات دیگر تمام ممالک کے مقابلے میں بہت زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس ریاست کو روایتی ہتھیاروں کی فراخدلی سے فراہمی سے نہ صرف اس کی سٹریٹجک صلاحیتوں میں اضافے کا باعث ہے بلکہ خطے میں عدم استحکام کو ہوا دے رہی ہے، علاقائی توازن کو خطرے میں ڈال رہی ہے، دیرینہ تنازعات کے حل میں رکاوٹ بن رہی ہے، ریاست کے استثنا اور تسلط پسندانہ عزائم کو تقویت دے رہی ہے اور پائیدار امن اور ترقی کے حصول میں رکاوٹ ہے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ اگرچہ روایتی ہتھیار مہلک ہتھیاروں کا پہلا درجہ ہیں لیکن ان ہتھیاروں کی فروخت کو ریگولیٹ کرنے کی کوششیں صرف جزوی طور پر کامیاب رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روایتی ہتھیاروں میں مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال کی وجہ سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے جس میں عالمی فوجی اخراجات پہلی بار سرد جنگ کی سطح سے تجاوز کر کے 20 کھرب ڈالر سے بڑھ گئے ہیں۔
پاکستانی ایلچی نے کہا کہ تنازعات کو روکنے کے مقابلے میں تنازعات کو بڑھانے پر 150 گنا زیادہ فنڈز خرچ کیے گئے جبکہ ان ہتھیاروں کی تجارت کا حجم بھی مسلسل بڑھ رہا ہے، اسلحہ فروخت کرنے والے ممالک اکثر تنازع میں فریقین کو مزید اسلحہ خریدنے کی ترغیب دیتے ہیں، منافع کی خواہش ناقابل تلافی رہی اور نئی مارکیٹس کی تلاش اور تخلیق جاری ہے جو زیادہ تر دنیا کے غیر مستحکم حصوں میں علاقائی ہتھیاروں کی دوڑ کا ایک سلسلہ ہے جس میں شہری آبادی کو تباہ کرنے والے غیر ریاستی عناصر بھی شامل ہیں۔