All posts by Khabrain News

یکم رمضان کو ملک بھر میں بینک تعطیل کا اعلان

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے یکم رمضان کو ملک بھر میں سرکاری و نجی بینکس کی تعطیلات کا اعلان کردیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یکم رمضان المبارک بمطابق 1447 ہجری کو زکوٰۃ کٹوتی کی وجہ سے ملک بھر کے بینکس میں عوامی لین دین بند رہے گی اور تعطیل ہوگی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام بینکس، ترقیاتی مالی ادارے، مائیکروفنانس بینک بھی مذکورہ تاریخ کو عوام سے لین دین کے لیے بند رہیں گے۔

ماہ رمضان کے احترام میں پنجاب بھر کے تھیٹرز بند

ماہ رمضان المبارک کے احترام میں پنجاب بھر کے تھیٹرز بند کر دیئے گئے، پنجاب حکومت کی جانب سے رمضان المبارک میں تھیٹرز کی بندش کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

رمضان المبارک میں عوامی تقدس کے پیشِ نظر تمام تھیٹرز پر پابندی ہو گی، پنجاب کونسل آف دی آرٹس کے احکامات کے مطابق تھیٹرز عارضی طور پر بند رہیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق رمضان کے دوران فلم اور ڈرامہ تھیٹرز عوام کے لیے بند رہیں گے، پنجاب حکومت نے رمضان کے دوران تھیٹر سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی۔

کراچی: سپر ہائی وے پر متعدد گاڑیوں کی ٹکر، 4 افراد جاں بحق

افسوسناک حادثہ سپر ہائی وے ایم 9 پر پیش آیا جہاں ڈمپر اور وین میں تصادم کے بعد متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثے میں خاتون سمیت 4 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 6 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ 

وزیراعظم نے ہاکی معاملات میں بدانتظامی کا نوٹس لے لیا

پاکستان سپورٹس بورڈ نے وزیراعظم کی جانب سے نوٹس لینے کی تصدیق کر دی، پی ایس بی ترجمان کے مطابق انکوائری کی جا رہی ہے۔

پاکستان سپورٹس بورڈ کا کہنا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی، پرو ہاکی لیگ میں پاکستان ہاکی ٹیم کی رہائش کا معاملہ بھی زیرِ غور ہے۔

وِل اسمتھ پر غیر اخلاقی حرکات کا الزام، جیڈا اسمتھ نے بڑا قدم اٹھا لیا

ہالی ووڈ اداکارہ جیڈا پنکیٹ اسمتھ نے اپنے شوہر وِل اسمتھ کے سابق قریبی دوست بلال سلام کے خلاف اہم قانونی قدم اٹھا لیا ہے۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کی جانب سے حاصل کردہ عدالتی دستاویزات کے مطابق فلم Scream 2 کی اداکارہ نے کیلیفورنیا کی عدالت میں درخواست کی ہے کہ دسمبر 2025 میں بلال سلام کی جانب سے دائر کیا گیا 30 لاکھ ڈالر کا مقدمہ خارج کیا جائے۔ اس مقدمے میں بلال نے الزام عائد کیا تھا کہ جیڈا نے ایک ہوٹل میں انہیں دھمکیاں دی تھیں۔

نئی درخواست میں جیڈا پنکیٹ اسمتھ نے مؤقف اختیار کیا کہ بلال سلام، جو طویل عرصے سے وِل اسمتھ کے ساتھ وابستہ ایک موسیقار رہے ہیں، دراصل اسمتھ خاندان کے خلاف جاری مبینہ عوامی مہم کے تحت توجہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 

عدالتی مؤقف میں کہا گیا کہ مدعی نے بغیر کسی ثبوت کے میڈیا کو انٹرویوز دیتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ انہوں نے ذاتی طور پر ول اسمتھ کو نامناسب جنسی حرکات میں ملوث دیکھا۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ بلال کے الزامات بے بنیاد، غیر مصدقہ اور محض توجہ حاصل کرنے کے لیے لگائے گئے، اور ان کا مقصد جیڈا اور ان کے خاندان کو ہراساں کرنا تھا۔ جیڈا نے قانونی کاغذات میں یہ بھی مؤقف اپنایا کہ انہیں اپنے خاندان سے متعلق ایسے معاملے پر، جو عوامی دلچسپی کا مرکز بن چکا ہو، بیان دینے کا حق حاصل ہے۔

یہ تازہ قانونی پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب بلال سلام نے پوڈکاسٹ Unwine With Tasha K میں گفتگو کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ول اسمتھ کو اداکار ڈوانے مارٹن کے ساتھ قابل اعتراض صورتحال میں دیکھا۔ بلال نے یہ بھی الزام لگایا کہ انہیں ایسے کام انجام دینے کے لیے کہا گیا جو ان کے بقول غیر قانونی، غیر اخلاقی یا اخلاقی طور پر مشتبہ تھے۔

موسیقار نے مزید دعویٰ کیا کہ اگر انہوں نے جیڈا کی پیشکش قبول نہ کی تو انہیں ’’سنگین نتائج‘‘ کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

ادھر جیڈا کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں ان کے اس بیان کا بھی حوالہ دیا گیا جو انہوں نے امریکی میڈیا آؤٹ لیٹ TMZ کو دیا تھا، جس میں انہوں نے بلال کے الزامات کے جواب میں واضح الفاظ میں کہا تھا: ’’ہم مقدمہ کر رہے ہیں۔‘‘

کراچی: چکرا گوٹھ سے گرفتار 3 ملزمان ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے

کراچی:

انسداد دہشتگردی کی منتظم عدالت نے دھماکہ خیز مواد کے مقدمے میں چکرا گوٹھ کورنگی سے گرفتار 3 ملزمان کو سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا۔

کراچی سینٹرل جیل انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں منتظم عدالت کے روبرو دھماکہ خیز مواد کے مقدمے سی ٹی ڈی نے گرفتار ملزمان کو پیش کیا۔ ملزمان میں زاہد بارکزئی، یاسر اور خدا بخش شامل ہیں۔ سی ٹی ڈی حکام نے کہا کہ ملزمان کو چکرا گوٹھ کورنگی سے گرفتار کیا گیا۔

ملزمان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا اور کالعدم تنظیم سے تعلق ہے، استغاثہ نے ملزمان کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی۔

وکیل صفائی گل شیر بلوچ ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ زاہد بارکزئی کو 27 جنوری کو لیاری میں واقع ان کے گھر سے حراست میں لیا گیا۔ گمشدگی کی ایف آئی آر تھانہ کلاکوٹ تھانے میں درج ہے۔ سندھ ہائیکورٹ میں گمشدگی کی آئینی پٹیشن بھی دائر کی گئی ہے۔

عدالت نے ملزمان کو 21 فروری تک جسنانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کرتے ہوئے تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ رینجرز اور سی ٹی ڈی کیجانب سے گزشتہ روز تینوں ملزمان کی گرفتاری کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

اسحاق ڈار سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے بدھ کو نیویارک جائیں گے

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار فلسطین کی صورتِ حال پر سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطح اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اسرائیل کے مغربی کنارے سے متعلق غیر قانونی فیصلوں کی سخت مخالفت کا اعادہ کیا ہے اورغزہ میں مستقل جنگ بندی اور قرارداد 2803 پر مکمل عملدرآمد پر زور دیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ غزہ کے لیے انسانی امداد میں اضافے اور تعمیرِ نو کا جلد آغاز کیا جائے، پاکستان نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ القدس الشریف کو دارالحکومت بنا کر آزاد فلسطینی ریاست قائم کی جائے، وزیر خارجہ نیویارک میں دوطرفہ ملاقاتیں، باہمی دلچسپی کے اُمور پر گفتگو کریں گے۔

ڈھاکا میں احسن اقبال کی گاڑی پر پاکستانی پرچم دیکھ کر عوام کا والہانہ محبت کا اظہار

ڈھاکا: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کے دورہ بنگلادیش کے دوران ان کی گاڑی پر پاکستانی پرچم دیکھ کر شہریوں، خصوصاً نوجوانوں کی جانب سے محبت اور گرمجوشی کے اظہار کیا گیا۔

وزارتِ منصوبہ بندی و ترقی کی جانب سے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب نوجوانوں نے احسن اقبال کی  گاڑی پر لگا پاکستانی پرچم دیکھا تو انہوں نے بے ساختہ محبت اور خیرسگالی کا اظہار کیا۔ 

وزارت منصوبہ بندی کے بیان کے مطابق نوجوانوں کے چہروں پر خوشی، جوش اور امید نمایاں تھی، اس جذبہ دوستی نے اس امر کو اجاگر کیا کہ پاکستان اور بنگلادیش کے تعلقات کا مستقبل  نئی نسل کی امیدوں، خوابوں اور امنگوں سے وابستہ ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و تروقی احسن اقبال بنگلادیش میں موجود ہیں جہاں انہوں بنگلادیش کے نو منتخب وزیر اعظم طارق رحمان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔

استری سے جلے ڈیزائن کی شرٹ متعارف، قیمت سنتے ہی ہوش اڑ جائیں!

عالمی فیشن برانڈ ویٹی مینٹس نے اپنی تازہ ترین تخلیقات میں ایک انوکھا قدم اٹھاتے ہوئے ایسی شرٹ متعارف کروائی ہے جس پر ’’آئرن برن‘‘ یعنی استری کے جلے نشان کی تصویر کشی کی گئی ہے۔

اس منفرد ڈیزائن نے فیشن کے شوقین افراد میں بحث کو جنم دیا ہے۔ جبکہ اس شرٹ کی قیمت تقریباً $1,139 (تقریباً 24 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) ہے، جس نے صارفین میں حیرت اور تجسس پیدا کردیا ہے۔

فیشن کی دنیا میں VETEMENTS ایسی شے کے ساتھ سامنے آئی ہے جس میں عام ٹی شرٹ یا بٹن ڈاؤن شرٹ کی نسبت کچھ نیا اور چیلنجنگ نظر آتا ہے۔ اس شرٹ پر جس طرح کا جلنے کا نشان دکھایا گیا ہے، اسے دیکھ کر پہلی نظر میں یہی لگتا ہے کہ یہ کپڑے کو استری کے دوران نقصان پہنچنے کا عکس ہے۔ مگر حقیقت میں یہ ایک خاص گرافک پرنٹ ہے جسے فیشن کے محاذ پر ایک آرٹسٹک تاثر کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

 

اس طرح کے غیر روایتی فیشن ڈیزائن اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ کس طرح جدید فیشن برانڈز جارحانہ طرزِ فکر، آرٹ اور روزمرہ کے تجربات کو ڈریس ڈیزائن میں شامل کر رہے ہیں، تاکہ وہ اپنے صارفین کو کچھ منفرد پیش کر سکیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ VETEMENTS جیسے برانڈز عام فیشن کی حدوں کو چیلنج کرتے ہوئے ایسے عناصر پر تجربات کر رہے ہیں جو روایتی طور پر فیشن میں نہیں دیکھے جاتے۔

قیمت اور ڈیزائن کے لحاظ سے یہ شرٹ ایک لگژری فیشن آئٹم کے زمرے میں آتی ہے جسے خریدار صرف اس کے منفرد اسٹائل اور برانڈ ویلیو کے لیے پسند کریں گے، نہ کہ عملی استعمال کے لیے۔ اس قسم کے فیشن کے پیس عام طور پر فیشن ویک، اسٹائل بلاگز اور کلیکٹرز میں زیادہ دلچسپی کا باعث بنتے ہیں۔

فیشن کے شائقین اور سوشل میڈیا صارفین نے اس منفرد ’’آئرن برن‘‘ پرنٹ پر اپنی آرا کا اظہار بھی شروع کر دیا ہے؛ کچھ اسے فیشن کی دنیا میں تخلیقی آزادی کی علامت قرار دے رہے ہیں، جب کہ کچھ کا کہنا ہے کہ اس طرح کے غیر معمولی ڈیزائنز محض شہرت کے لیے بنائے جاتے ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ VETEMENTS نے روایتی فیشن کی حدود سے ہٹ کر کچھ پیش کیا ہو، برانڈ پہلے بھی اپنی جارحانہ، بولڈ اور متنازع ڈیزائنز کی وجہ سے پہچانا جاتا رہا ہے، جس میں وہ روزمرہ اشیاء یا ثقافتی عناصر کو غیر متوقع انداز میں کپڑوں پر شامل کرتا ہے۔

VETEMENTS کا یہ اقدام ایک بار پھر اس بات کا ثبوت ہے کہ فیشن صرف لباس نہیں، بلکہ اظہارِ خیال اور فنونِ لطیفہ کا ایک ذریعہ بھی بن چکا ہے، چاہے وہ استری کے نشان جیسا غیر روایتی آؤٹ فٹ ہی کیوں نہ ہو۔

 

 

پیپلز پارٹی پنجاب تنظیم میں شدید اختلافات،حکومت سے نالاں

پنجاب حکومت سے معاہدوں پر پیش رفت نہ ہونے پر پارٹی رہنماؤں کے شدید تحفظات سامنے آئے ہیں، جیالوں کا کہنا ہے کہ اتحادی ہونے کے باوجود پنجاب حکومت ہمیں منہ نہیں لگا رہی۔

متعدد اجلاس بے نتیجہ ختم ہوئے اور تنظیمی بحران برقرارہے، پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنماؤں ا پنے اعتراضات میں حکومت سے وعدے وفا نہ ہونے کا شکوہ کرتے نظر آرہے ہیں جب کہ صوبائی سطح پر تنظیمی ڈھانچے اور سیاسی حکمت عملی پر سوالات اٹھ گئے۔

پنجاب میں پارٹی کو فعال نہ کرنے پر قیادت پر دباؤ بڑھ گیا، صدر آصف علی زرداری اختلافات سُلجھانے لاہور پہنچ گئے وہ دو روز لاہور میں قیام کریں گے اور اعلیٰ شخصیات سے اہم ملاقاتیں کریں گے،بلاول ہاؤس لاہور سیاسی سرگرمیوں کا مرکز ہوگا۔

دوسری جانب پنجاب حکومت کے ساتھ اتحادی معاملات کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا، تنظیمی معاملات بہتر بنانے کیلئے اہم فیصلوں کا بھی امکان ہے، ناراض رہنماؤں کو اعتماد میں لینے کیلئے مشاورتی اجلاس طلب کرلیا۔

دوسری جانب یہ بھی کہا جارہا ہے کہ کیا پیپلز پارٹی پنجاب میں نئی حکمت عملی اپنائے گی؟، صدر مملکت کے لاہور میں ڈیرے سے پنجاب کی سیاست میں نئی ہلچل کا امکان ہے ۔