All posts by Khabrain News

پنجاب اور سندھ میں آج موسم شدید گرم ، خیبرپی کے اور کشمیر میں بارش کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج پنجاب اور سندھ میں موسم شدید گرم رہے گا، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب میں موسم شدید گرم رہے گا، لاہور اور فیصل آباد میں درجہ حرارت چوالیس، بہاولپور میں چھیالیس تک جانے کی پیشگوئی ہے، سندھ میں دادو ، موہنجو داڑو میں پارہ اڑتالیس کوچھونےکی توقع ہے، شام کو خیبرپختونخوا میں دیر،سوات، چترال اوردیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں گرمی کی لہر برقرار، گردآلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ کوئٹہ میں زیادہ سے زیارہ درجہ حرارت 32 سے 34، قلات میں 26 سے 28، گوادر میں 34 سے 36، جیونی میں 32 سے 34، نوکنڈی میں 38 سے 40، تربت میں 42 سے 44، سبی میں 45 سے47 سینٹی گریڈ ریکارڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ صوبہ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اورخشک رہے گا جبکہ بعد دوپہر گرد آلود تیزہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

رحیم یار خان میں موٹر سائیکل کھلے مین ہول میں جا گری، باپ اور بچوں سمیت 3 جاں بحق

لاہور: (ویب ڈیسک) رحیم یار خان میں موٹر سائیکل سوار 4 افراد کھلے مین ہول میں جا گرے، باپ اور بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ایک بچے کو تشویشناک حالت میں شیخ زید ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
بتایا گیا ہےکہ حادثہ اندھیرا ہونے کے باعث پیش آیا، موٹر سائیکل سوار افراد سیوریج کی کھدائی کے دوران بنائے گئے مین ہول میں جا گرے، مین ہول میں گر کر موٹر سائیکل سوار باپ اور بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ایک بچے کو نکال کر شیخ زید ہسپتال منتقل کر دیا گیا، بچی کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے، جاں بحق ہونے والوں میں دو معصوم بچیاں بھی شامل ہیں، جاں بحق افراد کی لاشوں کو شیخ زید ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا بہاولنگر میں آپریشن، دعا زہرا بازیاب، ظہیر اور سہولت کار زیر حراست

لاہور: (ویب ڈیسک) کراچی پولیس نے پنجاب پولیس کے ہمراہ بڑا آپریشن کرتے ہوئے کراچی سے مبینہ اغواء ہونے والی دعا زہرا کو بہاولنگر سے بازیاب کرا لیا، پولیس نے دعا زہرا اور مبینہ شوہر ظہیر کو غیر قانونی پناہ دینے والے سہولت کار کو بھی گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق دعا زہرا اور ظہیر اے وی سی سی کی کسٹڈی میں ہیں جن کو کراچی منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ سہولت کار کو پنجاب پولیس اپنے ہمراہ تفتیش کے لئے لاہور منتقل کر رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دعا زہرا کی بازیابی کے لیے پاکستان بھر میں چھاپے مارے گئے، کراچی پولیس نے پنجاب سے لے کر کشمیر اور دیگر صوبوں میں بھی چھاپے مارے، سینکڑوں افراد کا ڈیٹا شارٹ لسٹ کے بعد پولیس نے چیک کیا اور دعا زہرا کو بازیاب کروایا گیا، دعا کے والد نے مقدمہ درج کروانے کے بعد عدالت کو درخواست کی تھی کہ دعا زہرا اور ظہیر احمد کی 17 اپریل کو ہونے والی شادی غیر قانونی قرار دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ تاریخ پیدائش کے مطابق نکاح کے وقت دعا زہرا کی عمر 14 سال سے کم تھی، کم عمری کی شادی چائلڈ میرج ایکٹ 2013 کے تحت جرم ہے۔ نادرا ریکارڈ کے مطابق بھی دعا زہرا کی عمر 13 سال بنتی ہے۔
دوسری جانب عدالت نے دعا زہرا کو بازیاب نہ کروانے پر قائم مقام آئی جی سندھ کامران فضل کو بھی عہدے سے ہٹا دیا تھا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دعا زہرا کو کراچی پہنچنے پر سب سے پہلے سٹی کورٹ اور اس کے بعد جمعے کے روز ہائی کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔

ترکی کا سویڈن اور فن لینڈ پر اعتراض دور کرنے کیلئے نیٹو متحرک

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) فن لینڈ اور سویڈن کی فوجی اتحاد میں شمولیت کے خلاف ترک صدر رجب طیب اردوان کی مزاحمت کو روکنے کیلئے نیٹو سرتوڑ کوششیں کررہا ہے۔
نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے فن لینڈ کے وزیر اعظم سے ملاقات کی اور ترکی کے صدر سے بھی بات کی تاکہ فن لینڈ اور سویڈن کے نیٹو میں شامل ہونے کے خلاف ترکی کے اعتراضات کو دور کیا جاسکے۔
اسٹولٹن برگ، جنہوں نے اس ہفتے واشنگٹن کا دورہ کیا، اپنے ٹویٹ میں کہا کہ انہوں نے فن لینڈ کی وزیر اعظم سانا مارین سے ملاقات کی اور ترکی کے خدشات کو دور کرنے اور فن لینڈ اور سویڈش کی رکنیت کی درخواستوں کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ یوکرین جنگ نے دونوں ممالک کو نیٹو میں شمولیت کے لیے درخواست دینے پر مجبور کیا تھا تاہم ترک صدر نے سویڈن اور فن لینڈ پر کرد عسکریت پسندوں کی حمایت کرنے کا الزام لگایا جنہیں ترکی دہشت گرد قرار دیتا ہے۔

افغان آرمی کی بھارت میں عسکری تربیت پر کوئی اعتراض نہیں، افغان وزیر خارجہ

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان میں طالبان حکومت نے اپنے سپاہی کی بھارت میں عسکری تربیت پر آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان آرمی کی بھارت میں ٹریننگ پر کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
بھارتی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے افغان وزیر خارجہ عبداللہ یقوب نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ طالبان حکومت کو اپنے آرمی افسران کی بھارت میں ٹریننگ پر کوئی اعتراض نظر نہیں آتا۔
انہوں نے کہا کہ ’بالکل اس میں ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے، افغان بھارت تعلقات مستحکم ہوں گے اور اس معاملے پر غور کیا جاسکتا ہے، اس میں کوئی مسئلے کی بات نہیں ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں افغان وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ہم بھارت سمیت دیگر تمام ممالک کے ساتھ اچھے اور مستحکم سفارتی تعلقات کے خواہاں ہیں، بھارت کے ساتھ سیاسی اور سفارتی تعلقات کی بنیاد پر ہی دفاعی تعلقات کے بارے میں آمادہ ہوں گے۔
وزیر دفاع نے زور دیا کہ پاکستان اور بھارت اپنے تعلقات میں بہتری کے لیے مذاکرات کا راستہ اپنائیں، طالبان اتنظامیہ دنوں ممالک کے دوطرفہ معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم دہشت گردی کے لیے پاکستان کو افغان سرزمین استعمال کرنے نہیں دیں گے اور اسی طرح بھارت کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے افغانستان کی سرزمین استعمال کرنے نہیں دیں گے۔

عمران خان کا پشاور سے واپس اسلام آباد آنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بالآخر پشاور سے واپس اسلام آباد آنےکا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کل پشاور سے اسلام آباد واپس اپنی رہائش گاہ بنی گالہ منتقل ہوجائیں گے، وہ گذشتہ ماہ اسلام آباد میں لانگ مارچ ختم کرنےکے بعد سے پشاور میں ہی مقیم ہیں اور وہیں سے خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں میں سیاسی اجتماعات کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس بھی کل بنی گالہ میں طلب کرلیا گیا ہے، عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال پر غور اور مشاورت ہوگی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں لانگ مارچ سے متعلق فیصلوں پر مشاورت کی جائےگی اور آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور ہوگا۔
تحریک انصاف کی کور کمیٹی ممبران کو کل اجلاس میں حاضری یقینی بنانےکی ہدایت کی گئی ہے۔

وفاقی کابینہ نے چین سے 2 ارب 40 کروڑ ڈالر قرض کے حصول کی منظوری دیدی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی پاکستان کو چین سے 2 ارب 40 کروڑ ڈالر قرضہ حاصل کرنے کی سمری کی منظوری دے ہے۔
وفاقی کابینہ نے سمری سرکولیشن کے ذریعے قرضہ کے حصول کی منظوری دی جس میں کہا گیا کہ چین سے ملنے والا قرضہ تین سال کےلئےہوگا۔
دو ارب 40 کروڑ ڈالر کا قرضہ ایک فیصد مارجن پر ملے گا۔ قرضہ 2019 کے معاہدے کے تحت ملے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم نے لوڈ شیڈنگ میں کمی کا ہنگامی پلان بھی 24 گھنٹے میں طلب کر لیا ہے۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وزیراعظم نے توانائی، پٹرولیم اور خزانے کے وزیروں کی کمیٹی کو قابل عمل پلان پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ میں بتدریج کمی کے پلان پر موثر عملدرآمد کرائیں گے۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ‏وزیراعظم کی زیر صدارت پانچ گھنٹے طویل جاری رہنے والے اجلاس میں تمام صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ملک میں توانائی کی مجموعی صورتحال پر وزیراعظم کو تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔صنعت اور گھریلو صارفین کو بجلی کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں پر بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے متعلقہ وزرا کو صنعت اور گھریلو صارفین کو بجلی کی فراہمی میں توازن لانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایسا پلان بنائیں جس سے عوام کو لوڈشیڈنگ میں کمی خود محسوس ہو۔

حکومت دیامر بھاشا ڈیم کو جلد مکمل کرنے کے لیے پُرعزم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کو جلد مکمل کریں گے، ترقیاتی فنڈز کا زیادہ تر حصہ بلوچستان کی ترقی میں استعمال ہوگا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے کئی اسکیمیں رکھی ہیں، میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ دیں گے، فنی تربیت کے پروگرام کا جال پورے ملک میں پھیلائیں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کو جلد مکمل کریں گے، ترقیاتی فنڈز کا زیادہ تر حصہ بلوچستان کی ترقی میں استعمال ہوگا، گوادر میں پانی اور بجلی کے مسائل کے حل کے لیے بجٹ مختص کیا جا رہا ہے، ای گورنمنٹ کے لیے ایک منصوبہ شروع کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آئندہ سال 90 فیصد جاری منصوبوں پر خرچ کریں گے، اعلیٰ تعلیم کا بجٹ بڑھائیں گے، روڈز اور پورٹ شپنگ کو زیادہ وسائل دیں گے، انفارمیشن اور سائنس ٹیکنالوجی پر توجہ دیں گے، ای گورنمنٹ فنڈ قائم کریں گے۔

فائیواے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ،پاک بھارت میچ برابر

لاہور: (ویب ڈیسک) فائیواے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ میں روائتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ دو دو گول سے برابر ہو گیا۔
پاکستان نے میچ ختم ہونے سے20 سیکنڈ پہلے گول کرکے میچ برابر کیا، قومی ٹیم کی طرف سے ارشد لیاقت اور عبدالرحیم نے ایک ایک گول کیا۔
اس سے پہلے پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں پولینڈ کو چار دو سے شکست دی تھی۔

ناپسندیدہ ایس ایم ایس بلاک کرنیکی اجازت ، پالیسی سازی کا عمل شروع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر حکومت نے موبائل فون صارفین کے تحفظ کیلئے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے صارفین کو ناپسندیدہ ایس ایم ایس بلاک کرنے کی اجازت دینے کیلئے پالیسی سازی کا عمل شروع کر دیا ہے۔ پی ٹی اے صارفین کے ڈیٹا کی رازداری کے قوانین کا فوری جائزہ لے گی جبکہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ صارفین کی پرائیویسی شہریوں کا بنیادی آئینی حق ہے ،حکومت اس کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دے گی۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے سٹرٹیجک ریفارمز سلمان صوفی نے چیئرمین پی ٹی اے سے موبائل فون صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ اور مارکیٹرز کی طرف سے بھیجے جانے والے ناپسندیدہ ایس ایم ایس کے حوالے سے مشاورت کی جس میں شہریوں کو ناپسندیدہ ایس ایم ایس بلاک کرنے کی اجازت دینے کی فوری پالیسی سازی پر اتفاق کیا گیا۔
معاون خصوصی نے وزیراعظم کی پی ٹی اے کو صارفین کو بھیجے جانے والے مارکیٹرز کے ناپسندیدہ ایس ایم ایس کے ساتھ ساتھ شہریوں کے رازداری کے قوانین کے فوری جائزہ کی ہدایات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی پرائیویسی ایک آئینی حق ہے اور وزیر اعظم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ اس کی خلاف ورزی نہ ہو۔چیئرمین پی ٹی اے وزیراعظم سٹرٹیجک ریفارمز یونٹ کو اس سلسلے میں ہونے والے اقدامات پر جلد بریف کریں گے۔
اس سلسلے میں مجوزہ اقدامات میں صارف بغیر اجازت موصول ہونے والے میسج بھیجنے والی کمپنی کو رپورٹ کر سکے گا شامل ہے۔ مزید برآں صارف کو یہ حق حاصل ہو گا کہ وہ کسی بھی میسج بھیجنے والی کمپنی کو میسج بھیجنے سے منع کر سکے گا جس پر عملدرآمد کمپنی پر لازم ہوگا۔ اس کے علاوہ کمپنی صارف کا ڈیٹا اس کی مرضی کے بغیر کسی اور کمپنی کو نہ دینے کی پابند ہوگی۔