All posts by Khabrain News

دعا زہرہ کے سسرال والوں کو ہراساں نہ کیا جائے: لاہور ہائیکورٹ

لاہور : (ویب ڈیسک) ہائی کورٹ نے پولیس کو دعا زہرہ کے سسرال والوں کوہراساں کرنے سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہورہائی کورٹ میں دعا زہرہ کی ساس کی طرف سے ہراساں کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت نے پولیس کو دعا زہرہ کے سسرال والوں کو ہراساں کرنے سے روک دیا۔
لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق دعا زہرہ جس کے ساتھ جانا چاہے جائے، عدالت نے دعا زہرہ کے پیش ہونے پر درخواست نمٹا دی اورسکیورٹی وجوہات پردعا زہرہ کو پولیس کی تحویل میں دے دیا۔

ملائیشیا کا لازمی سزائے موت ختم کرنے کا فیصلہ

ملائیشیا : (ویب ڈیسک) ملائیشیا نے لازمی سزائے موت کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو اس وقت مختلف جرائم جیسے قتل، دہشتگردی اور منشیات کی اسمگلنگ پر سنائی جاتی ہے۔
اب ججز کی جانب سے ان جرائم کے مقدمات میں سزائے موت سے ہٹ کر بھی دیگر مناسب سزاؤں کا فیصلہ کیا جاسکے گا۔
ملائیشین وزیر قانون وان جنیدی توانکو جعفر نے ایک بیان میں بتایا کہ ماہرین کی رپورٹ میں متبادل سزائیں تجویز کی گئی تھیں اور ان کا جائزہ لینے کے بعد حکومت نے لازمی سزائے موت والے 11 جرائم کے لیے متبادل سزاؤں پر غور کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تمام تر جائزوں سے ثابت ہوا کہ حکومت کو تمام فریقین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا چاہیے اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے لازمی سزائے موت پر نظرثانی کا فیصلہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ ملائیشیا میں سزائے موت کو ختم کرنے کا اعلان اکتوبر 2018 میں بھی ہوا تھا مگر اس کی منظوری سے قبل ہی حکومت ختم ہوگئی تھی۔
اس وقت ملائیشیا میں 1300 سے زیادہ افراد کو سزائے موت دی جانی ہے جن میں سے بیشتر منشیات کی اسمگلنگ کے جرم میں گرفتار ہوئے۔
اقوام متحدہ کے ماہرین کی جانب سے رکن ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ سزائے موت بہت زیادہ سنگین جرائم پر ہی دی جانی چاہیے۔
مگر ملائیشین وزیر قانون کے بیان میں یہ نہیں بتایا کہ کب تک سزائے موت کے خاتمے پر عملدرآمد شروع ہوگا یا اس کے متبادل کیا سزائیں دی جائیں گی۔

عامر لیاقت کی وفات پر سابقہ اہلیہ طوبیٰ انور کا ردعمل بھی سامنے آگیا

کراچی: (ویب ڈیسک)
رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی دوسری سابقہ اہلیہ طوبیٰ انور نے بھی ان کی وفات پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
طوبیٰ انور نے انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے عامر لیاقت کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا اور لکھا کہ ’اپنی زندگی کے دوران عامر لیاقت نے بہت سی زندگیوں کو متاثر کیا، میری دعا ہے کہ عامر لیاقت حسین کی آگے کی زندگی آسان ہو۔
طوبیٰ نے اپنی اسٹوری میں درخواست کی کہ ’میری سب سے درخواست ہے کہ خدارا جن کا نقصان ہوا ہے اُن کی نجی زندگی کا احترام کرتے ہوئے انھیں تھوڑی پرائیویسی دیں‘۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عامر لیاقت کی پہلی سابقہ اہلیہ سیدہ بشریٰ اقبال اور تیسری اہلیہ دانیہ ملک کا ردعمل بھی سامنے آچکا ہے جس میں دونوں خواتین نے ان کی موت پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔عامر لیاقت نے تین شادیاں کیں، ان کی پہلی اہلیہ سیدہ بشریٰ تھیں جن سے ان کے دو بچے ہیں جن میں ایک بیٹا احمد اور بیٹی دعا شامل ہیں تاہم 2020 میں بشریٰ نے عامر لیاقت سے علیحدگی کی تصدیق کر دی تھی۔
عامر لیاقت نے دوسری شادی کی تصدیق دسمبر 2018 میں کی تھی، ان کی دوسری شادی طوبیٰ انور سے ہوئی لیکن یہ شادی بھی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور طوبیٰ نے بھی فروری 2022 میں عامر لیاقت سے علیحدگی کی تصدیق کر دی۔
فروری 2022 میں عامر لیاقت نے تیسری شادی دانیہ شاہ سے کی لیکن 3 ماہ بعد دانیہ نے تنسیخ نکاح کا دعویٰ دائر کر دیا۔

میٹرو بس کی روات اور بارہ کہو تک توسیع، اربوں رقم مختص

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد راولپنڈی کے شہریوں کیلئے خوشخبری، راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس کی روات اور بارہ کہو تک توسیع کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وفاقی حکومت نے بارہ کہو اور روات میٹرو بس منصوبے کیلئے رقم بھی مختص کردی، بارہ کہو فیض آباد میٹرو بس کیلئے بجٹ میں 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
روات فیض آباد میٹرو بس منصوبے کیلئے ایک ارب روپے جبکہ بارہ کہو فیض آباد میٹرو سروس پر 10 ارب روپے لاگت آئے گی۔ روات سے فیض آباد میٹرو بس منصوبے پر بھی 10 ارب روپے لاگت آئے گی۔
نیو اسلام آباد میٹرو بس آپریشنز اور منٹینس کیلئے 350 ملین مختص کیے گئے ہیں۔

ڈاکٹر عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کے معاملے پر اہلخانہ کا عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

کراچی: (ویب ڈیسک) ڈاکٹر عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کے معاملے پر ان کے اہلخانہ نے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت کے اہلخانہ سٹی کورٹ روانہ ہو گئے، ورثا کا موقف ہے کہ بچے اپنے والد کا پوسٹمارٹم نہیں کروانا چاہتے تاہم پولیس کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے انتقال کے معاملے کی حساسیت کے پیش نظر پوسٹمارٹم کروانا ضروری ہے۔
دوسری جانب پولیس افسران بھی عدالت روانہ ہو گئے، ان کا کہنا تھا کہ عدالت کو صورتحال سے آگاہ کریں گے، اگر عدالت نے اجازت دی تو میت ورثا کے حوالے کر دیں گے۔
واضح رہے کہ معروف ٹی وی میزبان اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت گذشتہ روز کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔

تحریک انصاف کے 14رہنماؤں کی عبوری ضمانتیں 17 جون تک منظور

لاہور: (ویب ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ ،سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اورپولیس پر تشدد کرنے کے کیس میں تحریک انصاف کی ڈاکٹر یاسمین راشد ، شفقت محمود اور اسلم اقبال سمیت14 رہنماؤں کی عبوری ضمانتیں 17 جون تک منظور کر لیں۔
سماعت کے دوران ملزمان کے وکیل برہان معظم ملک نے عدالت میں دلائل دیے، ملزمان پی ٹی آئی رہنما جمشید اقبال چیمہ ، حماد اظہر ،ڈاکٹر یاسمین راشد ، شفقت محمود نے عبوری ضمانتیں دائر کیں۔ پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری ، میاں محمود الرشید ،میاں اسلم اقبال ، زبیر نیازی ،ندیم عباس بارا سمیت 14 رہنماؤں نے ضمانتیں دائر کیں۔
پی ٹی آئی رہنماوں نے تھانہ شاہدرہ اور گلبرگ میں درج مقدمہ میں ضمانتیں دائر کیں، انسداد دھشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے ضمانتوں پر سماعت کی ۔

پی ٹی آئی دھرنے سے متعلق آئی جی اسلام آباد نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروادی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئی جی اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف دھرنے سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد کی جانب سے جمع کروائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے اسلام آباد انتظامیہ کو 23 مئی کو سرینگر ہائی وی پر احتجاج کی درخوست دی تھی جس پر اسلام آباد انتظامیہ نے سپریم کورٹ کے فیصلہ پر من و عمل کیا اور پولیس، رینجرز اور ایف سی کو مظاہرین کے خلاف ایکشن سے روک دیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے ریڈ زون جانے والے راستے بند کر دیے گئے تھے لیکن مظاہرین کے گروپ نے ڈی چوک کی جانب جانا شروع ہو گئے جہاں مظاہرین نے درختوں کو جلایا جبکہ پارٹی مشتعل افراد کو قیادت کی جانب سے رکاوٹیں ہٹانے اور پولیس کے ساتھ مزاحمت کی ترغیب دی گئی جس میں بیشتر مظاہرین مسلح تھے۔
آئی جی کی عدالت میں جمع کروائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مظاہرین نے پولیس اور رینجرز پر پتھراؤ بھی کیا جبکہ پولیس اہلکاروں پر گاڑیاں چڑھائی گئیں اور کنٹینرز ہٹانے کے لیے بھاری مشینری کا استعمال بھی کیا گیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل، سیف نیازی، زرتاج گل اور دیگر کی قیادت میں 2 ہزار مظاہرین ریڈ زون کی رکاوٹیں ہٹانے کی متعدد کوششیں کرتے رہے اور ریڈ زون میں داخل ہوئے جنہیں منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا۔
آئی جی نے رپورٹ میں بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے سوشل میڈیا اور میڈیا پر اعلانات کیے گئے کہ مظاہرین ریڈ زون سے دور رہیں لیکن اسکے باوجود اعلیٰ قیادت نے کارکنان کو اکسایا، پولیس و انتظامیہ کی جانب سے ریڈ زون میں داخلے کی کوششوں کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے گئے تھے۔
پیش کردہ رپورٹ میں اس بات کا بھی انکشاف ہوا کہ مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کے باعث 23 سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے تاہم اسکے باوجود طاقت کے استعمال سے پر حد تک گریز کیا اور خدشات بڑھنے پر آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو طلب کیا گیا۔

پنجاب کا بجٹ اجلاس 13 جون کو دن 2 بجے طلب، گورنرپنجاب نے منظوری دیدی

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی کے جاری 40 ویں سیشن کو ہی بجٹ اجلاس میں تبدیل کر دیا گیا، پنجاب کا بجٹ اجلاس 13 جون کو دو بجے ہو گا، گورنر پنجاب نے منظوری دیدی۔
آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرنے کے لئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے حکومت پنجاب کی سمری کی منظوری دیدی ہے، جاری 40 ویں سیشن کو ہی بجٹ اجلاس میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور آئندہ مالی سا ل کا بجٹ اجلاس 13 جون کو 2 بجے دن طلب کیا گیا ہے۔
طلب کردہ اجلاس میں آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش اور منظور کروایا جائے گا، اسمبلی سیکرٹریٹ نے گورنر کی جانب سے اجلاس طلب کرنے کی سمری کی منظوری کی تصدیق کردی ہے۔

موجودہ حکمران ملک کو فاشسٹ پولیس ریاست بنانا چاہتے ہیں: حماد اظہر

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف پنجاب کے جنرل سیکرٹری حماد اظہر نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران ملک کو فاشسٹ پولیس ریاست بنانا چاہتے ہیں۔
رہنما تحریک انصاف حماد اظہر نے اپنے ردعمل میں کہا کہ انتقال یا قتل مقصود چپراسی کا ہوا لیکن جس کو فائدہ ہوا اس سانحہ سے، اُسی نے توجہ ہٹانے کے لئے دہشت گردی کے پرچوں میں تحریک انصاف کی قیادت کو آج نامزد کر دیا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔

غریب عوام کو ایک اور جھٹکا، گھی، کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 25 روپے اضافہ

لاہور : (ویب ڈیسک) حکومت نے غریب، مہنگائی کی ستائی عوام کو ایک اور جھٹکا دیدیا، لاہورمیں درجہ اول کا گھی اورکوکنگ آئل مزید مہنگا ہوگیا۔
درجہ اول کا گھی 25 روپے کلو، کوکنگ آئل 25 روپے فی لٹر مہنگا ہوا ہے، گھی کی قیمت 555 سے بڑھ کر 580 روپے کلو ہوگئی جبکہ خوردنی تیل کی قیمت 565 سے بڑھ کر 590 روپے فی لٹر تک پہنچ گئی ہے۔
خوردنی تیل اور گھی بنانے والے کمپنیوں کی جانب سےنئی قیمتوں کا اطلاق کر دیا گیا۔