All posts by Khabrain News

عمران خان اسلام آباد واپس پہنچ گئے،پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس طلب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے تیرہ روزپشاورمیں قیام کےبعد اسلام آباد واپس پہنچ گئے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان ہیلی کاپٹر پر پشاور سے اسلام آباد پہنچے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان بھی ان کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے۔
عمران خان نے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس بھی اسلام آباد میں بلا لیا ۔ پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں لانگ مارچ کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں ۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کور کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔اجلاس میں ملک کے سیاسی اور معاشی حالات کا جائزہ لیا جائے گا۔
تحریک کی آنے والے دنوں میں حکمت عملی بھی طے کریں گے۔کور کمیٹی کے ارکان بنی گالہ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
یاد رہے کہ ممکنہ گرفتاری سے بچنے کیلیے عمران خان پشاور ہائیکورٹ سے 25 جون تک راہداری ضمانت حاصل کر چکے ہیں ۔
عمران خان 20 مئی کو ملتان جلسے کے بعد پشاور چلے گئے تھے ۔ 25مئی کو لانگ مارچ کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد آئے لیکن اس کے بعد پھر واپس پشاور چلے گئے تھے۔

رانا ثنا اللہ دھمکیاں دے رہے ہیں، شہباز گل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ دھمکیاں دے رہے ہیں کہ عمران خان اسلام آباد میں داخل ہو کر دکھائے۔
پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ انہوں نے عمران خان کو نواز شریف سمجھ رکھا ہے جو ڈر کر بھاگ جائے گا۔ عمران خان آج بنی گالہ میں 3 بجے کور کمیٹی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا جینا مرنا پاکستان میں ہے، عمران خان کو گرفتار کریں پھر انجام دیکھنا۔
واضح رہے کہ رانا ثنا اللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ عمران خان کی عبوری ضمانت ختم ہونے پر ان کی سیکیورٹی پر مامور اہلکار ہی انہیں گرفتار کر لیں گے۔

امریکی شہر فلاڈلفیا میں ہجوم پر فائرنگ ،3 افراد ہلاک

امریکہ : (ویب ڈیسک) امریکہ میں فائرنگ کا ایک اور واقع سامنے آگیا۔ فلاڈلفیا میں فائرنگ سے 3 افراد مارے گئے۔
امریکی شہر فلاڈلفیا میں حملہ آور نے ہجوم پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 افراد مارے گئے اور کم از کم 11 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ساؤتھ اسٹریٹ کے علاقے میں فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ پٹرولنگ افسران نے متعدد گولیاں چلنے کی آوازیں سنی اور اس علاقے میں پہنچے۔ جہاں انہوں نے “کئی فعال شوٹرز” کو بھیڑ میں فائرنگ کرتے دیکھا۔
پولیس کے پہنچنے پر حملہ آور اسلحہ چھوڑ کر فرار ہوگئے۔فلاڈیلفیا انکوائرر نے رپورٹ کیا کہ ایک شوٹر نے اپنی بندوق وہیں چھوڑ دی، جوایک اضافی میگزین سے لیس تھی۔
اخبار کے مطابق، پولیس کو جائے وقوعہ سے دو بندوقیں ملی ہیں۔پولیس نے علاقے کو قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

ویمن ون ڈے، سری لنکا نے پاکستان کو 261 رنز کا ہدف دیدیا

لاہور: (ویب ڈیسک) سری لنکا ویمن2 ٹیم نے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کوجیت کیلئے 261 رنز کا ہدف دیا ہے۔
ٹاس کی جیت سری لنکا کے حصے میں آئی اور مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔کپتان چماری اتاپتو نے شاندار سنچری سکور کی، وہ 101 رنز پر ندا ڈار کا شکار بنیں۔ ہرشیتا مدھاوی نے بھی 75 رنزسکور کیے، پاکستان کی فاطمہ ثنا اور انعم امین نے دو دو وکٹیں لیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کو تین میچز کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ قبل ازیں قومی ویمن ٹیم سری لنکا کو ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی کلین سوئپ کر چکی ہے۔

سوات: فائر فائٹرز نے 6 میں سے 5 مقامات پر لگی آگ پر قابو پا لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) سوات میں چھ مقامات میں سے پانچ مقامات پر لگی آگ پر فائر فائٹرز نے قابو پا لیا ہے۔
سوات کے چھ مقامات پر پہاڑوں پر واقع جنگلات اور جھاڑیوں میں نامعلوم وجوہات کی بناء پر آگ بھڑک اٹھی تھی جس سے متعدد قیمتی درخت جل کر راکھ بن گئے تھے تاہم ڈی سی سوات جنید خان نے تمام متعلقہ اداروں کو بروقت ہدایات جاری کی تھیں کہ وہ نہ صرف آگ کو بجھانے کے لئے امدادی کاروائیاں کریں بلکہ آگ لگنے کے واقعات کی انکوائری کرکے ملوث افراد کو گرفتار کر کے تین ایم پی او کے تحت جیل بھجوا دیں۔
ادھر ڈی ایف او سوات وسیم خان کے مطابق مینگورہ پھٹانے، بریکوٹ، کبل سیگرام، شیر اترپ، کوٹا ابوہا نوے کلے، کوٹ چارباغ میں آگ پر قابوں پا لیا گیا ہے جبکہ سوات، کبل کے علاقے دوکٹ میں اگ بجھانے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، متعلقہ جنگل میں بھی ستر فیصد آگ پر قابوں پا لیا گیا۔

ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے: گورنر پنجاب

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی اور گلوبل وارمنگ پاکستان سمیت پوری دنیا کے لیے ایک چیلنج ہے، اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
عالمی یوم ماحولیات پر پیغام میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کا کہنا تھا کہ گلوبل وارمنگ کم کرنے کے لیے رینیوایبل انرجی کی طرف جانے کی ضرورت ہے۔ حکومت نے حال ہی میں سولر پینلز پہ سیلز ٹیکس ختم کیا ہے، یونیورسٹیوں میں ماحولیاتی تبدیلی پہ تحقیق کی ضرورت ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ جامعات سے ماحولیاتی تبدیلیوں پر کی گئی تحقیق کی روشنی میں تجاویز طلب کی ہیں، شجر کاری سے ماحولیاتی آلودگی کم کی جا سکتی ہے، ہم سب کو اپنی آنے والی نسلوں کے لیے صاف ماحول دینا ہے،معاشرے میں تمام افراد کو ماحولیاتی آلودگی کم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

قرآن پاک کی تعلیمات پر عمل پیرا افراد ہی دین و دنیا کما رہے ہیں، وزیر اعظم

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قرآن پاک کی تعلیمات پر عمل پیرا افراد ہی دین و دنیا کما رہے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور میں انڈس اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے آج ایسے ٹرسٹ اسپتال کا افتتاح کیا جس کے لیے عظیم پاکستانیوں نے کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات اللہ کی طرف سے دی گئی دولت میں سفید پوش کو بھی شامل کرتے ہیں۔ میرے لیے آج عزت اور فخر کا موقع ہے کیونکہ ایسے اسپتال کے افتتاح کا موقع ملا جسے ایسے لوگوں نے بنایا جو خدا ترس ہیں۔ وہ شخص جو رزق حلال کماتے ہیں۔ جو لوگ قرآن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہیں وہی دین اور دنیا کما رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ 2013 میں ان لوگوں سے ملاقات ہوئی اور خیراتی اسپتال بنانے کا کہا۔ ہماری حکومت اس 60 بیڈ کے اسپتال کو چلانے سے قاصر تھی اور میں نے ان سے کہا یہ اسپتال سیاسی رنگ نہ اختیار کر جائے اس لیے یہ اسپتال ان کے حوالے کیا تو انہوں نے شاندار انداز میں چلایا۔ اس اسپتال میں 120 بیڈز کی توسیع کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پورے علاقے کا مصروف ترین اسپتال ہو گیا ہے اور اسی کی توسیع کے لیے اڑھائی سو بیڈز کا ایک اور اسپتال بنایا گیا اور اس اسپتال کا نام طیب اردوان ہی رکھا گیا۔ کاہنہ میں بھی انہیں اشخاص کی مدد سے نیا اسپتال بنایا۔ سبزہ زار کا اسپتال، برکی میں زچہ بچہ اسپتال اور منانواں کا اسپتال ان کے حوالے کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پتھروں سے قومیں ترقی نہیں کرتیں بلکہ قومیں علم اور جدت سے بنتی ہیں۔ حکومت پنجاب کا بجٹ حقداروں کو شفاف طریقے سے پہنچتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے گرینڈ ڈائیلاگ کرنا ہو گا اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے گرینڈ ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔ ہمسایہ ملک بھارت سے ہمارے تعلقات کشیدہ ہیں جبکہ میں یہاں کوئی سیاست کی بات نہیں کرنا چاہتا۔ ہمیں پسند ناپسند سے بالا تر ہونا ہو گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بنگالی بوجھ نہیں تھے بلکہ انہیں بوجھ بنا کے الگ کیا گیا۔ ہمیں اگر آگے جانا ہے تو اپنی انا سے بالا تر ہو کر سوچنا ہو گا۔ دل پر پتھر رکھ کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائیں اب ہم 7 کروڑ عوام کو 2 ہزار روپے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم پر کمپرومائز نہیں ہونا چاہیے اور لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے میں جانتا ہوں لیکن مجھے آئے ہوئے ڈیڑھ ماہ کا عرصہ ہوا ہے۔ ساڑھے 3 سالوں میں جو ہوا اس کا حساب کون دے گا؟ مجھ سے ڈیڑھ ماہ کا حساب مانگا جا رہا ہے۔ میں نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ 2 گھنٹے تک محدود کرنے کا کہہ دیا ہے۔
وزیر اعظم شہبازشریف نے میٹرو بس میں ٹکٹ کا نرخ آدھے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اگلے چند سالوں میں راکٹ کی طرح آگے بڑھے گا اور اس کے لیے ہم سب کو محنت کرنی ہے۔

ملک بھر میں توانائی بحران، بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار576 میگاواٹ تک پہنچ گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں توانائی بحران جاری ہے، بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار576 میگا واٹ تک پہنچ گیا۔
ملک بھر میں توانائی کا بحران جاری ہے، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث ہر شخص پریشان ہے۔ کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت شہروں اور دیہات میں شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ سے کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا۔ شہری علاقوں میں دس سے بارہ، دیہات میں سولہ گھنٹے بجلی بند رہنے لگی، بیشتر علاقوں میں وولٹیج کم ہونے کی بھی شکایات ہیں۔
پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق آج ملک میں بجلی کی پیداوار 19 ہزار 924میگا واٹ، بجلی کی طلب 26ہزار 500 میگاواٹ جبکہ شاٹ فال 6ہزار 576 میگاواٹ ہے جس کے باعث شہری اور دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق پانی سے 5 ہزار 219میگاواٹ، سرکاری تھرمل پلانٹس 1 ہزار 284 میگا واٹ، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 9 ہزار 764 میگاواٹ ہے۔
دوسری جانب آئیسکو ریجن میں بھی 450 میگاواٹ شارٹ فال ہے جس کے باعث اسلام آباد میں 6، گردونواح میں 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ پاورڈویژن ذرائع کے مطابق زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی زیادہ ہے۔

وزیراعظم کا سوات میں آگ بجھانے کے لئے 2 ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کا حکم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے سوات کے علاقے پتنئی میں آگ بجھانے کے لئے 2 ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کا حکم دیدیا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی درخواست پر وزیر اعظم نے فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ، محکمہ جنگلات اور ریسکیو 1122 مل کر تحصیل بابوزئی کے پتنئی مینگورہ علاقے میں آگ بجھا رہے ہیں۔ خشک موسم اور تیز ہوا کے سبب آگ کو مزید پھیلنے سے بچانے کے لئے ہیلی کاپٹرز مانگے گئے تھے۔
وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کی ضلعی انتظامیہ اور معاون اداروں کی درخواست فوری منظور کرتے ہوئے آگ بجھانے کی ہدایات جاری کیں، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ آگ بجھانے کے لئے فضائی امداد فوری فراہم کی جائے۔

وزیر اعظم نے انڈس اسپتال لاہور کا افتتاح کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے انڈس اسپتال لاہور کا افتتاح کر دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف انڈس اسپتال کا افتتاح کرنے لاہور پہنچے جہاں انہوں نے اسپتال انتظامیہ سے ملاقات بھی کی۔ انڈس اسپتال 600 بستروں پر مشتمل ہے۔
اسپتال میں بین الاقوامی معیار کے مطابق علاج و معالجے کی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔