All posts by Khabrain News

عمران خان سے ملاقات، غلام عباس نسوآنہ کا پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کو پنجاب میں اہم کامیابی ملی ہے، چنیوٹ میں رکن صوبائی اسمبلی تیمور امجد لالی کے توسط سے غلام عباس نسوآنہ نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے چنیوٹ سے 2018ء کے الیکشن میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے والے غلام عباس نسوآنہ نے بنی گالہ میں ملاقات کی۔ اس دوران سابق ضلع چیئر مین ثقلین سنجاکا و دیگر بھی ہمراہ تھے۔
متحرک وکیل رہنما غلام عباس نسوآنہ، سابق ضلع چیئر مین ثقلین سنجاکا و دیگر نے ملاقات کے دوران پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ ان کی یہ شمولیت رکن صوبائی اسمبلی تیمور امجد لالی کے توسط سے ہوئی،
واضح رہے کہ چنیوٹ کے حلقے این اے 99 میں 2018ء کے الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار غلام محمد لالی نے 81 ہزار 330 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی تھی، تاہم اس سیٹ پر غلام عباس نسوآنہ نے 64 ہزار 307 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے تھے۔
یاد رہے کہ این اے 99 سے الیکشن جیتنے والے غلام محمد لالی پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن ہیں۔ انہوں نے قومی اسمبلی سے استعفیٰ نہیں دیا تھا۔
خیال رہے کہ متحرک وکیل رہنما غلام عباس نسوآنہ 2013ء سے 2018ء تک پاکستان مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی بنے تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی مریم کو کیسز سے بری ہونے پر مبارکباد، گلے لگا لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو کیسز سے بری ہونے پر مبارکباد دی اور گلے لگا لیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ اللہ نے بہت بہت کرم کیا ہے، خدا نے بڑی عزت دی ہے، میرے قائد نواز شریف بھی جلد اللہ کے فضل سے بری ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے نوازشریف کے خلاف جج ارشد ملک مرحوم کی گواہی پر انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے،اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں بیٹی مریم اور بیٹے صفدر کو بالآخر انصاف ملا،اللہ کے حضور ہمارے سر شکر کے احساس سے جھکے ہوئے ہیں اس نے ہمیں سرخرو فرمایا،سیاسی انتقام کا ایک تاریک دور آج انجام کو پہنچا اور بے گناہ سرخرو ہوئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر نے بہادری، صبر اور ثابت قدمی سے مشکل ترین حالات کا سامنا کیا، آج کے عدالتی فیصلے سے جھوٹ، بہتان اور کردار کشی کی تمام عمارت زمیں بوس ہو گئی، مریم نواز کا بری ہونا اس سیاسی انتقام کے منہ پر زناٹے دار تھپڑ ہے جس کے ذریعے شریف خاندان کو نشانہ بنایا گیا۔

جلد پاکستان جانا چاہتا ہوں، ایک دن ملک سے باہر رہنا بھاری ہے:نواز شریف

لندن: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جلد پاکستان جانا چاہتا ہوں ایک دن ملک سے باہر رہنا بھاری ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی سزا کالعدم قرار دیدی۔
سزا کالعدم قرار دیئے جانے کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نے ساتھیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیس میں بریت پر مریم نواز کو مبارکباد دیتا ہوں، میری بیٹی کے خلاف مقدمات جھوٹے تھے، میرے اور مریم نواز کے خلاف مقدمات سیاسی تھے۔ مقصد سیاست سے باہر نکالنا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خدا نے جھوٹوں کو آج بے نقاب کیا، 2018 کے انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کیلئے عجلت میں سزا سنائی گئی، یہ چاہتے تھے میں سزاسن کر پاکستان نہ آؤں، بیمار بیوی کو چھوڑ کر بیٹی کے ہمراہ گرفتاری دینے پاکستان پہنچا تھا۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کی جلد پاکستان واپسی کا امکان ہے۔ جس کے لیے انہوں نے اپنے ساتھیوں سے مشورے کرنا شروع کر دیئے ہیں۔
لیگی قائد نے کہا کہ جلد پاکستان جانا چاہتاہوں ایک ایک دن باہر رہنا بھاری ہے۔

سچ سامنے آگیا، پاکستان میں کبھی کسی کا اتنا کڑا احتساب نہیں ہوا: مریم نواز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ لمبی آزمائش کے بعد سچ سامنے آگیا ہےاور ہماری بےگناہ ثابت ہوگئی، پاکستان میں کبھی کسی کا اتنا کڑا احتساب نہیں ہوا، فیصلے پر اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں، اپنے والد نواز شریف سے فون پر گفتگو ہوئی ہے، نواز شریف میرے والد اور لیڈر ہیں، انہیں بتا دیا کہ ہم سرخرو ہو گئے ہیں، فیصلہ آیا تو سب سے پہلے نواز شریف یاد آئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو اللہ تعالیٰ نے سرخرو کیا میری بات تو بہت بعد میں آتی ہے، فیصلے کے بعد خیال آیا اللہ آزمائش کے بعد کامیابی دیتا ہے اور اپنے وکلاء کا خاص طور پر شکریہ اداکرتی ہوں۔
چیئرمین تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو نہیں معلوم ملک کی سلامتی سے کھیلنا کتنا خطرناک ہے،عمران خان کھیل کھیل میں ملک سے کھیل گیا اور لوگ تماشا دیکھتے رہے، قومی سلامتی اور خارجہ امور، کیا یہ کھیل ہے۔ نام پوچھو تو عمران خان اے بی سی پڑھنے لگتے ہیں۔
نائب صدر مسلم لیگ ن کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان بیساکھیوں کے ذریعے اقتدار میں آئے تھے وہ ایک غیر ذمہ دار شخص ہیں جنہوں نے ہمارے خلاف کیس بنایا ان کو کہنا چاہتی ہوں آپ ناکام ہوگئے۔

شہباز شریف بہت شکریہ آپ نے آڈیو لیک کی، عمران خان

مظفر آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف بہت شکریہ آپ نے آڈیو لیک کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے مظفر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہندوستان سے تعلقات ختم کر لیے اور فیصلہ کیا ہم کبھی کشمیریوں کی قربانیوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ جب سے یہ امپورٹڈ حکومت مسلط ہوئی یہ ایجنڈے پر چل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف تمھارا خاص شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ تم نے میری میرے پرنسپل سیکرٹری سے بات چیت لیک کر دی اور آپ نے ثابت کر دیا کہ وہ مراسلہ حقیقت ہے۔ یہ ہمارے ایمبیسیڈر اور امریکی سفیر کا مراسلہ ہے۔
عمران خان نے مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نقصان پہنچاتے پہنچاتے آپ نے اپنا بیڑہ غرق کر لیا۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کی بریت نام نہاد احتسابی نظام کے منہ پر طمانچہ ہے،وزیراعظم

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شرہیف نے کہا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کی بریت نام نہاد احتسابی نظام کے منہ پر طمانچہ ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹ، بہتان اور کردار کشی کی عمارت آج منہدم ہو چکی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کی بریت نام نہاد احتسابی نظام کے منہ پر طمانچہ ہے۔نام نہاد احتسابی نظام کو شریف خاندان کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا ہے کہ کیس میں بریت پر مریم بیٹی اور صفدر کو میری طرف سے مبارکباد۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں ایوان فیلڈ ریفرنس میں بری کردیا ہے۔
عدالت نے مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی سزائیں کالعدم قرار دے دی گئی ہیں۔ عدالت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نیب مریم نواز کےخلاف کیس ثابت کرنے میں ناکام رہا۔

فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کورونا وائرس میں بھی مبتلا

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نمونیا کے بعد کورونا وائرس میں بھی مبتلا ہو گئے۔
زرائع کےمطابق فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو چیسٹ انفیکشن ہوا جس کے بعد انہیں اسپتال لے جایا گیا جہاں ٹیسٹ کرانے پر نسیم شاہ کی رپورٹ میں نمونیا کی تشخیص ہوئی۔
کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرانے پر نسیم شاہ کی رپورٹ مثبت آ گئی۔ جس کے بعد نسیم شاہ کو لاہور کے نجی اسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔

سارہ قتل کیس، ملزم شاہنواز کا مزید جسمانی ریمانڈ منظور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سارہ انعام قتل کیس میں ملزم شاہنواز کا مزید جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔
اسلام آباد کی مقامی عدالت میں سارہ انعام قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ سینئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے ملزم شاہنواز کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
ایاز امیر کے وکیل نے کہا کہ ایاز امیر کو موبائل فون کی سپرداری دی جائے۔
جج نے حکم دیا کہ اگر اس میں کوئی اعتراض نہیں ہے تو موبائل فون واپس کریں۔
پولیس نے شاہنواز امیر کے مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کر دی اور تفتیشی افسر نے عدالت میں کہا کہ اکاؤنٹ کی تفصیل لینی ہے ملزم مختلف اوقات میں رقم منگواتا رہا ہے۔
جج نے پولیس سے استفسار کیا کہ ابھی کتنے دن کا ریمانڈ ہو چکا ہے ؟ تفتیشی افسر نے کہا کہ آج تک 5 روزہ جسمانی ریمانڈ ہو چکا ہے۔
عدالت نے مرکزی ملزم شاہنواز امیر کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
واضح رہے کہ سینئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہنواز امیر نے اپنی اہلیہ سارہ کو قتل کردیا تھا۔ ایاز میر کی بہو دبئی سے واپس آئی تھی اور شاہنواز نشے کا عادی تھا اس نے نشے کی حالت میں اپنی بیوی کا قتل کیا۔
شاہنواز امیر کی کینیڈین نژاد سارہ سے تیسری شادی تھی جبکہ مقتولہ سارہ دبئی میں ملازمت کرتی تھی اور دونوں کی 3 ماہ پہلے ہی شادی ہوئی تھی مقتولہ کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شاہنواز سے رابطہ ہوا اور پھر دونوں نے شادی کر لی۔

سمندری طوفان”ایان” فلوریڈا سے ٹکرا گیا

فلوریڈا : (ویب ڈیسک) سمندری طوفان” ایان” نے امریکی ریاست فلوریڈا میں تباہی مچادی۔
امریکی ریا ست فلوریڈا میں سمندری طوفان ٹکرانے کے باعث شدید بارشوں اور تیز ہواوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلسل بارش سے ریاست میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
اس طوفان کو امریکا کی100سالہ تاریخ میں سب سے بڑا طوفان قرار دیا جا رہا ہے جس میں ہوا کی رفتار ڈیڑھ سو میل یعنی 240 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔
تیز ہواؤں سے بجلی کے پول اور ٹریفک سگنل گر گئے۔ درخت اکھڑ گئے اور گھروں کی چھتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ کئی گھر سیلابی پانی میں بہہ گئے ہیں۔
فلوریڈا میں معمولات زندگی درہم برہم ہیں اور مختلف علاقوں میں دس لاکھ سے زائد شہری بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔
ساحلی علاقوں میں پچیس لاکھ افراد پر مشتمل آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقلی کی ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔
امریکی میڈیا نے سمندری طوفان کو کیٹیگری فور قرار دے دیا ہے ، فلوریڈا میں پہلےہی ایمرجنسی نافذ ہے،اسکول اور ایئرپورٹس بند ہیں۔

غریب عوام کو ایک اور جھٹکا، بجلی مزید ساڑھے 19 پیسے فی یونٹ مہنگی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے غریب عوام کو ایک اور جھٹکا دے دیا، بجلی ساڑھے 19 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا نے بجلی مزید ساڑھے 19 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی، نیپرا کی جانب سے اگست کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں قیمت بڑھانے کی منظوری دی۔
دوسری جانب نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی 4 روپے 87 پیسے فی یونٹ سستی کر دی۔
کے الیکٹرک کی جانب سے اگست کی فیول ایڈجسمنٹ میں 4 روپے 21 پیسے فی یونٹ بجلی سستی کرنے کی تجویز دی گئی تھی تاہم نیپرا نے کے الیکٹرک کےلیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے 87 پیسے کمی کی منظوری دے دی۔
نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ بجلی سستی ہونے سے کے الیکٹرک صارفین کو 7 ارب 21 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف حاصل ہوگا۔
نیپرا حکام کے مطابق کے الیکٹرک کی اپنی بجلی پیداوار کی لاگت 38 روپے فی یونٹ ہے، جبکہ کےالیکٹرک جو بجلی خریدتا ہے اس کی لاگت 13.61 روپے فی یونٹ ہے۔
سماعت کے دوران چیئرمین نیپرا نے سوال کیا کہ کے الیکٹرک بجلی کی پیداواری لاگت کم کرنے کیلئےکیا کررہی ہے، جس پر کے الیکٹرک حکام نے کہا کہ پیداواری لاگت کم کرنے کیلئےقابل تجدید توانائی اور گیس پر پیداوار بڑھانے کا پروگرام ہے۔
توصیف ایچ فاروقی نے کہا کہ کےالیکٹرک کو پیداوار سے 24 روپے فی یونٹ سستی بجلی مل رہی ہے، کے الیکٹرک اپنی سستی پیداوار بڑھانے کیلئے اپنے اقدامات پر ریگولیٹر کو بتائے۔
اس دوران نیپرا کے کیس افسر نے کہا کہ حکومت 15 روپے فی یونٹ ٹیرف میں سبسڈی دے رہی ہے۔
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ کےالیکٹرک والے لوگوں کو نئے پلانٹس لگانے کے خواب نہ دکھائیں اور کے الیکٹرک والے خود کچھ نہیں کرتے بلکہ دوسروں کی طرف دیکھتے ہیں، کے الیکٹرک والے ساری دنیا سے پہلے مانگتے ہیں بعد میں خود کچھ کرتے ہیں۔