All posts by Khabrain News

وزیراعظم شہباز شریف کا عربی زبان میں ٹوئٹر اکاؤنٹ فعال کردیا گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کا عربی زبان میں ٹوئٹر اکاؤنٹ فعال کردیا گیا۔
وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ابو بکر عمر کے مطابق وزیراعظم پاکستان کا عربی زبان میں ٹوئٹر اکاؤنٹ فعال کرنے کا مقصد عرب عوام اور ممالک کے ساتھ تعلقات اور روابط کو مضبوط بنانا ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنی آفیشل اکاؤنٹ سے عربی زبان میں ٹوئٹ کرتے رہے ہیں۔

تین یورپی ممالک نے روسی وزیر خارجہ کو فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا

لندن: (ویب ڈیسک) تین یورپی ممالک نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کو فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا۔
برطانوی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ت بلغاریہ،شمالی مقدونیہ اور مونٹی نیگرو نے روسی سرکاری طیارے کو اپنی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت نہیں دی۔
روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف اور دیگر روسی حکام کو آج سربیا کے دارالحکومت بلغراد پہنچنا تھا۔
دوسری جانب روس نے مشرقی یورپی ممالک کے اقدام کو دشمنی کی کارروائی قرار دیا ہے۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کا کہنا ہے کہ سربیا کے پڑوسی ممالک کا اقدام غیر معمولی ہے، ان ممالک کو اس کی وضاحت دینی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ وہ اب اپنے سربیا کے ہم منصب کو ماسکو آنے کی دعوت دیں گے، اصل بات یہ ہے کہ کوئی بھی سربیا کے ساتھ ہمارے تعلقات کو خراب نہیں کر سکے گا۔

عراق: نواردات کی اسمگلنگ کے جرم میں برطانوی شہری کو 15 سال قید

بغداد: (ویب ڈیسک) عراق کی عدالت نے ایک 66 سالہ برطانوی شہری کو نوادرات ملک سے باہر اسمگل کرنے کے الزام میں 15 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق جِم فٹن اور ایک جرمن شہری وولکر والڈمین کو 20 مارچ کو بغداد کے ہوائی اڈے پر اُس وقت گرفتار کیا گیا جب ایئرپورٹ سکیورٹی نے ان کے سامان میں نواردات دریافت کیں۔ دونوں افراد ملک کے قدیم مقامات سے متلق سیاحتی مہم کا حصہ رہے تھے۔
علاوہ ازیں وولکر اور جِم کے ٹور گائیڈ کو بھی گرفتار کیا گیا جو کہ خود بھی 80 سالہ برطانوی شہری تھے۔ ٹور گائیڈ کے پاس سے نواردات کے 20 نمونے برآمد ہوئے تاہم بیماریوں میں مبتلا ٹور گائیڈ پولیس کی تحویل کے دوران ہی انتقال کرگئے۔
جِم فٹن کے وکیل دفاع نے عدالتی فیصلے پر موقف اپنایا کہ 66 سالہ جم فٹن کا کوئی مجرمانہ ارادہ نہیں تھا۔
فٹن کے وکیل طاہر سعود نے کہا کہ مجھے تو لگتا تھا کہ جم فٹن کو اس غلطی پر حد سے حد معطلی کے ساتھ ایک سال کی سزا ہوگی۔

میوزک ٹیچر نے تُرم بون بجا کر خطرناک ریچھ کو اسکول سے دور بھگادیا

کینیڈا: (ویب ڈیسک) کینیڈا میں ایک میوزک ٹیچر نے تُرم بون بجا کر خطرناک ریچھ کو اسکول سے دور بھگادیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا کے علاقے شونیگن میں ایک میوزک ٹیچر نے اسکول کے باہر ایک خطرناک ریچھ کو گھومتے ہوئے دیکھا، ٹیچر کا اندازہ تھا کہ یہ ریچھ اسکول میں داخل ہوگا اور طلبہ سمیت تمام عملے کے لیے خطرناک ثابت ہوگا۔
تاہم انہوں نے دماغ کا بروقت استعمال کیا اور اپنی کلاس میں موجود تُرم بون بجا کر ریچھ کو اسکول سے دور بھگا دیا۔
میوزک ٹیچر ٹرسٹن کلازن کا کہنا ہے کہ مجھے اسکول کے باہر کچرے کے ڈبے کے ارد گرد ایک ریچھ کی موجودگی کی اطلاع ملی تاہم اس سے پہلے ہر ایک نے دروازہ پیٹ کر ریچھ کو ڈرانے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہ ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے میں نے سوچا کہ میں ریچھ کو اپنے طریقے سے بھگا سکتا ہوں اس لیے میں اندر گیا اور تُرم بون بجانا شروع کردیا۔
بعد ازاں ریچھ تُرم بون کی آواز سن کر ڈر کر بھاگ گیا۔

شاہ رُخ خان کے ہم پلہ قرار دیئے جانے پر کارتک آریان نے کیا کہا؟

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے نئے ابھرتے سُپر اسٹار کارتک آریان کو اب (بالی ووڈ کے) کِنگ کا خطاب دیا جا رہا ہے۔
بھول بھولیا 2 کے ہیرو کارتک آریان کا موازنہ شاہ رخ خان سے کیا جارہا ہے اور اس پر انہیں کنگ قرار دیا جارہا ہے۔ اپنی فلم بھول بھولیا 2 کی زبردست کامیابی کے بعد تمام محبت اور شہرت سے لطف اندوز ہونے والے اداکار نے شاہ رخ خان کے ساتھ موازنہ کیے جانے پر حال ہی میں تبصرہ کیا ہے۔
ایک شو میں میزبان سدھارتھ کنن کے ساتھ بات چیت میں کارتک آریان سے بالی ووڈ کا نیا کنگ کہلائے جانے پر سوال کیا گیا جس پر انہوں نے کہا کہ جب بھی مجھے یہ خطابات ملتے ہیں یقیناً مجھے اچھا لگتا ہے لیکن مجھے نہیں لگتا کہ میں بادشاہ کی اصطلاح کو قبول کرنا چاہوں گا۔ مجھے ابھی بہت طویل سفر طے کرنا ہے، اس لیے ایسا کہنا قبل از وقت ہے۔
اداکار نے اس خطاب کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ شاید میں (بالی ووڈ کے) شہزادے کا خطاب قبول کرلوں۔ میں تمام محبتوں سے خوش ہوں۔ جب ہجوم ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے منتظر ہوتا ہے تو وہ بہت خوش قسمت محسوس کرتے ہیں اور یہ احساس کسی بھی خطاب سے بڑھ کر ہے۔

وزیراعظم سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات، سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقات ہوئی ہے جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں وفاقی بجٹ ، ترقیاتی منصوبوں،قانون سازی اور دیگر امور پر بھی بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان کو عمرے کی ادائیگی پر مبارکباد بھی دی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان نے مہنگائی کو کنٹرول کرنے سے متعلق حکومت کو تجاویز پیش کی تھیں۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تجاویز دیتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی، صوبائی وزرا، مشیر، معاونین اور سرکاری افسران کو مراعات میں 50 فیصد کمی کرنی ہو گی اور اس کے علاوہ گریڈ 19 سے اوپر کے بیوروکریٹس کو بھی مراعات میں 50 فیصد کمی کرنی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صوتحال گزشتہ حکومت کے غلط فیصلوں کا نتیجہ ہے، اسی لیے ججز، جرنیل اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں سمیت ہر طبقہ فکر کو قربانی دینی ہو گی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالا جا چکا ہے اب حکومت کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہو گی اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے سخت فیصلے کرنا مجبوری ہے۔

اجنبی کے مشورے نے خاتون کو 80 کروڑ سے زائد رقم کا مالک بنا دیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی خاتون اجنبی کے مشورے پر عمل کرکے چالیس لاکھ ڈالرز کی مالکن بن گئی۔
امریکی ریاست مچیگن سے تعلق رکھنے والی 54 سالہ خاتون پر قسمت ایسی مہربان ہوئی کہ ایک لمحے میں خاتون کروڑ پتی بن گئی۔
خوش نصیب خاتون نے میڈیا کو بتایا کہ وہ اپنے شوہر کے ہمراہ سفر کررہی تھی کہ راستے میں گیس بھروانے رکے، جب گاڑی میں گیس بھر گئی تو ہم رقم کی ادائیگی کےلیے کاؤنٹر پر گئے جہاں اچانک ایک شخص آیا کہا کہ 30 ڈالر والی مچیگن لاٹری خریدیں لازمی 4 ملین ڈالرز کا انعام جیتے گے۔
خاتون نے میڈیا کو بتایا کہ ہم نے کچھ دیر سوچا پھر اسکریچ آف ٹکٹ خرید کر گاڑی میں آئے اور ٹکٹ کو اسکریچ کیا تو دنگ رہ گئے کیوں کہ ہم حقیقت میں چالیس لاکھ ڈالرز جیت گئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون نے لاٹری ہیڈکوارٹر سے رابطہ کیا اور تمام ٹیکس کی کٹوتی کے بعد 25 لاکھ ڈالرز کی رقم یکمشت وصول کرلی۔

کراچی: کروڑوں روپے مالیت کی منشیات کی بڑی کھیپ پکڑی گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد علاقے موچکو حب ریور روڈ سے منشیات کی کروڑوں روپے مالیت کی بڑی کھیپ پکڑی گئی۔
ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جانوری کے مطابق منشیات ٹرک میں کوئٹہ اور کلات کے راستے کراچی لائی جارہی تھی، منشیات 109 کلو سے زائد ہے جسے کراچی کے مختلف ڈیلرز اور ڈانس پارٹیز میں فروخت کرنا تھا۔
کارروائی کے دوران ایک اہم ڈیلر احسان کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ٹرک ڈرائیور فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔

عمران خان کی گرفتاری پر ملک بھر میں فوری ردعمل دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی قیادت کو ممکنہ گرفتاری پر اعتماد میں لیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کسی صورت امپورٹڈ حکومت کے سامنے نہیں جھکیں گے اور ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق کورکمیٹی اجلاس میں عمران خان نے کہا کہ حکومت نے مجھےگرفتار کرنے کا پلان بنایا ہے اطلاع ملی اسلام آباد پہنچنے پر گرفتارکیا جائے گا امپورٹڈحکومت سمجھتی ہےمیں ایسےڈرجاؤں گا اب کسی صورت پیچھے نہیں ہٹوں گا۔
اجلاس میں عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کی صورت میں ملک بھر میں فوری ردعمل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ارکان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مقبول سیاسی جماعت کےلیڈرکی گرفتاری حکومت کی بڑی بیوقوفی ہو گی معاشی طور پرتباہی کی طرف جاتی حکومت مزیدتباہی کرےگی گرفتارکیاگیاتوملک مزیدمعاشی بدحالی کی طرف جائے گا۔
کورکمیٹی اجلاس کے بعد ملک بھر کی تنظیموں کو متحرک کر دیا گیا اسلام آباد:تمام تنظیمی کمیٹیاں کسی بھی کال کیلئے الرٹ پررہیں گی اور 7 دن کے اندر تنظیموں کی رپورٹ عمران خان کودی جائےگی۔
کور کمیٹی نے پنجاب کی 20 نشستوں پر الیکشن میں بھرپور تیاری سےلڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کامقابلہ میدان میں کریں گے۔

صدرمملکت نے وزارت تعلیم کو بیرونی امداد کے عدم استعمال پر نااہلی کا ذمہ دارٹھہرادیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی بچت کی درخواست پر فیصلے میں کہا ہے کہ بیرونی امداد کے عدم استعمال پر وزارت تعلیم مجرمانہ ضیاع اور نااہلی کا ذمہ دار ہے، رقم 6 سال تک غیر منافع بخش اکاؤنٹ میں پڑی رہی، کسی نے اس کی پروا نہیں کی۔
صدر عارف علوی نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف مرکزی ڈائریکٹوریٹ براۓ قومی بچت کی درخواست پر فیصلے میں مزید کہا ہے کہ رقم کے عدم استعمال سے ایک کروڑ 74 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، اصل رقم ایک کروڑ 37 لاکھ تھی،جرمنی کی حکومت نے 94-1993 میں ایک کروڑ 37 لاکھ روپے سے زائد کی رقم امداد کے طور پر دی تھی30 سال قبل سستی نصابی کتابوں کی طباعت کے لیے کاغذ کی خریداری کے لیے دی گئی رقم استعمال ہی نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا ہے کہ حکومت اپنی فوری ضروریات پورا کرنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر گرانٹس اور قرضے مانگ رہی ہے، وزارت تعلیم معاملے کی انکوائری کرے، ذمے داروں کا تعین کرے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرے،ریٹائرڈ اور فوت شدہ افراد پر ایسی انکوائریوں کا بوجھ ڈالنے سے باز رہتے ہوئے 45 دنوں کے اندر تعمیلی رپورٹ وفاقی محتسب کو جمع کرائی جائے۔
صدر پاکستان مزید کہا ہے کہ اگر آڈٹ میں نقصان کی نشاندہی نہ کی جاتی تو یہ نقصان اس سے بھی زیادہ ہوسکتا تھا، آڈٹ اعتراض کے جواب میں وزارت نے رقم واپس لی تو زکوٰۃ اور ود ہولڈنگ ٹیکس کی کٹوتی کا معاملہ سامنے آیا، مجرمانہ غفلت کی وجہ سے پاکستانی عوام منافع سے محروم ہو گئے، رقم کے صحیح استعمال سے منافع کمایا جاسکتا تھا۔
صدر مملکت نے وفاقی وزارت تعلیم کو استثنٰی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے ایف بی آر اور محکمہ زکوٰۃ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔