All posts by Khabrain News

بارش نے آسٹریلیا اور آئرلینڈ کی امیدوں پرپانی پھیردیا، زمبابوے سپر ایٹ میں پہنچ گیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں بارش نے آسٹریلیا اور آئرلینڈ کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا، زمبابوین ٹیم سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ گئی۔

تفصیلات کے مطابق بارش کے باعث پالیکیلے میں شیڈول زمبابوے اور آئرلینڈ کے درمیان میچ کا ٹاس بھی ممکن نہ ہوسکا۔

یوں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹس مل گیا جس کے بعد زمبابوے 5 پوائنٹس کے ساتھ سپر ایٹ مرحلے میں چلا گیا۔

گروپ بی سے سری لنکن ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے ہی سپر ایٹ میں رسائی حاصل کرچکی تھی۔

گروپ بی میں آسٹریلیا کا عمان اور سری لنکا کا زمبابوے سے میچ ابھی باقی ہے تاہم آسٹریلوی ٹیم کی جیت اب بے معنی ہوجائے گی۔

شرجیل میمن کا پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار

کراچی:

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ رمضان المبارک سے عین قبل پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 7.32 روپے فی لیٹر اضافہ مہنگائی کے دباؤ کو مزید بڑھا دے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے بالخصوص غریب اور متوسط طبقہ شدید متاثر ہوگا اور ان کے گھریلو بجٹ پر مزید دباؤ پڑے گا۔

سینئر صوبائی وزیر نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اس فیصلے پر نظر ثانی کرے اور عوام کو حقیقی اور بامعنی معاشی ریلیف فراہم کرے

بلوچستان میں بارش اور ژالہ باری، نشیبی علاقے زیرِ آب

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے مضافات میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ آج رات تک اور آئندہ 12 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ کوئٹہ اور گردونواح کے علاوہ پشین، چمن، قلعہ سیف اللہ اور قلعہ عبداللہ میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ہرنائی، مستونگ، نوشکی اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ بلوچستان کے کئی علاقوں میں ژالہ باری بھی رپورٹ ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش قلات میں 32 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ کوئٹہ میں 29 ملی میٹر، خضدار میں 7، پسنی میں 6، نوکنڈی اور تربت میں 5، اورماڑہ میں 4 جبکہ ژوب میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

قلات شہر اور گردونواح میں رات بھر وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔ چاغی کے مختلف علاقوں، دالبندین، سیندک، امین آباد اور چہتر سمیت دیگر مقامات پر بھی گزشتہ شب سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

شدید بارش اور تیز آندھی کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی جبکہ کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سندھ اسمبلی: سحر و افطار کے اوقات میں گیس لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی قرارداد منظور

کراچی: سندھ اسمبلی نے ماہِ رمضان کے دوران سحری اور افطاری کے اوقات میں گیس کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی قرارداد منظور کرلی۔

قرارداد حکومتی رکن سمعتا افضال سید نے ایوان میں پیش کی، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو سحری اور افطاری کے اوقات میں گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے رکن اسمبلی علی خورشیدی نے کہا کہ گیس کے مسئلے پر ایوان میں سات بار قراردادیں منظور ہو چکی ہیں، لیکن ان پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت اس حوالے سے عملی اقدامات کیوں نہیں کر رہی۔

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے ایوان کو بتایا کہ اس معاملے پر پہلے بھی بات ہو چکی ہے اور آج کی قرارداد خاص طور پر ماہِ رمضان کے حوالے سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو اس مسئلے پر خط لکھا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری علاقوں میں کچھ حد تک سہولت فراہم کی جاتی ہے، تاہم دیہی علاقوں میں بجلی اور گیس کی صورتحال زیادہ خراب ہے۔

بعد ازاں ایوان نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی، جس میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ رمضان المبارک میں سحری اور افطاری کے اوقات میں گیس کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سندھ اسمبلی نے حادثات کی صورت میں یونیورسل انشورنس کی رقم ایک لاکھ روپے سے پانچ لاکھ روپے کرنے کی قراداد بھی منظور کر لی ہے۔ قرارداد محمد مظاہر کی جانب سے پیش کی گئی تھی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: کینیڈین کرکٹر نے احمد شہزاد کا 12 سال پرانا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا

چنئی: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کینیڈین بیٹر یووراج سامرا نے سنچری اسکور کرکے پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد کا 12 سال پرانا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔ 

منگل کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کینیڈا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔

کینیڈا نے پہلے بیٹنگ  کرتے ہوئے اوپنر یووراج کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں میں 173رنز اسکور کیے۔

یووراج سامرا آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سنچری بنانے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے۔انہوں نے  نیوزی لینڈکے خلاف 65 گیندوں پر 110 رنز کی اننگز کھیلی۔

کینیڈین بیٹر یووراج نے 19 سال اور 141 دن کی عمر میں سنچری بنا کر پاکستان کے احمد شہزاد کا ورلڈ ریکارڈ توڑا ۔

احمد شہزاد نے 2014 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بنگلادیش کے خلاف 22 سال اور 127 دن کی عمر میں سنچری اسکور کی تھی۔

علاوہ ازیں یووراج مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں  ایسوسی ایٹ نیشن کی جانب سے سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے۔

نیوزی لینڈ نے کینیڈا کا 174 رنز کا ہدف با آسانی 16 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا اور گروپ ڈی سے سپر 8 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

پنجاب حکومت کوسرکاری ملازمین کا حق دینا پڑے گا: حافظ نعیم الرحمان

سرکاری ملازمین کےدھرنےکےشرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ خاندانی جماعتیں ہے، 54 ہزار میں سے11ہزار سکولوں کو آؤٹ سورس کر دیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ صاحبہ! کیا اسے گورننس کہتے ہیں؟ سرکاری سکولوں کو بڑھانے کے بجائےسرکاری سکولوں سے ہی جان چھڑائی جا رہی ہے، پنجاب حکومت نےتعلیم کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ دونوں فارم 47 کے ذریعے اقتدارمیں آئے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سرکاری ملازمین رُل رہےہیں، پنجاب حکومت کوسرکاری ملازمین کوان کا حق دینا پڑے گا، جماعت اسلامی سرکاری ملازمین کےساتھ کھڑی ہے، سرکاری ملازمین کی پنشن میں کسی قسم کی کٹوتی منظورنہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ اقتدار میں بیٹھے لوگ ایسا ماحول بنانا چاہتے ہیں جیسے پنجاب میں دودھ کی نہریں بیٹھ رہی ہیں، حکومت چلانے میں اپنا کردار ادا کرنے والے ایک سے گریڈ 22 کے ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے، ملازمین کی لیو انکیشمنٹ، پنشن اور دیگر مراعات ختم کی جا رہی ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: آسٹریلیا اور آئرلینڈ کے ارمانوں پر پانی پھرنے کا امکان

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں آسٹریلیا اور آئرلینڈ کے ارمانوں پر پانی پھرنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق بارش کے باعث پالیکیلے میں شیڈول زمبابوے اور آئرلینڈ کے درمیان میچ کا ٹاس بھی ابھی تک ممکن نہ ہوسکا ہے۔

گروپ بی میں اس وقت دلچسپ صورتحال ہے، سری لنکن ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے ہی سپر ایٹ میں رسائی حاصل کرچکی ہے جبکہ عمان تین میچز میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوچکا ہے۔

زمبابوے دو میچز کھیل کر 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ آسٹریلیا اور آئرلینڈ تین تین میچز کھیل کر 2، 2 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔

آج اگر آئرلینڈ زمبابوے کو اور آسٹریلیا اپنے آخری میچ میں عمان کو شکست دے دے تو 4، 4 پوائنٹس کے ساتھ بھی ان کی سپر ایٹ میں رسائی یقینی نہیں ہوگی۔

زمبابوے اگر سری لنکا سے بھی شکست کھا لے تو بھی تینوں ٹیمیں 4، 4 پوائنٹس کے ساتھ ہوں گی اور نیٹ رن ریٹ پر فیصلہ ہوگا۔

تاہم اگر آج آئرلینڈ اور زمبابوے کا میچ بارش کی نظر ہوجاتا ہے تو پھر زمبابوے 5 پوائنٹس کے ساتھ سپر ایٹ میں پہنچ جائے گا، جبکہ آسٹریلیا اور عمان کا میچ بھی بے معنی ہوجائے گا۔

پاکستان ٹیم کے دورہ بنگلادیش شیڈول سامنے آگیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ بنگلادیش کا ممکنہ شیڈول سامنے آگیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ون ڈے سیریز 12 مارچ سے شروع ہوگی۔

پہلا ون ڈے 12 مارچ، دوسرا ون ڈے 14 مارچ اور تیسرا ون ڈے 16 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مئی میں پاکستانی ٹیم دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے دوبارہ بنگلادیش جائے گی۔

اس تصویر نے لوگوں کو دنگ کیوں کر دیا؟

ہر سمت میں ریت ہوا میں اڑ رہی تھی جب فوٹوگرافر کائیل گوٹیسک پوری رفتار سے صحرائے نمیب میں بھاگ رہے تھے۔

وہ اس وقت کچھ لمحات کے لیے رک گئے جب انہوں نے اپنے پیچھے موجود شاک گروپ کو چیخ کر کچھ کہا اور پھر بھاگنا شروع کر دیا۔

اس لمحے میں جانور انہیں قریب سے دیکھ رہے تھے جبکہ چاند کی زرد روشنی کا سایہ پھیلا ہوا تھا۔

یہ کسی ہارر فلم کا اختتام نہیں تھا حالانکہ کیمرے ہر جگہ موجود تھے بلکہ کائیل ایک فوٹوگرافر ہیں جو اپنی زندگی کی سب سے اہم فوٹو کھینچنے کی کوشش کر رہے تھے۔

یہ سانسیں روک دینے والی تصویر ایک زرافے کی ہے جو ریت کے ایک ٹیلے کے اوپر کھڑا تھے اور اس کے پیچھے ہلکا گلابی چاند موجود تھا۔

جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے فوٹو گرافر پہلے بھی متعدد بہترین تصاویر کھینچ چکے ہیں مگر یہ تصویر لوگوں کو دنگ کر رہی ہے اور وہ اسے حقیقی ماننے کے لیے ہی تیار نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس تصویر کو لوگوں کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سے تیار کردہ قرار دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘میرے خیال میں تو یہ تعریف ہے کیونکہ اس سے تصویر کی انفرادیت ظاہر ہوتی ہے، یہ اتنی نایاب اور منفرد ہے کہ یقین کرنا مشکل ہے کہ اسے کیمرے کی آنکھ نے درست لمحے میں محفوظ کرلیا’۔

حقیقت تو یہ ہے کہ اس میں اے آئی کا کوئی کمال نہیں البتہ خوش قسمتی ضرور فوٹوگرافر کا ساتھ دے رہی تھی۔

کائیل براعظم افریقا کے جنوبی خطوں میں فوٹوگرافرز کو تربیت فراہم کرتے ہیں اور دنیا کے قدیم ترین صحرا میں وہ پورے چاند کی تصویر لینے کے لیے گئے تھے۔

انہیں یہ تو معلوم تھا کہ یہاں زرافے موجود ہوتے ہیں مگر ان کا ارادہ ٹیلے کے اوپر موجود ایک قدیم درخت سے جھانکتے چاند کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرنے کا تھا۔

مگر یہ زرافہ ممکنہ طور پر انسانی شور کو سن کر ٹیلے کے اوپر کھڑا ہوگیا۔

جب کائیل کو احساس ہوا کہ زرافہ اتفاق سے چاند کے بالکل سامنے کھڑا ہوگیا ہے تو انہوں نے کیمرے کو اٹھایا اور تصویر کھینچ لی۔

ویسے انہوں نے قدیم درخت کی تصویر بھی لی جو آپ اوپر دیکھ چکے ہوں گے۔

اسی طرح انہوں نے اسی جگہ ایک اور تصویر بھی لی جس میں 2 زرافے موجود تھے۔

کراچی: طلبہ سے ویپ برآمد ہونے پر اسکولوں کے اطراف دکانوں اور کیفے کی نگرانی کا حکم

محکمہ تعلیم سندھ نے بچوں کے بیگز سے ویپ نکلنے کی شکایات پر  اسکولوں کے اطراف دکانوں اور کیفیز کی نگرانی کا حکم دیا ہے۔

محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے ڈپٹی کمشنرز کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کلاس 9 تا 12 کے طلبا میں ویپ کے استعمال پر تشویش ہے،طلبہ کے بیگز کی چیکنگ میں ویپ ڈیوائسز برآمد ہوئی ہیں۔ 

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ طلبہ نے ویپ قریبی دکانوں اور کیفے سے خریدنے کا اعتراف کیا، لہٰذااسکولوں کے اطراف دکانوں اور کیفیز کی سختی سے نگرانی کی جائے۔

محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنرز کیفیز اور دکانوں کی انسپکشن یقینی بنائیں، ضرورت پڑنے پر تعلیمی اداروں کے قریب کیفے منتقل کیے جائیں۔