All posts by Khabrain News

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 127.99 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 127.99 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 45083.04 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران 0.28 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 8 کروڑ 98 لاکھ 31 ہزار 188 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا۔

پب جی گیم نے ایک اور خاندان اجاڑ دیا، لاہور میں زین نے ہی بہنوں، بھائی اور ماں کو قتل کیا

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کے علاقے کاہنہ میں ایک ہی خاندان کے 4افراد کے قتل کیس میں اہم انکشاف ہوا، مقتولہ ڈاکٹر کا بیٹا پب جی گیم کا رسیا ہے، پولیس نے بچ جانے والے بیٹے زین کو حراست میں لے لیا۔
کاہنہ کےعلاقے میں 4افراد کے قتل کیس میں نیا موڑ، پب جی گیم نے ایک اور خاندان اجاڑ دیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے شک کی بناء پرمقتولہ ڈاکٹر کے بیٹےعلی زین کوتفتیش کیلئے حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق پب جی گیم کھیلنے والا زین وقوعہ کے روز رات بھر نہیں سویا، زین نے پب جی گیم کھیلنے کے بعد ماں ،بھائی اوربہنوں کو قتل کیا۔ مقتولین میں ماں ڈاکٹر ناہید، بھائی تیمور،بہن ماہ نور اور فاطمہ شامل ہیں۔ واقعے کا مقدمہ بھی زین کی مدعیت میں درج ہوا۔
اس سے قبل بھی پب جی گیم کے باعث کئی زندگیوں کے چراغ گل ہوگئے،اچھرہ میں فرسٹ ایئر کے طالب علم نے پب جی گیم کھیلنےسے منع کرنے پر خودکشی کی۔ پنجاب سوسائٹی میں 28 سالہ نوجوان شہر یاربھی پب جی کے باعث موت کے منہ میں چلا گیا۔ شہر یار نے پب جی گیم میں شکست کے بعد زندگی کا خاتمہ کیا۔ تھانہ شمالی چھاؤنی کے علاقے میں پب جی گیم پرشرط ہارنے پر 16سالہ غلام عباس نے خودکشی کی۔
ماہر نفسیات ڈاکٹر بسمہ اعجاز کا کہناہے کہ پب جی کے خطرناک نفسیاتی اثرات کومدنظر رکھتے ہوئے اس خونیں کھیل کی روک تھام بہت ضروری ہے تاکہ نوجوان نسل معاشرتی طورپر اچھا کردار ادا کرسکیں۔

بیرونی قرضے میں عدم توازن کو کم کرنا قومی سلامتی پالیسی کا اہم حصہ ہے: معید یوسف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مشیر قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی پالیسی کا محور عام پاکستانی شہری ہیں، ملکی معیشت پالیسی کا اہم جز ہے، بیرونی قرضے میں عدم توازن کو کم کرنا قومی سلامتی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کو بریفنگ میں مشیر سلامتی کا کہنا تھا کہ خطے میں تناؤ کی وجہ سے رابطہ کاری کے ویژن میں مشکلات ہیں، جموں و کشمیر قومی سلامتی پالیسی کا انتہائی اہم حصہ ہے، جیو اکنامکس کا مطلب جیو سٹریٹجی سے دور ہونا نہیں ہے، قومی سلامتی پالیسی کے خارجہ پالیسی حصے میں معاشی ترقی اور امن شامل ہے۔
معید یوسف نے کہا کہ قومی سلامتی پالیسی دستاویز میں کوئی خاص چیز نہیں چھپائی گئی، پالیسی میں ملک کے لیے ایک سمت متعین کر دی گئی ہے، پاک افغان سرحد پر بار اکھاڑنے کا معاملہ مقامی نوعیت کا ہے، افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کا نیٹ ورک موجود ہے۔

گاڑی سے کوڑا پھینکنے پر جرمانہ، آگ لگانے پر ایک ماہ کی تنخواہ کاٹنے کا حکم

لاہور : (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے کوڑے کو آگ لگانے والوں کی ایک ماہ کی تنخواہ کاٹنے کا حکم دے دیا۔ آئندہ گاڑی سے کوڑا پھینکنے والوں کو بھی جرمانہ ہو گا۔
لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ کی روک تھام کے لیے اقدامات نہ کرنے کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے لاہور میں کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں کنٹینر ہونے چاہیے جن میں براہ راست کوڑا کرکٹ ڈالا جاسکے،آئندہ جو افسربھی آگ لگانے میں ملوث ہو اس کی ایک ماہ کی تنخواہ کاٹی جائے۔
لاہور ہائیکورٹ نے گاڑیوں سے کوڑا پھینکنے والوں کیخلاف بھی کارروائی کا حکم دے دیا،جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ انہیں سری لنکا دورے پر معلوم ہوا کہ چینگم پھینکنے پر 50ڈالر جرمانے کی تنبیہ کی گئی ہے،کوڑا پھینکنے والوں کو جرمانے کریں گے توہی حالات ٹھیک ہوں گے،
ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد باجوہ نے کہا کہ گاڑیوں سے کوڑا پھینکنے والوں کو پکڑنے کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد بھی لی جاسکتی ہے۔
جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ سب کچھ مجھ سے ہی کرواتے رہیں گے محکمہ بھی اپنا کام کرے، تمام متعلقہ محکمے بہتری سے متعلق سفارشات اعلیٰ افسران کو پیش کریں۔
لاہور ہائیکورٹ نے مجسٹریٹ کو ہر روز 2گھنٹے تجاوزات کیخلاف کیسز سننے کا بھی حکم دیا،انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ ہفتہ میں 5روز تجاوازات سے متعلقہ کیسز سنیں۔

نواز شریف اور جہانگیر ترین کی تاحیات نا اہلی کے خلاف سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر

لاہور: (ویب ڈیسک) نواز شریف اورجہانگیر ترین کی تاحیات نا اہلی کا معاملہ ، سپریم کورٹ میں تاحیات نااہلی کیخلاف آئینی درخواست دائر کردی گئی۔
صدر سپریم کورٹ بار احسن بھون کی جانب سے تاحیات نا اہلی کیخلاف درخواست دائر کی گئی ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ تاحیات نااہلی کے اصول کا اطلاق صرف انتخابی تنازعات میں استعمال کیا جائے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ آرٹیکل 184/3 کے اختیار کے تحت سپریم کورٹ بطور ٹرائل کورٹ امور انجام نہیں دے سکتی، آرٹیکل 184 کی شق تین کے تحت عدالتی فیصلے کیخلاف اپیل کا حق نہیں ملتا، اورعدالتی فیصلے کیخلاف اپیل کا حق نہ ملنا انصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اپیل کے حق کے بغیر تاحیات نا اہلی متعلقہ حلقہ کے ووٹرز کے بنیادی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے، اپیل کے حق کے بغیر تاحیات نا اہلی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، سپریم کورٹ نے عدالتی فیصلوں میں آرٹیکل 62 وب ایف کے اطلاق کے پیرامیٹرز طے کیے، آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت جو الیکشن چیلنج ہو صرف اسکو ہی کالعدم کیا جائے، سپریم کورٹ نے عدالتی فیصلوں میں آرٹیکل 62 ون ایف کے اطلاق کے پیرامیٹرز طے کیے۔

آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیمیں مارچ میں پاکستان آئیں گی، فیصل جاوید

لاہور: (ویب ڈیسک)
پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما و سینیٹرفیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ رواں سال مارچ میں آسٹریلیا، اکتوبر میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔
پی ایس ایل کے بارے میں ٹوئٹر پر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ٹیمیں جذبے اور جنون کا گلدستہ سجانے جا رہی ہیں، نیک تمنائیں اور ڈھیروں دعائیں ان کے ساتھ ہیں، ان شاء اللّٰہ چوٹی کے مقابلے ہوں گے۔
انہوں نے لکھا کہ جو جیتا وہی سکندر- امید ہے جلد فل ہاؤس کراؤڈ کی اجازت ہوگی۔
رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ 2020 میں پورے کا پورا پی ایس ایل پاکستان میں ہونے کی وجہ سے پاکستان میں پوری طرح سے انٹرنیشنل کرکٹ کی رونقیں بحال ہوئیں- اس سال مارچ میں آسٹریلیا اور اکتوبر میں انگلستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمز پاکستان کا دورہ کریں گی- انشاء اللہ

چاہے کچھ بھی کر لیں نوازشریف واپس نہیں آئیں گے: چودھری شجاعت

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ چاہے کچھ بھی کر لیں نوازشریف واپس نہیں آئیں گے، ان کی واپسی کے معاملے سے باہر نکلیں اور عوامی ایشوز کے حل پر توجہ دیں۔
سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ سال کام کرنے کا ہے لیکن اگر ایسے کاموں میں ہی لگے رہے تو پھر ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔ جو خود وزیراعظم کے امیدوار ہیں وہ نوازشریف کی واپسی کا کہیں تو یہ مضحکہ خیز بات ہے۔ جتنے پیسوں کا الزام نوازشریف پر ہے اس سے زیادہ تو ان کے کیسوں کے چکر میں خرچ کر دئیے گئے۔ واپسی کیلئے گارنٹی کی بات کرتے ہیں، زندگی موت کی کوئی گارنٹی نہیں دے سکتا، اس کا اختیار صرف اللہ تعالیٰ کے پاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کل لیڈر ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے پر لگے ہیں جس کا عنقریب وہ انجام خود دیکھیں گے۔ مہنگائی مہنگائی کا شور تو ہر طرف ہے لیکن اس کے خاتمے کیلئے کوئی تجویز نہیں دیتا۔کوئی بھی پارٹی یا لیڈر مہنگائی کے خاتمے کیلئے ایوان میں مثبت پلان دے تو اپنے ارکان کو کہوں گا کہ ان کی بات سنیں۔

صحافی حسنین شاہ کا قتل، عامر بٹ کی نشاندہی پر ایک اور ملزم گرفتار

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور پریس کلب کے سامنے صحافی حسنین شاہ کے قتل کے معاملے پر زیر حراست ملزموں سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے مرکزی ملزم عامربٹ کی نشاندہی پر ایک اور ملزم گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق ملزموں نےصحافی حسنین شاہ کے دفتر کے باہر 40منٹ انتظار کیا، اجرتی قاتلوں کو سہولت کاروں نےموٹرسائیکل اور اسلحہ فراہم کیا، سہولت کار سڑک کے دوسری طرف موجود رہے جبکہ اجرتی قاتل دفتر کے سامنے کھڑے رہے، حسنین شاہ کے دفتر سے باہر آنے پرسہولت کاروں نے اجرتی قاتلوں کو اشارے سے ٹارگٹ کا بتایا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق واقعے میں ملوث اصل ملزم پولیس کی گرفت سے باہر ہیں جبکہ فائرنگ کرنے والا شوٹر بھی تاحال گرفتار نہیں ہو سکا، سی آئی اے کی زیر حراست ملزموں سے تفتیش جاری ہے۔
دوسری طرف تحقیقات میں پیش رفت سامنے آئی ہے، مرکزی ملزم عامربٹ کی نشاندہی پر ایک اور ملزم گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم فرحان شاہ کو سی آئی اے پولیس نے رحمان پورہ سے گرفتار کیا ہے، صحافی حسنین شاہ کو پیر کے روز پریس کلب کے سامنے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔

کراچی میں ایم کیو ایم کے کارکنوں پر تشدد، وزیراعظم نے نوٹس لے لیا

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں ایم کیو ایم کے کارکنوں پر تشدد کا نوٹس لے لیا، انہوں نے محکمہ داخلہ ،چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کر لی۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس کا ایم کیو ایم کے پرامن مظاہرے پر تشدد کا نوٹس لے لیا ہے، واقعے پر سندھ حکام سے رپورٹ طلب کی ہے، رپورٹ ملنے کے بعد ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے ایم کیوایم کےرہنماؤں سےٹیلیفونک رابطہ کر کے کراچی میں پرامن مظاہرین پرپولیس کےنارواتشددکی شدیدمذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج کولاٹھیوں اورشیلنگ سےمنتشرکرناجمہوری حق کی نفی ہے۔ ایم کیو ایم کی خواتین پرپولیس تشددکی جس قدرمذمت کی جائےکم ہے، آئےروزجمہوریت کادرس دینےوالوں کااصل چہرہ سب نےٹی وی اسکرینزپردیکھا۔ وزیر خارجہ نے ایم کیوایم کےکارکن کی شہادت پراظہارتعزیت بھی کیا۔

شاہد آفریدی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، قرنطینہ میں چلے گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی شاہد آفریدی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا جس کے بعد وہ قرنطینہ میں چلے گئے۔
بتایا گیا ہے کہ شاہد آفریدی سات روزہ آئسولیشن مکمل کرینگے، ان کو گھر بھیج دیا گیا جہاں وہ قرنطینہ کی مدت گزاریں گے۔ کرکٹر کو دو روز بعد دوبارہ کوویڈ ٹیسٹ کروانے کی ہدایت کی گئی ہے، ان میں کوویڈ علامات تاحال ظاہر نہیں ہوئیں۔
واضح رہے کہ شاہد آفریدی گزشتہ روز بائیوسکیور ببل چھوڑ کر اہل خانہ سے ملنے گئے تھے۔