All posts by Khabrain News

تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ کے معروف اداکار اسپتال میں داخل، حالت کیسی ہے؟

بھارت کے مقبول ٹی وی ڈرامہ ’تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ‘ کے معروف اداکار گروچرن سنگھ اسپتال میں داخل ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مشہور اداکار گروچرن سنگھ، جو ’تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ‘ میں روشن سنگھ سودھی کے کردار کے لیے جانے جاتے ہیں، صحت کے مسائل کے باعث اسپتال میں داخل ہو گئے ہیں۔

اداکار نے اسپتال کے بستر سے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اپنی صحت کے بارے میں مداحوں کو آگاہ کیا۔

گروچرن سنگھ نے کہا کہ ’حالت بہت زیادہ خراب ہو گئی ہے۔ گرو گوبند سنگھ مہاراج جی کے گُرپورب کی لاکھوں مبارکباد۔ ہم دیر سے آپ سے بات کر رہے ہیں کیونکہ ہماری طبیعت خراب تھی۔‘

انہوں نے مزید کہا ’چلو، رب رکھّا! صاحب سری گرو گوبند سنگھ مہاراج جی کے گُرپورب کی لاکھوں کروڑوں مبارکباد۔‘

ویڈیو پوسٹ کے کیپشن میں گروچرن نے لکھا کہ ’گرو گوبند سنگھ جی کے گُرپورب کے دن انہیں نئی زندگی ملی۔ انہوں نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گرو صاحب کی مہربانی سے وہ آج زندہ ہیں‘۔اداکار نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعا کی کہ واہگرو سب پر مہربان رہیں۔

یاد رہے کہ گروچرن سنگھ نے 2012 میں ’تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ‘ چھوڑ دیا تھا اداکار کے مطابق شو کے پروڈیوسرز نے انہیں بغیر اطلاع دیے شو سے نکال دیا تھا۔

شیخ رشید: جو ملاقات نہ کراسکے، مذاکرات میں کیسے کامیاب ہوں گے؟

سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے حکومت کو بے اختیار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ جیل میں ملاقات نہیں کرا سکے، وہ مذاکرات کو خاک کامیاب کروائیں گے، جوڈیشل کمیشن بنائیں گے یا نہیں، فیصلہ تو کسی اور نے کرنا ہے، یہ تو ویسے ہی جمعہ جنج کے ساتھ ہیں۔

انسداد دہشتگری عدالت راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیا سال سب پر مزید بھاری ہو گا، میں پہلے کہتا تھا کہ قبر ایک اور مردے دو لیکن اب قبر ایک اور مردے تین ہوگئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں آج بھی بڑوں سے اپیل کرتا ہوں کہ غریبوں کو معاف کر دیں، ان کے حالات بڑے خراب ہیں، ہم پاکستان میں ہی نہیں تھے لیکن ہم کیسوں میں ہیں اور دو دو سال ہو گئے ہیں، 16، 16 کیسز ہیں اور کسی طرف نہیں لگ رہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ میں آج اڈیالہ نہیں جا رہا، میں نے تو یہیں پر حاضری لگا دی ہے، جو سوچتے ہیں کہ شاید نئے سال میں کوئی بہت بڑی تبدیلی آ جائے گی، کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، پیپلز پارٹی کی کوئی بات ہی نہیں ہے، ان کی کوئی سن ہی نہیں رہا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ آپ مجھے ایک سوال کا جواب دیں یہ لوگ جیل میں ملاقات نہیں کرا سکتے، آپ 50 روپے دیں ملاقات ہو جاتی ہے، 500 روپیہ دیں تو اندر کرسی پہ بیٹھا کر ملاقات ہوجاتی ہے، جو لوگ جیل میں تین تین ملاقاتوں کی تاریخیں بدل رہے ہیں، کیا وہ مذاکرات کا نتیجہ نکالیں گے، کیا وہ کوئی جوڈیشل کمیشن بنائیں گے، وہ قیدیوں کو رہا کریں گے؟

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں ہردفعہ اپیل کرتا ہوں کہ خدا کے لیے غریبوں کو چھوڑ دو، بہت بے گناہ لوگ ہیں، عوام میں جاری دالیں کھانے کی سکت نہیں رہی تو مرغی کیا کھائیں گے۔

یہ کٹھ پتلی حکومت ہے، ہم کس سے مذاکرات کریں، شبلی فراز

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ یہ کٹھ پتلی حکومت ہے، اس وقت ہم کس سے مذاکرات کریں۔

انسداد دہشت عدالت راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس اختیار  ہے تو ٹھیک، ورنہ یہ ہمیں بتا دیں کہ ہمارے پاس اختیار نہیں ہے، ملک کو سیاسی استحکام اور دوسرے اچھے ماحول کے ساتھ چلنا ہے تو یہ ماحول ختم کرنا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہم کس سے مذاکرات کریں، یہ کٹھ پتلی حکومت ہے، ہم سب سے بڑی سیاسی جماعت ہیں، ہمارے مینڈیٹ کو چرایا گیا یے، ملک پہلے سے ہی عدم استحکام کا شکار ہے، اس کی بنیاد پر ہم ملک کو آگے بڑھتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ اس لیے ضروری ہے جو کردار ہم ادا کر رہے ہیں، وہی کریں، ہمارا کردار سیاسی ہو اور پارلیمانی ہو، وہ کردار ہم ادا کر رہے ہیں، اگر ہمیں انصاف نہیں ملے گا ہم پھر بھی عدالتوں کا سامنا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی آئی نے کینسر ہسپتال بھی بنایا، انہوں نے اس سے ایک پیسے کا بھی فائدہ نہیں لیا، ہم امید کرتے ہیں کہ ہمیں عدالت سے ریلیف ملے، اصلاح کا ماحول سیاسی ماحول کو بہتر کرے گا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عدالتوں کی ساکھ بڑھے گی جب عدالتیں اپنے آئینی دائرے کے اندر رہ کر انصاف پر مبنی فیصلے کریں، سیاستدان بھی اپنے دائر کے اندر رہ کر فیصلے کریں، ملک معاشی طور پر سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

بانی پی ٹی آئی کی بات اپنی مگر جب تک ملک میں گروتھ نہیں ہوگی، ملک کیسے آگے بڑھے گا۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اسی لئے لوگ کشتیوں کے ذریعے لوگ یونان جاتے ہوئے ڈوب جاتے ہیں، ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا، جو لوگ استطاعت رکھتے ہیں، وہ پیسہ لے کر ملک سے باہر چلے جاتے ہیں، لوگ جب اپنے اور ملک کے مستقبل کو ڈوبتا دیکھتے ہیں، تب ہی وہ باہر جاتے ہیں ورنہ کون جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو سیاسی اور معاشی استحکام کی ضرورت ہے، کتنے افسوس کی بات ہے کہ ملک میں کوئی اچھا کام کرے تو اسے انتقام کا نشان بنایا جاتا ہے۔

حکومت آئی ایم ایف کو بجلی بلوں پر رعایت دینے میں ناکام

حکومت آئی ایم ایف کو بجلی کے بلوں میں سیلز ٹیکس کمی پر رضامند کرنے میں ناکام ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق بین الاقوامی  مالیاتی فنڈ کی جانب سے وزارت توانائی کی درخواست مسترد کردی گئی ہے، جس میں حکومت نے آئی ایم ایف سے بجلی کے بلوں میں سیلز ٹیکس کم کرنے پر رائے مانگی تھی۔

آئی ایم ایف کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ قرض پروگرام کے تحت نئے ٹیکسز سے چھوٹ نہیں دی جا سکتی۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے وضاحت کی ہے کہ سیلز ٹیکس چھوٹ سے ٹیکس اہداف کا حصول ممکن نہیں رہے گا۔

یاد رہے کہ بجلی کے بلوں پر 18 فیصد جی ایس ٹی دو مرتبہ عائد ہے۔ ایک بار بل کی مجموعی رقم پر 18 فیصد ٹیکس لگ جاتا ہے جب کہ  دوسری مرتبہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ پر بھی سیلز ٹیکس لیا جاتا ہے۔

علیمہ خان کی پارٹی پر اجارہ داری کیلئے کوششیں اور شواہد منظر عام پر

بانی تحریک انصاف کی ہمشیرہ علیمہ خان کی پارٹی پر اجارہ داری کے لیے کوششیں اور شواہد منظر عام پر آگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق واٹس ایپ پر کی گئی گفتگو میں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کی اپنے بھائی کو سیاسی مفادات کے لئے استعمال کرنے کے شواہد سامنے آئے ہیں، ان واٹس ایپ میسیجز میں علیمہ خان کی بانی پی ٹی آئی کی جیل میں قید کو سیاسی مقاصد اور پارٹی پر اجارہ داری کیلئے استعمال کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

علیمہ خان سوشل میڈیا آپریٹر احسن علوی کے ساتھ واٹس ایپ پیغامات میں بانی پی ٹی آئی کو”Pot of Gold”۔سے تشیبہ دے رہی ہیں۔ علیمہ خان نے پیغامات میں کہا کہ ”ہم کیوں بانی پی ٹی آئی کیلئے جیل میں ائیر کنڈیشن اور بڑا کمرہ حاصل کرکے حالات کو نارمل دکھائیں، ”لوگوں کو درد محسوس ہونا چاہیے جو فریج، اے سی اور کمرہ پینٹ کروانے سے نہیں ہوگا“۔

علیمہ خان نے احسن علوی کو بشریٰ بی بی کے حوالے سے بیانیہ بنانے کا کہا کہ لوگوں کو بتائیں کہ بانی پی ٹی آئی کو سزا عدت کیس میں ہوئی کیونکہ بشریٰ بی بی نے اپنی بیٹیوں کو عدالت کے روبرو پیش نہیں کیا۔

علیمہ خان نے واٹس ایپ پیغامات کے اگلے مرحلے میں تاثر دیا کہ وہ مشال یوسف زئی کے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ قریبی اور گہرے تعلقات سے واقف ہیں، وہ (مشال یوسفزئی) اپنی تین وزارتیں اڈیالہ جیل سے چلاتی ہے، کیونکہ وہ کم از کم تین دن سے اڈیالہ جیل میں ہے۔

احسن علوی نے جواباً کہا کہ اس (مشال یوسفزئی) کی اڈیالہ جیل تک رسائی کو محدود کرنا چاہیے، بانی پی ٹی آئی کے وکلاء کو اس (مشال یوسفزئی) کا نام فہرست میں اب نہیں شامل کرنا چاہیے۔

مشال یوسفزئی اور بیرسٹر سیف کی بانی پی ٹی آئی تک رسائی پر طنز کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ”ایکسپریس لین اسٹریٹ ان“ مشال یوسفزئی کا نام کسی بھی فہرست میں شامل نہیں ہونا چاہیے۔

واٹس ایپ پیغامات میں مشال یوسفزئی کو وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی مشیر کے عہدے سے ہٹائے جانے پر خوشی کا اظہار بھی کیا گیا۔ واٹس ایپ پیغامات کا تیسرا حصہ علیمہ خان اور وزیر اعلی ٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے درمیان ہے۔

علیمہ خان شیر افضل مروت کی بیماری کی حالت میں تصویر مع عنوان شیئر کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ ” گیدڑ افضل خان کی حالت کورونا کی نئی قسم جی ایچ کیو 420 کی وجہ سے تشویش ناک ہے، مروت ہمیشہ اس وائرس کا شکار ہو تا ہے جب بھی بانی پی ٹی آئی احتجاج کی کال دیتا ہے۔

علی امین گنڈا پور نے طنزیہ جواب دیتے ہوئے کہا کہ ”اس نے یہ ویڈیو بغیر ماسک کے بھیجی ہے یہ ہے فارم 47 کا قرنطینہ“۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق ان واٹس ایپ پیغامات سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی دھڑے بندی کا شکار ہوچکی ہے جس میں موروثی سیاست عروج پر ہے۔ منظر عام پر آنے والے واٹس ایپ پیغامات بھی علیمہ خان کی خود غرض سیاست کا واضح ثبوت ہیں۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق علیمہ خان چاہتی ہے کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں ہی رہیں  جتنا عرصہ بانی پی ٹی آئی جیل میں رہے گا اس کا فائدہ ہوگا، بانی پی ٹی آئی کی رہائی علیمہ خان کے سیاسی سفر کا خاتمہ کردے گی۔

بابراعظم کے ’سی اے‘ بیٹ کا معاہدہ، رقم کتنی ؟

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم ’سی اے‘ کا بیٹ استعمال کرنے کا کتنا معاوضہ وصول کریں گے؟ تفصیلات سامنے آگئیں۔

رپورٹ کے مطابق قومی ٹیم کے مایہ ناز بیٹسمین بابر اعظم نے  انگلینڈ کی کمپنی  گرے نکولس کے ساتھ اپنی طویل شراکت ختم کر کے پاکستان میں کرکٹ کا سامان تیار کرنے والی کمپنی سی اے اسپورٹس کے ساتھ  معاہدہ کرلیا ہے۔

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سابق کپتان نے پاکستانی برانڈ کے ساتھ ایک منافع بخش ڈیل کی ہے جس میں کئی مراعات  شامل ہیں۔

سی اے اسپورٹس نہ صرف بابراعظم کو  بیٹ اسپانسر فیس کے سالانہ 7 کروڑ روپے ادا کرے گا بلکہ انہیں نمایاں پرفارمنس پر الگ سے بونس بھی دے گا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بابراعظم  کو ہر ففٹی اور سنچری پر الگ سے  اضافی رقم ملے گی جس سے ان کی  کارکردگی کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

واضح رہے کہ 7 کروڑ روپے سالانہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی بلے باز کا سب سے منافع بخش معاہدہ ہے جو ویرات کوہلی اور جو روٹ جیسے عالمی کرکٹ سپر اسٹارز کے اسی طرح کے معاہدوں کا مقابلہ کرتا ہے۔

سری نگر جیل میں قرآن پاک کی بے حرمتی، بھارتی سیکیورٹی فورسز کی مذمت

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کی قابض فورسز کے اہلکاروں نے سری نگر سینٹرل جیل میں چھاپہ مار کارروائی کی آڑ میں قرآن مجید کی بے حرمتی کی ناپاک جسارت کی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ روز رونما ہوا۔ قرآن مجید کی بے حرمتی سے قیدیوں اور عوام میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

عینی شاہدین نے اس منظر کو دل دہلا دینے والا قرار دیتے ہوئے بتایا کہ قرآن پاک کو بھارتی فورسز نے جان بوجھ کر بیرکوں میں پھینکا۔

سری نگر جیل کے قیدیوں نے بھارتی فورسز کی اس ناپاک جسارت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ قابض فورسز کا یہ عمل اشتعال انگیز اور توہین آمیز ہے۔

کشمیری رہنماؤں نے قرآن پاک کی بے حرمتی کے ذمہ دار چھاپہ مار پارٹی کے ارکان کو گرفتار کرکے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

مذہبی رہنماؤں کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی سے قیدیوں سمیت تمام مسلمانوں کے دل غم زدہ ہیں اور انھیں روحانی اور جذباتی طور پر گہرا صدمہ پہنچا ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی اس بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کشمیری شناخت اور مذہبی عقائد کے خلاف بھارتی قابض حکومت کی انسانی اور مذہبی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی اس واقعے کی مزید تحقیقات اور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے عالمی برادری اور مسلم اکثریتی ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالیں تاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں لوگوں کے مذہبی جذبات کا احترام کیا جائے۔

ملٹری ٹرائل کا ظالمانہ عدالتی حکم پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی کا باعث بنے گا، اسد قیصر

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ اگر ملٹری ٹرائل کا عدالت سے حکم ملتا ہے تو یہ بڑا ظلم ہوگا، پوری دنیا میں پاکستان جگ ہنسائی کا باعث بن جائے گا۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو ایشوز پر بات کرنا چاہتے ہیں،  ملٹری ٹرائل کا کیس سپریم کورٹ میں چل رہا ہے، فل کورٹ اس کیس کو دیکھ رہی ہے، ملٹری کورٹ کے زریعے ہمارے کارکنان کو سزا دی گئی، عوام کا ملٹری ٹرائل کیسے ہو سکتا ہے۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اگر ملٹری ٹرائل کا عدالت سے حکم ملتا ہے تو یہ بڑا ظلم ہوگا، پوری دنیا میں پاکستان جگ ہنسائی کا باعث بن جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے سپریم کورٹ انصاف ملے گا، بانی پی ٹی آئی عمران خان پر دو سو سے زائد کیسسز بنائے گے ہیں، ہمارے آئینی اور قانون حقوق کو مجروح کیا جا رہا ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان میں آئین و قانون کی دھجیاں اُڑائی جا رہی ہیں، موجودہ حکومت فارم 47 کی پیداوار ہے، مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس میں ہم نے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا، ہم نے مذاکراتی اجلاس میں مطالبہ کیا تھا کہ عمران خان سے ملاقات کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے مگر تاحال ملاقات نہیں کروائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی چئیرمین سے ملاقات کیے بغیر کیسے ہم آگے بڑھ سکتے ہے، عمران خان سے ملاقات نہیں کروانے پر مذاکرات تعطل کا شکار ہیں، عمران خان اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کو بھول کر آگے بڑھ چکے ہیں۔

کراچی کے اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بنگوار بھارت میں کیوں مقبول ہورہے ہیں؟

اپنی منفرد شخصیت سے شہرت پانے والے کراچی کے اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بنگوار کے بھارت میں بھی چرچے ہونے لگے۔

کراچی کے اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بنگوار جنھوں نے اپنے فیشن میں دلچسپی کی وجہ سے بھی شہرت حاصل کی تھی، اب ان کے ذوق کے باتیں بھارت میں بھی ہونے لگی ہیں۔

بھارت میں مشہور شوبز شخصیات کی خبریں دینے والے مشہور پیپرازی وائرل بھایانی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ہاظم بنگوار کی ایک تقریب میں شرکت کی ویڈیو اپ لوڈ کی ہے۔

بھارت سے تعلق رکھنے والے وائرل بھایانی بھی ہاظم بنگوار کے فیشن سینس کو سراہنے والوں میں شامل ہوگئے ہیں۔

بھایانی نے اپنی شیئر کی گئی ویڈیو کے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’’اسٹائل اور سبسٹینس کے ساتھ دقیانوسی تصورات کو توڑتے ہاظم بھنگوار! کراچی کے اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بنگوار سے ملیں، جو صرف ایک لیڈر ہی نہیں بلکہ اسٹائل آئیکون، گلوکار اور نغمہ نگار بھی ہیں۔ یہ ثابت کرتا ہے کہ آپ ہر اس شعبے میں سبقت لے سکتے ہیں جس کے بارے میں آپ پرجوش ہیں‘‘۔

ہاظم بنگوار نے اسسٹنٹ کمشنر بننے کے بعد اپنے عوامی کاموں سے تو شہرت حاصل کی ہی تھی، لیکن ان کی وجہ شہرت ان کا منفرد انداز اور سیاست سے بالکل ہٹ کر فیشن میں دلچسپی رکھنا بنا تھا۔

اسسٹنٹ کمشنر کو ماضی میں بھی دنیا بھر سے سوشل میڈیا پر پذیرائی ملتی رہی ہے اور اب بھارت کے یوٹیوبرز اور وی لاگرز بھی ان کی صلاحیتوں کے معترف ہورہے ہیں۔ مذکورہ ویڈیو پر مداحوں نے ہاظم کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

آئی سی سی وفد کراچی پہنچ گیا، چیمپیئنز ٹرافی کی تیاریاں

آئی سی سی کا وفد دورہ پاکستان پر کراچی پہنچ گیا، وفد نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ اور چیمپیئنز ٹرافی کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لے گا۔

وفد تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لے گا جبکہ وفد کے ارکان زیر تعمیر پانچ منزلہ عمارت کے مختلف حصوں کا بھی معائنہ کریں گے۔

چیمپیئنز ٹرافی کی 19 فروری کو افتتاحی تقریب نیشنل اسٹیڈیم میں طے ہے۔ ایونٹ کا پہلا میچ اسی روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانا ہے جبکہ نیشنل اسٹیڈیم ٹرافی کے تین میچز کی میزبانی کرے گا۔

ٹرافی سے قبل سہ فریقی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے دو میچز طے ہیں، 12 فروری کو پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ ہوگا جبکہ 14 فروری کو فائنل ہوگا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی کے تحت پہلا دورہ سیکیورٹی سربراہ ڈیوڈ ماسکر نے کیا تھا۔ پاکستان میں دوسرے دورے کے دوران سینیئر منیجر ایونٹ آپریشنز سارا ایڈگر اور منیجر عون زیدی نے انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ تیسرا دورہ منیجر عون زیدی اور براڈ کاسٹنگ کے نگراں منصور منچ نے کیا تھا۔