All posts by Khabrain News

ملک بھرمیں آج موسم خشک اور سرد رہے گا، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

لاہور: (ویب ڈیسک) موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج ملک بھرمیں موسم خشک اور سردرہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج ملک بھرمیں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، گلگت بلتستان کے علاوہ سکردو ، استور، ہنزہ، خیبرپختونخوا میں چترال اور دیگر بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرداورخشک جبکہ شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہے گا۔محکہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2ڈگری سینٹی گریڈ ،قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی ایک، گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت11،سبی میں کم سے کم درجہ حرارت7،نوکنڈی میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5ڈگری سینٹی ریکارڈریکارڈ کیا گیا۔

روس کے ساتھ کشیدگی کے بعد چین کا بھی امریکا کو جنگی تصادم کا انتباہ

بیجنگ: (ویب ڈیسک) روس کے ساتھ کشیدگی کے بعد چین نے بھی امریکا کو ممکنہ جنگی تصادم کی وارننگ جاری کردی۔
امریکا میں چین کے سفیر کن گانگ نے ایک انٹرویو میں کہا اگر امریکا اسی طرح تائیوان کو چین سے آزاد ی کے لئے اکساتا رہے گا تو بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان عسکری تصادم ہو سکتا ہے، آبنائے تائیوان کے دونوں اطراف پر بسنے والے چینی باشندے ہیں، چین تائیوان کے دوبارہ الحاق کے لئے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔
واضح رہے کہ یوکرین کے محاذ پر روس اور امریکہ پہلے ہی آمنے سامنے ہیں اور جنگی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ امریکہ کے ساتھ ساتھ نیٹو بھی روس کیخلاف صف آرا ہوتا نظر آتا ہے۔ اب چین کی جانب سے امریکہ کو تائیوان کے معاملے میں مداخلت سے روکنے کیلئے جنگ کی دھمکی صدر جوبائیڈن کو دیگر خطوں میں مداخلت کی پالیسی پر ازسر نو غور کرنے کی ترغیب دلا رہی ہے جو پرامن بقائے باہمی کا رہنما اصول ہے۔

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں سالانہ گرے ہاونڈز ریسنگ ٹورنامنٹ کا انعقاد

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) ریس کورس زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں سالانہ گرے ہاونڈز ریسنگ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، کنٹری بریڈ اور امپورٹڈ گرے ہاونڈز نے ریس میں حصہ لیا۔
سالانہ گرے ہاونڈز ریس میں ملک بھر سے گرے ہاونڈز مالکان اپنے شکاری کتوں کو لے کر پہنچے، مصنوعی خرگوش پر برق رفتاری سے لپکتے گرے ہاونڈز کو اختتامی لائن کی جانب بڑھتے دیکھ کر شائقین کے دلوں کی دھڑکنیں بھی تیز ہو گئیں۔ گرے ہاونڈز مالکان کا کہنا تھا کہ یہ صدیوں پرانا شوق ہے پاکستان میں مختلف ممالک سے گرے ہاونڈز منگواکر ریس کروائی جاتی ہے۔
گرے ہاونڈز ریس کے مہمان خصوصی سیکرٹری صوبائی محتسب آصف اقبال چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اب یہ شوق ترویج پارہا ہے جو خوش آئند ہے۔
ڈوری کی مدد سے مصنوعی خرگوش کو جب دوڑایا جاتا ہے تو پیچھا کرتے گرے ہاونڈز بھی ہوا سے باتیں کرنے لگتے ہیں۔

کراچی: پانی کے ٹینک میں گیس بھرجانے سے زور دار دھماکا، 6 افراد شدید زخمی

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے سچل غازی گوٹھ میں واقع گھر میں پانی کے ٹینک میں گیس بھرجانے سے دھماکا ہو گیا جس کے نتیجے میں 6 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
بتایا گیا ہے کہ ایک شخص ٹینک کی صفائی کرنے اترا تو اندھیرے کے سبب ماچس جلائی، ٹینک میں گیس بھری ہونے کے سبب زوردار دھماکا ہوا جس کے باعث 6 افراد زخمی ہو گئے ایدھی ذرائع کے مطابق 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سچل پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ ریسکیو عملے کو بھی طلب کر لیا گیا جس نے زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کا آج پشاور زلمی، کنگز کا قلندرز سے ٹاکرا، شائقین پرجوش

لاہور: (ویب ڈیسک) اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کی ٹیمیں آج کراچی میں آمنے سامنے ہوں گی، کراچی کنگز رات ساڑھے 7 بجے قلندرز سے مدمقابل ہوں گے۔
میچ دوپہر اڑھائی بجے شروع ہو گا۔ ایک اور ٹکر دار مقابلے کے لئے شائقین خوب پرجوش نظر آرہے ہیں، فتح یاب کون ہو گا دونوں ٹیموں کے سپورٹرز دعا گو ہیں تاہم میدان میں جو ٹیم بہتر کارکردگی دکھائے گی، جیت اس کا مقدر بنے گی۔ دوسرا میچ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے مابین رات ساڑھے 7 بجے کھیلا جائے گا۔
اُدھر پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز سب سے زیادہ مرتبہ دو سو رنز بنانے والی ٹیم بن گئی ہے، پی ایس ایل میں اب تک اٹھارہ مرتبہ ٹیمیں دو سو یا اس سے زائد رنز بناسکی ہیں۔لاہور قلندرز نے پانچ مرتبہ دوسو سے زائد رنز بنائے، پشاور زلمی چار مرتبہ یہ سنگ میل عبور کرچکی ہے ، ملتان سلطانز ،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تین، تین مرتبہ جبکہ اسلام آباد یونائٹیڈ نے دو بار دوسو سے زائد رنز بنائے، کراچی کنگز صرف ایک مرتبہ دو سو کا ہندسہ عبور کرسکی ہے۔

ملک میں کورونا کے وار جاری، 29افراد جاں بحق، 7 ہزار 978 نئے کیسز رپورٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک میں کورونا کے وار جاری ہیں، گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 29 افراد جاں بحق ہو گئے۔ این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 12 اعشاریہ چار چھ فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار 248 ہو گئی ہے۔ ملک میں 14لاکھ 18 ہزار گیارہ افراد کورونا سے متاثر ہوئے، 12لاکھ 88 ہزار 738 صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 7ہزار 978 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

آرمی چیف کا دورہ کیچ، سبدان ٹاپ کے شہدا کے عزم اور حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے ضلع کیچ کا دورہ کیا اور سبدان ٹاپ کے شہدا کے عزم اور حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تربت کا دورہ کیا اور پورا دن فوجی جوانوں کے ساتھ گزارا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دورہ تربت میں آرمی چیف کو ایف سی ہیڈ کوارٹر بلوچستان ساؤتھ میں سکیورٹی صورتحال پربریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف کو پاک ایران سرحد پرباڑکی تعمیر پر بھی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد بڑھانے کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھاکہ پائیدارامن اورخوشحالی کیلئے پاک فوج صوبائی حکومت کی مدد کرے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نےکیچ کابھی دورہ کیا اور فوجی جوانوں سے ملاقات کی۔
آرمی چیف نے سبدان ٹاپ کے شہدا کے عزم اور حوصلے کو خراج تحسین کیا اور کہا کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشت گردوں کوکیفرکردارتک پہنچایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھاکہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے اور بلوچستان کی ترقی ملک کی ترقی ہے، بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بلوچستان کے ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پردہشت گردوں کے حملے میں 10 اہلکار شہید ہوئے تھے۔

آسٹریا کا کورونا پابندیوں میں نرمی کا اعلان

ویانا: (ویب ڈیسک) ویانا سے جاری بیان میں چانسلر کارل نے کہا کہ 5 فروری سے ریسٹورنٹس اور دکانیں زیادہ دیر تک کھلی رہیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ ہفتے سے ملک بھر میں تقریبات میں 25 کے بجائے 50 لوگوں کو شرکت کی اجازت ہوگی۔
آسٹریا کے چانسلر نے یہ بھی کہا کہ اگلے ہفتے سے غیر ویکسین شدہ افراد پر عائد پابندیوں میں بھی نرمی ہوگی۔
چانسلر کارل کا کہنا تھا کہ آسٹریا میں کورونا سے متاثرہ افراد کے اسپتالوں میں داخلے کی تعداد کم ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریا میں کورونا کیسز تعداد میں اضافہ ہورہا ہے تاہم اسپتال داخلوں میں کمی ہورہی ہے۔

پاکستانی سمندری حدود میں کارروائی، 7 بھارتی ماہی گیر گرفتار، ایک لانچ ضبط

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے) نے پاکستانی سمندری حدود کی خلاف ورزی اور غیر قانونی طور پر مچھلیاں پکڑنے کے الزام میں بھارت کے 7 ماہی گیروں کو گرفتار کرکے ان کی ایک لانچ کو قبضے میں لے لیا۔
ادارے کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ کے مطابق پی ایم ایس اے کے جہاز نے پاکستان کے خصوصی اقتصادی زون میں غیر قانونی شکار میں مصروف بھارتی ماہی گیروں کی لانچ ’تلسی مایا‘ کے خلاف کارروائی کی۔
پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے اہلکار پاکستان کے خصوصی اقتصادی زون میں معمول کے گشت پر تھے تاکہ اپنے ماہی گیروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے جبکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی غیر قانونی ماہی گیر شکار نہ کرے۔
ترجمان کے مطابق پی ایم ایس اے کے جہاز نے پاکستانی حدود کے اندر شکار کرنے والی بھارتی ماہی گیر لانچ کا مشاہدہ کیا اور اس کے 7 رکنی عملے کو خبردار کیا لیکن عملے نے کوئی جواب نہیں دیا اور غیر قانونی شکار جاری رکھا۔
پی ایم ایس اے کے جہاز کے قریب آنے کے بعد ہندوستانی ماہی گیر لانچ کے ناخدا نے جہاز کو مختلف سمتوں میں دوڑایا اور خطرناک حد تک جہاز کے قریب آگیا، اس کے باوجود پی ایم ایس اے کے جہاز نے کامیابی سے کشتی کا پیچھا کرتے ہوئے اسے پکڑ لیا۔
کشتی کو مزید قانونی کارروائی کیلئے کراچی پہنچایا جا رہا ہے کیونکہ یہ پاکستانی قانون اور اقوام متحدہ کے سمندری قانون کے کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔

ملکی ترقی کیلئے سی پیک ناگزیر ہے: وزیراعظم کا چینی اخبار میں مضمون

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں اس بات پرمکمل اتفاق ہے ملک کی قومی ترقی کے لیے سی پیک ناگزیرہے۔ عوام اور ریاستی ادارے سی پیک کو پاک چین دوستی میں رکاوٹیں ڈالنے والوں سے تحفظ فراہم کرنے اور ہمارے مفادات کو نقصان پہنچانے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہیں۔
چین کے اخبار گلوبل ٹائمز میں شائع ہونے والے اپنے ایک مضمون میں وزیراعظم نے لکھا کہ پاک چین شراکت داری بین الریاستی تعلقات میں بے مثال ہے، بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کے پرچم بردار منصوبہ کے طور پر پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) دونوں ممالک کے لیے بہت زیادہ اقتصادی اور تزویراتی اہمیت رکھتا ہے، پاکستان میں اس بات پرمکمل اتفاق ہے ملک کی قومی ترقی کے لیے سی پیک ناگزیرہے، ہماری حکومت سی پیک کو کو بی آرآئی کاایک اعلیٰ معیار کا مظہر منصوبہ بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے، پاکستان میں چینی عملے اور منصوبوں کی حفاظت اور تحفظ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں، ملکی عوام اور ریاستی ادارے سی پیک کو پاک چین دوستی میں رکاوٹیں ڈالنے والوں سے تحفظ فراہم کرنے اور ہمارے مفادات کو نقصان پہنچانے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہیں، یقین ہے ہمارے لوگوں کے درمیان روابط مزید گہرے ہوں گے اور ہماری دوستی کی بہترین روایات ہماری آنے والی نسلوں تک منتقل ہوں گی ۔
انہوں نے لکھا کہ ہمارے روابط عالمی و علاقائی پیش ہائے رفت کے اتار و چڑھائو سے قطع نظر آزمودہ اور ہمہ وقت ہیں۔ گزشتہ برس ہمارے سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ منانے کے لئے عظیم الشان تقریبات نے ہماری دوستی کو نئی قوت اور ولولہ بخشا ہے۔ پاکستان میں ہمارے لئے چین کے ساتھ تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہیں جسے ہمہ جہت سیاسی حمایت حاصل ہے اور میں یہ بات پورے اعتماد سے کہہ سکتا ہوں ہماری عوام اس دوستی کی حقیقی قدر کا بھرپور ادراک رکھتے ہیں اور اس کے مزید فروغ کے لئے جذبے سے اپنا کردار ادا کرتے ہیں، اس دوستی کی گہرائی اور استحکام کے اظہار کے حوالے سے کی خصوصی ضرب المثل وضع کیے گئے۔
وزیراعظم نے لکھا کہ وہ آئندہ چند دنوں میں سرمائی اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے بیجنگ کا دورہ کریں گے۔ خود ایک کھلاڑی ہونے کے ناطے وہ اس جذبے کو سمجھ سکتے ہیں جو ایک قوم میں اولمپکس کی طرح کے کھیلوں کے مقابلے سے پیدا ہوتاہے، میں سمجھتا ہوں کہ کھیلیں یکجہتی کا عنصر ہوتی ہیں اور یہ سیاست سے بالا تر ہونا چاہئیں۔
وزیراعظم نے اس بڑے ایونٹ کی میزبانی پر چین کی قیادت اور عوام کو مبارکباد دی اور تمام شرکاؤں کی صحت و تحفظ اور کامیاب کھیلوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اکتوبر 2019 میں ان کے آخری دورہ چین کے بعد سے کووڈ 19 کی عالمگیر وبا کی صورت میں سب سے بڑا عصری چیلنج سامنے آیا جس سے دنیا میں تبدیلی آئی ہے، یہ وبا انسانی زندگیوں اور معاش پر منفی اثر ڈال رہا ہے۔ ماحولیاتی تبدیلی ایک اور عفریت ہے جس کا ہمیں سامنا ہے، ماحولیاتی تبدیلی ان کامیابیوں میں خلل ڈالنے کی صلاحیت رکھتی ہے جو بنی نوع انسانیت نے آج تک حاصل کی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ جغرافیائی سیاست کی ضروریات نے ہمارے خطے میں نئی صف بندیوں کو جنم دیا جو بہت سے لوگوں کے لیے گزشتہ صدی کے نظریاتی محاذآرائی کی یاد دلاتا ہے۔ افغانستان گزشتہ 20 سالوں سے عدم استحکام اور انتشار کا شکار تھا اور خطے میں امن کی واپسی کی امید کے ساتھ اس عدم استحکام اورانتشارکے خاتمہ کا وقت قریب آچکا ہے۔افغانستان میں معاشی بدحالی اور انسانی بحران کے سدباب کیلئے بین الاقوامی برادری کا متحرک کردار اورشمولیت ضروری ہے ۔
وزیراعظم نے کہاکہ موجودہ چیلنجز خواہ کتنے بڑے کیوں نہ ہوں ہمارے خطے اور اس سے باہر امن اور خوشحالی کے لیے بوجوہ تکثریت اور بین الاقوامی تعاون کے متقاضی ہے جیسا کہ صدر شی جن پنگ نے عالمی اقتصادی فورم سے اپنے حالیہ خطاب میں مناسب طور پر ذکر کیا ہے کہ عالمی بحران کے بڑھتے ہوئے طوفانوں کے درمیان ممالک 190 چھوٹی کشتیوں میں الگ الگ سوار نہیں بلکہ سب ایک بڑے جہاز کے سوار ہیں جس پر ہماری مشترکہ تقدیربھی ہے۔
عمران خان نے لکھا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے پاکستان اور چین نے ماضی میں مشترکہ طور پر ایسی عہد ساز تبدیلیوں کو عبور کیا اور اس میں کامیاب رہے۔ دونوں ممالک نے بنیادی قومی مفادات کے امور پر ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ ہمارا مشترکہ وژن ہے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن خطے میں تزویراتی توازن کو برقرار رکھنے پر منحصر ہے، سرحدوں سے متعلق امور، مسئلہ کشمیر جیسے تمام تصفیہ طلب مسائل کومذاکرات وسفارتکاری اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں واقدار کے مطابق حل کرنا چاہئیے ۔
وزیراعظم نے لکھا کہ کووڈ 19 کی عالمگیروبا کے خلاف دوطرفہ تعاون نے پاک چین مضبوط دوستی کو مزید تقویت دی ہے۔ آہنی بھائی ہونے کے ناطے پاکستان عالمگیروبا کے پھوٹنے کے بعد چین کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہا۔ صدر عارف علوی کے بیجنگ کے یکجہتی دورے سے لے کر چین کی جانب سے وبا سے نمٹنے کیلئے اشیاء سے لدھے 60 سے زائد طیاروں کی پاکستان روانگی تک باہمی تعاون اور خیر سگالی کی روشن مثال سامنے آئی ہے۔ چینی ویکسین اب پاکستان میں جاری بڑے پیمانے پر ویکسینیشن مہم کا بنیادی مرکز بن چکی ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ پائیدار اورمضبوط پائیدار ترقی کے لیے پاکستان نئی راہوں کا تعین اور جغرافیائی واقتصادی (جیواکنامکس) مرکز کے طور پر اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی کوششیں کر رہا ہے۔ پاکستان کی نئی قومی سلامتی کی پالیسی میں ہماری حکومت کے عوام کی خوشحالی، بنیادی حقوق اور سماجی انصاف کو یقینی بنانے کے نقطہ نظرپرتوجہ مرکوزکی گئی ہے، ان اہداف کے حصول کیلئے ہم چین کی کامیابیوں سے رہنمائی حاصل کررہے ہیں خواہ وہ 80 کروڑ لوگوں کو کو مکمل غربت سے باہر نکالنا ہو یا عالمگیروبا کے خلاف عوام کی جنگ میں فتح ہوں ۔ دوست، پڑوسی اور شراکت دار ملک کے طور پر چین کے لوگوں، کاروباری اداروں اور کاروباری شخصیات کو پیش کرنے کے لیے پاکستان کے پاس بہت کچھ ہے
چینی سرمایہ کاروں اورعوام کو مخاطب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان بھرپور تاریخ، ثقافتی تنوع اور شاندار مناظر کا حامل ملک ہیں۔22 کروڑ آبادی، نوجوان اور ہنر مند افرادی قوت، سٹریٹجک محل وقوع، سرمایہ کاری کیلئے سازگارودوستانہ ماحول اور چینی عوام کے لیے گرمجوشی کے جذبات کے ساتھ پاکستان آپ کو آپ کی اگلی سرمایہ کاری اور اگلے تفریحی سفر کے لیے خوش آمدید کہتا ہے۔ چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت دار ملک بن گیا ہے۔ 2021 میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت تاریخی سطح پر پہنچ گئی۔ کئی چینی کاروباری اداروں نے پاکستان میں مضبوط موجودگی قائم کرلی ہے جو ہماری سماجی اور اقتصادی ترقی میں اپنا کرداراداکررہے ہیں ۔ چین پاکستان کے لائیو سٹاک اور زرعی مصنوعات کی ایک بڑی منڈی بن سکتا ہے۔ اسی طرح پاکستان صنعت کاری، زراعت میں جدت ، ای کامرس اور ڈیجیٹل فنانس میں چینی مہارت سے استفادہ کرسکتاہے ۔
عمران خان نے لکھا کہ پاکستان صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کے ابتدائی شرکاء میں سے ایک ہے۔ بیلٹ اینڈ روڈ اقدام( بی آر آئی) کے پرچم بردار منصوبہ کے طور پر پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) دونوں ممالک کے لیے بہت زیادہ اقتصادی اور تزویراتی اہمیت رکھتا ہے۔ پاکستان میں اس بات پرمکمل اتفاق ہے کہ ملک کی قومی ترقی کے لیے سی پیک ناگزیرہے ۔ ہماری حکومت سی پیک کو کو بی آرآئی کاایک اعلیٰ معیار کا مظہر منصوبہ بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ سی پیک پاکستان کے توانائی کے دیرینہ بحران سے نمٹنے اوربنیادی ڈھانچہ کی ترقی کے ذریعے رابطوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان گوادر کی بندرگاہ اور خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی پر بھی تیزی سے پیش رفت کررہاہے جس سے پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا۔
وزیراعظم نے کہاکہ ترقی کی کوئی بھی مقدار اس وقت تک کوئی معنی نہیں رکھتی جب تک اس کے ثمرات معاشرے کے معاشی طور پسماندہ طبقے تک نہ پہنچ جائیں، اس لیے غربت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا اور پاکستانی عوام کو اپنی قسمت کا مالک بننے کے لیے بااختیار بنانا میراوژن ہے، اسی تناظرمیں سی پیک کے دوسرے مرحلہ کو روزگار کی تخلیق، صنعتی جدید کاری، معاش میں بہتری، دیہی علاقوں اور سماجی و اقتصادی ترقی اور غربت کے خاتمے کے لیے ترتیب دیا گیاہے ۔ ان منصوبوں کوتقویت دینے کیلئے ہماری حکومت نے “احساس” پروگرام شروع کیاہے جوتخفیت غربت اور سماجی اٹھان کے لیے بڑا سماجی تحفظ کا نیٹ ورک ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ پاکستان میں چینی عملے اور منصوبوں کی حفاظت اور تحفظ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں ۔پاکستان کے عوام اور ریاستی ادارے سی پیک کو پاک چین دوستی میں رکاوٹیں ڈالنے والوں سے تحفظ فراہم کرنےاور ہمارے مفادات کو نقصان پہنچانے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہیں۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ چین موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کو کم کرنے اور فطرت کو اس کی اصلی خوبصورتی میں بحال کرنے میں قائدانہ کرداراداکررہاہے ۔ ہم چین کے ساتھ ملکر موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور مشترکہ لیکن مختلف ذمہ داری کے اصول کی بنیاد پر مستقبل میں پیش رفت کے منتظر ہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ ان کا سرسبز وشاداب پاکستان اورچین کے صدر شی جن پنگ کا “خوشحال، صاف اور خوبصورت دنیا” کا وژن ایک جیساہے ۔ پاکستان جنگلات کووسعت دینے اورجنگلات کی بحالی کیلئے دنیا کی سب سے پرجوش کوششوں میں سے 10 بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کے ایک حصے کے طور پر ایک ارب درخت لگا چکا ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ ڈیجیٹل دور میں جدت، اختراع اور ٹیکنالوجی پائیدار اور مضبوط وتیزتر ترقی کی بنیادی گاڑی کے طور پر کام کرتی ہے، پاکستان چین کے ساتھ کوانٹم کمپیوٹنگ، روبوٹکس، مصنوعی ذہانت، کلائوڈ اور بگ ڈیٹا میں دوطرفہ استفادہ پرمبنی تعاون کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔ شی جن پنگ کی جانب سے پیش کردہ گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
وزیراعظم نے کہاکہ گزشتہ چندسالوں میں دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان رابطوں میں اضافہ ہمارے دوطرفہ تعلقات کے سب سے زیادہ امید افزا اور یقین دہانی کرنے والے پہلوئوں میں سے ایک ہے۔ دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت میں گرمجوشی ہمارے عوام کے درمیان محبت اور بھائی چارے کے جذبات کی آئینہ دار ہے۔ دونوں ممالک کے 40 سے زائد صوبے اور شہر جڑواں قراردئیے گئے ہیں، یقین ہے ہمارے لوگوں کے درمیان روابط مزید گہرے ہوں گے، اور ہماری دوستی کی بہترین روایات ہماری آنے والی نسلوں تک منتقل ہوں گی ۔ خوشی ہے چینی عوام صدر شی جن پنگ اور چین کی کمیونسٹ پارٹی کی قابل قیادت کی رہنمائی میں عظیم قومی تجدید کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے لکھا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے وہ اس بات کا اعادہ کرنا چاہتے ہیں پاکستان کی صورت میں چین کو ہمیشہ ایسا قابل اعتماد دوست ملے گا جو نہ صرف امن اور خوشحالی کی لہروں بلکہ چیلنجوں کے بڑھتے ہوئے طوفانوں میں بھی اس کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
وزیراعظم نے چین کی قیادت اورعوام کو شیر کے سال اور بہار کے تہوار کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ انہیں امید ہے کہ پاک چین دوستی کا مقدس شعلہ پائیدار چمک اور گرمجوشی کے ساتھ چمکتا رہے گا۔ پاک چین دوستی زندہ باد!