All posts by Khabrain News

وزیراعلی پنجاب مریم نواز اور نواز شریف کا مال روڈ مری کا دورہ

وزیر اعلیٰ پنجاب کی آمد پر مال روڈ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے، سیاحوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے مال روڈ پر لیگی قیادت کا استقبال کیا۔

لیگی کارکنان نے مریم نواز کی آمد پر نعرے بازی کی، مریم نواز اور نواز شریف کا ہاتھ ہلا کر شکریہ بھی ادا کیا۔

دورے کے دوران نواز شریف گاڑی سے اتر کر آئے، کارکنان اور سیاحوں سے مصافحہ کیا اور اظہارِ تشکر بھی کیا، کارکنان، سیاحوں اور بچوں نے وزیر اعلیٰ کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔

دورے میں جنید صفدر بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہمراہ موجود تھے جبکہ نواز شریف اور مریم نواز گزشتہ دو روز سے مری میں قیام پذیر ہیں۔

گورنمنٹ ہاؤس مری میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں مریم نواز اور نواز شریف کی زیر صدارت اہم مشاورت بھی کی گئی۔
مری ڈیویلپمنٹ پلان سمیت دیگر ترقیاتی امور کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔

وزیر داخلہ سندھ کی رمضان میں فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت

کراچی:

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ ماہِ صیام 2026 کے دوران صوبے بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں اور تینوں عشروں میں خصوصی اقدامات کیے جائیں۔

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، درگاہوں اور تراویح اجتماعات کی خصوصی نگرانی کی جائے جبکہ افطار اور سحر کے اوقات میں حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مساجد اور مذہبی اجتماعات کے اطراف واک تھرو گیٹس اور جامع تلاشی نظام کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے بڑے تجارتی مراکز، بازاروں اور شاپنگ مالز میں مؤثر سیکیورٹی پلان مرتب کرنے، اسنیپ چیکنگ، موبائل گشت اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں تیزی لانے کی بھی ہدایت کی۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول مانیٹرنگ کے ذریعے سی سی ٹی وی نگرانی کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

وزیر داخلہ سندھ نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن و امان کے قیام کے لیے علمائے اکرام سے رابطوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ افطار پوائنٹس اور دسترخوانوں کی سیکیورٹی کے لیے مقامی پولیس اور رضاکاروں کے ساتھ مؤثر کوآرڈینیشن کو یقینی بنایا جائے۔

ٹریفک انتظامات کے حوالے سے انہوں نے ہدایت کی کہ مارکیٹس اور کاروباری مراکز میں رش کے پیش نظر ٹریفک مینجمنٹ پلان پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے، افطار سے قبل اور بعد اہم شاہراہوں پر اضافی ٹریفک نفری تعینات کی جائے اور غیرقانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی کی جائے۔ شہریوں کو پیشگی ٹریفک ایڈوائزری سے آگاہ رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی۔

انہوں نے خواتین اور فیملیز کی سہولت کے لیے خصوصی گشت اور ہیلپ ڈیسک کے قیام، جبکہ ایمرجنسی رسپانس یونٹس اور ایمبولینس سروس کو الرٹ رکھنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ ماہِ صیام کے بابرکت مہینے میں عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور کسی بھی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے پولیس، رینجرز اور متعلقہ اداروں کے باہمی اشتراک سے مربوط اور مؤثر سیکیورٹی و ٹریفک انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وفاقی سرکاری اداروں کےلیے رمضان المبارک کے اوقاتِ کار جاری

وفاقی حکومت کے ماتحت سرکاری اداروں کیلئے رمضان المبارک کے اوقاتِ کار جاری کردیے گئے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا، نوٹیفکیشن کے مطابق ہفتے میں 5 دن کھلنے والے دفاتر کے اوقاتِ کار صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک ہوں گے۔

ہفتے میں 6 دن کام کرنے والے دفاتر صبح 9 بجے سے 2 بجے تک کام کریں گے جبکہ جمعہ کے روز سرکاری دفاتر کے اوقاتِ کار صبح 9 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔

لاہور میں دلخراش واقعہ، مخالفین کو پھنسانے کے لیے باپ نے اپنے5 سالہ بیٹے کو قتل کردیا

لاہور میں دلخراش واقعہ، مخالفین کو پھنسانے کے لیے 5 سالہ بیٹے کو قتل کردیا۔

رپورٹ کے مطابق پانچ سالہ اذان نامی بچہ چوہنگ سے اغواء ہوا تھا، اغواء کے بعد بچے کی لاش کاہنہ کے علاقہ سے ملی، بچے کو تیز دار آلے سے قتل کیا گیا۔

بچے کے اغواء کا مقدمہ بچے کی والدہ کے بیان پر درج ہوا، پولیس تحقیقات میں شک گزرنے پر بچے کے باپ کو گرفتار کیا، دوران تفتیش ملزم اعظم نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔

پولیس ذرائع نے کہا کہ اغواء اور قتل کی واردات میں ملزم کے ساتھ ایک اور ملزم بھی ملوث تھا، مخالفین کو پھنسانے کے لیے بیٹے کو قتل کیا۔

لکی مروت میں بڑی تباہی ٹل گئی، دہشت گردی کا منصوبہ ناکام

لکی مروت میں پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

پولیس کے مطابق میانوالی شاہراہ پر نالہ ُپل سے منسلک 40 کلو بارودی مواد  پر مشتمل ریموٹ کنٹرول بم ناکارہ بنا دیا گیا۔ کارروائی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مشترکہ طور پر کی۔  حکام کے مطابق  شر پسندوں نے بم عوام کو نشانہ بنانے کے لیے انتہائی اہم جگہ نصب کیا تھا۔ اس مقام کے بالمقابل اسکولز اور سرحد انسٹیٹیوٹ آف ریسرچ واقع ہیں۔

شرپسندوں کی منصوبہ بندی ناکام بنانے پر آئی جی پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے لکی مروت پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو شاباش دی جب کہ اہل علاقہ نے بھی پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔

آئی جی کے پی کے ذوالفقار حمید نے کہا کہ   فرض کی راہ میں جان ہتھیلی پر رکھ کر معصوموں کی جان بچانے والے اصل ہیروز ہیں۔   عوام اپنے درمیان چھپی کالی بھیڑوں کی نشاندہی کریں۔ دہشتگردوں کا مقصد صرف خوف و ہراس اور انتشار پھیلانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او لکی مروت نذیر خان کو خفیہ اطلاع ملی کہ نالہ پل لکی میانوالی روڈ پر شر پسند عناصر نے بم نصب کر رکھا ہے جس پر تھانہ سٹی پولیس لکی مروت نے پہنچ کر علاقے کی ناکابندی کی  گئی۔  واضح رہے کہ مذکورہ علاقے میں اسکولز اور سرحد انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ واقع ہیں۔

بعد ازاں پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے انتہائی حکمت عملی اور جدید آلات کے ذریعے دیسی ساختہ آئی سی ڈی ریموٹ کنٹرول بم ناکارہ بنا دیا۔  حکام کے مطابق بم ایک ڈرم میں بنایا گیا تھا جس میں 40 کلو سے زائد بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ 2 ڈیٹونیٹر، 12 والٹ بیٹری اور سرکٹ بھی برآمد ہوئے۔

انفلوئنسر کشف علی نے موبائل فون کو فتنہ قرار دیدیا

کشف علی نے ہراسانی کرنے والے شخص کو سوشل میڈیا پر بے نقاب کر کے ہر ایک کی توجہ حاصل کر لی تھی، اب حال ہی میں کشف علی نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف سماجی موضوعات پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔

اگرچہ وہ خود ایک انفلوئنسر ہیں، تاہم موبائل فونز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے حوالے سے ان کے خیالات نے کئی لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔

کشف علی کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا نے جنریشن زی کو شدید دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے، نوجوانوں کی زندگیوں کے معیار کا اندازہ اس بات سے ہوتا ہے کہ ان کی پوسٹس پر کتنے لائکس اور ڈس لائکس آ رہے ہیں، یہ لت اب تقریباً ہر شخص کو لاحق ہو چکی ہے۔

انہوں نے موبائل فونز کو جدید دور کا فتنہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر شخص اسکرین سے چپکا ہوا ہے اور تنہائی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف نوجوان ہی نہیں بلکہ بڑی عمر کے افراد حتیٰ کہ میرے اپنے والدین بھی مسلسل اسکرولنگ میں مصروف رہتے ہیں۔

کشف علی نے یہ بھی کہا کہ اگرچہ میں خود ایک انفلوئنسر ہوں، مگر میرے خیال میں موبائل فونز انسان کے لیے فائدہ مند نہیں رہے۔

اپوزیشن اتحاد کا پارلیمنٹ ہاؤس میں دھرنا ختم کرنے کا اعلان

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں دیا گیا دھرنا ہم ختم کرنے جا رہے ہیں، ممبران اسمبلی نے بانی کی صحت کو لے کر احتجاج کیا، ہم صحت کے معاملے کو عدالت لے کر گئے، ہمارا مطالبہ یہی تھا کہ ذاتی معالجین کو ملایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دیکھا کہ پارلیمنٹ کو جیل خانہ بنا دیا گیا تھا، ہم پارلیمنٹ سے باہر جا رہے تھے کہ راستے بند کر دیئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ احتجاج میں ہم پر بہت سی بندشیں لگا دی گئیں، بانی کی آنکھ سے متعلق خبر آئی تو محمود اچکزئی نے کہا کہ ہم بھوک ہڑتال کریں گے، ہم نے اسی لئے احتجاج کیا کہ ذاتی معالجین کو بانی تک رسائی دی جائے۔

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بہنوں کے جذبات درست ہیں اور ان کو ملاقات کی اجازت دی جائے، بانی کی آنکھوں کی بہتری کی ہمیں اُمید ہے، انہیں شفاء انٹرنیشنل منتقل کیا جائے۔

اداکارہ مشی خان کی کرکٹرعماد وسیم کی دوسری شادی پر کڑی تنقید

کراچی: (ویب ڈیسک) اپنے خیالات کا اظہار کرنے والی معروف پاکستانی اداکارہ و میزبان مشی خان نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راونڈر عماد وسیم کو سابقہ اہلیہ کے حوالے سے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے حال ہی میں دوسری شادی کرنے والے کھلاڑی پر برہمی کا اظہار کیا ہے، اپنی شیئر کردہ ویڈیو میں مشی خان نے عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق کی حمایت کی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ آپ معاشرے کو کیا پیغام دے رہے ہیں؟ کہ دھوکا دینا معمول کی بات ہے اور دھوکے کے بعد شادی کرنا کوئی جرم نہیں؟

سوشل میڈیا پر متعدد صارفین مشی خان کی جانب سے مبینہ بے وفائی اور ازدواجی معاملات پر کھل کر مؤقف اختیار کرنے کو سراہ رہے ہیں تاہم دوسری جانب عماد وسیم کی دوسری اہلیہ نائلہ راجہ کی جانب سے کھلاڑی سے شادی کی تصدیقی پوسٹ سامنے آنے کے بعد اداکارہ حرا خان بھی خاموش نہ رہ سکیں۔

حرا خان نے نائلہ راجہ کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے سوشل میڈیا انفلوئنسر کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور کہا کہ ’کیا ڈھٹائی ہے‘۔

واضح رہے کہ عماد وسیم نے رواں ہفتے کے آغاز میں اپنی مبینہ گرل فرینڈ نائلہ راجہ سے دوسری شادی کا اعلان کیا، جو ان کی پہلی اہلیہ ثانیہ اشفاق سے طلاق کے 2 ماہ بعد سامنے آیا۔

ثانیہ اشفاق نے کھلاڑی پر 2023ء میں اسقاطِ حمل اور تیسرے بچے کے حمل کے دوران دھوکا دینے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

نائلہ راجہ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ دوسرا موقع محض آزمائش نہیں ہوتا، کبھی کبھار یہ اللّٰہ کی طرف سے نعمت بھی ثابت ہوتا ہے۔

سندھ بھر میں رمضان المبارک کے دوران اسکولوں کے اوقات کار کا نوٹیفکیشن جاری

کراچی: سندھ میں رمضان المبارک میں اسکولوں کے اوقات کار تبدیل کردیے گئے۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے رمضان المبارک میں اسکولوں کے اوقات کار کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل شفٹ والے اسکولوں کے اوقات کار صبح 8 سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک ہوں گے جب کہ جمعہ کو سنگل شفٹ والے اسکولوں کے اوقات کار صبح 8 سے 11:30 بجے تک ہوں گے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ڈبل شفٹ والےاسکولوں میں صبح کی شفٹ ساڑھے 7 سے ساڑھے 11 تک ہوگی اور جمعہ کو صبح کی شفٹ 7:30 سے 10:30 بجے تک ہوگی۔

اس کے علاوہ ڈبل شفٹ والے اسکولوں میں دوپہر کی شفٹ 11:45 سے 2:45 تک ہوگی جب کہ ڈبل شفٹ والے اسکولوں میں جمعہ کو دوپہر کی شفٹ 11:45 سے 1:15 تک ہوگی۔

ٹی 20 ورلڈکپ: پاکستان کا نمیبیا کیخلاف بیٹنگ کا فیصلہ، ٹیم میں 2 تبدیلیاں

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے لیے انتہائی اہم میچ میں قومی ٹیم نے نمیبیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، شاہین آفریدی اور ابرار احمد کی جگہ مرزا سلمان اور خواجہ نافع کو موقع دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کو سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کے لیے آج کا میچ نمیبیا کے خلاف لازمی جیتنا ہے اور اگر میچ باش کی نذر ہوجاتا ہے تو تب بھی پاکستان ٹیم اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلے گی تاہم نمیبیا سے شکست کی صورت میں امریکا کی ٹیم بہتر رن ریٹ پر سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔