All posts by Muhammad Saqib

جنوبی پنجاب میں کھاد کا مصنوعی بحران جاری، کاشتکار مہنگے ریٹ خریدنے پر مجبور

حکومت کے نوٹس لینے کے باوجود جنوبی پنجاب میں کھاد کا مصنوعی بحران تاحال جاری ہے جس سے کھادوں کی قیمتیں کم نہ ہونے سے مہنگی کھاد خریدنا کاشتکاروں کی مجبوری بن گیا ہے۔ حکومت نے کھاد کے مصنوعی بحران پر نوٹس لیا لیکن اس کے باوجود جنوبی پنجاب میں تاحال مختلف کھادیں ہی نایاب ہیں جن کی تلاش میں کاشتکاروں کی اکثریت خوار ہو رہی ہے جس سے ڈی اے پی کھاد کی بوری کی قیمت پچانوے سو روپے، یوریا کی پچیس سو روپے اور نائٹرو کی اکسٹھ سو روپے تک بٹوری جا رہی ہے۔ جس پر کاشتکار تنظیموں نے حکومت سے گندم کی امدادی قیمت بائیس سو روپے من مقرر کر کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاون کا مطالبہ کیا ہے۔ سیکرٹری زراعت کا موقف ہے کہ گندم کی کاشت شروع ہونے پر ذخیرہ اندوز فعال ہوئے تاہم کاشت کا عمل مکمل ہونے سے کھاد کی مصنوعی قلت کا مسئلہ بھی حل ہو جائیگا لیکن اس کے باوجود کارروائیاں کر رہے ہیں۔ کھاد کی فی بوری قیمت میں ایک ہزار سے پندرہ سو روپے تک کا خودساختہ اضافہ ہو چکا ہے جس سے گندم سمیت مختلف فصلوں کی کاشت متاثر ہونے کے خدشے پر کاشتکار تنظیموں نے احتجاجی مظاہروں کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بدنام کرنے کیلئے ”را“ کا برطانوی، ابو ظہبی سیل متحرک

”را“ کے سیل میں کاروبار افراد ، ماڈلز، بدنام زمانہ بکیز وجے شرما، کمپاڈیا، اشیش کارخ ہونی جلان، بندیانامی خاتون شامل۔
بابر اعظم ، محمد رضوان ، شاہین آفریدی کو بدنام کرنے کا خصوصی ٹارگٹ۔
پی ایس ایل کو سبوتاژ کرنے کی ذمہ دار ی بھی اسی سیل کو مل گئی۔
شرجیل خان، عمرا کمل ، ،خالد لطیف، محمد عرفان انہیں کے ہاتھوں ٹریپ ہوچکے۔
را نے خصوصی سیل ابوظہبی میں بھارتی سفارتخانے میں قائم کیا ہے۔
ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کو بھی شامل کرنے کا انکشاف۔

مہنگائی کا بلند ترین سطح پر پہنچنا معاشی تباہی کی دلیل ہے: شہباز شریف

لاہور (خبر نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی کا سال کی بلند ترین سطح پر پہنچنا غریبوں کے لئے قیامت اور معیشت کی تباہی کی دلیل ہے۔انہوں نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ ماہانہ 11.5 فیصد مہنگائی معاشی بربادی کا اعتراف جرم ہے، مہنگائی اور بے روزگاری پر عوام خود کشیاں کر رہے ہیں اور حکمران انہیں نہ گھبرانے کی تلقین کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا سال کی بلند ترین سطح پر پہنچنا غریبوں کے لئے قیامت اور معیشت کی تباہی کی دلیل ہے، مہنگائی 13 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، عوام مہنگائی کی آگ میں جل رہے ہیں، حکومتی بیانات سے یہ آگ نہیں بجھے گی۔انہوں نے کہا کہ جاری کھاتوں کے خسارے مسلسل بڑھ رہے ہیں، جو 5.1 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے، یہ کفایت شعاری ہے ؟ رواں مالی سال کے جولائی تا اکتوبر جاری کھاتوں کا خسارہ بڑھ کر 5.1 ارب ڈالرز تک جاپہنچا ہے۔

نیا بلدیاتی ایکٹ عرق ریزی اور مشاورت سے تیار کیا گیا، عثمان بزدار

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں نئے بلدیاتی ایکٹ کے حوالے سے اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے ساتھ مشاورت پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر بلدیات میاں محمودالرشید نے مشاورت کے عمل میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مسلم لیگ ق کے ساتھ مشاورت کے عمل میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نیا بلدیاتی ایکٹ عرق ریزی اور مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔نیابلد یاتی نظام عوام کو نچلی سطح پر حقیقی معنوں میں بااختیار بنائے گا۔صوبائی وزراءمیاں محمودالرشید، راجہ بشارت، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔بزدار حکومت نے کورونا ویکسی نیشن مہم کے دوران ایک او رسنگ میل عبور کر لیا ہے۔ پنجاب میں 12روزہ خصوصی مہم ریچ ایوری ڈور (RED ) کے دوران ایک کروڑ 30لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کر لیا گیا۔ وزیراعلیٰ آفس میں ویکسی نیشن مہم میں نمایا ںکارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسروں اور عملے کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارتقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے افسروں اور عملے کو شیلڈز دیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا ویکسی نیشن کاہدف پورا کرنے پر متعلقہ محکموںکے سیکرٹریز، ڈپٹی کمشنرز، چیف ایگزیکٹو آفیسرز ہیلتھ اور عملے کی کارکردگی کی تعریف کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آج سے ریچ ایوری ڈور (RED ) مہم کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے مرحلے کے دوران 2کروڑ سے زائد شہریو ںکو کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔ دوسرا مرحلہ 31 دسمبر تک جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ تمام ڈیپارٹمنٹس، ضلعی انتظامیہ اور فیلڈ ٹیمیں دوسرے مرحلے کی کامیابی کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گی ۔ کورونا پوری دنیا کے لئے چیلنج بن چکا ہے اور اب اومی کرون نامی وائرس دنیا بھر کے لئے خطرہ بن کر سامنے آیاہے۔ وائرس سے بچاﺅ کے لئے ویکسین ہی موثر ذریعہ ہے اور زیادہ سے زیادہ افراد کو ویکسین لگانے کے لئے حکومت سرگرم عمل ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ویکسی نیشن ٹارگٹ کے لحاظ سے تمام صوبوں میں سرفہرست ہے۔ ٹارگٹ کے حصول کا حصول یہ کام ویکسی نیشن ٹیموں کی لگن اور انتظامی افسروں کی کاوشوں سے پایہ تکمیل کو پہنچ رہا ہے۔ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ نے ریچ ایوری ڈور مہم کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 12اضلاع کا انتخاب کیا ہے۔ پاکپتن، نارووال، بھکر، ڈی جی خان، گجرات، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لودھراں، قصور،منڈی بہاﺅالدین، چکوال، جہلم اور خانیوال کے ڈپٹی کمشنرز اور چیف ایگزیکٹو آفیسرزہیلتھ کی کاوشوں کو سراہتا ہوں اور امید ہے کہ باقی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ، چیف ایگزیکٹو آفیسرزہیلتھ اور ویکسی نیشن ٹیمیں اگلے فیز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے نمایاں پوزیشن حاصل کریں گی۔

سمگلنگ مہنگائی کی وجہ: وزیراعظم کا سخت اقدامات کا حکم

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گندم، یوریا، چینی، آٹا، پٹرول سمیت دیگر اشیا کی سمگلنگ پر قابو پانے اور منی لانڈرنگ کو روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، سمگلنگ کی وجہ سے مصنوعی قلت پیدا ہوتی ہے اور مہنگائی بڑھتی ہے۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سمگلنگ اور منی لانڈرنگ کی روم تھام کے اقدامات پر جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراءشیخ رشید ، حماد اظہر، مخدوم خسرو بختیار، سید فخر امام، اسد عمر، مشیر خزانہ شوکت ترین، مشیر تجارت عبد الرزاق داد، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر، چیئر مین ایف بی آر اور سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف آئی آے نے ڈالر کی منی لانڈرنگ اور غیر قانونی ہولڈنگ کے خلاف وسیع تحقیقات کی ہیں، بارڈر کراسنگز پر افرادی قوت بڑھائی جا رہی ہے، پٹرول کی سمگلنگ کو روکنے، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف آپریشن میں کامیابی حاصل ہوئی۔وزیراعظم عمران خان نے گندم، یوریا، چینی، آٹا، پٹرول سمیت دیگر اشیا کی سمگلنگ پر قابو پانے اور منی لانڈرنگ کو روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ عمران خان نے کہاکہ سمگلنگ کی وجہ سے ملک کی معیشت کو شدید نقصان پہنچتا ہے،سمگلنگ اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات کئے جائیں، اقدامات کا مقصد عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں فرق سمگلنگ کی وجہ بنتی ہے۔ سمگلنگ کی وجہ سے مصنوعی قلت پیدا ہوتی ہے جس کی وجہ سے قیمتیں بڑھ جاتی ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اہم ملاقات کی جس میں بلوچستان کی ترقی اور سائل کے فوری حل سے متعلق امورپر گفتگو کی گئی ۔ بدھ کو ہونے والی ملاقات میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ملاقات میں بلوچستان کی ترقی اور مسائل کے فوری حل سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔وزیراعلی کی وزیراعظم سے موسم سرما میں صوبے کو بلا تعطل گیس اور بجلی کی فراہمی کی درخواست کی گئی ۔وزیراعظم نے وزارت توانائی کو بلوچستان کو گیس اور بجلی کی فراہمی کےلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی ۔ملاقات میں جنوبی بلوچستان پیکج پر عملدرآمد پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں پیکج پر تیز تر عملدرآمد کیلے فنڈز کے فوری اجراءسے اتفاق کیاگیا ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ کراچی،چمن شاہراہ کی تعمیر کا منصوبہ وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،گوادر میں پانی اور بجلی کے ترقیاتی منصوبوں کےلئے وفاقی حکومت بھرپور معاونت کریگی۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیاکہ جنوبی بلوچستان پیکیج کی طرز پر شمالی بلوچستان پیکج کا بھی جلد اعلان کیا جائیگا۔وزیراعلی بلوچستان نے صوبے کی ترقی کے لئے عملی اقدامات پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے حکومتی اراکین کی فہرست پر نظرثانی کا فیصلہ کیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے اراکین کی تفصیلات طلب کر لیں۔

پنجاب حکومت کا بلدیاتی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر کروانے کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کےمطابق حکومت نے بڑا فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر انتخاب کو لوکل باڈیز ایکٹ میں شامل کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے لوکل باڈیز ایکٹ میں ای وی ایم مشین پر انتخاب کی شق کو شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے جبکہ وفاقی حکومت قانون بنا چکی ہے اورپنجاب حکومت بھی ای وی ایم کو لوکل باڈیز ایکٹ کا حصہ بنائے گی۔

سی پیک منصوبوں پر کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے: وزیراعظم کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے سی پیک منصوبوں پر کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتےہوئے کہا ہے کہ حکومت سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کا عظم رکھتی ہے۔
وزیراعظم کی صدارت میں چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں پر پیشرفت کا اجلاس ہوا، وفاقی وزرا اسد عمر، علی زیدی، حماد اظہر، مشیر خزانہ شوکت ترین، مشیر تجارت عبدالرزاق داود، معاون خصوصی خالد منصور اور سینیئر حکام نے شرکت کی۔
معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور نے اجلاس کو منصوبوں کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے سی پیک منصوبوں پر کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملکی مفاد کے لیے طویل المدت منصوبوں کے لیے پالیسیوں کا تسلسل لازمی عنصر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین وقت کی آزمائی ہوئی دوستی ہے، حکومت سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کا عظم رکھتی ہے۔

آرمی چیف کا آزاد کشمیر رجمنٹل سنٹر مانسر کیمپ کا دورہ

پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کو کرنل کمانڈنٹ آزاد کشمیر کے بیجز لگا دیئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آزاد کشمیر رجمنٹل سنٹر مانسر کیمپ کا دورہ کیا اور یاد گار شہدا پر حاضری دی جبکہ فاتحہ خوانی بھی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کو کرنل کمانڈنٹ آزاد کشمیر کے بیجز لگائے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے آزاد کشمیر رجمنٹ کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل کارکردگی کی تعریف کی۔

وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سینیٹ اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی ملاقات

وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سینیٹ اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی ملاقات ہوئی ہے جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے ملاقات کی جس میں صوبے کی ترقی خصوصاً گوادر کے لیے بجلی کی فراہمی اور ترقیاتی کاموں کی جلد از جلد تکمیل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں صوبے کو موسم سرما میں گیس کی بلاتعطل فراہمی اور کوئٹہ کراچی شاہراہ کی تعمیرسے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔

جرمنی کے پُرہجوم ریلوے اسٹیشن پر خوفناک دھماکا، ہلاکتوں کا خدشہ

جرمنی کے شہر میونخ میں ریلوے اسٹیشن میں تعمیراتی کام کے دوران زیر زمین چھپا جنگ عظیم دوم کا بم اچانک زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی کے شہر میونخ کے ریلوے اسٹیشن میں اچانک خوفناک دھماکے سے افراتفری مچ گئی۔ دھماکا اس وقت ہوا جب وہاں تعمیراتی کام کے سلسلے میں ڈرلنگ کی جا رہی تھی۔
ڈرلنگ کے دوران ہونے والے دھماکے میں 3 افراد شدید زخمی ہوگئے جنھیں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دو زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ٹرینوں کی آمدورفت کو معطل کردیا گیا ہے جب کہ پولیس نے دھماکے بعد جائے وقوعہ کا محاصرہ کرکے ایمبولینس امدادی کارکنوں کے سوا کسی کو وہاں جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ جرمنی میں سالانہ 2 ہزار ٹن بم اور گولہ بارود برآمد ہوتے ہیں جو جنگ عظیم دوم کے درمیان جرمنی کی سرزمین پر گر کر دھنس گئے تھے تاہم پھٹنے سے رہ گئے تھے۔