All posts by Khabrain News

بین اسٹوکس نے انگلش کاؤنٹی کی ایک اننگز سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ بنالیا

لندن: (ویب ڈیسک) انگلش ٹیم کے نو منتخب کپتان بینب اسٹوکس نے انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ قائم کردیا۔
بین اسٹوکس نے درہم کی نمائندگی کرتے ہوئے ووسٹرشائر کے خلاف ایک اننگز میں 17 چھکے اور 8 چوکے لگائے جبکہ محض 126 گیندوں پر 161 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
فرسٹ کلاس کرکٹر میچک ے دوران ایک اننگز میں سب سے زیادہ 23 چھکوں کا عالمی ریکارڈ کیوی کرکٹر کولن منرو کے نام ہے۔
دوسری جانب انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے بہترین پرفارمنس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

رانا ثنا اللہ کو جوکرنا ہے کرلیں، ہمارا کوئی خون ریزی کا ارادہ نہیں، عمران اسماعیل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ ہونے جارہا ہے جس کی پوری تیاری ہوچکی ہے۔
سابق گورنر سندھ اور دیگر پی ٹی آئی رہنماوں نے کراچی میں پریس کانفرنس کی جس میں عمران اسماعیل نے کہا کہ آج امریکی وزیر خارجہ کے ٹیلی فون پر بلاول بھٹو اچھل رہے ہیں، یہی تو سازش تھی جس کا حصہ لوگ بنے، کچھ دانستہ اور کچھ غیر دانستہ۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی قیادت میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ ہونے جارہا ہے۔ مارچ کا پورا پروگرام بن چکا ہے، جن جن لوگوں نے مسائل کھڑے کئے ان کو سامنے لائیں گے۔
سابق گورنرسندھ عمران اسماعیل کاکہنا تھا کہ رانا ثنااللہ کو جوکرنا ہے کرلیں، ہمارا کوئی خون ریزی کاارادہ نہیں،ہمارا حقیقی آزادی مارچ ملک کو غلامی سے آزاد کرانے کا مارچ ہے۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ وڈیو والی نانی کا ہمیشہ یہی وتیرا رہا ہے، کہتی ہیں سوئمنگ پول کی وڈیو ہے، وڈیو ہے تو سامنے لائیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے پی ٹی آئی کو وارننگ دی تھی کہ لانگ مارچ میں انتشار اور افراتفری کی منصوبہ بندی ہوئی تو گھرسےنہیں نکلنے دوں گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ مسجد نبوی واقعے پرمذہبی طبقہ سراپا احتجاج ہے، اس واقعے میں ملوث لوگوں کی شناخت ہوگئی ہے ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

جب تک خادم پاکستان رہا عوام سے جھوٹے وعدے نہیں کرونگا:وزیراعظم شہبازشریف

شانگلہ: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جب تک خادم پاکستان رہا عوام سے جھوٹے وعدے نہیں کروں گا۔
شانگلہ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے سیاسی پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ فیصلہ کیا تھا پہلے شانگلہ جاؤں گا، خیبرپختونخوا کے غیورلوگوں کوسلام پیش کرتا ہوں، صوبے کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے، خیبرپختونخوا میں میرے قائد نوازشریف کے شیر رہتے ہیں، یہاں کے لوگوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ خادم پاکستان کا عہدہ سنبھالے تین ہفتے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں پچھلے8سال پی ٹی آئی کی حکومت ہے، انہوں نے کتنے ہسپتال بنائے اور کتنے ہسپتالوں میں مفت ادویات دیں، خیبرپختونخوا کوایک عظیم صوبہ بنا کردم لیں گے۔ جب تک اللہ نے خادم پاکستان بنا کر رکھا جھوٹے وعدے نہیں کروں گا، غلطی ہو گی تو آپ کو گواہ بنا کر معافی مانگیں گے، جب تک جان ہے دن رات کام کروں گا۔ پنجاب کے ہراسپتال میں غریبوں کا مفت علاج ہوتا تھا، پنجاب میں دوبارہ ہسپتالوں میں مفت علاج شروع کرا دیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ غریب علاج کے لیے سسک سسک کر جان دے دیتا ہے، اگر اللہ نے موقع دیا تو پورے خیبرپختونخوا میں مفت علاج کی سہولت ہوگی، 4 سالوں میں مہنگائی عروج پر چلی گئی، سابق حکومت نے تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے لیے، پی ٹی آئی حکومت نے 24ہزارارب قرض لیا کوئی نئی اینٹ نہیں لگی، پشاوربی آرٹی چلتی اورجلتی رہی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت نے 11،11 ماہ میں میٹروبسیں چلائیں، جان لڑادوں گا خیبرپختونخوا کے مسائل حل کرکے دکھاؤں گا، آٹا، چینی غریب گھرانوں کے دسترس سے باہر ہو چکا تھا، رمضان بازار، یوٹیلیٹی سٹورز میں آٹا، چینی کو سستا کرایا، پشاور بی آرٹی میں اربوں کی کرپشن ہوئی۔

صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کو طلب کرلیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس پیر 9 مئی کو سہ پہر چار بجے طلب کرلیا۔
اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 اے کے تحت وزیر اعظم کے مشورے پر طلب کیا گیا ہے جس کے لیے وزارت پارلیمانی امور نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
اجلاس میں پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا جبکہ عام انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات سمیت دیگر امور قومی اسمبلی اجلاس میں زیر بحث آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف انتخابی اصلاحات کے سلسلے میں سابق وزیراعظم عمران خان سمیت پارلیمانی لیڈرز کو خطوط ارسال کرچکے ہیں۔ قومی اسمبلی اجلاس کے دوران ہی تمام جماعتوں کی جانب سے انتخابی اصلاحات کے لیے ممبران کے نام پیش کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی پارلیمانی جماعتوں کی نمائندگی کے ساتھ ہی کمیٹی تشکیل دیں گے، اسپیکر قومی اسمبلی پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کے بارے میں فرداً فرداً تصدیق کا عمل بھی شروع کریں گے۔ قومی اسمبلی اجلاس کے دوران قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینز کا بھی فیصلہ کیا جائے گا۔

گلگت میں گلیشیئرز کا تیزی سے پگھلنا لمحہ فکریہ ہے: بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں گلیشیئرز کا تیزی سے پگھلنا لمحہ فکریہ ہے۔
گلگت میں سیلابی صورتحال پر اپنے بیان میں انہوں نےکہا کہ شیشپر گلیشیئر پر جھیل پھٹنے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال سے ہنگامی بنیادوں پر نمٹنے کی ضرورت ہے، یقینی بنایا جائے مقامی آبادیوں کو کسی طرح کا نقصان نہ پہنچے، زمینی راستے بھی کھلے رہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اُمید ہے انتظامیہ یقینی بنائے گی عام لوگوں، سیاحوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، گلگت بلتستان کی عوام کو پیپلز پارٹی مشکل گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑے گی، گلیشیئرز کا تیزی سے پگھلنا لمحہ فکریہ ہے، موسمیاتی تبدیلیوں پر اب شترمرغ کی طرح ریت میں سر مزید چھپایا نہیں جاسکتا، موسمیاتی تبدیلیوں کے معاملے پر اجتماعی و مربوط کوششیں حالات کا تقاضا ہیں۔

اشتراوصاف علی کو اٹارنی جنرل تعینات کرنے کی منظوری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم نے اشتراوصاف علی کو اٹارنی جنرل تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سابق اٹارنی جنرل اشتراوصاف علی کو ایک بار پھر اٹارنی جنرل تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔
اشتراوصاف سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور میں بھی اٹارنی جنرل رہ چکے ہیں۔ وہ 2015-16ء میں وزیراعظم کے اسپیشل اسسٹنٹ قانون و انصاف بھی رہ چکے ہیں۔
اشتراوصاف علی دو بار 1998-99ء اور 2012-13ء میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بھی رہے ہیں۔ وہ 2011-12ء میں صوبے کے پراسیکیوٹر جنرل کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔

یوکرین: روس نے امریکی، یورپی فوجی سازوسامان تباہ کر دیا

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے یوکرین کے علاقے خارکیف میں امریکی اوریورپی فوجی سازوسامان تباہ کر دیا۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق رات گئے کارروائی میں یوکرین کی اٹھارہ فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیاجن میں امریکی اوریورپی فوجی سازوسامان بھی شامل ہے۔
جنگ کے پیش نظر امریکا نے یوکرین کو مزید 150 ملین ڈالرکی فوجی امداددینے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی سٹیٹ سیکرٹری کا کہنا ہے کہ یوکرین کے دفاع کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ امریکا اب تک یوکرین کو 3.8 ارب ڈالر کی فوجی امداد دے چکا ہے۔

شمالی کوریا کا رواں ہفتے دوسرا بیلسٹک میزائل تجربہ

پیانگ یانگ: (ویب ڈیسک) شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل تجربہ کیا ہے جو رواں برس کا 15 واں اور رواں ہفتے کا دوسرا میزائل تجربہ ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سخت ترین حریف پڑوسی ملک جنوبی کوریا کے صدر کے حلف اُٹھانے کا دن جیسے جیسے قریب آتا جا رہا ہے، شمالی کوریا کے میزائل تجربات میں تیزی آگئی اور آج شمالی کوریا نے ایک بار پھر میزائل تجربہ کیا ہے۔
شمالی کوریا کے سخت حریف ممالک جاپان اور جنوبی کوریا نے شُبہ ظاہر کیا ہے کہ یہ بیلسٹک میزائل تجربہ تھا۔
جنوبی کوریا کی فوج کے سربراہ نے الزام عائد کیا ہے کہ شمالی کوریا نے اپنے ساحلی علاقے میں واقع شپ یارڈ میں سب میرین سے مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
جاپان اور جنوبی کوریا نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائل نے فضا میں 60 کلومیٹر تک اوپر گیا اور 600 کلومیٹر کی دوری پر جا گرا۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا نے گزشتہ برس اکتوبر میں بھی سب میرین لانچ بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا تھا جو 2017 کے بعد سب سے بڑا تجربہ تھا۔

پیپلزپارٹی کا 15 مئی کو کراچی میں جلسے کا اعلان

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی نے 15 مئی کو کراچی میں جلسے کا اعلان کر دیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری خطاب کرینگے۔
صوبائی وزیرمحنت سعید غنی نے سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کی نااہل حکومت گرانے کی تحریک کی قیادت کی تھی۔۔ 15 مئی کو کراچی میں جلسہ کریں گے فی الحال جگہ کا تعین نہیں ہوا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی پریس کانفرنس میں بھی کچھ اداکاراورپسند کے صحافی بلائے جاتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے 27 فروری سےلانگ مارچ شروع کیا اور کہا کہ الیکشن کرواو۔ عمران خان نے عدم اعتماد پرکہاکہ میں شکراداکرتا ہوں یہ سب اکٹھے ہوئے ہیں میں اللہ کاشکراداکرتاہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل رہی اگر عدلیہ افواج اور دیگر اداروں نے اپنا آئینی کردار ادا کیا تو ہمیں اس کو سراہنا چاہئے۔ ایک کروڑ نوکریاں پچاس لاکھ گھربنانے کی باتیں کی چینی، آٹا، آئل، مالم جبا، بی آرٹی سمیت کئی اداروں کے سکینڈل اس کے ہیں۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ کیاعوام عدلیہ سیاستدانوں سمیت سب غدارہیں۔ عمران خان اس ملک کے لئے سب سے بڑا سیکیورٹی تھریث ہے۔ عمران خان نے 66 سالا زندگی میں اتنانہیں کمایاجتنا وزیرآعظم بننے کے پہلے دوماہ میں کمایا۔

ایشیاکپ، ہاکی فیڈیشن نے چوبیس کھلاڑیوں کا اعلان کردیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشیاء کپ کی تیاری کے لیے 24 کھلاڑیوں پر مشتمل قومی ہاکی تربیتی کیمپ کا اعلان کردیا۔
کیمپ 9 مئی سے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا۔
جن 24 کھلاڑیوں کو قومی ہاکی تربیتی کیمپ میں بلوایا گیا ہے ان میں عبداللہ اشتیاق (گول کیپر)، اکمل حسین (گول کیپر)، منیب الرحمن (گول کیپر)، مبشر علی، عماد شکیل بٹ، ابوبکر محمود، محمد عبداللہ، محمد حماد انجم، ارباز احمد، رضوان علی، عبدالمنان، عمر بھٹہ، رانا عبدالوحید، غضنفر علی، محمد سلمان، رومان خان، معین شکیل، علی شان، جنید منظور، اعجاز احمد، عبدالحنان شاہد، احمد ندیم، نوہیز زاہد اور رانا سہیل ریاض شامل ہیں۔